[pullquote]میانمار میں فوج کے ہاتھوں اب تک تقریباﹰ ڈیڑھ سو مظاہرین ہلاک[/pullquote]
میانمار میں یکم فروری کے روز ملکی فوج کی طرف سے بغاوت اور اقتدار پر قبضے کے بعد سے جمہوریت نواز مظاہرین کے خلاف کریک ڈاؤن میں اب تک کم از کم ایک سو انچاس افراد مارے جا چکے ہیں۔ یہ بات اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کی ترجمان نے آج منگل کے روز بتائی۔ ادھر نیو یارک میں عالمی ادارے کے سیکرٹری جنرل انٹونیو گوٹیرش نے میانمار میں فوجی حکمرانوں کی طرف سے عوام کے بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔ گوٹیرش نے کہا کہ پرامن مظاہرین کے خلاف فوجی طاقت کا استعمال ناقابل قبول ہے اور عالمی برادری کو میانمار میں جمہوریت کی بحالی کی کوششوں کی حمایت کرنا چاہیے۔ اقوام متحدہ نے مطالبہ کیا ہے کہ میانمار کی فوج شہری ہلاکتوں اور مظاہرین کی گرفتاریوں کا سلسلہ بند کرے۔
[pullquote]جرمن صدر کی برلن میں اسرائیلی ہم منصب سے ملاقات[/pullquote]
وفاقی جرمن صدر فرانک والٹر شٹائن مائر آج منگل کے روز برلن کے صدارتی محل میں اسرائیلی ہم منصب رووین ریولین سے ملاقات کر رہے ہیں۔ اس ملاقات میں دو طرفہ روابط کے علاوہ مشرق وسطیٰ کی تازہ صورت حال پر بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ شٹائن مائر کے دفتر کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان کے مطابق اس ملاقات میں کورونا وائرس کی عالمی وبا اور بین الاقوامی سطح پر ویکسینیشن کی موجودہ صورت حال پر بھی بات چیت کی جائے گی۔
[pullquote]برلن حکومت نے دو ہزار بیس کے ماحولیاتی اہداف حاصل کر لیے[/pullquote]
تحفظ ماحول کے وفاقی دفتر کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق جرمنی نے سال دو ہزار بیس کے لیے طے کردہ اپنے ماحولیاتی اہداف باآسانی حاصل کر لیے۔ ایسا زیادہ تر کورونا وائرس کی وبا کی وجہ سے ممکن ہو سکا۔ پچھلے سال جرمنی میں زہریلی سبز مکانی گیسوں کے اخراج کی شرح انیس سو نوے کے مقابلے میں چالیس اعشاریہ آٹھ فیصد کم رہی۔ دو ہزار انیس کے مقابلے میں اس شرح میں دو ہزار بیس میں آٹھ اعشاریہ سات فیصد کی کمی ہوئی۔
[pullquote]بھارت میں ایک دن میں کورونا وائرس کے تقریباﹰ پچیس ہزار نئے کیسز[/pullquote]
بھارتی وزارت صحت کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک میں کورونا وائرس انفیکشن کے تقریباﹰ پچیس ہزار نئے کیسز رجسٹر کیے گئے۔ یہ مسلسل چھٹا دن ہے کہ اس جنوبی ایشیائی ملک میں نئے کورونا کیسز کی روزانہ تعداد بیس ہزار سے زائد ہی رہی ہے۔ جن علاقوں میں یہ پھیلاؤ زیادہ تیز رفتار دیکھا گیا، وہاں پہلے سے عائد پابندیاں مزید سخت کر دی گئی ہیں۔ بھارت میں یہ وبا اب تک گیارہ اعشاریہ چار ملین سے زائد افراد کو متاثر کر چکی ہے۔ وہاں اب تک اس مرض کے ہاتھوں تقریباﹰ ایک لاکھ انسٹھ ہزار افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔
[pullquote]جرمنی میں نئی کورونا انفیکشنز کی شرح میں ایک ہفتے میں بیس فیصد اضافہ[/pullquote]
جرمنی میں کووڈ انیس کا باعث بننے والے نئے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کی شرح میں بہت زیادہ اضافہ ہوا ہے۔ وبائی امراض کی روک تھام کے جرمن ادارے روبرٹ کوخ انسٹیٹیوٹ کے متعدی بیماریوں کے سرکردہ ماہر ڈِرک برَوکمان نے منگل کے روز برلن میں کہا کہ گزشتہ ایک ہفتے کے دوران ملک میں نئی کورونا انفیکشنز کی شرح میں بیس فیصد اضافہ ہوا۔ انہوں نے جرمن نشریاتی ادارے اے آر ڈی کو بتایا کہ جرمنی اس وقت بلاشبہ کورونا وائرس کی وبا کی تیسری لہر کے دہانے پر ہے۔
[pullquote]آسٹریلیا کے سابق وزیر خزانہ تنظیم برائے اقتصادی تعاون و ترقی کے نئے سربراہ[/pullquote]
آسٹریلیا کے سابق وزیر خزانہ ماتھیاس کورمین کو تنظیم برائے اقتصادی تعاون اور ترقی (او ای سی ڈی) کا نیا سربراہ نامزد کر دیا گیا ہے۔ کورمین کا تحفظ ماحول کی کوششوں سے متعلق موقف کئی حلقوں کے لیے باعث اعتراض رہا ہے، اس کے باوجود انہیں او ای سی ڈی کا نیا سیکرٹری جنرل نامزد کر دیا گیا ہے۔ اس تنظیم کا صدر دفتر پیرس میں ہے اور کورمین پانچ سالہ مدت کے لیے اپنی نئی ذمے داریاں یکم جون کو سنبھالیں گے۔
[pullquote]دو ہزار انیس کے بعد ماؤنٹ ایورسٹ کو سر کرنے کی پہلی مہم[/pullquote]
نیپالی حکام کے مطابق بحرین کے رائل گارڈز سے تعلق رکھنے والی کوہ پیماؤں کی ایک ٹیم کھٹمنڈو پہنچ گئی ہے۔ یہ سولہ رکنی ٹیم اس سال موسم بہار کے سیزن کے دوران دنیا کی بلند ترین چوٹی سر کرنے کی کوشش کرے گی۔ دو ہزار انیس کے بعد یہ پہلا موقع ہو گا کہ کوہ پیماؤں کی کوئی ٹیم ماؤنٹ ایورسٹ کی چوٹی تک پہنچنے کی کوشش کرے گی۔ دو ہزار انیس کے بعد سے اب تک یہ سلسلہ کورونا وائرس کی عالمی وبا کی وجہ سے معطل کر دیا گیا تھا۔
[pullquote]حوثی باغیوں کے فائر کردہ دو بیلسٹک میزائل غیر آباد سعودی علاقے میں گرے[/pullquote]
یمن میں حوثی باغیوں کی طرف سے فائر کردہ دو بیلسٹک میزائل جنوبی سعودی عرب کے سرحدی علاقے میں ایک غیر آباد خطے میں گرے، جن سے کوئی نقصان نا ہوا۔ یہ بات سعودی عرب کی قیادت میں قائم عرب عسکری اتحاد کی طرف سے بتائی گئی۔ اس اتحاد کے جاری کردہ ایک بیان کا حوالہ دیتے ہوئے سعودی عرب کے اخباریہ ٹی وی نے بتایا کہ حوثی شیعہ باغیوں نے شمالی یمن سے سعودی علاقے میں یہ میزائل پیر کی شام فائر کیے۔
[pullquote]برازیل میں ملکی صدر نے وزیر صحت پھر بدل دیا[/pullquote]
برازیل میں کورونا وائرس کی وبا کے باعث پیدا شدہ بحرانی حالات میں صدر جیئر بولسونارو نے ملکی وزیر صحت پھر بدل دیا ہے۔ بولسونارو نے صدارتی محل میں اپنے حامیوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عبوری وزیر صحت ایڈوارڈو پازُوایلو اس عہدے پر فائز نہیں رہیں گے اور مارسیلو کِیروگا کو نیا وزیر صحت بنا دیا جائے گا۔ عبوری وزیر ایک سابق جنرل تھے اور انہیں صحت کے شعبے کا کوئی تجربہ نہیں تھا۔ نئے وزیر برازیل کی امراض قلب کی تنظیم کے صدر ہیں۔ دائیں بازو کے پاپولسٹ حکمران بولسونارو کے دور میں وزارت صحت میں کی جانے والی یہ چوتھی تبدیلی ہے۔
[pullquote]شامی خانہ جنگی کے دس سال، پانچ اہم ممالک کے وزرائے خارجہ کا مشترکہ بیان[/pullquote]
شام میں خونریز تنازعے کے آغاز کے دس سال پورے ہونے کے موقع پر پانچ اہم مغربی ممالک نے دمشق میں اسد حکومت کے ساتھ معمول کے تعلقات کی بحالی کو مسترد کر دیا۔ یہ بات امریکا، جرمنی، فرانس، برطانیہ اور اٹلی کے وزرائے خارجہ نے پیر کی رات جاری کردہ اپنے ایک مشترکہ بیان میں کہی۔ ان وزراء نے کہا کہ بشار الاسد کی حکومت انسانی حقوق کی شدید ترین خلاف ورزیوں اور خوفناک جرائم کی مرتکب ہوئی، جس کے ساتھ معمول کے روابط قائم نہیں کیے جا سکتے۔ ان ممالک نے شامی تنازعے کے اقوام متحدہ کی قرارداد کی روشنی میں پرامن حل کا مطالبہ بھی کیا۔
[pullquote]امریکا اور جنوبی کوریا کی فوجی مشقیں، شمالی کوریا کی تنبیہ[/pullquote]
امریکی وزیر خارجہ اینتھونی بلنکن اور وزیر دفاع لائڈ آسٹن کے دورہ جنوبی کوریا سے قبل کمیونسٹ شمالی کوریا نے ان دونوں ممالک کی مشترکہ فوجی مشقوں کی مذمت کرتے ہوئے امریکا کو تنبیہ کی ہے۔ شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ اُن کی بہت بااثر سمجھی جانے والی بہن کم یو جونگ نے واشنگٹن اور سیول کے مسلح دستوں کی مشترکہ مشقوں پر شدید تنقید کرتے ہوئے الزام لگایا کہ امریکا اشتعال انگیزی کا مرتکب ہو رہا ہے۔ امریکی جنوبی کوریائی مشقیں ابھی حال ہی میں معمول سے چھوٹے پیمانے پر کی گئی تھیں۔
[pullquote]عالمی ادارہ صحت اب بھی ایسٹرا زینیکا ویکسین کی افادیت کا قائل[/pullquote]
عالمی ادارہ صحت ابھی تک اس امر کا قائل ہے کہ کورونا وائرس کے خلاف ایسٹرا زینیکا ویکسین مؤثر ہے اور اس کی وجہ سے کوئی خطرات لاحق نہیں ہیں۔ ڈبلیو ایچ او کے اس موقف کے برعکس اب تک یورپی یونین کے رکن کئی ممالک اپنے ہاں اس ویکسین کا استعمال معطل کر چکے ہیں۔ ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کے سربراہ ٹیڈروس گیبرائسس نے جنیوا میں کہا کہ جن افراد کو یہ ویکسین لگائی گئی، ان میں سے انتہائی معمولی تعداد میں بلڈ کلوٹنگ کے واقعات کے سامنے آنے کا مطلب یہ نہیں کہ ایسا لازمی طور پر اس ویکسین ہی کی وجہ سے ہوا ہو۔ اس سلسلے میں یورپی میڈیسن ایجنسی جمعرات کو اپنے ایک خصوصی اجلاس میں تازہ ترین صورت حال کا جائزہ لے گی۔