کراچی: ڈیفنس فیز 6 میں فلیٹ میں مردہ پائی گئی اداکارہ حمیرا اصغر کی لاش 6 ماہ پرانی ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔
ڈی آئی جی ساؤتھ اسد رضا نے میڈیا سے گفتگو کے دوران بتایا کہ اداکارہ حمیرا اصغر کی لاش ممکنہ طور پر 6 ماہ پرانی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اداکارہ کا فلیٹ کے مالک سے آخری رابطہ بھی 2024 میں ہوا تھا جب کہ حمیرا اصغر کے گھر کی بجلی بھی کافی عرصے سے منقطع تھی۔
ڈی آئی جی ساوتھ نے مزید بتایا کہ فلیٹ سے ملےکھانے پینے کے سامان پرایکسپائری تاریخ 2024 کی ہے تاہم اس کیس میں مزید تحقیقات کیلئے پوسٹ مارٹم رپورٹ کا انتظار ہے جس میں ایک سے 2 روز لگ سکتے ہیں۔
اداکارہ حمیرا اصغر کی لاش کی ابتدائی پوسٹ مارٹم رپورٹ سامنے آگئی
کراچی: ڈیفنس کے فلیٹ سے ملنے والی اداکارہ حمیرا اصغر کی لاش کی ابتدائی پوسٹ مارٹم رپورٹ سامنے آگئی۔
پولیس سرجن ڈاکٹر سمیعہ کے مطابق لاش کا ابتدائی معائنہ کیا گیا ہے، لاش ڈی کمپوز کے ایڈوانس اسٹیج پر ہے۔
ڈاکٹر سمیعہ کے مطابق لاش اس قابل نہیں کہ اس سے وجہ موت بتائی جاسکے، وجہ موت جاننے کے لیے ڈی این اے اور کیمیکل ایگزیمنیشن کے سیمپل لیے ہیں۔
پولیس سرجن کے مطابق سیمپل کے ایگزیمنیشن کے بعد حقائق سامنے آئیں گے، ابتدائی طور پر وجہ موت کے حوالے سے کچھ کہنا قبل از وقت ہوگا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز کراچی کے علاقے ڈیفنس کے فلیٹ سے اداکارہ حمیرا اصغر کی کئی روز پرانی لاش برآمد ہوئی تھی۔
حمیرا اصغر کا تعلق لاہور سے تھا لیکن وہ کراچی شہر میں مقیم تھیں، پولیس نے بتایا کہ خاتون نے 2018 میں فلیٹ کرائے پر لیا تھا ، 2024 سے کرایہ نہ دینے پر مالک نے کیس کررکھا تھا، پولیس عدالتی حکم پر فلیٹ خالی کرانے پہنچی تو دروازہ لاک تھا، پولیس دروازہ توڑ کر داخل ہوئی تو خاتون کی لاش ملی۔
پڑوسی کے مطابق آج پولیس نے ان کے فلیٹ کا دروازہ توڑ کر لاش برآمد کی۔
حمیرا اصغر کے پڑوسی نے بتایا کہ اداکارہ کا بلڈنگ کے دیگر افراد سے زیادہ ملنا جلنا نہیں تھا، حمیرا اصغر کے پاس کوئی گاڑی بھی نہیں تھی۔
اداکارہ حمیرا اصغر کی آخری انسٹا پوسٹ
کراچی: ڈیفنس فیز 6 میں فلیٹ میں مردہ پائی گئی اداکارہ حمیرا اصغر کی آخری انسٹاگرام پوسٹ سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔
اداکارہ نے انسٹاگرام پر آخری پوسٹ 30 ستمبر 2024 کوکی تھی جس میں انہوں نے اپنی چند تصاویر شیئر کرتے ہوئے خوبصورت کیپشن ’ Classic can hardly ever go out of style! ‘ بھی درج کیا تھا۔
اداکارہ کی انسٹاگرام پروفائل کا جائزہ لیں تو پتا چلتا ہے کہ گزشتہ 9 ماہ سے حمیرا اصغر انسٹاگرام پر ایکٹو نہیں تھیں۔
تاہم اس سے قبل اداکارہ نے اکثرو بیشتر انسٹاگرام پوسٹس کیں، ان پوسٹس میں اداکارہ کی ماڈلنگ تصاویر سمیت ان کے ڈراموں کے کلپس سمیت متعدد تصاویر موجود ہیں۔
حمیرا اصغر نے گزشتہ برس ماؤں کے عالمی دن کے موقع پر اپنی والدہ اور ایک بچی کے ہمراہ بھی کئی تصاویر شیئر کی تھیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز حمیرا اصغر کی ڈیفنس فیز 6 میں اتحاد کمرشل میں واقع فلیٹ سے کئی روز پرانی لاش برآمد ہوئی تھی۔
پولیس حکام کے مطابق اداکارہ فلیٹ میں 7 سال سے رہائش پذیر تھیں اور گھر میں اکیلی رہتی تھیں،حمیرا اصغر کا بلڈنگ کے دیگر افراد سے زیادہ ملنا جلنا نہیں تھا، فلیٹ کے مالک نے کرائے کے لیے کیس کر رکھا تھا۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ اداکارہ حمیرا اصغر کاتعلق لاہور سے تھا، ان کے اہلخانہ سے رابطہ کی کوشش کی گئی لیکن والد کا کہنا تھا کہ ان کا حمیرا سے کوئی تعلق اور رابطہ نہیں تھا۔
اداکارہ حمیرا اصغر کا کچھ سال قبل دیا گیا انٹرویو وائرل، گھر والوں کے بارے میں کیا بتایا؟
کراچی: ڈیفنس فیز 6 میں فلیٹ میں مردہ پائی گئی اداکارہ حمیرا اصغر کا ماضی میں دیا گیا ایک انٹرویو وائرل ہوگیا۔
پاکستانی رئیلیٹی شو ‘تماشا گھر’ کے پہلے سیزن میں شرکت کرنے والی حمیرا نے اپنی زندگی میں انڈیپینڈنٹ اردو کو دسمبر 2022 میں ایک خصوصی انٹرویو دیا تھا جو اب سوشل میڈیا کی زینت بنا ہوا ہے۔
دوران انٹرویو مرحومہ نے اپنے گھر والوں سے متعلق تفصیلات شیئر کیں اور’میں ہمیشہ اپنے بڑوں کو اپنے ساتھ لے کر چلی ہوں، میرا میری امی ابو اور گھر والوں سے بہت اچھا تعلق ہے، اگر میں ان سے ملنے مہینوں گھر نہیں جاتی تو میری امی سے میرا رابطہ رہتا ہے‘۔
حمیرا نے بتایا تھا کہ ’میری امی کو سب پتا ہوتا ہے میں کون سا ڈرامہ کررہی ہوں، کس پروجیکٹ میں مصروف ہوں یا کہاں سفر کررہی ہوں، فیملی کی سپورٹ بہت ضروری ہوتی ہے، کیرئیر کی شروعات میں والدہ نے ٹوکا کہ ابو ناراض ہوں گے کہ گھر میں سب ڈاکٹرز ہیں تو تم کیوں آرٹ کی طرف جارہی ہو لیکن بعد میں جب انہوں نے دیکھا کہ بیٹی میں ٹیلنٹ ہے تو کچھ نہیں کہا‘۔
انہوں نے کہا کہ ’مجھے آغاز میں مسئلہ ہوا لیکن بعد میں سب چیزیں میری منشا کے مطابق ہی ہوئیں‘۔
واضح رہے کہ حمیرا اصغر کا تعلق لاہور سے تھا لیکن وہ کراچی شہر میں مقیم تھیں، پولیس نے ان کی لاش کو پوسٹ مارٹم کے بعد سردخانے منتقل کردیا ہے اور مرحومہ کے لواحقین سے رابطہ ہوگیا ہے۔
دیگر اہلخانہ آج کراچی لاش لینے پہنچیں گے
تفصیلات کے مطابق اداکارہ حمیرا اصغر کے گھر والے ان کی میت وصول کرنے آج لاہور سے کراچی پہنچیں گے۔