پیر : 20 دسمبر 2021 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]کابل ایئرپورٹ کا انتظام سنبھالنے کا معاملہ، ترک اور قطری حکام کا دورہ کابل[/pullquote]

ترکی اور قطر کے حکام آج پیر کی شب دوحہ میں ملاقات کر رہے ہیں جس کے بعد وہ کابل جائیں گے جہاں وہ طالبان حکام کے ساتھ کابل ایئرپورٹ کا انتظام سنبھالنے کے معاملے پر بات چیت کریں گے۔ یہ بات ترک وزیر خارجہ مولود چاؤش اولو نے بتائی ہے۔ طالبان کی طرف سے افغانستان کا انتظام سنھبالنے کے بعد ترکی اس بات کا اظہار کر چکا ہے کہ وہ کابل ایئرپورٹ کا انتظام سنبھالنے کے لیے تیار ہے بشرطیکہ سکیورٹی کے حوالے سے اس کی شرائط پوری کی جائیں۔ کابل ایئرپورٹ دنیا کے ساتھ رابطے کا ایک اہم ذریعہ ہے جہاں کے معاملات مشکلات کا شکار ہیں۔

[pullquote]اسرائیل نے امریکا کو ’ریڈ لِسٹ‘ میں ڈال دیا[/pullquote]

اسرائیل نے آج پیر کے روز امریکا اور کینیڈا کو سفر کے لحاظ سے اپنی ’ریڈ لسٹ‘ یا سرخ فہرست میں شامل کر دیا ہے۔ اس فیصلے کی وجہ ان دونوں ممالک میں کورونا وائرس کے ویریئنٹ اومیکرون کا پھیلاؤ ہے۔ اسرائیلی صدر نیفتالی بینٹ کے دفتر سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق کابینہ کی طرف سے منظور کیے گئے اس فیصلے پر عملدرآمد کل منگل سے شروع ہو گا۔ اس فیصلے کے تحت اسرائیلی شہریوں کو خصوصی اجازت نامے کے بغیر امریکا یا کینیڈا کا سفر کرنے سے روک دیا گیا ہے۔

[pullquote]سعودی عرب کے ساتھ مزید بات چیت کا انحصار ریاض کی سنجیدگی پر ہے، ایران[/pullquote]

ایران کی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ سعودی عرب کے ساتھ مزید بات چیت کا انحصار اب ریاض حکومت کی سنجیدگی پر ہے۔ ایران اور سعودی عرب نے رواں برس متعدد مرتبہ براہ راست بات چیت کی ہے۔ ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان سعید خطیب زادہ نے ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایران ریاض حکومت کو سفارتی اور سیاسی طریقہ کار اختیار کرنے اور دیگر ممالک میں مداخلت نہ کرنے کے قاعدے پر عمل کرنے کی دعوت دیتا ہے، جو علاقے کے لیے آگے بڑھنے کا واحد راستہ ہے۔

[pullquote]جرمن ہائی وے پر امریکی فوجی قافلے سے ایک ٹرک ٹکرا گیا[/pullquote]

جرمن صوبہ باویریا کی ایک ہائی وے پر ایک ٹرک امریکی فوجی قافلے سے ٹکرا گیا ہے۔ جرمن پولیس کے مطابق اس واقعے میں متعدد افراد زخمی ہوئے ہیں۔ پولیس نے اس واقعے کو ایک حادثہ قرار دیا ہے۔ یہ واقعہ جرمنی کی اے تھری ہائی وے پر نوئے مارکٹ شہر کے قریب پیش آیا۔ امریکی فوجی گاڑیاں اس ہائی وے پر سفر کر رہی تھیں جب ایک ٹرک اس کے پیچھے سے آن ٹکرایا۔

[pullquote]چلی میں 35 سالہ گیبریل بورک صدر منتخب[/pullquote]

جنوبی امریکی ملک چلی میں سابق طالب علم رہنما گیبریل بورِچ کو محض 35 برس کی عمر میں صدر منتخب کر لیا گیا ہے۔ اتوار کو ہونے والے صدارتی انتخابات میں بورِچ نے ڈالے گئے کُل ووٹوں میں سے قریب 56 فیصد حاصل کیے۔ وہ بائیں بازو کے انتخابی اتحاد کی جانب سے امیدوار تھے۔ ان کے دائیں بازو سے تعلق رکھنے والے حریف خوسے انتونیو کاست نے قریب 44 فیصد ووٹ حاصل کیے۔ اپنے نتائج کے سبب ماہرین ان انتخابات کو چلی کے 1990ء میں جمہوریت کی طرف لوٹنے کے بعد سے اب تک کے اہم ترین انتخابات قرار دے رہے ہیں۔

[pullquote]فلپائن: رائے نامی طوفان کے سبب ہلاکتوں کی تعداد 200 سے بڑھ گئی[/pullquote]

فلپائن میں رائے نامی طوفان کے سبب ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد 200 سے تجاوز کر گئی ہے۔ حکام کے مطابق اس سال کے اس شدید ترین طوفان سے جو علاقے متاثر ہوئے وہاں تصدیق شدہ ہلاکتوں کی تعداد 208 ہو چکی ہے، جبکہ 52 افراد ابھی بھی لاپتہ ہیں۔ قریب پانچ لاکھ افراد اپنا گھر بار چھوڑ کر محفوظ مقامات پر پناہ لینے پر مجبور ہوئے۔ خیال رہے کہ سائنسدان کافی عرصے سے خبردار کر رہے ہیں کہ موسمیاتی تبدیلیوں کے سبب بحرالکاہل کے شمال مغربی حصے سے شروع ہونے والے طوفانوں یا ٹائیفون کی شدت مسلسل بڑھ رہی ہے۔

[pullquote]برطانیہ میں اومیکرون کے بڑھتے کیسز، جرمنی نے پابندی لگا دی[/pullquote]

جرمنی نے برطانیہ کو ان ممالک کی فہرست میں شامل کر دیا ہے جہاں کورونا وائرس کا ویریئنٹ اومیکرون تیزی سے پھیل رہا ہے۔ اس پیشرفت کے بعد ہوائی کمپنیاں برطانیہ سے محض انہی مسافروں کو جرمنی لا سکتی ہیں جو یا تو جرمن شہری ہیں یا پھر یہاں کے رہائشی۔ تاہم فلائٹس پر پابندی عائد نہیں کی گئی۔ ریل اور بحری جہاز کے ذریعے سفر پر بھی یہی قاعدہ لاگو ہو گا۔ وائرس ویریئنٹ علاقوں سے جرمنی آنے والے افراد کے لیے دو ہفتے قرنطینہ میں رہنا لازمی ہو گا، بھلے وہ ویکسین مکمل کروا چکے ہوں یا کووڈ سے صحت یاب ہو چکے ہوں۔

[pullquote]آسٹریا میں کورونا سے ہلاک ہونے والوں کی یاد میں ہزاروں افراد کی ریلی[/pullquote]

آسٹریا کے دارالحکومت ویانا میں قریب 30 ہزار لوگوں نے کووڈ انیس کے سبب مرنے والوں کی یاد میں ایک ریلی نکالی۔ یہ افراد موم بتیاں یا لیمپ اٹھائے ہوئے تھے یا پھر انہوں نے اپنے موبائل فون کی روشنیاں جلا رکھی تھیں۔ ’یس وی کیئر – دا سی آف لائٹس‘ کے عنوان سے ہونے والی یہ ریلی ٹریڈ یونینوں، میڈیکل ایسوسی ایشن اور مذہبی برادریوں کے تعاون سے ترتیب دی گئی تھی۔ آسٹریا میں کووڈ انیس کے سبب 13 ہزار سے زائد ہلاکتیں ہو چکی ہیں۔ اومیکرون ویریئنٹ سے بچنے کے لیے آسٹریا میں داخلے کے قواعد سخت کر دیے گئے ہیں۔

[pullquote]دو جاپانی خلائی سیاح زمین پر واپس پہنچ گئے[/pullquote]

دو جاپانی خلائی سیاح 10 دن سے زائد وقت بین الاقوامی خلائی اسٹیشن پر گزارنے کے بعد آج واپس زمین پر پہنچ گئے ہیں۔ جاپانی ارب پتی یوساکو مائیزاوا اور ان کے اسسٹنٹ یوزو ہیرانو روسی خلائی کیپسول میں قزاقستان میں شیڈول کے مطابق زمین پر پہنچے۔ ان کے ساتھ روسی خلاباز الیگزانڈر میسورکِن بھی تھے جو ان جاپانی خلائی سیاحوں کے ساتھ ہی خلا میں گئے تھے۔ روس نے گزشتہ 12 برس میں پہلی مرتبہ سیاحوں کو آٹھ دسمبر کو بین الاقوامی خلائی اسٹیشن بھیجا تھا۔

[pullquote]بشکریہ ڈی ڈبلیو اُردو[/pullquote]

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے