جمعرات : 24 مارچ 2022 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]یوکرین دیکھ لے گا کہ اس کا دوست کون ہے، صدر زیلنسکی[/pullquote]

یوکرینی صدر وولودیمیر زیلنسکی نے آج جمعرات کے روز مغربی ممالک سے اپیل کی کہ وہ روسی فوجی حملے کا مقابلہ کرنے کے لیے سنجیدہ اقدامات کریں۔ انہوں نے یہ اپیل برسلز میں ہونے والی نیٹو کی ایک روزہ کانفرنس، جی سیون کی سربراہی ملاقات اور یورپی یونین کے سربراہی اجلاس کے موقع پر کہی، جس میں انہوں نے کییف سے آن لائن شرکت کی۔ نیٹو اجلاس میں سیکرٹری جنرل اسٹولٹن برگ نے کہا کہ مغربی اتحاد یوکرین میں اپنی فوج یا جنگی طیارے نہیں بھیجے گا۔ وفاقی جرمن چانسلر اولاف شولس کی دعوت پر دنیا کی سات بڑی صنعتی طاقتوں کے رہنما بھی آج ہی برسلز میں مذاکرات کر رہے ہیں۔ اُدھر یورپی یونین کی ایک سمٹ میں بھی یوکرین کے لیے ایک یکجہتی فنڈ کے بارے میں بات چیت ہوئی۔ ان تینوں سربراہی اجلاسوں میں امریکی صدر جو بائیڈن بھی شریک ہوئے۔

[pullquote]شمالی کوریا کا بین البراعظمی میزائل کا تجربہ[/pullquote]

شمالی کوریا نے جمعرات کے روز ایک بین البراعظمی بیلسٹک میزائل کا تجربہ کیا، جس کے بارے میں کہا جا رہا ہے کہ یہ غالباً سمندر میں کیا گیا اب تک سب سے بڑا تجریہ ہے۔ اس تجربے کو جنوبی کوریا نے غیر قانونی قرار دیا ہے۔ فائر کیے جانے کے بعد یہ بیلسٹک میزائل بحیرہ جاپان کے پانیوں میں گرا۔ جنوبی کوریا کے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف اور دفاعی امور کے وزیر کے مطابق اس میزائل کی رینج تقریباﹰ گیارہ ہزار کلومیٹر تھی اور یہ چھ ہزار دو سو کلومیٹر سے بھی زیادہ اونچائی سے ہوتا ہوا سمندر میں گرا۔ شمالی کوریا گزشتہ کچھ عرصے سے اپنے میزائل تجربات میں غیر معمولی اضافہ کر چکا ہے۔

[pullquote]روسی یوکرینی جنگ میں چار ہفتوں میں سات ہزار سے پندرہ ہزار تک روسی فوجی ہلاک، نیٹو[/pullquote]

یوکرین کی جنگ میں گزشتہ چار ہفتوں کے دوران سات ہزار سے پندرہ ہزار تک روسی فوجی مارے جا چکے ہیں۔ مغربی دفاعی اتحاد نیٹو کے اندازوں کے مطابق روس کو یوکرین کی جنگ میں صرف چار ہفتوں میں جتنا جانی نقصان برداشت کرنا پڑا، وہ غیر معمولی حد تک زیادہ ہے۔ نیٹو کے ایک اعلیٰ ملٹری عہدیدار کے مطابق ماسکو کو یوکرین میں 24 فروری سے اب تک سات ہزار سے لے کر 15 ہزار تک فوجی ہلاکتوں کا سامنا کرنا پڑ چکا ہے۔

[pullquote]چینی وزیر خارجہ کا افغانستان کا دورہ[/pullquote]

چینی وزیر خارجہ وانگ ژی آج جمعرات کو افعانستان کے ایک دورے پر کابل پہنچ گئے۔ افغان وزارت خارجہ کے ایک ترجمان کے مطابق ان کے دورے کا مقصد چین اور افغانستان کے مابین مشترکہ سیاسی اور معاشی مقاصد کے حصول کے لیے باہمی تعلقات میں بہتری لانا ہے۔ کابل کے ہوائی اڈے پر ژی کا استقبال ان کے افغان ہم منصب نے کیا۔ چین خطے میں اپنا اثر و رسوخ بڑھاتے ہوئے اپنے اہم صنعتی منصوبوں کو فروغ دینا چاہتا ہے۔ چین اور طالبان حکومت کے تعلقات اگرچہ اچھے ہیں تاہم دیگر ممالک کی طرح چین نے بھی اب تک طالبان حکومت کو تسلیم نہیں کیا۔ گزشتہ برس موسم گرما میں کابل کا کنٹرول حاصل کرنے اور طالبان کے دوبارہ اقتدار میں آ جانے کے بعد سے کسی اعلیٰ چینی حکومتی عہدیدار کا افغانستان کا یہ پہلا دورہ ہے۔

[pullquote]نیٹو کے سیکرٹری جنرل کے عہدے کی مدت میں ایک سال کی توسیع[/pullquote]

نیٹو کے سیکرٹری جنرل ژینس اسٹولٹن برگ نے مغربی دفاعی اتحاد کے سربراہ کی حیثیت سے اپنے عہدے کی مدت میں توسیع کا عندیہ دیا ہے۔ یوکرین کی جنگ کے تناظر میں وہ اب مزید ایک سال تک بطور نیٹو سیکرٹری جنرل اپنی ذمہ داریاں نبھاتے رہیں گے۔ یہ انکشاف ناروے کے ایک نشریاتی ادارے اور ایک روزنامے نے باخبر ذرائع کے حوالے سے کیا۔ اسٹولٹن برگ کے عہدے کی موجودہ مدت یکم اکتوبر کو ختم ہو رہی ہے۔ انہیں رواں سال کے اواخر تک ناروے کے مرکزی بینک کے گورنر کا عہدہ سنبھالنا ہے۔ ان کے عہدے کی مدت میں ممکنہ توسیع کا فیصلہ نیٹو کے رکن ممالک کے سربراہان ہی کر سکتے ہیں۔

[pullquote]لیبیا نئے تصادم کا سبب بننے واالے اقدامات سے باز رہے، ترکی کا انتباہ[/pullquote]

ترکی نے لیبیا پر زور دیا ہے کہ وہ ایسے ہر ممکنہ اقدام سے پرہیز کرے جو کسی نئے تنازعے کا سبب بن سکتا ہو۔ انقرہ نے لیبیا کے حکام سے کہا ہے کہ وہ اپنے ملک میں جمہوری عمل کی پیروی کریں۔ ترکی نے یہ بیان لیبیا میں ایگزیکٹیو پاور کنٹرول سے متعلق پائے جانے والے تنازعے کے پس منظر میں دیا ہے۔ لیبیا میں گزشتۃ برس دسمبر میں طے شدہ پروگرام کے مطابق الیکشن نہ کرائے جانے کے باعث سیاسی بحران میں اضافہ ہوا ہے۔ ان انتخابات کو ملک میں کئی برسوں سے پائی جانے والی سیاسی افراتفری اور عدم استحکام کو ختم کرنے کے لیے امن عمل کا کلیدی حصہ سمجھا جا رہا تھا۔

[pullquote]جرمن خلاباز ماتھیاس ماؤرر کا آئی ایس ایس کے باہر فیلڈ مشن کامیاب[/pullquote]

جرمن خلاباز ماتھیاس ماؤرر نے بین الاقوامی خلائی اسٹیشن آئی ایس ایس پر سات گھنٹے کا اپنا فیلڈ مشن کامیابی سے مکمل کر لیا۔ اپنے امریکی ساتھی راجہ چاری کے ساتھ مل کر انہوں نے اس خلائی اسٹیشن کی بیرونی سطح پر کولنگ سسٹم کی مرمت کی، کیمرہ تبدیل کیا اور ڈیٹا اور پاور لائنیں بچھانے کا کام بھی مکمل کر لیا۔ یورپی خلائی ایجنسی ای ایس اے کے مطابق اس فیلڈ مشن کے اختتام پر اس جرمن خلا باز کے ہیلمٹ میں کچھ پانی جمع ہو گیا تھا تاہم 51 سالہ ماؤرر کو اس دوران کسی خطرے کا سامنا نہیں تھا۔ ماؤرر گزشتہ برس نومبر میں بین الاقوامی خلائی اسٹیشن پہنچے تھے اور اگلے ماہ اپریل میں واپس زمین پر لوٹیں گے۔

[pullquote]جمیکا برطانوی بادشاہت سے علیحدگی کا خواہش مند[/pullquote]

جمیکا کے وزیر اعظم اینڈریو ہولنیس نے کہا ہے کہ ان کا ملک برطانوی بادشاہت سے الگ ہونا چاہتا ہے۔ یہ بات انہوں نے برطانوی شہزادہ ولیم اور ان کی اہلیہ ڈچس کیٹ کے جمیکا کے دورے کے موقع پر کہی۔ ہولنیس کا کہنا تھا کہ گزشتہ 60 برسوں میں جمیکا میں اتنی سیاسی پختگی آ چکی ہے کہ وہ اب مکمل سیاسی خود مختاری چاہتا ہے۔ بحیرہ کریبیین کی ریاست جمیکا اس سال اگست میں برطانیہ کی نوآبادیاتی حکمرانی سے اپنی آزادی کی 60 ویں سالگرہ منا رہی ہے۔ ابھی چند روز قبل ہی اسی خطے کی ایک اور سابقہ نوآبادی بارباڈوس نے برطانوی تاج سے مکمل علیحدگی کے بعد خود کو ایک جمہوریہ قرار دے دیا تھا۔

[pullquote]یوکرین میں صحت عامہ کے تحفظ کا نظام تباہ ہو چکا، عالمی ادارہ صحت[/pullquote]

عالمی ادارہ صحت ڈبلیو ایچ او نے کہا ہے کہ یوکرین میں صحت کی سہولیات فراہم کرنے والے مراکز پر بڑے پیمانے پر حملے کیے گئے ہیں۔ ڈبلیو ایچ او کے مطابق یوکرین پر روسی فوجی چڑھائی کے آغاز کے بعد سے اب تک ایسے 64 حملوں کی تصدیق ہو چکی ہے۔ کوپن ہیگن میں عالمی ادارہ صحت کی طرف سے کیے گئے ایک اعلان میں کہا گیا کہ ان حملوں میں 15 افراد ہلاک اور 37 زخمی ہو چکے ہیں۔ اس عالمی ادارے نے کہا کہ ایک ماہ سے جاری اس جنگ کے یوکرین میں صحت عامہ کے نظام پر تباہ کن اثرات مرتب ہوئے ہیں اور اب تقریباﹰ ہر دوسری علاج گاہ بند پڑی ہے۔ یوکرینی باشندوں کی طبی سہولیات تک رسائی بھی انتہائی محدود ہو چکی ہے۔

[pullquote]کییف میں تازہ راکٹ حملے میں ایک اور صحافی ہلاک[/pullquote]

یوکرینی دارالحکومت کییف سے ایک اور صحافی کی ہلاکت کی اطلاع ملی ہے۔ یہ صحافی ایک روسی خاتون اوکسانا باؤلینا تھیں، جو ایک آن لائن تحقیقاتی میگزین ’دی انسائیڈر‘ کے لیے کام کرتی تھی۔ وہ کییف کے ایک مضافاتی علاقے میں جنگی تباہی کے بارے میں رپورٹنگ کر رہی تھیں کہ ایک راکٹ حملے میں ہلاک ہو گئیں۔ باؤلینا اس سے قبل روسی صدر پوٹن کے جیل میں قید ناقد الیکسی ناوالنی کی قائم کردہ فاؤنڈیشن کے لیے کام کرتی تھیں۔ ایک ماہ سے جاری یوکرین کی جنگ میں اب تک مجموعی طور پر پانچ صحافی مارے جا چکے ہیں۔

[pullquote]یوکرین کی جنگ: برسلز میں تین بڑے بین الاقوامی سربراہی اجلاس[/pullquote]

آج جمعرات 24 مارچ کے روز برسلز میں تین بڑے بین الاقوامی سربراہی اجلاس ہو رہے ہیں۔ مغربی دفاعی اتحاد نیٹو، یورپی یونین اور جی سیون کے رکن ممالک کے سربراہان ان تین مختلف اجلاسوں میں یوکرین کے لیے امداد اور روس کے خلاف پابندیوں کے موضوع پر مذاکرات کر رہیں ہیں۔ یوکرینی صدر زیلنسکی ان اجلاسوں کی ابتدائی نشستوں اور مشاورتی ادوار میں کییف سے آن لائن شرکت کریں گے۔ وفاقی جرمن چانسلر اولاف شولس کی دعوت پر دنیا کی سات بڑی صنعتی طاقتوں کے رہنما آپس میں مل رہے ہیں۔ جی سیون گروپ کی سربراہی اس وقت جرمنی کے پاس ہے۔ یورپی یونین کی سمٹ میں یوکرین کے لیے ایک یکجہتی فنڈ کے بارے میں بات چیت کی جائے گی۔ ان تینوں سربراہی اجلاسوں میں امریکی صدر جو بائیڈن بھی شرکت کر رہے ہیں۔

[pullquote]بشکریہ ڈی ڈبلیو اُردو[/pullquote]

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے