[pullquote]’ايران اقتصادی اور عسکری جارحيت کے خلاف اپنا دفاع کرے گا‘[/pullquote]
ايران اقتصادی اور عسکری جارحيت کے خلاف اپنا دفاع کرے گا۔ يہ بات ايرانی وزير خارجہ محمد جواد ظريف نے عراق کے دورے پر بغداد ميں اتوار کو ايک پريس کانفرنس سے اپنے خطاب ميں کہی۔ انہوں نے يورپی رياستوں پر بھی زور ديا کہ وہ جوہری ڈيل کو بچانے کے ليے زيادہ کوشش کريں۔ اس موقع پر ان کے عراقی ہم منصب محمد الحکيم نے کہا کہ وہ يکطرفہ امريکی اقدامات کے مکمل خلاف ہيں اور ان کا ملک ايران کے ساتھ کھڑا ہے۔ الحکيم نے روايتی حريف ممالک ايران اور امريکا کے مابين حاليہ کشيدگی ميں کمی کے ليے ثالثی کی پيشکش بھی کی۔ دريں اثناء نائب ايرانی وزير خارجہ عباس عراقچی بھی اس وقت علاقائی صورتحال پر تبادلہ خيال کے ليے عمان ميں ہيں۔
[pullquote]داعش کے رکن تين فرانسيسی شہريوں کے ليے سزائے موت[/pullquote]
عراق ميں ايک عدالت نے دہشت گرد تنظيم اسلامک اسٹيٹ کی رکنيت اختيار کرنے پر تين فرانسيسی شہريوں کو اتوار کے روز سزائے موت سنا دی ہے۔ تينوں کو شام سے امريکی حمايت يافتہ فورسز نے حراست ميں ليا تھا۔ ان کے پاس اس فيصلے کے خلاف اپيل دائر کرنے کے ليے تيس دن کی مہلت ہے۔ داعش سے منسلک رہنے پر سزائے موت کے حقدار قرار ديے گئے يہ پہلے فرانسيسی شہری ہيں۔ قبل ازيں عراقی عدليہ نے مطلع کيا تھا کہ پچھلے سال کے آغاز سے اب تک اسلامک اسٹيٹ کے پانچ سو سے زائد ارکان کو سزائیں سنائی جا چکی ہيں۔
[pullquote]مغربی بنگال ميں بی جے پی اور علاقائی پارٹی کے حامی متصادم[/pullquote]
بھارتی رياست مغربی بنگال ميں وزير اعظم نريندر مودی کی بھارتيہ جنتا پارٹی اور علاقائی سطح کی ترانامول کانگريس پارٹی کے حاميوں کے درميان پرتشدد جھڑپيں آج بروز اتوار بھی جاری رہيں۔ پوليس نے بيس افراد کو حراست ميں لے ليا ہے۔ ترانامول کانگريس پارٹی کے صوبائی وزير بنوئے کرشنا برمن کی گاڑی پر مشتعل ہجوم نے دھاوا بول ديا، جس کا الزام انہوں نے بے جے پی کے حاميوں پر عائد کيا ہے۔ علاوہ ازيں بی جے پی کے حاميوں پر اس علاقائی جماعت کے ايک دفتر ميں توڑ پھوڑ کا بھی الزام ہے۔ حکام نے صورتحال پر قابو پانے کے ليے نيم فوجی دستوں کو طلب کر ليا ہے۔
[pullquote]کھٹمنڈو: دو مختلف دھماکوں ميں تين افراد ہلاک، پانچ زخمی[/pullquote]
نيپالی دارالحکومت کھٹمنڈو ميں اتوار کو ہونے والے دو مختلف بم دھماکوں ميں تين افراد کے ہلاک اور متعدد ديگر کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہيں۔ ايک دھماکا شہر کے حدود کے اندر ايک مکان ميں ہوا، جس ميں ايک شخص مارا گيا جبکہ دوسرا دھماکا شہر کے نواح ميں ايک دکان ميں ہوا، جس ميں دو افراد کی جان گئی۔ پوليس اہلکار شيام لال گياوالی کے مطابق دھماکوں کی نوعيت اور ديگر تفصيلات کے بارے ميں فی الحال مزيد معلومات دستياب نہيں۔ ان دھماکوں ميں پانچ افراد زخمی بھی ہوئے۔ پوليس کے مطابق ماؤ نواز باغی ان وارداتوں کے پيچے ہو سکتے ہيں۔
[pullquote]عمران اور مودی کی دوطرفہ فضائی کارروائیوں کے بعد پہلی گفتگو[/pullquote]
پاکستانی وزير اعظم عمران خان نے نريندر مودی کو دوسری مدت کے ليے بھارتی وزير اعظم چنے جانے پر مبارک باد پيش کی۔ دونوں رہنماؤں کے مابين ٹيلی فونک گفتگو اتوار چھبيس مئی کے روز ہوئی۔ رواں سال فروری ميں دوطرفہ فضائی کارروائیوں کے بعد ايٹمی قوت کی حامل حريف رياستوں کے وزرائے اعظم کے مابين پہلی براہ راست بات چيت کی تصديق دونوں ممالک کی وزارت خارجہ نے کر دی ہے۔ پاکستانی وزارت خارجہ نے کہا کہ وزير اعظم خان نے مودی سے بات کرتے ہوئے دونوں ملکوں کے عوام کی بہتری کے ليے مل کر کام کرنے کی خواہش ظاہر کی۔ بھارتی وزارت خارجہ نے اپنے بيان ميں لکھا ہے کہ مودی نے خطے ميں امن، استحکام و ترقی کے ليے تعاون بڑھانے ميں اعتماد سازی اور تشدد و دہشت گردی سے محفوظ ماحول بنانے کی ضرورت پر زور ديا۔
[pullquote]یورپی پارلیمانی انتخابات کے آخری مرحلے کی ووٹنگ شروع ہو گئی[/pullquote]
آج اتوار کو جرمنی سمیت یورپی یونین کی اکیس ریاستوں میں یورپی پارلیمانی انتخابات کے لیے ووٹنگ کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔ قبل از انتخابات کرائے گئے جائزوں کے مطابق کرسچین ڈیموکریٹس اور سوشل ڈیموکریٹس کو 2014ء کے مقابلے میں کم نشستیں ملنے کا امکان ہے جبکہ دائیں بازو کی عوامیت پسند اور یورپی یونین کی ناقد جماعتوں کی حمایت میں اضافے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ اٹلی میں رات گیارہ بجے پولنگ اسٹیشن بند ہوتے ہی اس چار روزہ انتخابی عمل کا باقاعدہ اختتام ہو جائے گا۔ انتخابات کے ابتدائی نتائج کا اعلان آج رات ہی کر دیا جائے گا۔
[pullquote]نیتن یاہو ایردوآن کے نقش قدم پر چل رہے ہیں، اسرائیل میں احتجاجی مظاہرہ[/pullquote]
اسرائیل میں قانونی استثنٰی کے ایک مجوزہ قانون کے خلاف ہفتے کے روز ہزاروں افراد نے مظاہرہ کیا۔ تل ابیب میں ہوئے اس احتجاج میں مظاہرین نے کہا کہ وہ ملکی وزیر اعظم بینجمن نیتن یاہو کو ترک صدر ایردوآن نہیں بننے دیں گے۔ نیتن یاہو کا حکومتی اتحاد ایک ایسا قانون متعارف کرانا چاہتا ہے، جس کا تعلق وزیر اعظم کو کسی بھی مقدمے میں قانونی تحفظ فراہم کرنے اور عدالت عالیہ کے اختیارات کو محدود کرنے سے ہے۔ نیتن یاہو کو اپنے خلاف بدعنوانی کے متعدد الزامات کا سامنا ہے۔ وہ حال ہی میں چوتھی مرتبہ اسرائیل کے وزیر اعظم منتخب ہوئے تھے۔
[pullquote]جرمنی میں کپا پہننے سے خبردار کرنے پر افسوس ہوا، اسرائیلی صدر[/pullquote]
اسرائیلی صدر رووین ریولین نے جرمنی میں سامیت دشمنی کے انسداد کے نگران کمشنر فیلکس کلائن کے کپا پہننے سے متعلق بیان پر حیرت کا اظہار کیا ہے۔ ریولین کے مطابق جرمنی میں یہودیوں کے تحفظ و سلامتی سے متعلق خدشات سامیت دشمنوں کے آگے شکست اور یہ تسلیم کرنا ہے کہ جرمنی میں یہودی ایک مرتبہ پھر محفوظ نہیں ہیں۔ کلائن نے گزشتہ روز یہودیوں کو جرمنی میں ہر جگہ ’کِپّا‘ پہننے کے خلاف خبردار کیا تھا۔ ان کے بقول وہ موجودہ حالات میں یہودیوں کو یہ مشورہ نہیں دے سکتے کہ وہ جرمنی میں ہر جگہ اپنی یہ مذہبی ٹوپی پہنیں۔
[pullquote]ترک جیلوں میں کرد قیدیوں کی بھوک ہڑتال ختم[/pullquote]
ترک جیلوں میں موجود ہزاروں کرد قیدیوں نے طویل عرصے سے جاری بھوک ہڑتال ختم کر دی ہے۔ کرد خبر رساں ادارے (اے این ایف) کے ترجمان نے بتایا کہ کالعدم کردستان ورکز پارٹی ’پی کے کے‘ کے بانی عبداللہ اوچلان کے حق میں کیا جانے والا احتجاج ختم ہو گیا ہے۔ اوچلان کو جیل میں درپیش مشکلات کی وجہ سے یہ احتجاج شروع کیا گیا تھا۔ حکام نے اوچلان سے ملنے پر بھی پابندی عائد کر رکھی تھی، جسے اب ختم کر دیا گیا ہے۔ اوچلان کو آٹھ سال بعد پہلی مرتبہ ان کے وکلاء سے ملنے کی اجازت دی گئی ہے۔
[pullquote]یمن کے حوثی باغیوں کا سعودی عرب کو ڈرون سے نشانہ بنانے کا دعویٰ[/pullquote]
یمن کے حوثی باغیوں نے سعودی عرب پر ایک اور ڈرون حملہ کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ حوثی باغیوں کے ٹیلی وژن چینل المصیرہ کے مطابق اس مرتبہ جزان کے ہوائی اڈے کے قریب سعودی عسکری تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا۔ تاہم اس حملے میں ہونے والے کسی نقصان کی تفصیلات نہیں بتائی گئیں۔ ریاض میں سعودی حکام کی جانب سے ابھی تک اس دعوے کی تصدیق یا تردید نہیں کی گئی۔ ایران نواز حوثی باغیوں کی جانب سے گزشتہ دو ہفتوں کے دوران سعودی شہروں پر میزائل اور ڈرون حملوں میں اضافہ کیا جا چکا ہے۔
[pullquote]سائبر حملوں کا خوف، نیٹو اور یورپی یونین کا تعاون[/pullquote]
یورپی پارلیمانی انتخابات کے دوران کسی بھی ممکنہ روسی سائبر حملے سے بچاؤ کے لیے یورپی یونین کو مغربی دفاعی اتحاد نیٹو کا تعاون بھی حاصل ہے۔ نیٹو کے سربراہ ژینس اسٹولٹن برگ نے جرمن اخبار ’ویلٹ ام زونٹاگ‘ کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ انہیں علم ہے کہ روس جعلی خبروں اور سائبر حملوں کے ذریعے یورپی جمہوریت کو ہدف بنا کر داخلی معاملات میں مداخلت کر رہا ہے۔ ان کے بقول خاص طور پر یورپی پارلیمانی انتخابات کے دوران اس امر کا خطرہ مزید بڑھ گیا ہے۔ اسٹولٹن برگ کے مطابق اس تناظر میں نیٹو اور یورپی یونین کے مابین قریبی تعاون جاری ہے۔
[pullquote]جرمنی چین کے داخلی معاملات میں دخل اندازی سے باز رہے، بیجنگ حکومت[/pullquote]
چین نے جرمنی پر اپنے داخلی معاملات میں دخل اندازی کا الزام عائد کیا ہے۔ خبر رساں ادارے شنہوا کے مطابق بیجنگ میں حکام نے جرمنی سے اپنی غلطی کو تسلیم کرنے اور اپنی پالیسی کو تبدیل کرنے پر زور دیا ہے۔ بیجنگ کا یہ بیان برلن حکومت کی جانب سے ہانگ کانگ کے دو شہریوں کو سیاسی پناہ دینے کے تناظر میں سامنے آیا ہے۔ بیجنگ حکام کے بقول جرمنی کو نہ تو مجرموں کو برداشت کرنا چاہیے اور نہ ہی چین کے داخلی معاملات میں مداخلت کرنا چاہیے۔ دوسری جانب چینی حکام نے ہانگ کانگ میں تعینات جرمن نمائندے کو ایک ہنگامی ملاقات کے لیے بھی طلب کر لیا ہے۔
[pullquote]ترکی: زیر حراست ماں سے ملنے آنے والی بیٹی کو بھی پکڑ لیا گیا[/pullquote]
ترکی میں قید ایک جرمن شہری ہوزن کین کی بیٹی کو استنبول کے ہوائی اڈے پر کچھ دیر کے لیے حراست میں لے لیا گیا تھا۔ ان کی وکیل نے بتایا کہ کین کی بیٹی کو رہا تو کر دیا گیا ہے تاہم انہیں ملک چھوڑنے کی اجازت نہیں۔ ہوزن کین کرد پس منظر کی حامل ایک معروف گلوکارہ ہیں۔ انہیں نومبر 2018ء میں دہشت گردی کے الزام میں چھ سال اور تین ماہ قید کی سزا سنائی گئی تھی۔ ان کی بیٹی جیل میں اپنی والدہ سے ملاقات کے لیے ترکی گئی تھی۔
[pullquote]ایرانی وزیر خارجہ ظریف عراق میں[/pullquote]
ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف آج اتوار سے باقاعدہ طور پر اپنے دورہ عراق کا آغاز کر رہے ہیں۔ خبر رساں اداروں کے مطابق ظریف اس دوران دیگر اعلٰی عہدیداروں کے علاوہ عراقی وزیر اعظم عادل عبدالمہدی سے بھی ملیں گے۔ اس دوران امریکا کے ساتھ تنازعے کے خطے پر پڑنے والے اثرات پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ جواد ظریف ایک ایسے موقع پر عراق پہنچے ہیں، جب صرف دو روز پہلے ہی امریکا نے مشرق وسطیٰ میں تعینات اپنی افواج کی تعداد میں اضافے کا اعلان کر دیا تھا۔ ایرانی وزیر خارجہ اس امریکی اقدام کو عالمی امن کے لیے خطرہ قرار دے چکے ہیں۔
[pullquote]کن فلمی میلے کا گولڈن پام ایوارڈ جنوبی کوریائی فلم کے لیے[/pullquote]
جنوبی کوریائی فلمساز بونگ جون ہو کی فلم ’پیراسائٹ‘ نے فرانس میں کن فلمی میلے کا ’گولڈن پام‘ ایوارڈ جیت لیا ہے۔ جیوری کے مطابق اداکارہ ایمیلی بیچم کو فلم ’لٹل جو‘ میں ان کے کردار پر بہترین ادکارہ کا جبکہ انٹونیو بانڈیراس کو ’پین اینڈ گلوری‘ میں ان کی اداکاری پر بہترین اداکار کا ایوارڈ دیا گیا۔ بلیجیم کے دو بھائی ژاں پیئر اور لو داردین اپنی فلم ’ینگ احمد‘ کی وجہ سے بہترین ہدایتکار قرار پائے۔ فرانس میں ہونے والے کن فلمی میلے کے اعزازات کو یورپی آسکر ایوارڈز بھی کہا جاتا ہے۔