معاون خصوصی وزیر اعلی خیبر پختونخوا برائے اقلیتی امور وزیر زادہ نے کہا ہے کہ جو لوگ یہ کہہ رہےہیں کہ کالاش قبیلےکی آبادی گھٹ رہی ہے اور ان کو معدومیت کا خطرہ ہے تو ان کو میں بتا دینا چاہتا ہوں کہ کالاش کی آبادی میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ جس کا ثبوت یہ ہے کہ قیام پاکستان کے وقت تینوں کالاش وادیوں میں کالاش لوگوں کی آبادی بارہ سو تھی۔ جبکہ اب یہ آبادی چار ہزار سے تجاوز کر چکی ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے کالاش ویلی رمبور میں اچاو ( اوچال ) فیسٹول کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئےکیا۔ اس موقع پر چیرمین کمیشن برائے اقلیتی امور ڈاکٹر شعیب سڈل ، سیکرٹری اوقاف خیبر پختونخوا محمود اسلم ، ڈپٹی کمشنرلوئر چترال انوار الحق ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس انور اکبر ، ایس پی انوسٹگیشن لوئر چترال خالد خان کے علاوہ صوبے سے آئے ہوئےسکھ، عیسائی، ہندو اور دیگر اقلیتوں کے نمائندگان، ملکی و غیر ملکی سیاح اور کالاش قبیلے کے مرد و خواتین کی بڑی تعداد موجود تھی۔
وزیر زادہ نے کہا کہ کالاش قبیلے کی بقا حکومت کی بھر پور توجہ اور مقامی مسلم کمیونٹی کی باہمی اخوت و بھائی چارہ کی مرہون منت ہے۔ دونوں کمیونٹیز صدیوں سے امن و آشتی کے ماحول میں زندگی گزار رہے ہیں۔ وزیر زادہ نے صوبائی سطح کے آفیسران کا اچال فیسٹول میں شرکت کرنے پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے صوبائی حکومت کی طرف سے کالاش اقلیتوں کیلئے کئے گئے منصوبوں ، مراعات اور خدمات کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ تقریبا ایک سو کالاش مردو خواتین قاضیوں کو اعزازیہ دیا جا رہا ہے۔
کالاش مذہبی مقامات کی توسیع و تعمیر اور کالاش قبرستانوں کیلئے زمین کی خریداری پر کروڑوں خرچ کئے جارہے ہیں۔ ا سی طرح طلبہ کو سکالر شپ دی جا رہی ہے۔
ایسا قیام پاکستان کے بعد کالاش سمیت دیگر اقلیتوں کو موجودہ صوبائی حکومت کی جانب سے پہلی مرتبہ ہو رہا ہے۔ جو کہ وزیر اعلی خیبر پختونخوا کی ذاتی دلچسپی اور محکمہ اوقاف کے آفیسران کے بھر پور تعاون سے ممکن ہوئے ہیں۔ اس موقع پر محکمہ اوقاف کی طرف سے مالی مدد کے طور پانچ سو افراد کو چار ہزار آٹھ سو روپے کے چیک دیےگئے۔
جبکہ تہوار منانے کیلئے کالاش قاضیوں کو نقد اعزازیے بھی دیے گئے اور فیسٹول کے اجتماعی اخراجات کیلئے بھی تین لاکھ روپے چیف قاضی کو دیے گئے ۔ فیسٹول کے افتتاح کے موقع پر مہمانوں کو چترالی ٹوپی اور کالاش مخصوص لباس چپان پہنائے گئے۔
تقریب میں شریک ایک یونانی رضاکار کو کالاش کمیونٹی کیلئے حکومت یونان کی طرف سے شاندار خدمات کے اعتراف میں شیلڈ دیا گیا۔ اچال فیسٹول بارش کے دوران بھی جاری رہا اور سیاح و مہمان لطف اندوز ہوتے رہے۔