[pullquote]شمال مغربی شام میں حالت ابتر ہو رہی ہے، امدادی تنظیمیں[/pullquote]
بین الاقوامی امدادی تنظیموں نے خبردار کیا ہے کہ شمال مغربی شام میں حالات مسلسل بگڑ رہے ہیں۔ عالمی امدادی تنظیموں کی جانب سے یہ بیان ایک ایسے موقع پر سامنے آیا ہے، جب دمشق حکومت کی جانب سے باغیوں کے زیرقبضہ علاقے حاصل کرنے کے لیے بڑی عسکری کمک بھیجی گئی ہے۔ خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق روس اور ترکی کی جانب سے گزشتہ برس ستمبر میں شمال مغربی شام میں فائربندی کے ایک معاہدے پر رضامندی ظاہر کی تھی، تاہم حالیہ دنوں میں حکومتی فورسز اور باغیوں کے درمیان جاری جھڑپوں کے بعد یہ معاہدہ بکھرتا نظر آ رہا ہے۔ جمعے کے روز 70 امدادی تنظیموں کے اپیل کی ہے کہ فریقین لڑائی روکیں۔ ان تنظیموں کے مطابق حالیہ جھڑپوں کی وجہ سے ایک لاکھ اسی ہزار سے زائد افراد بے گھر ہو چکے ہیں۔
[pullquote]شامی حکومت کے خلاف یورپی پابندیوں میں ایک برس کی توسیع[/pullquote]
یورپی یونین نے بشارالاسد حکومت کے خلاف عائد کردہ پابندیوں میں ایک برس کی توسیع کا اعلان کیا ہے۔ برسلز کی جانب سے اسد حکومت پر یہ پابندیوں شام میں سرکاری فورسز کی جانب سے عام شہریوں کے خلاف جاری کریک ڈاؤن کے تناظر میں عائد ہیں۔ جمعے کے روز یورپی یونین کے مرکزی دفتر کی جانب سے کہا گیا ہے کہ 28 رکنی یورپی بلاک نے شامی حکومت اور اس کے حامیوں کے خلاف عام شہری آبادی پر جاری استحصالی اقدامات کے تناظر میں پابندیاں عائد رکھنے پر اتفاق کیا ہے۔ ان پابندیوں کے تحت شام سے تعلق رکھنے والے 270 افراد اور 70 کمپنیوں اور تنظیموں پر سفر پابندیوں کے علاوہ اثاثہ جات منجمد رہیں گے۔
[pullquote]امریکا سے درمیانے فاصلے تک مار کی صلاحیت والے میزائل خرید رہے ہیں، اوربان[/pullquote]
ہنگری کے وزیراعظم وکٹور اوربان نے تصدیق کی ہے کہ ان کا ملک امریکا سے درمیانے فاصلے تک مار کی صلاحیت کے حامل فضائی دفاعی میزائل خرید رہا ہے۔ جمعے کے روز سرکاری ریڈیو پر اپنے بیان میں اوربان نے بتایا کہ ان کی حکومت جدید فوج کے تیاری کا عمل جاری رکھے گی۔ ان کا تاہم کہنا تھا کہ فضائی دفاعی میزائلوں کی خریداری سے متعلق تفصیلات وہ جلد بتائیں گے۔ اوربان نے اپنے بیان میں کہا کہ پیر کے روز وائٹ ہاؤس کے دورے پر انہوں نے متعدد دیگر علاقائی اور عالمی امور پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے بات چیت کی۔
[pullquote]فضائی حملے میں آٹھ افغان پولیس اہلکارہلاک[/pullquote]
ایک افغان حکومتی عہدیدارکے مطابق ایک فضائی حملے میں آٹھ پولیس اہلکار مارے گئے ہیں۔ یہ حملہ جنوبی صوبے ہلمند میں غلط نشاندہی پر کیا گیا تھا۔ فی الحال یہ تفصیلات سامنے نہیں آئی ہیں کہ آیا یہ فضائی حملہ افغان ایئر فورس نے کیا یا اِس میں امریکی جنگی طیارے شامل تھے۔ فضائی حملے کا مقام صوبے ہلمند کے دارالحکومت لشکر گاہ کے نواح میں واقع ہے اور یہ جمعرات سولہ مئی کی رات میں کیا گیا۔ ہلمند گورنر کے ترجمان کے مطابق ہلاک ہونے والے پولیس اہلکاروں میں پولیس کے دو سینیئر افسران بھی شامل ہیں۔ اس حملے میں کم از کم گیارہ پولیس اہلکار زخمی بھی ہوئے۔ صوبائی اور کابل حکومتوں نے حملے کی تفتیش شروع کر دی ہے۔
[pullquote]عراق میں جرمن تربیتی مشن نے دوبارہ کام شروع کر دیا[/pullquote]
جرمن وزارت دفاع نے کہا ہے کہ عراق کی سلامتی کی صورت حال کا جائزہ لینے کے بعد تربیتی مشن کو اپنا کام دوبارہ سے شروع کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ اس تربیتی مشن کو گزشتہ ہفتے کے دوران کام کرنے سے روک دیا گیا تھا۔ بیان میں کہا گیا کہ عراق میں سلامتی کی صورت حال قدرے بہتر ہوئی ہے اور تربیتی مشن بحال کرنے کا فیصلہ بھی اسی تناظر میں ہے۔ جرمن حکام کے مطابق عراقی سکیورٹی کا جائزہ اتحادی افواج نے لیا ہے۔ بین الاقوامی اتحادی افواج کی قیادت امریکا کے سپرد ہے۔ شمالی عراق میں جرمن تربیتی مشن میں 160 فوجی ماہرین متعین ہیں۔
[pullquote]ترکی: دہشت گردانہ حملے کے چودہ ملزمان کو عمر قید کی سزا کا حکم[/pullquote]
ایک ترک عدالت نے سن 2016 کے دہشت گردانہ حملے میں ملوث چودہ ملزموں کو عمر قید کی سزا سنا دی ہے۔ یہ کار بم حملہ استنبول کے ایک فٹ بال اسٹیڈیم کے باہر کیا گیا تھا۔ اس حملے میں سینتالیس افراد ہلاک ہو گئے تھے۔ ایک غیر معروف تنظیم کردستان فریڈم فالکنز نے اس حملے کی ذمہ داری قبول کی تھی۔ اس انتہا پسند گروپ کے رابطے کالعدم کردستان ورکرز پارٹی سے بھی استوار تھے۔ عدالت نے چار ملزمان کو عمر قید بامشقت دی ہے۔
[pullquote]برطانوی وزیر اعظم مے جون میں ’مستعفی ہو سکتی ہیں‘[/pullquote]
طاقت ور کنزرویٹو کمیٹی کے چیئرمین گراہم بریڈی کے مطابق برطانوی وزیر اعظم ٹریزا مے جون میں وزارت عظمیٰ چھوڑ دینے کی تاریخ کا اعلان کر سکتی ہیں۔ بریڈی کے مطابق مے اس وقت بریگزٹ ڈیل منظور کروانے کی کوششوں میں ہیں۔ برطانوی وزیر اعظم اس ڈیل کی منظوری کی صورت میں پہلے ہی اپنا منصب چھوڑنے کا عندیہ دے چکی ہیں۔ گراہم بریڈی نے یہ بھی کہا کہ مے کا پختہ عزم ہے کہ برطانیہ یورپی یونین کو خیرباد کہہ دے۔ برطانوی پارلیمنٹ میں بریگزٹ ڈیل پر بحث تین جون سے شروع ہونے والے سیشن میں کی جائے گی۔ بریڈی 1922 کمیٹی کے سربراہ ہیں، جو کسی بھی لیڈر کو منصب چھوڑنے کے لیے مجبور کر سکتی ہے۔
[pullquote]تجارتی مذاکرات میں امریکا کی کوئی دلچسپی ہی نہیں، چینی ریاستی میڈیا[/pullquote]
چین کے ریاستی میڈیا نے سوشل میڈیا پر کہا ہے کہ امریکا بیجنگ کے ساتھ تجارتی مذاکرات جاری رکھنے میں دلچسپی نہیں رکھتا۔ یہ رپورٹ چینی وزارت تجارت کے اُس بیان کے بعد شائع ہوئی، جس میں کہا گیا تھا کہ تجارتی مذاکرات کے لیے امریکی وفد کی چین آمد کے بارے میں کوئی اطلاع نہیں ہے۔ دوسری جانب امریکی وزیر خزانہ اسٹیون منوچن نے دو روز قبل کہا تھا کہ وہ جلد ہی چین کا دورہ کریں گے تا کہ تجارتی مذاکراتی سلسلہ آگے بڑھایا جا سکے۔ ٹرمپ انتظامیہ کی جانب سے چینی ٹیلی کوم کمپنی ہواوے پر حالیہ پابندیوں پر بیجنگ حکومت بہت برہم ہے۔
[pullquote]جوہری ڈیل کو بچانے کے لیے کوششیں کی جائیں، ایرانی وزیر خارجہ[/pullquote]
ایرانی وزیر خارجہ محمد جواد ظریف اپنے ایشیائی دورے کی اگلی منزل چین پہنچ گئے ہیں۔ وہ بیجنگ میں اپنے چینی ہم منصب کے ساتھ مشرق وسطیٰ میں پیدا کشیدگی اور تناؤ پر گفتگو کریں گے۔ چین روانگی سے قبل جاپانی دارالحکومت ٹوکیو میں جواد ظریف نے کہا کہ ابھی تک جوہری ڈیل کو بچانے کے لیے بین الاقوامی برادری نے صرف بیانات دیے ہیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ اب اس ڈیل کو بچانے کے لیے عملی اقدامات ضروری ہو گئے ہیں۔ ایرانی وزیر خارجہ چین پہنچنے سے قبل جاپان اور بھارت کے دورے مکمل کر چکے ہیں۔
[pullquote]امریکا ایران کے ساتھ جنگ کے راستے پر نہیں، ٹرمپ[/pullquote]
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے ساتھ کسی ممکنہ جنگ کے خطرے کو شدید قرار نہیں دیا۔ انہوں نے کہا کہ امریکا ایران کے ساتھ جنگ کے راستے پر نہیں ہے۔ جمعرات سولہ مئی کی شام جب صدر ٹرمپ سے پوچھا گیا کہ کیا امریکی ایرانی جنگ کا کوئی امکان ہے، تو انہوں نے کہا کہ اس کی امید نہیں ہے۔ امریکی صدر نے اس بات کی بھی تردید کی کہ اُن کا کوئی مشیر انہیں جنگ شروع کرنے کے مشورے دے رہا ہے۔ مشیر سے خاص طور پر مراد جان بولٹن تھی۔ دریں اثنا امریکی سینیٹ کو ایران کے ساتھ پیدا شدہ کشیدگی پر بند کمرے میں خصوصی بریفنگ منگل اکیس مئی کو دی جائے گی۔
[pullquote]واشنگٹن ایران پر حملے شروع کر دے، سعودی اخبار[/pullquote]
سعودی عرب کے حکومت نواز اخبار عرب نیوز نے اپنے ایک اداریے میں امریکا سے ایران پر سرجیکل حملے شروع کر دینے کا مطالبہ کیا ہے۔ اخبار کے مطابق سعودی عرب کو ایرانی دھمکیوں کے تناظر میں ایسے حملے ضروری ہو گئے ہیں۔ اخبار نے ان حملوں کو موجودہ کشیدہ صورت حال میں ’منطقی قدم‘ قرار دیا۔ عرب نیوز کے مطابق امریکا نے شام کی کیمیائی ہتھیار سازی کی تنصیبات کو نشانہ بنا کر پہلے ہی مثال قائم کر دی تھی۔ اداریے میں کہا گیا کہ ایران پر پابندیوں کے واضح نتائج ابھی تک سامنے نہیں آئے، اس لیے حملے ضروری ہیں۔ اخبار عرب نیوز سعودی حکومت کے ریسرچ اور مارکیٹنگ گروپ کا حصہ ہے۔
[pullquote]تائیوان میں ہم جنس پرست اب آپس میں شادی کر سکتے ہیں[/pullquote]
تائیوان کی پارلیمنٹ نے اُس مسودہٴ قانون کی منظوری دے دی ہے، جس کے تحت ہم جنس پرست افراد اب آپس میں شادیاں کر سکیں گے۔ اس قانون سازی سے تائیوان براعظم ایشیا کا ایسا پہلا ملک بن گیا ہے، جہاں ہم جنس پرستوں کو قانونی شادی کا حق مل گیا ہے۔ حکومت کے پیش کردہ مسودے میں قدامت پسند اراکین آخری وقت پر تبدیلی چاہتے تھے لیکن اُن کی کوششیں کامیاب نہ ہو سکیں۔ اس مسودے کو پارلیمانی اکثریت سے منظور کیا گیا۔ اس قانون سازی کے بعد ہم جنس پرست افراد اپنی شادیوں کا اندراج سرکاری رجسٹریشن آفس میں بھی کروا سکیں گے۔
[pullquote]امریکا کاروں کا کوٹہ مقرر نہیں کر سکتا، جاپانی مذاکرات کار[/pullquote]
جاپانی مذاکرات کار اور وزیر اقتصادیات تُوشی مِٹسو موٹیگی نے کہا ہے کہ جاپان کے ساتھ تجارتی مذاکرات میں امریکی حکومت جاپانی کاروں کے لیے کوئی کوٹہ مختص نہیں کر سکتی۔ جاپانی وزیر نے یہ بات اپنے امریکی ہم منصب رابرٹ لائٹ ہائزر کے ساتھ ملاقات کے بعد کہی۔ لائٹ ہائزر امریکا کے خصوصی تجارتی نمائندے ہیں۔ اس ملاقات سے قبل ذرائع ابلاغ میں ایسی رپورٹیں سامنے آئی تھیں کہ امریکا جاپانی کاروں کی درآمد کے لیے مخصوص کوٹے کا تعین کر سکتا ہے۔ جاپانی امریکی تجارتی مذاکرات میں موٹر کاروں کا درآمد برآمد انتہائی اہم موضوع ہے۔
[pullquote]نیپال میں بھارتی کوہ پیما ہلاک، آئرش کوہ پیما لاپتہ[/pullquote]
کوہ پیمائی کا نگران نیپالی ادارے کے مطابق کوہ ہمالیہ کی چوٹی ماؤنٹ مکالُو کو سر کرنے کے بعد واپسی پر خراب موسم میں پھنس کر بھارتی کوہ پیما نارائن سنگھ علیل ہو کر دم توڑ گیا۔ اُس کا آئرش کوہ پیما ساتھی لاپتہ ہے۔ خدشہ ہے کہ یہ آئرش کوہ پیما کسی کھائی میں گر چکا ہے۔ بھارتی کوہ پیما کی نعش نیچے لانے کی کوشش اور لاپتہ کوہ پیما کی تلاش دونوں جاری ہیں۔
[pullquote]چینی کان میں سیلاب، سترہ کان کن پھنس کر رہ گئے[/pullquote]
چینی حکام کے مطابق لوہے کی ایک کان میں سیلابی پانی کی سطح بلند ہونے کے بعد کم از کم سترہ کان کن وہاں پھنس کر رہ گئے ہیں۔ یہ کان شمال مشرقی چینی صوبے ہیلونگ جیانگ میں واقع ہے۔ کان میں سیلابی پانی کی سطح جمعہ سترہ مئی کی صبح بلند ہو گئی تھی اور اُس وقت وہاں بہت سے کان کن کام کر رہے تھے۔ چھبیس کان کنوں کو بحفاظت باہر نکال لیا گیا۔ چینی کانوں میں سیلاب معمول سمجھے جاتے ہیں، جن کی وجہ بہت زیادہ گہرائی میں کھدائی اور چٹانوں کی ٹوٹ پھوٹ بنتی ہیں۔