جاپان کے شمالی خطے میں شدید زلزلے کے بعد سونامی وارننگ جاری کی گئی ہے۔
جاپانی محکمہ موسمیات اور یو ایس جیولوجیکل سروے کے مطابق شمال مشرقی ساحلی علاقوں جیسے Hokkaido، Aomori اور دیگر میں 7.4 شدت کا زلزلہ ریکارڈ ہوا۔
اس زلزلے کے بعد محکمہ موسمیات کی جانب سے خطے میں 3 میٹر بلند سونامی کا انتباہ جاری کیا گیا۔
اس انتباہ کے مطابق شمال مشرقی جاپان کے مختلف حصوں کو ایک سے 3 میٹر بلند سونامی لہروں کا سامنا ہوسکتا ہے۔
اسی طرح آنے والے ہفتے میں زلزلوں کے شدید جھٹکوں کا امکان بھی ہے۔
یو ایس سونامی وارننگ سسٹم کے مطابق جاپان کے شمال مشرقی حصوں میں آنے والے زلزلے کی شدت 7.4 تھی، جس کے بعد سونامی کے خطرے کا انتباہ جاری کیا گیا۔
اس کے بعد جاپانی محکمہ موسمیات نے ایک بیان جاری کیا گیا جس کے مطابق زلزلے کی شدت 7.7 تھی مگر یہ واضح نہیں کہ دونوں اداروں کے نمبروں میں فرق کیوں ہے۔
فی الحال متاثرہ حصوں میں سمندری لہروں کی بلندی جاری کیے گئے انتباہ سے کافی کم ہے۔
جاپان کی Kuji نامی بندرگاہ میں 0.8 میٹر بلند سونامی لہریں ٹکرائیں، مگر پانی کی سطح میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔
اسی طرح Miyako بندرگاہ میں 0.4 بلند سونامی لہریں ٹکرائیں۔
جاپانی حکومت کی جانب سے 5 خطوں سے ایک لاکھ 71 ہزار سے زائد افراد کے انخلا کے احکامات بھی جاری کیے گئے ہیں۔
حکومتی بیان کے مطابق زلزلے کے بعد اب تک کسی قسم کے جانی یا مالی نقصان کی اطلاعات سامنے نہیں آئیں، البتہ کچھ حصوں میں بجلی کی فراہمی متاثر ہوئی ہے۔