[pullquote]جرمن وزیر خارجہ کی ایرانی صدر سے ملاقات[/pullquote]
ایرانی صدر حسن روحانی نے جرمن وزیر خارجہ ہائیکو ماس سے ملاقات کی ہے۔ سفارتی ذرائع کے مطابق پیر کے دن تہران میں ان دونوں رہنماؤں نے علاقائی اور عالمی معاملات کے علاوہ ایرانی جوہری ڈیل پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ قبل ازیں آج پیر ہی کو ہائیکو ماس نے اپنے ایرانی ہم منصب محمد جواد ظریف سے بھی ملاقات کی، جس کے بعد ایک مشترکہ پریس کانفرنس میں ظریف نے کہا کہ ایران کے خلاف اقتصادی جنگ شروع کرنے کے بعد امریکا بھی محفوظ نہیں رہے گا۔ ہائیکو ماس کی اس دورے کے دوران کوشش ہے کہ وہ سن دو ہزار پندرہ میں طے پانے والی ایرانی جوہری ڈیل کو بچا سکیں اور اس تناظر میں تہران اور واشنگٹن کے مابین ثالثی کی کوشش کی جا سکے۔
[pullquote]ترکی امریکا سے مذاکرات کرنے پر تیار ہے[/pullquote]
ترکی نے کہا ہے کہ روس سے ایس چار سو طرز کے دفاعی میزائل نظام کی خریداری کے منصوبے پر امریکا نے مشترکہ کمیٹی بنانے کے لیے کوئی قدم نہیں اٹھایا۔ اس مجوزہ کمیٹی کو روس اور ترکی کے مابین اس عسکری سودے کے تناظر میں امریکی اور نیٹو کے تحفظات پر غور کرنا ہے۔ ترک ڈیفنس انڈسٹریز ڈائریکٹوریٹ کے سربراہ اسماعیل دیمیر نے پیر کو انقرہ میں صحافیوں کو بتایا کہ وہ امریکی تحفظات دور کرنے کی خاطر مذاکرات پر تیار ہیں۔ امریکا کا کہنا ہے کہ اگر انقرہ حکومت یہ ڈیل منسوخ نہیں کرتی تو اس پر پابندیاں عائد کی جا سکتی ہیں۔
[pullquote]سوڈان میں سول نافرمانی کی تحریک دوسرے دن میں داخل[/pullquote]
سوڈان میں سول نافرمانی کی تحریک دوسرے دن میں داخل ہو گئی ہے۔ میڈیا رپورٹوں کے مطابق پیر کے دن بھی خرطوم میں روزمرہ زندگی مفلوج رہی۔ اگرچہ فوجی حکومت نے حالیہ کریک ڈاؤن کے دوران گرفتار کیے گئے تین نمایاں اپوزیشن رہنماؤں کو رہا کر دیا ہے تاہم جمہوریت نواز مظاہرین اپنا احتجاج جاری رکھے ہوئے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ ملک میں اقتدار سول حکومت کو سونپا جائے۔ ان مظاہروں کے نتیجے میں شروع ہونے والے تشدد کے نتیجے میں گزشتہ کچھ دنوں میں سینکڑوں افراد ہلاک یا زخمی ہو چکے ہیں۔
[pullquote]ادلب میں شامی فورسز کے تازہ حملے[/pullquote]
شامی فورسز نے پیر کے دن ادلب میں باغیوں کے زیر قبضہ علاقوں میں بمباری میں شدت پیدا کر دی۔ امدادی کارکنوں کے مطابق ان تازہ حملوں کے نتیجے میں آٹھ افراد مارے گئے ہیں۔ وائٹ ہیلمٹس کے مطابق خان شیخون کے مرکز میں ہوئی بمباری سے چوبیس افراد زخمی بھی ہوئے۔ سیریئن آبزرویٹری فار ہیومن رائٹس نے ان خبروں کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ متعدد زخمیوں کی حالت نازک ہے۔ اطلاعات ہیں کہ ادلب اور حماء میں شامی فضائیہ نے پینسٹھ حملے کیے۔
[pullquote]افغانستان میں جہادی گروہ ’اسلامک اسٹیٹ‘ مضبوط ہوا ہے[/pullquote]
امریکی اور افغان سکیورٹی حکام نے کہا ہے کہ انتہا پسند گروہ ’اسلامک اسٹیٹ‘ نے شمال مغربی افغانستان میں اپنے اثر و رسوخ میں اضافہ کر لیا ہے۔ افغانستان میں تعینات ایک اعلیٰ امریکی عسکری اہلکار نے پیر کے دن نیوز ایجنسی اے پی کو بتایا کہ حالیہ دنوں میں کابل میں ہوئے حملوں سے اندازہ ہوتا ہے کہ افغانستان میں پناہ لینے والے یہ جہادی اب یورپ اور امریکا کے لیے ایک بڑا خطرہ بن سکتے ہیں۔ شام اور عراق میں شکست کے بعد یہ شدت پسند دیگر ممالک کا رخ کر رہے ہیں اور شورش زدہ افغانستان ان کے لیے ایک محفوظ ٹھکانہ ہو سکتا ہے۔
[pullquote]جوہری ڈيل سے ايران کی دستبرادی پر آئی اے ای اے تشويش کا شکار[/pullquote]
’انٹرنيشنل اٹامک انرجی ايجنسی‘ (IAEA) نے ايران کی جانب سے جوہری ڈيل سے جزوی دستبرداری کی دھمکی سے پيدا ہونے والی کشيدگی پر تشويش ظاہر کی ہے۔ آئی اے ای اے کے ڈائريکٹر يوکيا امانو نے آسٹريا کے دارالحکومت ويانا سے پير دس جون کو جاری کردہ بيان ميں اميد ظاہر کی کہ سفارت کاری کے ذريعے کشيدگی ميں کمی لائی جا سکے۔ تہران حکومت نے امريکا کی جانب سے عائد کردہ اقتصادی پابنديوں کے رد عمل ميں جوہری ڈيل سے جزوی دست برداری اور يورينيئم کی افزودگی کا عمل بحال کرنے کی دھمکی دے رکھی ہے۔
[pullquote]کشمیری بچی کا ریپ اور قتل، چھ ملزمان کے جرائم ثابت ہو گئے[/pullquote]
بھارت ميں پٹھان کوٹ کی ایک عدالت نے جموں و کشمير سے تعلق رکھنے والی ایک آٹھ سالہ مسلمان بچی کو جنسی زیادتی کا نشانہ بنانے کے بعد قتل کرنے کے مقدمے میں چھ ملزمان کو قصور وار قرار دے دیا ہے۔ ان مجرموں میں ایک ریٹائرڈ سرکاری افسر اور چار پولیس اہلکار بھی شامل ہیں۔ مجرموں کے لیے سزاؤں کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔ مقتولہ بچی کے اہل خانہ اور بھارت کے زیر اتنظام کشمیر کے سیاسی حلقوں نے اس عدالتی فیصلے کا خیر مقدم کیا ہے۔ پولیس کے مطابق پچھلے سال کے اوائل ميں پيش آنے والے اس واقعے ميں بچی کو اغوا کر کے ایک مندر کے احاطے میں کئی روز تک ریپ اور تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد قتل کر کے اس کی لاش کھیتوں میں پھینک دی گئی تھی۔
[pullquote]مالی ميں دوجنوں افراد کا قتل[/pullquote]
افريقی رياست مالی ميں اتوار اور پير کی درميانی شب نا معلوم حملہ آوروں نے ڈوگون کميونٹی کے ايک ديہات پر حملہ کر کے کم از کم پچانوے افراد کو موت کے گھاٹ اتار ديا۔ اس پيش رفت کی تصديق ايک سکيورٹی ذرائع نے پير کے روز کی ہے۔ ذرائع کے مطابق اس برادری کا تقريباً خاتمہ کر ديا گيا ہے۔ بيشتر لاشيں بری طرح جھلس چکی ہيں جبکہ ہلاک شدگان کی تعداد ميں اضافے کا امکان بھی ظاہر کيا گيا ہے۔
[pullquote]قزاقستان الیکشن، توقایف نے میدان مار لیا[/pullquote]
قزاقستان کے عبوری صدر قاسم جومارت توقایف نے صدارتی انتخابات میں واضح اکثریت سے کامیابی حاصل کر لی ہے۔ وہ نور سلطان نذربائیف کی جگہ اس منصب پر براجمان ہوں گے۔ ابتدائی نتائج کے مطابق توقایف نے صدارتی الیکشن میں 71 فیصد ووٹ حاصل کیے۔ اتوار کو منعقد ہوئے اس انتخابی عمل میں قاسم کا مقابلہ چھ امیدواروں سے تھا۔ الیکشن کے دوران ہی اپوزیشن نے احتجاج کرتے ہوئے انتخابی عمل کو ‘غیرمنصفانہ‘ قرار دے دیا تھا۔
[pullquote]ہانگ کانگ ميں متنازعہ بل، چين کی حمايت[/pullquote]
چين نے ہانگ کانگ ميں ايک متنازعہ بل کی حمايت کرتے ہوئے اس معاملے ميں مبينہ ’بيرونی مداخلت‘ پر تشوش ظاہر کی ہے۔ اس بارے میں چينی وزارت خارجہ کے ترجمان نے پير دس جون کو بيان جاری کيا۔ مجوزہ بل کے مسودے ميں يہ شامل ہے کہ ہانگ کانگ ميں جرائم کرنے والوں کو چين کے حوالے کيا جا سکے گا۔ ناقدين اسے شہری آزادی کے منافی قرار ديتے ہيں۔ اسی سلسلے ميں گزشتہ ہفتے کے اختتام پر کانگ ہانگ ميں ايک احتجاجی مظاہرہ بھی کيا گيا، جس ميں ہزاروں افراد نے شرکت کی۔
[pullquote]يورپی يونين ميں پناہ کے متلاشی افراد کی تعداد ميں اضافہ، وجہ وينزويلا کا بحران[/pullquote]
رواں سال کے پہلے چار ماہ ميں پچھلے سال کے اس عرصے کے مقابلے ميں يورپی يونين ميں سياسی پناہ کے متلاشی افراد کی تعداد ميں پندرہ فيصد اضافہ نوٹ کيا گيا ہے۔ سن 2018 ميں جنوری تا اپريل سياسی پناہ کی 179,000 درخواستيں جمع کرائی گئيں جبکہ رواں سال اسی مدت ميں درخواستوں کی تعداد 206,500 رہی۔ يہ اعداد و شمار ’يورپی ازائلم سپورٹ‘ کے دفتر کی جانب سے پير کو جاری کيے گئے۔ اس اضافے کی ايک وجہ وينزويلا ميں جاری سياسی و معاشی بحران ہے۔ سال کے پہلے چار ماہ ميں وينزويلا، کولمبيا، البانيہ اور جارجيا کے شہریوں نے زیادہ تعداد میں یورپی یونین کا رخ کیا۔
[pullquote]اسٹار یوراج سنگھ بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائر[/pullquote]
اسٹار بھارتی کرکٹر یوراج سنگھ نے بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا ہے۔ وہ سن دو ہزار گیارہ کے عالمی کپ میں ٹورنامنٹ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے تھے۔ پیر کے دن ممبئی میں صحافیوں سے گفتگو میں یوراج سنگھ نے کہا کہ عالمی کرکٹ کو خیرباد کہنے کا فیصلہ ایک مشکل عمل تھا۔ انہوں نے چالیس ٹیسٹ میچوں، تین سو چار ایک روزہ میچوں اور اٹھاون ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچوں میں بھارت کی نمائندگی کی۔ بین الاقوامی کرکٹ کونسل نے ریٹائرمنٹ کے اس فیصلے پر یوراج سنگھ کے لیے ایک خصوصی ستائشی پیغام بھی جاری کیا ہے۔