جمعرات : 30 مئی 2019 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]قطری وزير اعظم سعودی عرب ميں[/pullquote]

قطر کے وزير اعظم شيخ عبداللہ بن ناصر الثانی آج سعودی عرب پہنچ گئے ہيں، جہاں وہ تين سربراہی اجلاسوں ميں شريک ہوں گے۔ دو برس قبل رياض حکومت کی جانب سے قطر کے سفارتی بائيکاٹ کے بعد يہ پہلا موقع ہے کہ اس سطح کا کوئی قطری عہديدار سعودی سرزمين پہنچا ہو۔ مکہ آمد پر سعودی اہلکاروں نے ان کا استقبال کيا۔

[pullquote]جارڈ کشنر کا دورہ اسرائيل[/pullquote]

امريکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے داماد جیرڈ کوشنر مشرق وسطیٰ کے ديرينا تنازعے کے حل کے سلسلے ميں اسرائيلی وزير اعظم بينجمن نيتن ياہو سے ملاقات کر رہے ہيں۔ خصوصی امريکی مندوب جيسن گرين بيلٹ بھی ان کے ہمراہ ہيں۔ آئندہ ماہ بحرين ميں ايک اقتصادی کانفرنس منعقد ہو رہی ہے، جسے واشنگٹن کسی امن منصوبے کی پہلی کڑی قرار دے رہا ہے۔ اسرائيل ميں کوشنر اور گرين بيلٹ نيتن ياہو سے اسی بارے ميں بات چيت کر رہے ہيں۔ اخباری نمائندگان سے مختصر بات چيت ميں کوشنر نے کہا کہ امريکا اور اسرائيل کے باہمی تعلقات و تعاون اس وقت تاريخ کی بلند ترين سطح پر ہيں۔

[pullquote]يورپ کا متحد رہنا لازمی ہے، انٹونيو گوٹيرش[/pullquote]

اقوام متحدہ کے سيکرٹری جنرل انٹونيو گوٹيرش نے يورپ کو خبردار کيا ہے کہ موجودہ مشکل سياسی دور ميں کسی ممکنہ سرد جنگ سے بچنے کے ليے يورپ کا متحد رہنا لازمی ہے۔ يورپی اتحاد کی اپنی کوششوں کے ليے شارلمین پرائز وصول کرتے وقت آخن شہر ميں انہوں نے کہا کہ اگر يورپ ٹوٹ جاتا ہے تو يہ کثير الملکی نظام اور ايک ايسی دنيا کا اختتام ہو گا، جس ميں قانون کی بالادستی قائم ہو۔ گوٹيرش کے بقول اس دور ميں نفرت انگيز بيان بازی، نسل پرستی، اجنبيوں سے خوف اور دہشت گردی جيسے مسائل مسلسل پھيل رہے ہيں۔

[pullquote]نريندر مودی کی تقريب حلف برداری[/pullquote]

نريندر مودی نے دوسری مدت کے ليے بھارتی وزارت عظمی کا حلف اٹھا ليا ہے۔ حلف برداری کی يہ تقريب دارالحکومت نئی دہلی کے صدارتی محل ميں منعقد ہوئی، جس ميں کئی ممالک کے سربراہان، بالی وڈ کے فلمی ستاروں اور سياستدانوں سميت تقريباً آٹھ ہزار افراد نے شرکت کی۔ آئندہ چند گھنٹوں ميں مودی اپنی کابينہ کے پچاس وزراء کے ناموں کا اعلان بھی کرنے والے ہيں۔ اس موقع پر حزب اختلاف کی پارٹی کانگريس کے رہنما راہول گاندھی بھی موجود تھے۔ اطلاع ہے کہ گاندھی کانگريس کے ليڈر کی پوزيشن سے سبکدوش ہونے کا ارادہ رکھتے ہيں۔

[pullquote]ايران سے لاحق خطرہ ختم نہيں ہوا ليکن ٹل گيا ہے، جان بولٹن[/pullquote]

امريکا کی قومی سلامتی کے مشير جان بولٹن نے کہا ہے کہ ايران سے لاحق خطرہ ابھی پوری طرح ختم نہيں ہوا ہے ليکن واشنگٹن کے فوری اقدامات کی وجہ سے يہ ٹل ضرور گيا ہے۔ بولٹن نے يہ بيان برطانوی دارالحکومت لندن ميں رپورٹرز سے بات چيت کے دوران جمعرات کو ديا۔ انہوں نے امريکی صدر کے ايک حاليہ بيان کی تائيد کرتے ہوئے مزيد کہا کہ امريکا ايران ميں اقتدار کی تبديلی کی پاليسی پر عمل پيرا نہيں ہے۔ بولٹن نے محتاط انداز سے يہ عنديہ بھی ديا کہ اسی ماہ خليج فارس ميں سعودی تنصيبات پر حملوں ميں ايران ملوث ہو سکتا ہے۔

[pullquote]نائجر ميں گيارہ افراد اغواء[/pullquote]

جنوب مشرقی افريقی رياست نائجر ميں دہشت گرد تنظيم بوکو حرام کے جنگجوؤں نے گيارہ افراد کو اغواء کر ليا ہے۔ مغویوں ميں تين مرد جبکہ بقيہ خواتین ہيں۔ يہ واردات دفا نامی خطے کے ديہات تومور ميں تيس مئی کی صبح کی گئی۔ بعد ازاں اغواء کيے جانے والے ايک مرد کی لاش، جو کہ ايک امام تھا، قريبی علاقے سے برآمد ہوئی۔ معاملے کی تفتيش جاری ہے۔

[pullquote]سمندری طوفان کی تباہ کاری، موزمبیق کو اربوں ڈالر درکار[/pullquote]

موزمبیق کا کہنا ہے کہ اسے سمندری طوفانوں کی وجہ سے پہنچنے والے نقصان کے ازالے کے لیے تین اعشاریہ دو ارب ڈالر درکار ہیں۔ جنوبی افریقی ملک موزمبیق میں یکے بعد دیگر دو سمندری طوفانوں نے تباہی مچا دی تھی، جن کی وجہ سے چھ سو سے زائد افراد ہلاک ہوئے۔ حکومت کی جانب سے ایک عالمی کانفرنس میں اپیل کی گئی ہے کہ اس سلسلے میں اس کی مدد کی جائے۔ اس سمندری طوفان کی وجہ سے کھڑی فصلیں تباہ ہو گئیں جب کہ لاکھوں افراد خوراک کی قلت کا شکار ہیں۔

[pullquote]گیس پروم کے سہ ماہی منافع میں نمایاں اضافہ[/pullquote]

روسی گیس کمپنی گیس پروم نے جمعرات کے دن بتايا ہے اور اسے رواں برس کی پہلے سہ ماہی میں چوالیس فیصد زائد منافع ہوا۔ کمپنی کے بیان کے مطابق جنوری سے مارچ تک کے دورانیے میں اس کا خالص منافع آٹھ اعشاریہ دو ارب ڈالر رہا۔ بیان کے مطابق منافع میں اضافے کی وجہ یورپ کے لیے روسی گیس کی فروخت میں اضافہ ہے۔ گو کے رواں برس کی پہلی سہ ماہی میں روسی گیس کی فروخت میں 13 فیصد کمی ہوئی ہے، تاہم گیس کی قیمتوں میں تیس فیصد اضافہ مجموعی منافع میں اضافے کا باعث بنا۔

[pullquote]نیتن یاہو حکومت سازی میں ناکام، اسرائیل میں نئے انتخابات[/pullquote]

اسرائیلی وزیراعظم بینجمن نيتن یاہو حکومت سازی میں ناکام ہو گئے ہيں، جس سبب ملک میں دوبارہ انتخابات کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔ جمعرات کے روز دوبارہ انتخابات کے لیے 17 ستمبر کی تاریخ مقرر کی گئی۔ اسرائیل میں یہ غیرعمومی امر ہے کہ انتخابات کے بعد کوئی جماعت حکومت سازی کے لیے اتحاد قائم کرنے میں ناکام ہوئی ہے اور دوبارہ انتخابات کا انعقاد ہو رہا ہے۔ انتخابات کے بعد حکومت سازی کے لیے ڈیڈ لائن بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب تھی، تاہم نیتن یاہو سابق وزیردفاع ایویگڈور لیبرمان کو حکومتی اتحاد کے لیے راضی کرنے میں ناکام رہے۔

[pullquote]کابل بم حملوں کی ذمہ داری ’اسلامک اسٹیٹ‘ نے قبول کر لی[/pullquote]

دہشت گرد تنظیم ’اسلامک اسٹیٹ‘ نے کابل شہر کی ایک عسکری جامعہ کے مرکزی دروازے پر ہوئے ایک خودکش حملے کی ذمہ داری قبول کر لی ہے۔ اس گروہ کی جانب سے کہا گیا ہے کہ افغان فوج کے ایک اجتماع کو خودکش حملے کا نشانہ بنانے والا اس کا جنگجو تھا۔ واضح رہے کہ کابل میں ہوئے اس حملے میں چھ افراد ہلاک ہو گئے تھے۔ کابل پولیس کے ترجمان کے مطابق جمعرات کے روز ہوئے اس واقعے میں دیگر 16 افراد زخمی بھی ہوئے۔

[pullquote]وکی لیکس کے بانی جولیان اسانج بیمار[/pullquote]

وکی لیکس کے بانی جولیان اسانج گزشتہ روز بہ ظاہر علالت کے سبب ایک پیشی پر عدالت میں پیش نہ ہو پائے۔ انہیں جمعرات کو ویسٹ منسٹر کی ایک عدالت میں پیش ہونا تھا۔ انہیں ایک طرف برطانیہ میں ضمانت کے ضوابط کی خلاف ورزی کے الزام کا سامنا ہے اور دوسری جانب امریکا ان پر جاسوسی اور خفیہ فوجی اور سفارتی راز افشا کرنے کا الزام عائد کرتا ہے۔ سویڈن میں بھی اسانج مبینہ جنسی زیادتی کے الزامات کے سلسلے میں پوچھ گچھ کے لیے مطلوب ہیں۔

[pullquote]سری لنکا کے صدر خفیہ ادارے کے سربراہ پر برہم[/pullquote]

سری لنکا کے صدر میتھری پالا سری سینا نے ملکی خفیہ ادارے کے سربراہ پر عوامی سطح پر تنقید کی ہے۔ جمعرات کے روز ایک پارلیمانی پینل کے سامنے اپنے ایک بیان میں خفیہ ادارے کے سربراہ سیسیرا میندِس نے کہا تھا کہ ایسٹر خودکش حملوں کو روکا جا سکتا تھا۔ پارلیمانی پینل کے سامنے پیشی پر میندِس نے اعتراف کیا تھا کہ ممکنہ حملوں سے متعلق ملنے والی خفيہ اطلاعات کے بعد انہيں قومی سلامتی کونسل کا اجلاس طلب کرنا چاہیے تھا۔

[pullquote]جرمنی یوکرائن کی مدد کے لیے تیار ہے[/pullquote]

جرمن وزیرخارجہ ہائیکو ماس نے کہا ہے کہ وہ نومنتخب یوکرائنی صدر ولودیمیر زیلینسکی کی مدد کے لیے تیار ہیں، تاہم انہوں نے زور دیا کہ یوکرائن اپنے ہاں کرپشن کے انسداد کے لیے مزید اصلاحات کرے۔ جمعرات کے روز اپنے فرانسیسی ہم منصب کے ہم راہ کییف کے دورے سے قبل ماس نے کہا کہ جرمنی اور فرانس یوکرائن کی مدد سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔ ماس کا کہنا تھا کہ یوکرائنی عوام نے زیلینسکی کے ساتھ بھرپور توقعات وابستہ کر رکھی ہیں اور جرمنی اور فرانس کی کوشش ہے کہ نومنتخب یوکرائنی صدر کی مدد کی جائے، تاکہ یہ عوامی توقعات تعبیر ہو سکیں۔

[pullquote]ملائیشیا کے وزیراعظم کی ایشیا میں مشترکہ کرنسی کی تجویز[/pullquote]

ملائیشیا کے وزیراعظم مہاتیر محمد نے تجویز دی ہے کہ مشرقی ایشیا میں سونے کی بنیاد پر ایک مشترکہ کرنسی رائج کی جانی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ خطے میں آزاد تجارت اور معیشت کے فروغ کے لیے ڈالر پر انحصار محدود بنانا ہو گا۔ مہاتير محمد نے تجویز دی کہ یہ مشترکہ کرنسی خطے میں تجارت کے لیے استعمال کی جا سکتی ہے، تاہم ان کا کہنا تھا کہ مقامی سطح پر تمام ممالک اپنی اپنی رائج کرنسی جاری رکھیں۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے