[pullquote]ایران جوہری ڈیل کا احترام کرے، عراق[/pullquote]
عراقی وزیرخارجہ محمد علی الحکیم نے ایرانی جوہری ڈیل کو ایک بہتر سمجھوتا قرار دیا ہے۔ انہوں نے ایران سے کہا ہے کہ وہ اس اہم ڈیل کا احترام کرے۔ انہوں نے مزید کہا کہ تہران حکومت کی حوصلہ افزائی کی جائے گی اگر وہ اس ڈیل کے ساتھ رہتی ہے۔ عراقی وزیرخارجہ نے یہ بات ناروے کے دارالحکومت اوسلو میں اپنے دورے کے دوران رپورٹرز کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ الحکیم نے خطے کی صورت حال کے تناظر میں کہا کہ پہلے ہی اس خطے میں بے شمار تنازعات ہیں اور موجودہ حالات میں کشیدگی ختم کرنے کے لیے عراق اپنا کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہے۔
[pullquote]افغان دارالحکومت کی ایک مسجد میں دھماکا، اہم اسکالر کی ہلاکت[/pullquote]
افغاستان کے دارالحکومت کابل کی ایک مسجد میں جمعے کی نماز کے دوران ہونے والے دھماکے میں امام کی ہلاکت کے علاوہ دیگر سولہ زخمی ہوئے ہیں۔ یہ دھماکا مشرقی کابل کی مشہور مسجد التقویٰ میں ہوا اور ہلاک ہونے والے امام مولوی ریحان تھے، جو علاقے کے مذہبی حلقے میں اہم مقام رکھتے ہیں۔ افغان وزارت داخلہ نے مولوی ریحان کے ہلاک ہونے کی تصدیق کر دی ہے۔ کابل پولیس کے ترجمان کے مطابق تفتیشی عمل شروع کر دیا گیا ہے۔ ابھی تک اس دھماکے کی ذمہ داری کسی گروہ یا تنظیم نے قبول نہیں کی ہے۔
[pullquote]تین یورپی ملکوں کی ماحول دوست سیاسی جماعتوں کا اتحاد پر غور[/pullquote]
جرمنی، سویڈن اور بیلیجم کی ماحول دوست پالیسیوں کی حامی سیاسی جماعت گرین پارٹی ایک مشترکہ اتحاد قائم کرنے پر سنجیدگی سے غور کر رہی ہیں۔ ان کے اتحاد کو ’پالیٹکس فار فیوچر‘ کا نام دیا جائے گا۔ یہ بات جرمن گرین پارٹی کی رکن پارلیمنٹ ایزا باڈم نے بتائی ہے۔ بادم کے مطابق نئی اتحادی پارٹی کا فوکس کلی طور پر کلائمیٹ چینج پر ہو گا۔ ’پالیٹکس فار فیوچر‘ کو نوعمر طلبا کی ایک ماحول دوست تحریک ’فرائیڈیز فار فیوچر‘ کے انداز پر قائم کیا جا رہا ہے۔ گرین پارٹی کی ماحول دوست تحریک کو ڈچ سیاستدان باس ایکہاؤٹ کی حمایت بھی حاصل ہے۔
[pullquote]امریکی صدر کا جاپانی دورہ[/pullquote]
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ جاپان کے سرکاری دورے پر جمعہ چوبیس مئی کو روانہ ہوں گے۔ نئے جاپانی بادشاہ کی تاج پوشی کے بعد ٹرمپ پہلے غیر ملکی سربراہ حکومت ہیں جو جاپان کا دورہ کر رہے ہیں۔ امریکی صدر ہفتے کی رات کو جاپان پہنچیں گے اور اتوار چھبیس مئی کو جاپانی وزیراعظم شینزو آبے کے ساتھ ملاقات کریں گے۔ وہ پیر ستائیس مئی کو جاپانی بادشاہ ناروہیٹو سے بھی ملیں گے۔ ناروہیٹو کی تاج پوشی پہلی مئی کو ہوئی تھی۔ وائٹ ہاؤس نے ٹرمپ کے دورے کے حوالے سے کہا کہ یہ جاپان تاریخ کے اہم ترین لمحے میں سے گزر رہا ہے اور یہ دورہ جاپانی امریکی تعلقات کی مضبوطی کو بھی ظاہر کرتا ہے۔
[pullquote]برطانوی وزیراعظم سات جون کو منصب چھوڑ دیں گی[/pullquote]
برطانوی وزیراعظم ٹریزا مے نے سات جون کو کنزرویٹو پارٹی کے لیڈر کی حیثیت سے علیحدگی اختیار کرنے کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ وہ نئے وزیراعظم کے انتخاب تک سات جون کے بعد نگران وزیراعظم رہیں گی۔ ٹریزا مے کو بریگزٹ ڈیل پر اپنی سیاسی جماعت کی شدید مخالفت کا سامنا رہا ہے۔ برطانوی پارلیمان نے ابھی تک ٹریزا مے کی بریگزٹ ڈیل کی منظوری نہیں دی ہے۔
[pullquote]جاپانی وزیراعظم کے ایرانی دورے کا امکان[/pullquote]
جاپانی وزیراعظم شینزو آبے کے ممکنہ ایرانی دورے کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ یہ وسط جون میں ممکن ہو سکتا ہے لیکن ابھی کچھ بھی طے نہیں ہے۔ آبے کے دورے کے حوالے سے یہ خبر ایک جاپانی ٹیلی وژن نے نشر کی ہے۔ اُن کا دورہ ایران اور امریکا کے درمیان پائی جانے والی کشیدگی پر بین الاقوامی تشویش کے تناظر میں ہے۔ ایسے اندازے لگائے گئے ہیں کہ آبے اپنے مجوزہ ایرانی دورے کے منصوبے کو اتوار چھبیس مئی کو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ ملاقات میں زیر بحث لا سکتے ہیں۔ یہ بھی خیال کیا گیا ہے کہ اس دورے کا انحصار ٹرمپ اور آبے کی ملاقات پر ہے۔ سن 1978 کے بعد کسی جاپانی وزیراعظم نے ایران کا دورہ نہیں کیا ہے۔
[pullquote]جنوب مغربی چین میں کشتی کی غرقابی، دس ہلاک[/pullquote]
چین کے سرکاری میڈیا کے مطابق ملک کے جنوب مغربی حصے کے ایک دریا میں ایک کشتی کی غرقابی سے کم از کم دس افراد ڈوب کر ہلاک ہو گئے ہیں جب کہ آٹھ دیگر لاپتہ ہیں۔ مقامی انتظامیہ لاپتہ افراد کی تلاش کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے۔ یہ کشتی چینی صوبے گوئژو کے ایک گاؤں کے قریب سے گزرنے والے دریا میں غرق ہوئی۔ کشتی کے ڈوبنے کے بعد گیارہ افراد کو زندہ بچا لیا گیا تھا۔ پولیس نے ڈوبنے والی کشتی کے کیپٹن کو گرفتار کر لیا ہے۔ چینی دریاؤں میں نقل و حمل کے لیے عام لوگوں کا بڑی کشتیوں پر سفر کرنا ایک معمول ہے۔
[pullquote]نریندر مودی نے کابینہ تشکیل دینے کا سلسلہ شروع کر دیا[/pullquote]
بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے الیکشن جیتنے کے بعد نئی حکومت کی تشکیل کا سلسلہ شروع کر دیا ہے۔ وہ آج جمعے کو نئی کابینہ کے حوالے سے پارٹی کے سینیئر رہنماؤں سے مشاورت کریں گے۔ ایسے اندازے لگائے گئے ہیں کہ نئی کابینہ میں نئے نام سامنے آ سکتے ہیں۔ دوسری جانب بھارتی الیکشن کمیشن کے اعداد و شمار کے مطابق مودی کی سیاسی جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی پارلیمنٹ کے ایوانِ زیریں لوک سبھا کی 296 نشستیں جیت چکی ہے۔ سن 2014 کے الیکشن میں مودی کی پارٹی کو 282 نشستیں حاصل ہوئی تھیں۔ اس وقت بھی بی جے پی سات حلقوں میں سبقت لیے ہوئے ہے۔ کانگریس کے جیتی ہوئی سیٹوں کی تعداد پچاس ہی ہے۔
[pullquote]القاعدہ سے وابستگی رکھنے والا کشمیری عسکریت پسند کمانڈر ہلاک[/pullquote]
بھارت کے زیر کنٹرول کشمیر میں سکیورٹی فورسز نے ایک اہم عسکریت پسند کمانڈر کو ایک جھڑپ کے دوران ہلاک کر دیا ہے۔ اس کمانڈر کا نام ذاکر موسیٰ بتایا گیا ہے۔ وہ انصار غزوات الہند سے منسلک تھا۔ یہ عسکریت پسند گروپ بین الاقوامی جہادی تنظیم القاعدہ کے ساتھ وابستگی رکھتا ہے۔ مقامی پولیس کے مطابق موسیٰ جمعرات تیئیس مئی کی شام کو ترال علاقے میں دوطرفہ فائرنگ کے دوران مارا گیا۔ یہ بھی بتایا گیا ہے کہ ذاکر موسیٰ نے حزب المجاہدین کو چھوڑ کر سن 2017 میں انصار غزوات الہند نامی عسکریت پسند گروپ کی بنیاد رکھی تھی۔ وہ اس گروپ کا لیڈر بھی تھا۔
[pullquote]امریکا نے جولیان اسانج پر فرد جرم عائد کر دی[/pullquote]
امریکی وزارت انصاف نے وکی لیکس ویب سائٹ کے بانی جولیان اسانج پر اٹھارہ الزامات کی فرد جرم عائد کر دی ہے۔ اس میں جاسوسی کے قانون کی خلاف ورزی کرنے کا الزام بھی شامل ہے۔ وزارت انصاف کے مطابق وکی لیکس کا خفیہ دستاویزات کو شائع کرنا اور اسی طرح خفیہ عسکری اور سفارتی ذرائع کے ناموں کا افشاء کرنا جاسوسی کے قانون کے منافی اقدامات ہیں۔ یہ بھی کہا گیا ہے کہ ان دستاویزات کو عام کرنے سے امریکی قومی سلامتی کو شدید دھچکا پہنچا تھا۔ جولیان اسانج اس وقت لندن میں ضمانت کے ضوابط کی خلاف ورزی کرنے پر جیل کاٹ رہے ہیں۔ امریکا نے ان کی حوالگی کا مطالبہ کر رکھا ہے۔
[pullquote]افغانستان میں دو فضائی حملوں میں چودہ شہریوں کی ہلاکت[/pullquote]
اقوام متحدہ کے مطابق افغانستان میں دو فضائی حملوں میں کم از کم چودہ عام شہری مارے گئے ہیں۔ افغانستان میں عالمی ادارے کے مشن UNAMA کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں پانچ خواتین اور سات بچے شامل ہیں۔ یُو این مشن کے مطابق ایک حملہ بیس مئی کو جنوبی صوبے ہلمند میں کیا گیا جب کہ دوسرا حملہ بائیس مئی کو مشرقی صوبے کنڑ میں کیا گیا۔ اقوام متحدہ نے یہ بھی کہا کہ متحارب فریقین کو انٹرنیشنل ذمہ داریوں کا احساس کرنا چاہیے کیونکہ اُن کی جنگی کارروائیوں میں عام شہریوں کی ہلاکتوں میں اضافہ ہو رہا ہے۔ افغانستان میں زیادہ تر فضائی حملے امریکی جنگی طیارے کرتے ہیں کیونکہ افغان ایئر فورس ابھی پوری طرح فعال نہیں ہے۔
[pullquote]پیسیفک خطے کے ممالک تائیوان کے ساتھ تعلقات استوار کریں، امریکا[/pullquote]
امریکا کے قائم مقام نائب وزیر خارجہ برائے جنوب مشرقی ایشیا ڈبلیو پیٹرک مرفی نے بحر الکاہل کی جزیرہ ریاستوں سے کہا ہے کہ وہ تائیوان کے ساتھ تعلقات کو بہتر خطوط پر استوار کریں۔ انہوں نے یہ بات آسٹریلیا کے دارالحکومت کینبرا میں اپنے تین روزہ دورے کے اختتام پر رپورٹرز کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ اس خطے کی ریاستوں کو اپنے سفارتی تعلقات چین کے اثر و رسوخ سے بلند ہو کر کرنے چاہییں۔ مرفی نے یہ بھی کہا کہ چین اس کوشش میں ہے کہ تائیوان کے سفارتی تعلقات کو محدود کیا جائے اور یہ صورت حال کشیدگی کو فروغ دے رہی ہے۔