پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی گرفتاری کے خلاف 5 اگست کو ملک گیر احتجاج کے سلسلے میں جنوبی وزیرستان آپر کے علاقے کوٹکئی میں پی ٹی آئی کے ضلعی و علاقائی قائدین اور کارکنان نے احتجاجی مظاہرہ اور ریلی کا انعقاد کیا۔ مظاہرے کی قیادت پی ٹی آئی کے سینئر رہنما عارف زمان برکی نے کی، جس میں پی ٹی آئی جنوبی وزیرستان آپر کے ضلعی صدر آفسر خان محسود، رہنما ظہور محسود، چیئرمین حسیب اللہ، چیئرمین اعجاز محسود، آئی ایس ایف کے کارکنان، قبائلی مشران، علاقائی عمائدین اور نوجوانوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
مظاہرین نے عمران خان کی گرفتاری کو سیاسی انتقام قرار دیتے ہوئے سخت الفاظ میں مذمت کی اور ان کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا۔ ریلی کے شرکاء نے ہاتھوں میں پارٹی پرچم اور عمران خان کی تصاویر اٹھا رکھی تھیں جبکہ سب کا جگری سب کا یار، قیدی نمبر 804 اور نا وہ باغی نہ غدار، قیدی نمبر 804, جیسے پرجوش نعرے لگائے جاتے رہے۔
احتجاجی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے عارف زمان برکی نے کہا کہ عمران خان پاکستان کا سب سے مقبول، نڈر اور سچا لیڈر ہے، جسے سیاسی دشمنی کی بنیاد پر پچھلے 2 سال سے جیل میں رکھا گیا ہے۔ یہ ظلم کسی صورت قبول نہیں۔ ہم نہ پہلے جھکے تھے، نہ اب جھکیں گے۔ ہم عمران خان کے ساتھ تھے، ہیں، اور رہیں گے۔
پاکستان تحریک انصاف جنوبی وزیرستان آپر کے ضلعی صدر آفسر خان نے کہا کہ عمران خان نے ہمیشہ قبائلی عوام کے حقوق کے لیے آواز بلند کی۔ ڈرون حملوں کی مذمت کی، آپریشنز کی مخالفت کی، اور قبائلی اضلاع کی محرومیوں کو قومی سطح پر اجاگر کیا۔ آج ہم انہیں خدمات کے اعتراف میں ان کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔
سینئر رہنما ظہور محسود نے اپنے خطاب میں کہا کہ عمران خان ایک بہادر اور اصولوں پر قائم رہنے والا لیڈر ہے۔ 2 سال کی قید کے باوجود نہ اس نے پلیٹلیٹس کی شکایت کی، نہ کوئی ڈیل کی، بلکہ ہر روز پہلے سے زیادہ مضبوط موقف کے ساتھ کھڑا ہے۔ یہی وہ عزم ہے جس نے قوم کو ان سے جوڑ رکھا ہے۔
احتجاجی جلسے کے اختتام پر مظاہرین نے ایک بڑی پرامن ریلی نکالی، ریلی میں شریک مظاہرین نے عمران خان کے حق میں فلک شگاف نعرے لگائے اور مطالبہ کیا کہ فوری طور پر ان کی رہائی ممکن بنائی جائے۔