تحصیل سراروغہ کی فضاؤں میں حب الوطنی کے نعرے گونج اٹھے، قبائلی عوام، پاک فوج اور پولیس نے مل کر آزادی کا دن منایا.
جنوبی وزیرستان اپر کی تحصیل سراروغہ میں یومِ آزادی اور حالیہ معرکۂ حق کی کامیابی پر ایک یادگار اور منفرد تقریب منعقد کی گئی جس نے علاقہ بھر کی توجہ حاصل کرلی۔ یہ تقریب نہ صرف آزادی کی خوشی کا اظہار تھی، بلکہ اتحاد، یکجہتی اور قربانیوں کے اعتراف کا عملی مظاہرہ بھی تھا۔
تقریب میں قبائلی عمائدین، پاک فوج کے افسران، پولیس اہلکاروں اور مقامی نوجوانوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ پورا علاقہ سبز ہلالی پرچموں سے سجا ہوا تھا، جبکہ فضا پاکستان زندہ باد اور قبائل کا پاکستان سے رشتہ کیا؟ لا الہ الا اللہ جیسے فلک شگاف نعروں سے گونج رہی تھی۔
رات کے وقت منعقدہ تقریب کا ایک خاص پہلو شاندار آتش بازی کا مظاہرہ تھا، جس نے آسمان کو رنگ برنگی روشنیوں سے منور کر دیا۔ اس کے ساتھ ساتھ پشتون ثقافت کے دلکش رقص "اتنڑ” نے تقریب کو چار چاند لگا دیے۔ مقامی نوجوانوں نے ڈھول کی تھاپ پر جوش و خروش سے رقص پیش کیا، جو کہ اتحاد، بھائی چارے اور ثقافتی ورثے کی علامت تھا۔
تقریب میں قبائلی عمائدین نے کہا کہ قبائل نے ہر دور میں پاکستان کے لیے قربانیاں دی ہیں۔ چاہے وہ آزادی کی جدوجہد ہو یا امن کے قیام کا عمل، قبائل ہمیشہ ریاست کے شانہ بشانہ کھڑے رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ آج کا دن ہمیں یاد دلاتا ہے کہ ہم سب ایک ہیں، اور پاکستان کی سلامتی، استحکام اور ترقی کے لیے ہم ہر قربانی دینے کو تیار ہیں۔
مقامی لوگوں نے پاک فوج اور پولیس کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے اس پرامن تقریب کے انعقاد میں بھرپور کردار ادا کیا۔ سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کے باعث تقریب پُرامن ماحول میں اختتام پذیر ہوئی۔
تحصیل سراروغہ میں یومِ آزادی اور معرکۂ حق کی یہ تقریب اس بات کا عملی ثبوت تھی کہ قبائلی عوام نہ صرف پاکستان سے محبت کرتے ہیں بلکہ وہ ہر موقع پر اپنے وطن کے ساتھ کھڑے ہیں۔