جمعرات : 16 مئی 2019 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]امریکا ایران کشیدگی: اسپین نے امریکی بیڑے میں شامل بحری جنگی جہاز واپس بلا لیا[/pullquote]

اسپین نے مشرق وسطیٰ سے امریکی بیڑے میں شامل اپنا بحری جنگی جہاز واپس بلا لیا۔ہسپانوی حکام کی جانب سے جاری بیان کے مطابق امریکا نے مشن کے مقاصد تبدیل کر دئیے ہیں اور واشنگٹن نے تمام توجہ ایران کے مبینہ حملے کے خطرے پر مرکوز کر دی ہے۔قائم مقام ہسپانوی وزیر دفاع کا کہنا ہے کہ امریکی فیصلے کا احترام کرتے ہیں لیکن امریکا نے ہسپانوی حکومت سے طے شرائط کے بر خلاف فیصلہ کیا۔

[pullquote]تیل تنصیبات پر حملے میں ایران ملوث ہے: سعودی عرب[/pullquote]

سعودی عرب نے دو روز قبل تیل تنصیبات پر ہونے والے حملوں کا الزام ایران پر عائد کر دیا۔سعودی عرب کے نائب وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان نے الزام عائد کیا ہے کہ سعودی تیل تنصیبات پر دہشت گرد حملوں کا حکم ایران کی حکومت نے دیا۔شہزادہ خالد بن سلمان نے کہا کہ ایران نے سعودی عرب کی تیل تنصیبات پر حملہ حوثی باغیوں سے کرایا۔سعودی وزیر نے کہا کہ ایران ان گروپوں کو خطے میں اپنے ایجنڈے پر عملدرآمد کے لیے استعمال کر رہا ہے۔

[pullquote]امریکا کے ساتھ بات چیت کا کوئی امکان نہیں، ظریف[/pullquote]

ایرانی وزیرخارجہ جواد ظریف نے امریکا کے ساتھ بات چیت کے امکان کو مسترد کر دیا ہے۔ جاپانی خبر رساں ادارے کیوڈو کے مطابق جواد ظریف نے کہا کہ موجودہ کشیدگی کو کم کرنے کے لیے امریکا کے ساتھ کسی قسم کے مذاکرات نہیں ہو سکتے۔ جواد ظریف نے آج جمعرات کو جاپانی وزیراعظم شینزو آبے سے ملاقات کی ہے۔ اس سے قبل ظریف نے امریکا پر خطے میں کشیدگی بڑھانے کا الزام عائد کیا تھا۔ انہوں نے مزید کہا کہ تہران اس صورتحال میں انتہائی صبر و تحمل کا مظاہرہ کر رہا ہے۔

[pullquote]ایران امریکی دباؤ کی وجہ سے بات چیت پر راضی ہو جائے گا، ٹرمپ[/pullquote]

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو امید ہے کہ ایران ایک مرتبہ پھر مذاکرات کی میز پر واپس آ جائے گا۔ ٹرمپ کے بقول تہران حکومت امریکی دباؤ کی وجہ سے مجبور ہو کر جلد ہی بات چیت پر راضی ہو جائے گی۔ واشنگٹن انتظامیہ نے گزشتہ دنوں کے دوران ایران پر عائد پابندیوں کو مزید سخت بناتے ہوئے مشرق وسطیٰ میں اپنے دستوں کی تعداد بھی بڑھا دی تھی۔ ماہرین کے مطابق اس صورتحال میں عسکری اشتعال انگیزی کا شدید خطرہ ہے۔ امریکا ایک برس قبل ایران کے ساتھ کیے گئے جوہری معاہدے سے دستبردار ہو گیا تھا۔

[pullquote]جنسی زیادتی کے نتیجے میں حمل کا اسقاط بھی قانوناﹰ ممنوع[/pullquote]

امریکی ریاست آلاباما کی گورنر کے آئیوی نے اسقاط حمل کے نئے سخت ترین قوانین پر دستخط کر دیے ہیں۔گورنر آئیوی کے مطابق یہ قانون سازی آلاباما کے باسیوں کے اپنے عقیدے پر پختہ یقین کی عکاس ہے کہ ہر زندگی قیمتی ہے اور یہ خدا کا ایک مقدس تحفہ ہے۔ اس قانون کی رو سے جنسی زیادتی یا غیر ازدواجی تعلقات کی وجہ سے ٹھہرنے والے حمل کو ضائع نہیں کیا جا سکے گا۔ اسی طرح جنین ضائع کرنے میں مدد دینے والے کسی بھی ڈاکٹر کو عمر قید کی سزا بھی سنائی جا سکتی ہے۔ تاہم اسقاط حمل کرانے والی خواتین کے لیے سزا کا تعین نہیں کیا گیا۔

[pullquote]انڈونیشیا میں نو مشتبہ شدت پسند گرفتار[/pullquote]

انڈونشیا کے حکام نے نو مشتبہ شدت پسندوں کو حراست میں لینے کا دعوی کیا ہے۔ حکام کے مطابق شبہ ہے کہ یہ افراد صدارتی انتخابات کے نتائج کے اعلان کے موقع پر دہشت گردانہ کارروائی کرنا چاہتے تھے۔ تاہم پولیس نے اس تناظر میں مزید تفصیلات سے آگاہ نہیں کیا ہے۔ انڈونیشیا کے صدارتی انتخابات کے نتائج کا اعلان بائیس مئی کو کیا جائے گا۔

[pullquote]سابق آسٹریلوی وزیراعظم باب ہاک انتقال کر گئے[/pullquote]

آسٹریلیا کے سابق وزیر اعظم باب ہاک انتقال کر گئے ہیں۔ ان کی اہلیہ نے بتایا کہ ہاک کا انتقال انتہائی پرسکون انداز میں سڈنی میں ان کے گھر پر ہوا۔ نواسی سالہ باب ہاک 1983ء سے1991ء تک آسٹریلیا کے سربراہ حکومت رہے تھے۔ ان کا تعلق لیبر پارٹی سے تھا۔ وہ اس جماعت کی جانب سے سب سے طویل عرصے تک اس منصب پر فائز رہنے والے سیاستدان تھے۔ ہاک کا انتقال ایک ایسے وقت پر ہوا ہے، جب ہفتے کے روز آسٹریلیا میں پارلیمانی انتخابات ہونے والے ہیں۔

[pullquote]امریکا میں ٹیلی کمیونیکیشن کی غیر ملکی حریف کمپنیوں کی مصنوعات پر پابندی[/pullquote]

امریکا میں ٹیلی مواصلات کی غیر ملکی حریف کمپنیوں کی مصنوعات استعمال کرنے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اس مقصد کے لیے قومی سطح پر ٹیلی کمیونیکیشن کے شعبے میں ہنگامی حالت کا اعلان کر دیا ہے۔ ٹرمپ کی جانب سے دستخط شدہ ایک انتظامی حکم نامے میں ان غیر ملکی اداروں کو قومی سلامتی کے لیے خطرہ بھی قرار دیا گیا ہے۔ اس سے قبل وائٹ ہاؤس نے چینی کمپنی ہواوے کے حوالے سے تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا تھا کہ یہ کمپنی انٹریٹ اور ٹیلی کمیونیکیشن کے امریکی ڈھانچے کو نقصان پہنچا سکتی ہے۔

[pullquote]باسک علیحدگی پسند تنظیم ایٹا کے سابق سربراہ گرفتار[/pullquote]

اسپین کی باسک علیحدگی پسند تنظیم ’ایٹا‘ کے سابق سربراہ کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ ہسپانوی وزارت داخلہ کے مطابق خوسے انتونیو المعروف خوسو تیرنیرا کو فرانس کے ایک پہاڑی علاقے سے حراست میں لیا گیا۔ انہیں ایٹا کے سیاسی امور کا ماہر کہا جاتا تھا۔ ایٹا نے تقریباً چار دہائیوں تک باسک علاقوں کی اسپین سے آزادی کی تحریک چلائی تھی اور اس دوران آٹھ سو سے زائد انسانوں کو ہلاک کیا تھا۔2011ء سے یہ تنظیم غیر فعال ہے اور گزشتہ برس ہی ایٹا نے تنظیم تحلیل کرنے کا اعلان کیا تھا۔

[pullquote]صنعاء میں سعودی اتحاد کے فضائی حملے[/pullquote]

سعودی عرب کی سربراہی میں قائم عسکری اتحاد کی جانب سے یمنی دارالحکومت میں نئے فضائی حملے کیے جانے کی اطلاعات ہیں۔ العربیہ ٹیلی وژن چینل کے مطابق صنعاء کے رہائشیوں نے بتایا کہ ان فضائی کارروائیوں کے دوران شہر میں اور اس کے ارد گرد واقع نو عسکری تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا۔ تاہم اس دوران ہونے والے کسی جانی یا مالی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔ ابھی دو دن قبل ہی تیل کی سعودی تنصیبات پر ہوئے ڈرون حملوں کی ذمہ داری یمن کے ایران نواز حوثی باغیوں نے قبول کی تھی۔

[pullquote]آسٹریا کے پرائمری اسکولوں میں حجاب پر پابندی کا قانون منظور[/pullquote]

آسٹریا میں پرائمری اسکولوں کی بچیاں اب حجاب استعمال نہیں کر سکیں گی۔ مقامی ذرائع نے بتایا کہ پارلیمان کے منظور کردہ ایک نئے قانون کے مطابق پرائمری اسکولوں میں ایسے تمام مذہبی اور نظریاتی لباس پہننے پر پابندی ہو گی، جن سے سر مکمل یا جزوی طور پر ڈھانپا جاتا ہے۔ حکومت نے واضح کیا ہے کہ یہودیوں کے ’کپہ‘ کو اس سلسلے میں استثنیٰ حاصل ہو گا۔ پارلیمان میں ہونے والی ووٹنگ میں حکمران قدامت پسند جماعت او وی پی اور عوامیت پسندوں نے اس قانون کے حق میں جبکہ حزب اختلاف نے مخالفت میں ووٹ دیے۔ ماہرین کے مطابق اس قانون کے خلاف ملکی آئینی عدالت سے رجوع ضرور کیا جائے گا۔

[pullquote]کرائسٹ چرچ کال مہم کا آغاز[/pullquote]

فرانسیسی صدر ایمانوئل ماکروں اور نیوزی لینڈ کی وزیر اعظم جیسنڈا آرڈرن نے ’کرائسٹ چرچ کال‘ نامی اپنی مہم کا باقاعدہ آغاز کر دیا ہے۔ خبر رساں اداروں کے مطابق ماکروں اور آرڈرن نے بدھ کو اس مہم کے پہلے مرحلے کی تفصیلات بیان کیں۔ اس موقع پر انٹرنیٹ پر موجود تشدد اور نفرت انگیزی سے متعلق مواد میں کمی کے لیے سوشل میڈیا سے اپنے اپنے ایلگورتھم کی دوبارہ جانچ پڑتال کرنے کا مطالبہ بھی کیا گیا۔ فرانسیسی صدر نے بدھ کو ’ Tech for Good‘ نامی ایک فورم کا اہتمام بھی کیا تھا، جس میں ٹیکنالوجی کے شعبے کی اسی بڑی کمپنیوں کے نمائندوں نے شرکت کی۔

[pullquote]مہاجرین کو بچانے والا کوئی بھی جہاز اٹلی میں لنگر انداز نہیں ہو سکتا[/pullquote]

اطالوی حکومت نے اعلان کیا ہے کہ 65 مہاجرین کو بچانے والے امدادی بحری جہاز کو اٹلی میں لنگر انداز نہیں ہونے دیا جائے گا۔ مہاجرین مخالف اطالوی وزیر داخلہ ماتیو سالوینی نے ایک حکم نامہ جاری کر دیا ہے، جس کے مطابق مہاجرین کو بچانے والا کوئی بھی بحری جہاز یا کشتی اطالوی سمندری حدود میں داخل نہیں ہو سکتے۔ ایک جرمن امدادی ادارے کے مطابق ’سی واچ تھری‘ نامی بحری جہاز نے لیبیا کے ساحلوں کے قریب مہاجرین سے بھری تین کشتیوں کو ڈوبنے سے بچا لیا۔

[pullquote]سوڈان: عسکری قیادت نے مظاہرین کے ساتھ مذاکرات معطل کر دیے[/pullquote]

سوڈان کی عسکری قیادت نے مظاہرین کے رہنماؤں سے مذاکرات معطل کر دیے ہیں۔ عبوری فوجی کونسل کے سربراہ جنرل عبدالفتاح برہان نے بتایا کہ جب تک معاہدے کی تکمیل کے لیے ماحول سازگار نہیں ہوتا، بات چیت نہیں ہو گی۔ مظاہرین کا مطالبہ ہے کہ ملکی نظام چلانے کے لیے ایک ایسی کونسل تشکیل دی جائے، جس میں عسکری اور عوامی نمائندے دونوں شامل ہوں۔ جنرل برہان نے مزید کہا کہ ان تمام علاقوں کو خالی کرایا جائے گا، جہاں چھ اپریل سے مظاہرین نے دھرنا دے رکھا ہے۔ بدھ کو ہونے والے مظاہروں میں بھی نو افراد زخمی ہو گئے تھے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے