بدھ : 22 مئی 2019 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]ایگزٹ پول کے نتائج من گھڑت ہیں، راہول گاندھی[/pullquote]

بھارتی اپوزیشن سیاسی جماعت انڈین کانگریس کے لیڈر راہول گاندھی نے پارلیمانی انتخابات کے ایگزٹ پول کو من گھڑت اور جعلی قرار دیا ہے۔ انہوں نے اپنے ورکرز سے کہا ہے کہ وہ چوکس رہیں اور خوف زدہ نہ ہوں۔ قبل ازیں انڈین کانگریس نے عوام کو خبردار کیا تھا کہ وہ ووٹوں کی گنتی سے قبل ذرائع ابلاغ کے ایگزٹ پول کو نظرانداز کریں۔ بھارت کے سات مراحل پر مشتمل پارلیمانی انتخابات کے دوران ڈالے گئے ووٹوں کی گنتی جمعرات تیئیس مئی کو ہو گی۔ ایگزٹ پول کے مطابق نریندر مودی کی سیاسی جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی کے اتحاد کو 339 سے 365 کے درمیان نشستیں ملنے کا امکان ہے جب کہ کانگریس کو 77 سے 108 تک سیٹیں مل سکتی ہیں۔

[pullquote]کوسووو میں جرمن فوجیوں کی تعیناتی میں توسیع[/pullquote]

چانسلر انگیلا میرکل کی کابینہ نے کوسووو میں جرمن فوجیوں کی تعیناتی کے توسیعی منصوبے کی منظوری دے دی ہے۔ کابینہ کے مطابق فوجیوں کی تعیناتی جرمن سکیورٹی کے مفاد میں ہے۔ یہ فوجی مغربی اتحاد نیٹو کے مشن کا حصہ ہیں۔ کے فور مشن تحت اس وقت 70 جرمنی فوجی کوسوو میں تعینات ہیں۔ کابینہ نے تاہم مشن میں جرمن فوجیوں کی تعیناتی کی منظوری دیتے ہوئے انتہائی تعداد کو آٹھ سو سے کم کر کے چار سو کر دیا ہے۔ کابینہ کے منظور شدہ فیصلے کی باضابطہ توثیق جرمن پارلیمنٹ کرے گی۔

[pullquote]صومالی دارالحکومت میں خودکش کار بم حملہ، نصف درجن ہلاکتیں[/pullquote]

شورش زدہ افریقی ملک صومالیہ کے دارالحکومت موغادیشو میں ایک خودکش کار بم حملے میں کم از کم چھ افراد مارے گئے ہیں۔ ایک سینیئر سکیورٹی اہلکار کے مطابق اس حملے میں زخمی ہونے والوں کی تعداد 13 ہے۔ بعض زخمیوں کی حالت تشویش ناک ہے۔ صومالیہ میں سرگرم انتہا پسند مسلمان گروپ الشباب نے اس حملے کی ذمہ داری قبول کر لی ہے۔ یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ ہلاک شدگان اور زخمیوں میں بیشتر سکیورٹی اہلکار ہیں۔ خودکش کار بم حملہ موغادیشو کے صدارتی محل کے باہر قائم ایک چیک پوسٹ کے قریب کیا گیا۔

[pullquote]جکارتہ میں انتخابی نتائج کے بعد پرتشدد مظاہرے، کم از کم چھ افراد ہلاک[/pullquote]

انڈونیشیا میں حالیہ صدارتی الیکشن کے حتمی نتائج کے اعلان کے بعد دارالحکومت جکارتہ میں ہونے والے پرتشدد مظاہروں میں بدھ کے روز کم از کم چھ افراد مارے گئے۔ اس دوران مظاہرین کی پولیس کے ساتھ جھڑپیں بھی ہوئیں اور پولیس نے انہیں منتشر کرنے کے لیے آنسو گیس بھی استعمال کی۔ مظاہرین نے کئی گاڑیوں کو آگ بھی لگا دی تھی اور درجنوں افراد کو گرفتار بھی کر لیا گیا۔ ہزارہا مظاہرین صدارتی الیکشن ہار جانے والے امیدوار سوبیانتو کے حامی تھے، جو الیکشن کمیشن کے مرکزی دفتر کے سامنے احتجاج کر رہے تھے۔ انتخابی نتائج کے مطابق صدر ویدودو پچپن فیصد ووٹ لے کر دوبارہ منتخب ہو گئے ہیں جبکہ ان کے حریف سوبیانتو کو پینتالیس فیصد ووٹ ملے۔ سوبیانتو الیکشن کمیشن پر دھاندلی کا الزام لگاتے ہوئے نتائج تسلیم کرنے سے انکاری ہیں۔

[pullquote]ویڈیو اسکینڈل کے بعد آسٹریا میں نگران حکومت کے وزراء نے حلف اٹھا لیا[/pullquote]

آسٹریا میں نئی عبوری حکومت کے ٹیکنوکریٹ ارکان کے طور پر متعدد وزراء نے آج بدھ کے روز اپنے عہدوں کا حلف اٹھا لیا۔ یہ وزراء انتہائی دائیں باز وکی فریڈم پارٹی کی جگہ موجودہ مخلوط حکومت کا حصہ بنے ہیں۔ فریڈم پارٹی کے رہنما اور نائب وفاقی چانسلر ہائنز کرسٹیان اشٹراخے ایک ویڈیو اسکینڈل کے بعد گزشتہ ہفتے مستعفی ہو گئے تھے۔ فریڈم پارٹی اب مخلوط حکومت کا حصہ نہیں ہے۔ آسٹرین چانسلر سباستیان کُرس نے، جنہیں آئندہ پیر کو اپنے خلاف پارلیمانی عدم اعتماد کی تحریک کا سامنا کرنا ہے، اسی ہفتے اعلان کر دیا تھا کہ ستمبر میں ملک میں نئے عام انتخابات کرائے جائیں گے۔ چانسلر کُرس کے مطابق نگران ملکی حکومت تین ماہ تک اقتدار میں رہے گی۔

[pullquote]جرمنی سے ملک بدر کیے گئے مزید چھبیس افغان شہری کابل پہنچ گئے[/pullquote]

جرمنی سے ملک بدر کیے گئے مزید چھبیس افغان شہری افغانستان کے دارالحکومت کابل پہنچ گئے ہیں۔ یہ غیر ملکی سیاسی پناہ کی تلاش میں جرمنی پہنچے تھے لیکن ان کی درخواستیں مسترد کر دی گئی تھیں۔ کابل ایئر پورٹ پر حکام نے بتایا کہ آج بدھ کو وطن لوٹنے والے دو درجن سے زائد افراد پر مشتمل یہ گروپ دسمبر سن 2016 سے اب تک جرمنی سے ملک بدر کیے گئے افغان شہریوں کا چوبیسواں گروپ تھا۔ اس عرصے کے دوران کُل تیئیس پروازوں کے ذریعے 565 افغان شہریوں کو جرمنی سے واپس بھیجا جا چکا ہے، جو سب کے سب مرد تھے۔ برلن سے موصولہ رپورٹوں کے مطابق ملک بدر کیے گئے ان افغان باشندوں میں ایک ایسا اٹھارہ سالہ نوجوان بھی شامل تھا، جو صوبے باویریا میں کئی طرح کے جرائم کا مرتکب ہوا تھا۔

[pullquote]جرمن کار ساز ادارے ڈائملر کے سربراہ اپنے عہدے سے سبکدوش ہو گئے[/pullquote]

مرسیڈیز گاڑیاں تیار کرنے والے جرمن کار ساز ادارے ڈائملر کے سربراہ ڈیٹر سَیچے اپنے عہدے سے سبکدوش ہو گئے ہیں۔ وہ گزشتہ تیرہ برسوں سے ڈائملر کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر کے عہدے پر فائز تھے۔ ڈائملر کے شیئر ہولڈرز کے بدھ کے روز برلن میں ہونے والے سالانہ اجلاس میں چھیاسٹھ سالہ سَیچے کو حاضرین نے تالیوں کی گونج میں ان کے عہدے سے رخصت کیا۔ ان کی جانشین انچاس سالہ اولا کالینیئس ہوں گی، جو اب تک اس کمپنمی کے مرسیڈیز بینز نامی برانڈ کے ڈویلپمنٹ کے شعبے کے سربراہ تھیں۔

[pullquote]چینی فضائی کمپنی نے بوئنگ سے زر تلافی کا مطالبہ کر دیا[/pullquote]

چین کی سرکاری ملکیت میں کام کرنے والی تین بڑی ایئر لائنز میں سے ایک ایئر چائنہ نے امریکی طیارہ ساز کمپنی بوئنگ سے زر تلافی کا مطالبہ کر دیا ہے۔ اس مطالبے کی وجہ اس کمپنی کو بوئنگ 737میکس آٹھ طیاروں کا استعمال بند کر دینے کے باعث ہونے والا مالی نقصان بنا۔ کئی دیگر ممالک کی طرح چین نے بھی اپنے ہاں اس طرز کے بوئنگ طیاروں کو پیش آنے والے ان دو حالیہ حادثات کے بعد ان کا استعمال بند کر دیا تھا،جن میں سینکڑوں مسافر مارے گئے تھے۔ ایئر چائنہ کے ایک اعلیٰ عہدیدار نے بدھ کے روز اس مطالبے کی تصدیق کر دی۔ یہ نہیں بتایا گیا کہ بوئنگ سے کتنا زر تلافی طلب کیا گیا ہے۔

[pullquote]بریگزٹ کا ’آخری موقع‘: برطانوی وزیر اعظم کی لیبر پارٹی سے تعاون کی اپیل[/pullquote]

برطانوی وزیر اعظم ٹریزا مے نے ملکی اپوزیشن جماعت لیبر پارٹی سے اپیل کی ہے کہ وہ بریگزٹ کے ’آخری موقع‘ کے طور پر حکومتی بریگزٹ ڈیل کی حمایت کرے۔ ساتھ ہی مے نے لیبر پارٹی کو یہ پیشکش بھی کی ہے کہ وہ اس بارے میں ممکنہ رائے شماری پر بھی تیار ہو سکتی ہیں کہ آیا برطانیہ کے یورپی یونین سے اخراج کے موضوع پر ملک میں ایک نیا عوامی ریفرنڈم کرایا جانا چاہیے۔ ٹریزا مے نے یہ بات اپنے اس خط میں کہی، جو انہوں نے لیبر پارٹی کے سربراہ جیریمی کوربن کو منگل اکیس مئی کو لکھا اور جس میں لندن حکومت کے یورپی یونین کے ساتھ طے شدہ بریگزٹ معاہدے کے لیے حمایت کی درخواست کی گئی ہے۔

[pullquote]امریکی عوام کی رائے میں ایران کے ساتھ جنگ ہو سکتی ہے، نیا سروے[/pullquote]

امریکا میں ٹرمپ انتظامیہ نے حالیہ مہینوں میں ایران کے خلاف زیادہ سے زیادہ دباؤکی پالیسی پر اتنا عمل کیا ہے کہ اب یہ خدشات پائے جانے لگے ہیں کہ ایران اور امریکا ممکنہ طور پر جنگ کے راستے پر ہیں۔ نیوز ایجنسی روئٹرز کے مطابق ایک تازہ عوامی جائزے سے پتہ چلا ہے کہ چونسٹھ فیصد امریکی باشندوں کی رائے میں، جن میں ریپبلکن پارٹی کے حامیوں کی اکثریت تھی، ایران کے ساتھ جوہری ڈیل پر عمل درآمد کو یقینی بنانے کے لیے تہران کے خلاف پابندیوں میں نرمی کی جا سکتی ہے۔ اس کے برعکس اکاون فیصد رائے دہندگان نے کہا کہ آئندہ چند برسوں میں امریکا اور ایران کی باقاعدہ جنگ بھی ہو سکتی ہے۔ یہ شرح گزشتہ برس جون میں کرائے گئے جائزے کے مقابلے میں آٹھ فیصد زیادہ ہے۔

[pullquote]اقوام متحدہ کے تیونسی نژاد جرمن ماہر منصف قرطاس کو رہا کر دیا گیا[/pullquote]

تیونس میں جاسوسی کے الزام میں گرفتار کیے گئے اقوام متحدہ کے تیونسی نژاد جرمن ماہر منصف قرطاس کو رہا کر دیا گیا ہے۔ ان کے وکیل نے بتایا کہ ایک مقامی عدالت نے انہیں ضمانت پر رہا کرنے کا حکم دے دیا تاہم ان کے خلاف عدالتی کارروائی کا اب بھی خطرہ ہے۔ منصف قرطاس عالمی ادارے کے ماہرین کی اس کونسل کے رکن ہیں، جو لیبیا کو ہتھیاروں کی فراہمی پر عائد کردہ بین الاقوامی پابندی کی مبینہ خلاف ورزیوں کی چھان بین کر رہی ہے۔ تیونس کے ریاستی دفتر استغاثہ کے مطابق قرطاس پر جاسوسی کا شبہ ہے۔

[pullquote]شام میں کیمیائی ہتھیاروں سے نئے ممکنہ حملے کے آثار[/pullquote]

امریکا نے دعویٰ کیا ہے کہ ایسے آثار موجود ہیں کہ شام میں صدر بشار الاسد کی فوج ممکنہ طور پر کیمیائی ہتھیاروں سے ایک نئے مبینہ حملے کی مرتکب ہوئی ہے۔ واشنگٹن میں ملکی وزارت خارجہ نے ایک بیان میں کہا کہ شامی دستوں کی طرف سے یہ مبینہ حملہ کلورین گیس کی مدد سے ملک کے شمال مغرب میں انیس مئی کی صبح کیا گیا۔ بیان کے مطابق شامی فورسز نے یہ کیمیائی ہتھیار جہادیوں کے زیر قبضہ ادلب کے علاقے میں اپنی مسلح کارروائیوں کے دوران استعمال کیا۔ امریکی اسٹیٹ ڈیپارٹمنٹ کے ایک ترجمان کے مطابق اگر یہ حملہ ثابت ہو گیا، تو اس کا ’فوری اور مناسب جواب‘ دیا جائے گا۔

[pullquote]سال رواں کا انٹرنیشنل بُکر پرائز عمان کی مصنفہ کے لیے[/pullquote]

سال رواں کا بین الاقوامی ادبی انعام مَین بُکر پرائز عمان سے تعلق رکھنے والی عرب مصنفہ جوخہ الحارثی کو دے دیا گیا ہے۔ چالیس سالہ الحارثی یہ معتبر ادبی انعام حاصل کرنے والی پہلی عرب شخصیت ہیں۔ لندن میں اس انعام کا فیصلہ کرنے والی جیوری کے مطابق الحارثی کو یہ اعزاز ان کے ناول Celestial Bodies کی وجہ سے دیا گیا۔ اس ناول میں نوآبادیاتی دور کے بعد کے عمان میں تین بہنوں کی یادداشتوں کو موضوع بنایا گیا ہے۔ یہ ناول کسی عمانی ادیبہ کا وہ پہلا ناول بھی ہے، جو عربی سے انگریزی میں ترجمہ کیا گیا ہے۔ اس انعام کے ساتھ جوخہ الحارثی اور ان کے ناول کا انگریزی ترجمہ کرنے والی میریلن بوُتھ کو مشترکہ طور پر پچاس ہزار پاؤنڈ کی رقم بھی دی گئی۔

[pullquote]انڈونیشیا میں انتخابی نتائج کے بعد اپوزیشن مظاہرین کی پولیس کے ساتھ جھڑپیں[/pullquote]

انڈونیشیا میں حالیہ صدارتی الیکشن کے نتائج کے سرکاری اعلان کے بعد ملکی دارالحکومت جکارتہ میں پولیس کی مظاہرین کے ساتھ جھڑپیں ہوئی ہیں۔ آج بدھ کے روز پولیس کو ان مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے آنسو گیس کا استعمال بھی کرنا پڑا۔ ہزاروں کی تعداد میں یہ مظاہرین الیکشن ہار جانے والے امیدوار سوبیانتو کے حامی کارکن تھے، جو الیکشن کمیشن کے مرکزی دفتر کے سامنے احتجاج کر رہے تھے۔ انتخابی کے نتائج کے مطابق موجودہ صدر جوکو ویدودو پچپن فیصد ووٹ لے کر دوبارہ منتخب ہو گئے ہیں جبکہ سوبیانتو کو پینتالیس فیصد ووٹ ملے تھے۔ سوبیانتو الیکشن کمیشن پر دھاندلی کا الزام لگا کر نتائج قبول کرنے سے انکاری ہیں۔ پولیس کے مطابق مظاہرین نے کئی گاڑیوں کو آگ بھی لگا دی تھی، جس دوران کم از کم بیس افراد کو گرفتار بھی کر لیا گیا۔

[pullquote]یورپی الیکشن سے قبل آسٹریا میں ملکی حکومت ناکامی کے دہانے پر[/pullquote]

آسٹریا کے وفاقی چانسلرسباستیان کُرس نے ملکی صدر آلیکسانڈر فان ڈئر بیلن کے ساتھ مشاورت کے بعد اعلان کیا ہے کہ وہ جلد ہی ایک ایسی عبوری حکومت قائم کر دیں گے، جو تین ماہ تک اقتدار میں رہے گی۔ ملکی میڈیا کے مطابق نگران حکومت میں شامل کیے جانے والے وزراء کے ناموں کا اعلان آج بدھ کو متوقع ہے۔ سباستیان کُرس، جنہیں آئندہ پیر کو اپنے خلاف پارلیمانی عدم اعتماد کی تحریک کا سامنا بھی ہو گا، اسی ہفتے ستمبر میں نئے عام انتخابات کے انعقاد کا اعلان کرنے پر مجبور ہو گئے تھے۔ کُرس کی قیادت میں مخلوط حکومت میں شامل فریڈم پارٹی کے رہنما اور نائب چانسلر ہائنز کرسٹیان اشٹراخے ایک حیران کن ویڈیو اسکینڈل کے بعد گزشتہ ہفتے کے روز مستعفی ہو گئے تھے۔ آسٹریا سمیت یورپی یونین کے تمام رکن ممالک میں آئندہ چند روز میں یورپی پارلیمانی انتخابات ہونے والے ہیں۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے