[pullquote]ايران ميں زلزلہ: متعدد افراد ہلاک، سينکڑوں افراد زخمی[/pullquote]
ايران ميں جمعے کی صبح طاقت ور زلزلہ آيا، جس کے نتيجے ميں اب تک کم از کم پانچ افراد کی ہلاکت اور تين سو سے زائد افراد کے زخمی ہونے کی تصديق ہو چکی ہے۔ ريکٹر اسکيل پر 5.9 کی شدت کے یہ جھٹکے ايرانی صوبے مشرقی آذربائيجان ميں محسوس کيے گئے۔ زيادہ تر افراد معمولی زخمی ہوئے اور صرف پانچ کو ہسپتال منتقل کيا گيا ہے۔ امريکی جيولوجيکل سروے کے مطابق اس زلزلے کا مرکز زمين سے 6.2 کلوميٹر کی گہرائی ميں تھا۔ زلزلے کے بعد متاثرہ علاقے ميں ضمنی اور کم شدت کے جھٹکے ابھی تک وقفے وقفے سے محسوس کيے جا رہے ہيں۔
[pullquote]مشرقی جرمنی کی ایک کان ميں دھماکا، تمام کن کن بچا لیے گئے[/pullquote]
جرمنی کے ایک مشرقی صوبے میں ايک کان ميں نامعلوم وجوہات کی بنا پر ہونے والے دھماکے کے بعد کم از کم پينتيس کان کن زمين میں سات سو ميٹر کی گہرائی ميں پھنس گئے۔ تاہم انہيں چند گھنٹوں کے اندر اندر ہی بچا ليا گيا۔ پوليس نے بتايا کہ زیادہ تر کان کن صحیح سلامت اور اچھی حالت میں ہیں۔ اس حادثے اور جائے وقوعہ پر ريسکيو سرگرميوں کی تصديق رياستی حکام نے بھی کر دی ہے۔ یہ حادثہ دارالحکومت برلن سے ڈيڑھ سو کلوميٹر جنوب مغرب کی طرف واقع علاقے ٹوئچن ٹال ميں آج جمعے کو پيش آيا۔ اس دھماکے کے نتیجے میں صرف دو کان کن زخمی ہوئے، جن ميں سے ايک کی حالت نازک بتائی گئی ہے۔ یہ کان اس وقت فعال نہيں ہے مگر اسے ديگر کانوں میں کان کنی کے باعث بننے والے کچرے کو وہاں دبا دینے کے لیے استعمال کيا جاتا ہے۔
[pullquote]ايران ميں ایک ڈرون طيارہ مار گرائے جانے کا دعویٰ[/pullquote]
ايران کی ايک نيم سرکاری ويب سائٹ پر دعویٰ کيا گيا ہے کہ ماھشہر ميں بغير پائلٹ والا ايک ڈرون طيارہ مار گرايا گيا ہے۔ ’ايران فرنٹ پیج ‘ نامی ويب سائٹ پر اس کی مزيد کوئی تفصيلات نہيں بتائی گئيں تاہم ایران ہی کے ’ينگ جرنلسٹس کلب‘ کے مطابق يہ ڈرون طيارہ ايرانی فوج نے مار گرايا۔ اس واقعے کی سرکاری سطح پر تاحال تصديق نہیں کی گئی۔ ايران نے رواں سال جون ميں بھی ايک امريکی ڈرون طيارہ تباہ کر ديا تھا اور حکام کا دعوی ٰتھا کہ يہ غیر ملکی ڈرون طيارہ ایران کے جنوبی حصے ميں ایک جاسوسی مشن پر تھا۔
[pullquote]امريکی وزير خارجہ کی روس اور چين پر تنقيد[/pullquote]
امريکی وزير خارجہ مائيک پومپيو نے مشترکہ جمہوری اقدار کے حامل اتحادی ممالک کے مابين اضافی تعاون پر زور ديا ہے۔ ديوار برلن کے انہدام کی تقريبات کے سلسلے ميں اس وقت جرمن دارالحکومت برلن ميں موجود پومپيو نے يہ بيان جمعے کو ديا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ امريکی انتظاميہ کا نيٹو کے بجٹ، چينی ٹيکنالوجی اور روسی جرمن پائپ لائن منصوبے سے متعلق سخت موقف دراصل بہت مشکل سے حاصل کی گئی آزادی کے دفاع کے ليے ہے۔ پومپيو نے اپنی تقرير ميں روس اور چين پر تنقيد بھی کی۔
[pullquote]چينی وزارت خارجہ کی مائيک پومپيو پر تنقید[/pullquote]
چينی وزارت خارجہ نے امريکی وزير خارجہ مائيک پومپيو کے ايک حاليہ بيان پر اپنے رد عمل میں کہا ہے کہ ان کا يہ بيان ’انتہائی خطرناک‘ ہونے کے ساتھ ساتھ ان کے ’مشکوک ارادوں‘ کی نشاندہی بھی کرتا ہے۔ پومپيو نے چند روز قبل اپنے ايک بيان ميں کميونسٹ پارٹی پر تنقيد کرتے ہوئے کہا تھا کہ چين میں برسراقتدار قوتیں عالمی سطح پر اپنے لیے قائدانہ حیثیت کی کوششوں ميں ہیں اور ان کا مناسب انداز میں سامنا کرنا لازمی ہے۔ آج جمعے کے روز چينی وزارت خارجہ نے تنقيد کرتے ہوئے کہا کہ پومپيو چينی عوام اور ملکی قيادت ميں تقسيم پيدا کرنے کی کوششیں کر رہے ہیں۔
[pullquote]کروشيا کی شينگن زون ميں ممکنہ شموليت اور ہيومن رائٹس واچ کی تنقيد[/pullquote]
ہيومن رائٹس واچ نے کروشيا کی يورپی يونين کے ويزا فری شينگن زون ميں ممکنہ شموليت کی مخالفت کر دی ہے۔ آج جمعے کو جاری کردہ ايک رپورٹ ميں انسانی حقوق پر نگاہ رکھنے والی اس تنظيم نے کروشيا کی شينگن زون ميں ممکنہ شموليت کا اشارہ دينے پر يورپی کميشن پر تنقيد بھی کی۔ اس تنظيم کے مطابق کروشيا ميں مہاجرين اور تارکين وطن کو غير قانونی اور پر تشدد اقدامات کا سامنا ہے اور اسی لیے ہیومن رائٹس واچ کے مطابق يہ ملک ابھی شينگن زون کا حصہ بننے کے ليے تيار نہيں ہے۔ زاغرب میں کروشیائی حکومت نے اس پر تاحال اپنا کوئی رد عمل ظاہر نہيں کیا۔
[pullquote]البغدادی کی ہلاکت پر چين کا رد عمل[/pullquote]
مشرق وسطی کے ليے خصوصی چينی مندوب نے ’اسلامک اسٹيٹ‘ کے سابق رہنما ابو بکر البغدادی کی ايک امريکی فوجی آپريشن ميں ہلاکت کو مثبت پيشرفت قرار ديا ہے۔ تاہم ساتھ ہی ان کا يہ بھی کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف لڑائی ابھی جاری ہے۔ ژائی جُن نے يہ بيان سعودی عرب، ايران اور مصر کے اپنے دورے مکمل کرنے کے بعد آج جمعے کو بيجنگ ميں ديا۔ انہوں نے خبردار کيا کہ داعش ابھی ختم نہيں ہوئی اور نہ ہی وہ نظرياتی سوچ جو دہشت گردی کا سبب بنتی ہے۔ اس چينی مندوب کے مطابق کئی دہشت گرد تنظيميں اب بھی سرگرم ہيں۔ چین ان دنوں مشرق وسطی کے ممالک کے ساتھ اپنے رابطے بڑھانے کی کوششوں ميں ہے۔
[pullquote]امريکی صدر کو ٹرمپ فاؤنڈیشن کی وجہ سے دو ملين ڈالر جرمانے کی سزا[/pullquote]
امريکی شہر نيو يارک کی ايک عدالت کے جج نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے خلاف دو ملين ڈالر جرمانے کا حکم سنا دیا ہے۔ مین ہيٹن کی اس عدالت نے يہ سزا ’ڈونلڈ جے ٹرمپ فاؤنڈيشن‘ نامی امدادی تنظيم کے غلط استعمال پر جمعرات کے روز سنائی۔ اس تنظيم سے منسلک رقوم سن 2016 ميں صدارتی اليکشن کی انتخابی مہم کے دوران استعمال کی گئی تھیں۔ صدر ٹرمپ کو ہدايت کی گئی ہے کہ وہ جرمانے کے یہ رقم آٹھ مختلف غير سرکاری تنظيموں کو ادا کریں۔
[pullquote]برازيل ميں سپريم کورٹ کے فيصلے کے بعد سابق صدر کی رہائی آج ممکن[/pullquote]
جنوبی امريکی ملک برازيل ميں عدالت عظمیٰ کے ايک تازہ فيصلے کے بعد سابق صدر لولا ڈا سلوا کی رہائی ممکن ہو گئی ہے۔ سابق صدر اور کئی دیگر اہم سياسی شخصيات بد عنوانی کے ايک مقدمے ميں سزا کاٹ رہے ہيں۔ تاہم عدالت نے جمعرات کو فيصلہ سنايا کہ ملزمان کی حراست اسی صورت ممکن ہے جب جس عدالت ميں کيس کی کارروائی جاری ہو، اس سے اعلیٰ عدالتوں ميں تمام اپيليں مسترد ہو چکی ہوں۔ اس پيش رفت کے بعد ممکن ہے کہ سابق صدر کو آج بروز جمعہ رہا کر ديا جائے۔ علاوہ ازيں لگ بھگ پانچ ہزار ديگر افراد بھی اس فيصلے سے فائدہ اٹھا سکیں گے اور ان کی رہائی بھی ممکن ہے۔
[pullquote]جرمنی نے سرحدی نگرانی بڑھانے کا اعلان کر ديا[/pullquote]
جرمن پوليس نے ملکی سرحدوں کی نگرانی میں اضافے کا اعلان کيا ہے۔ وفاقی پوليس کے ایک ترجمان نے بتايا کہ زیادہ چيکنگ کا يہ عمل ملک کی تمام سرحدوں پر شروع کيا جا رہا ہے۔ پوٹسڈام ميں وفاقی پوليس کے ہيڈکوارٹرز میں ترجمان نے بتایا کہ جن افراد کا جرمنی ميں دوبارہ داخلہ ممنوع ہے، انہيں سرحد ہی سے واپس بھیج دیا جائے گا۔ مزيد یہ کہ نگرانی کا یہ عمل اندرونی سرحدی راستوں اور ان روٹس پر بھی بڑھا ديا جائے گا، جو عموماﹰ انسانوں کی اسمگلنگ اور غير قانونی ترک وطن کے ليے استعمال کيے جاتے ہيں۔
[pullquote]ہانگ کانگ ميں طالب علم کی ہلاکت کے بعد مزید بدامنی کا خدشہ[/pullquote]
ہانگ کانگ ميں اسی ہفتے کے اوائل ميں احتجاج کے دوران ايک عمارت سے گرنے والا طالب علم انتقال کر گیا ہے۔ یہ بائيس سالہ نوجوان ہانگ کانگ يونيورسٹی آف سائنس اينڈ ٹیکنالوجی کا طالب علم تھا اور وہ پير کے روز ایک بلند عمارت سے گر گیا تھا۔ اس کی ہلاکت کی اطلاع ملنے کے بعد آج بروز جمعہ ہانگ کانگ میں بدامنی اور احتجاجی مظاہروں میں مزید شدت کا خدشہ ہے۔ مقامی باشندے پوليس سے نالاں ہیں اور حکام کو مظاہرين کے خلاف طاقت کے استعمال کی وجہ سے کافی دباؤ کا سامنا بھی ہے۔
[pullquote]القاعدہ کے دو اہم رہنماؤں کے بارے ميں معلومات فراہم کرنے پر انعام[/pullquote]
امريکا نے دہشت گرد نيٹ ورک القاعدہ کے دو سينئر رہنماؤں کے بارے ميں معلومات کی فراہمی پر دس ملين ڈالر تک کے انعامات کا اعلان کيا ہے۔ امریکی محکمہ خارجہ کے تحت کام کرنے والے ايک ادارے نے یہ اعلان واشنگٹن میں کيا۔ اس محکمے نے سعد بن عاطف العولقی کے بارے ميں معلومات پر چھ ملين اور ابراہيم احمد محمود القوصی کے بارے ميں معلومات فراہم کرنے پر چار ملين ڈالر انعام دينے کا اعلان کيا ہے۔ العولقی يمن کے ايک صوبے میں القاعدہ کا رہنما ہے اور امريکا پر حملوں کی کئی بار سرعام ترغيب دے چکا ہے۔ دہشت گردوں کے بارے ميں معلومات جمع کرنے کے لیے شروع کردہ ’انصاف کے ليے انعام‘ نامی امريکی حکومت کے اس پروگرام کے تحت پچھلے پينتيس برسوں ميں ڈيڑھ سو ملين ڈالر کی رقوم بطور انعامات دی جا چکی ہيں۔
[pullquote]دنيا کے امير ترين افراد کی دولت ميں کمی، تازہ رپورٹ[/pullquote]
دنيا کے امير ترین افراد کی مجموعی دولت ميں پچھلے ايک سال ميں معمولی کمی ہوئی۔ يہ انکشاف ’يو بی ايس‘ اور ’پی ڈبليو سی‘ نامی اداروں کی جانب سے جاری کردہ ايک مشترکہ رپورٹ ميں کيا گيا ہے۔ سياسی اور جغرافيائی سطح پر افراتفری اور بازار حصص کی غیر یقینی صورت حال اس کمی کا سبب بنے۔ دنيا کے تمام ارب پتی افراد کی مجموعی دولت ميں ايک سال ميں 388 بلين ڈالر کی کمی نوٹ کی گئی اور اب ان کی ملکیت مجموعی رقوم 8,539 بلين ڈالر بنتی ہيں۔ مختلف خطوں کے لحاظ سے سب سے زيادہ کمی چين کے ارب پتی افراد کی دولت ميں، پھر امريکی ارب پتيوں کی دولت ميں اور تيسرے نمبر پر ايشيا پيسيفک خطے ميں بسنے والے ارب پتی افراد کی مجموعی دولت ميں کمی نوٹ کی گئی۔