[pullquote]جرمن فوج نے عراقی دستوں کی تربیت روک دی ہے[/pullquote]
جرمن فوج نے عراقی دستوں کی تربیت کا عمل فی الحال روک دیا ہے۔ برلن حکام نے بتایا کہ یہ اقدام اس ملک میں شدید کشیدہ صورتحال کی وجہ سے اٹھایا گیا ہے۔ آج کل جرمنی کے ایک سو ساٹھ فوجی عراق میں تعینات ہیں۔ ان میں سے ساٹھ بغداد کے شمال میں التاجی جبکہ تقریباً ایک سو شمالی عراق کے کرد علاقوں میں خدمات انجام دے رہے ہیں۔ جرمن دستے عمان سے اسلامک اسٹیٹ کے خلاف قائم اتحاد کی کارروائیوں میں حصہ لیتے تھے۔
[pullquote]تیل کی تنصیبات پر حملے عالمی ترسیل کو متاثر کرنے کی کوشش، ریاض حکام[/pullquote]
سعودی حکومت نےگزشتہ دنوں تیل کی تنصیبات پر ہوئے حملوں کی شدید مذمت کی ہے۔ شاہ سلمان کے ساتھ ہوئے کابینہ کے اجلاس کے بعد آج بدھ کو کہا گیا کہ تیل بردار دو بحری جہازوں اور ایک اہم پائپ لائن پر حملے ملکی سلامتی کے ساتھ ساتھ تیل کی بین لاقوامی ترسیل اور عالمی اقتصادیات کو نقصان پہنچانے کی ایک سازش ہیں۔ یمن کے ایران نواز حوثی باغیوں نے تیل پمپ کرنے والے دو اسٹیشنوں پر ڈرون کے ذریعے کیے گئے حملوں کی ذمہ داری قبول کی ہے۔ سعودی عرب یومیہ دس ملین بیرل تیل زمین سے نکالتا ہے۔
[pullquote]چین میں وکی پیڈیا پر پابندی[/pullquote]
چین نے ملک بھر میں آن لائن انسائیکلو پیڈیا ویب سائٹ وکی پیڈیا تک رسائی پر پابندی عائد کر دی ہے۔ وکی پیڈیا نے اس خبر کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ بیجنگ حکام نے اپریل میں ہی وکی پیڈیا کی چند زبانوں تک رسائی کو روک دیا تھا۔ چین میں انٹرنیٹ کی سخت نگرانی کی جاتی ہے۔ اس ملک میں گوگل، فیس بک، ٹویٹر، یوٹیوب اور واٹس ایپ کو استعمال نہیں کیا جا سکتا۔ اسی طرح چین پر تنقید کرنے والی ویب سائٹس کو بھی سینسر کا سامنا ہے۔
[pullquote]یورپی یونین کے اپنے دفاعی منصوبے پر امریکا کو تشویش کیوں؟[/pullquote]
امریکا نے یورپی یونین کے داخلی سطح پر دفاعی اخراجات میں اضافے کے منصوبے پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ واشنگٹن انتظامیہ کے مطابق ایسے منصوبے دہائیوں سے جاری بین البراعظمی تعلقات اور مغربی دفاعی اتحاد نیٹو کے لیے خطرناک ثابت ہو سکتے ہیں۔ خارجہ امور کی یورپی نگران فیدیریکا موگیرینی نے ان امریکی خدشات کو بے بنیاد قرار دیا ہے۔ یورپی یونین چاہتی ہے کہ رکن ریاستیں نئے دفاعی آلات اور ساز و سامان کی تیاری میں ایک دوسرے سے تعاون کریں۔ اس سلسلے میں امریکا کی جانب سے یورپی یونین کو ایک خط بھی لکھا گیا ہے۔
[pullquote]شمالی کوریا کو خوراک کی قلت کا سامنا[/pullquote]
شمالی کوریا کو کئی دہائیوں کی شدید قحط سالی کا سامنا ہے۔ شمالی کوریائی خبر رساں ادارے کے مطابق گزشتہ پانچ مہینوں کے دوران اوسطاً دو اعشاریہ ایک انچ بارش ہوئی،جو 1982ء کے بعد سے کم ترین سطح ہے۔ اقوام متحدہ کے محکمہ خوراک نے حال ہی میں کہا تھا کہ شمالی کوریا کے دس ملین شہریوں کو خوراک کی شدید قلت کا سامنا ہے۔ پیونگ یانگ حکام نے اشیائے خور د نوش کی قلت کا ذمہ دار خراب موسم اور بین الاقوامی برداری کی جانب سے نافذ کردہ پابندیوں کو ٹھہرایا ہے۔
[pullquote]امریکا اور روس کشیدہ باہمی تعلقات میں بہتری کے لیے پر امید[/pullquote]
امریکا اور روس اپنے کشیدہ تعلقات میں بہتری کے لیے پر امید ہیں۔ روسی صدر ولادیمیر پوٹن نے سوچی میں امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو سے ایک ملاقات کے بعد کہا کہ باہمی روابط کی مکمل بحالی دونوں ممالک کے مفاد میں ہے۔ پومپیو کے بقول اختلافات کے باوجود بات چیت کا سلسلہ جاری رہے گا۔ اس سے قبل امریکی وزیر خارجہ اپنے روسی ہم منصب سیرگئی لاوروف سے بھی ملے تھے۔ ان ملاقاتوں میں متعدد بین الاقوامی تنازعات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ مائیک پومپیو کا روس کا یہ پہلا دورہ تھا۔
[pullquote]امریکا: اسقاط حمل کے سخت ترین قوانین نافذ ہونے والے ہیں[/pullquote]
امریکا بھر میں اسقاط حمل کے ممکنہ طور پر اب تک کے سخت ترین قوانین ریاست آلاباما میں نافذ ہونے والے ہیں۔ مقامی ذرائع نے بتایا ہے کہ سینیٹ کی جانب سے منظور کیے جانے والی دستاویز کے مطابق جنسی زیادتی یا غیر ازدوجی تعلقات کی وجہ سے ٹھہرنے والے حمل کو بھی ضائع نہیں کرایا جا سکے گا۔ اسی طرح جنین ضائع کرنے میں مدد کرنے والے ڈاکٹر کو بھی عمر قید کی سزا سنائی جا سکتی ہے۔ تاہم اس قانون پر ریپبلکن پارٹی سے تعلق رکھنے والے آلاباما کے گورنر کے دستخط ہونا ابھی باقی ہے۔
[pullquote]بریگزٹ ڈیل پر برطانوی پارلیمان میں نئی رائے شماری جون کے شروع میں[/pullquote]
برطانیہ میں بریگزٹ ڈیل پر جون میں ایک مرتبہ پھر پارلیمانی رائے شماری ہو گی۔ وزیر اعظم ٹریزا مے کے مطابق جولائی کے اواخر میں گرمیوں کی چھٹیوں کی وجہ سے پارلمیانی سرگرمیوں میں وقفہ آ جائے گا اور ضروری ہے کہ اس سے قبل ہی اس معاہدے کے بارے میں فیصلہ کر لیا جائے۔ مے کی ملکی پارلمیان سے یورپی یونین کے ساتھ کیے گئے اس معاہدے کو منظور کروانے کی اب تک تین کوششیں ناکام ہو چکی ہیں۔ منصوبے کے مطابق برطانیہ کو انتیس مارچ کو یورپی یونین سے نکل جانا تھا تاہم اب لندن کے پاس اکتوبر تک کا وقت ہے۔
[pullquote]ایران نے جوہری معاہدے کی شرائط پر عمل درآمد روک دیا[/pullquote]
ایران نے 2015ء کے جوہری معاہدے کی کچھ شرائط پر عمل درآمد باضابطہ طور پر روک دیا ہے۔ ایرانی خبر رساں ادرے ’اِسنا‘ کے مطابق تہران حکومت نے قومی سلامتی کونسل کے کہنے پر یہ قدم اٹھایا ہے۔ گزشتہ ہفتے ہی ایران نے اس بارے میں چین، فرانس، جرمنی، روس اور برطانیہ کو آگاہ کر دیا تھا۔ اس طرح ایران اب اپنی مرضی کے مطابق افزودہ یورینیم اور بھاری پانی کے اپنے ذخائر میں اضافہ کر سکتا ہے۔ تہران حکومت پہلے ہی کہہ چکی ہے کہ وہ عالمی طاقتوں کے ساتھ طے شدہ اس جوہری معاہدے کی بنیادی شرائط کا احترام جاری رکھے گی۔
[pullquote]شام اور عراق میں امریکی دستوں کو انتہائی چوکنا رہنے کی ہدایات[/pullquote]
امریکا نے شام اور عراق میں تعینات اپنے دستوں کو انتہائی چوکنا رہنے کے احکامات جاری کر دیے ہیں۔ مشرق وسطیٰ میں امریکی فوجی کمانڈ کے مطابق یہ ہدایات ایران کے ساتھ تنازعے کی وجہ سے دی گئی ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ امریکی خفیہ اداروں نے ’قابل اعتماد خطرات‘ کی نشاندہی کی ہے۔ اس سے قبل برطانوی جنرل کرس گھیکا نے کہا تھا کہ عراق اور شام میں ایران نواز دستوں کی وجہ سے خطرے میں کوئی اضافہ نہیں ہوا۔
[pullquote]کابل کے انتخابات کے نتائج کا چھ ماہ بعد اعلان[/pullquote]
افغان دارالحکومت کابل میں ہوئے انتخابات کے نتائج کا تقریباً چھ ماہ بعد اعلان کر دیا گیا ہے۔ ملکی انتخابی ادارے کے مطابق تینتیس کامیاب ارکان میں سے نو خواتین ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ مسترد کیے جانے والے ووٹوں کی وجہ سے گنتی میں تاخیر ہوتی رہی اور نتائج کے اعلان میں بہت دیر ہو گئی۔ گزشتہ برس اکتوبر میں کابل میں ہوئے انتخابات میں بڑے پیمانے پر دھاندلی کے الزامات عائد کیے گئے تھے۔ تاہم ملکی الیکشن کمیشن نے اپریل میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی کے احکامات دے دیے تھے۔
[pullquote]وینزویلا میں ملکی پارلیمان کی عمارت کی ناکہ بندی[/pullquote]
وینزویلا میں قانون نافذ کرنے والے اداروں نے دارالحکومت میں ملکی پارلیمان کی عمارت کی ناکہ بندی کر دی ہے۔ پارلیمانی ذرائع نے بتایا کہ کسی بھی منتخب رکن کو اس عمارت میں داخل نہیں ہونے دیا جا رہا۔ حکام کے مطابق یہ قدم بارودی مواد کی تلاش کے لیے اٹھایا گیا ہے۔ پارلیمانی سربراہ اور خود ساختہ صدر خوآن گوآئیڈو نے الزام عائد کیا ہے کہ صدر نکولاس مادورو اس طرح حکومت کے ناقد ارکان اسمبلی کو ڈرانا دھمکانا چاہتے ہیں۔ ملکی پارلیمان میں حزب اختلاف سے تعلق رکھنے والے ارکان اکثریت میں ہیں۔
[pullquote]بوسنیا ہیرسےگووینا کے کئی شہروں میں ہنگامی حالت کا نفاذ[/pullquote]
بوسنیا ہیرسےگووینا کے کئی شہروں میں شدید بارشوں اور سیلاب کے بعد ہنگامی حالت نافد کر دی گئی ہے۔ حکام کے مطابق متعدد دریاؤں میں پانی کی سطح انتہائی بلند ہو چکی ہے اور ہزاروں مکانات کے ساتھ ساتھ وسیع تر زرعی اراضی کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے۔ متاثرہ علاقوں سے شہریوں کے انخلاء کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ بوسنیا ہیرسے گووینا میں اتوار سے مسلسل بارشیں ہو رہی ہیں۔ مئی 2014ء میں بوسنیا،کروشیا اور سربیا میں آنے والے سیلابوں کی زد میں آ کر ستر سے زائد افراد ہلاک ہو گئے تھے۔
[pullquote]فرانس میں کن فلمی میلے کا آغاز ہو گیا[/pullquote]
فرانسیسی شہر کن میں بہّترواں بین الاقوامی فلمی میلہ شروع ہو گیا ہے۔ میلے کی انتظامیہ کے مطابق اکیس فلمیں گولڈن پام کی دوڑ میں شامل ہیں۔ افتتاحی تقریب میں ایک امریکی ڈراؤنی مزاحیہ فلم The Dead Don´t Die دکھائی گئی۔ ایسا پہلی مرتبہ ہوا ہے کہ اس میلے کا افتتاح کسی ’ہورر کامیڈی‘ فلم سے ہوا ہے۔ کن فلم فیسٹیول کے ایوارڈز کو یورپی آسکرز بھی کہا جاتا ہے۔ اس مرتبہ میلے کی جیوری کی صدارت میکسیکو کے فلمساز آلیخاندرو گونزالیس کر رہے ہیں۔ چودہ مئی سے شروع ہونے والا یہ میلہ 25 مئی تک جاری رہے گا۔