امریکی ریاست ورجینیا میں سرکاری عمارت میں فائرنگ کے نتیجے میں 12 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق فائرنگ کا واقعہ ورجینیا شہر کی سرکاری عمارت میونسپل سینٹر میں گزشتہ شام 4 بجے پیش آیا جہاں سابق ملازم نے اندھا دھند فائرنگ کی جس کے نتیجے میں 12 افراد ہلاک جب کہ متعدد زخمی ہوئے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس فوری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور علاقے کو مکمل طور پر سیل کردیا گیا، زخمی افراد کو فوری طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا جن میں 6 پولیس اہلکار بھی شامل ہیں۔
برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کے مطابق حملہ آور پولیس کی جوابی کارروائی کے دوران مارا گیا جس کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی ہے۔
پولیس حکام نے بتایا کہ حملہ آور نے پارکنگ کی طرف کھڑے کچھ افراد کو نشانہ بنایا جب کہ دیگر کا سرکاری عمارت کی تینوں منزلوں پر تعاقب کیا۔
امریکی پولیس حکام کا کہنا ہے کہ یہ واقعہ انتہائی خوفناک ہے جو ایک وار زون کے طور پر بہتر بیان ہوسکتا ہے۔
ادھر ورجینیا کے سینیٹر ٹم کینے نے اپنی ٹوئٹ میں فائرنگ واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی۔