زلفوں میں اُتری بہار کی خوشبو

موسمِ بہار اپنی پوری رعنائیوں کے ساتھ جب زمین پر اترتا ہے تو فضا میں ایک انوکھی تازگی اور خوشبو بکھر جاتی ہے۔ باغات، گلیاں اور گھر ہر طرف رنگوں کی ایک دلکش دنیا میں ڈھل جاتے ہیں۔ ایسا محسوس ہوتا ہے جیسے قدرت نے اپنے ہاتھوں سے ہر گوشے کو پھولوں کی چادر اوڑھا دی ہو۔ ہوا میں ہلکی سی خنکی کے ساتھ مہکتی خوشبوئیں انسان کے دل و دماغ کو مسحور کر دیتی ہیں اور ہر منظر ایک جیتے جاگتے خوبصورت خواب کی مانند دکھائی دیتا ہے۔

اسی موسم میں گلاب، چنبیلی، موتیا، نرگس، فرینجپینی اور ٹیولپ جیسے پھول اپنی پوری آب و تاب کے ساتھ کھل اٹھتے ہیں۔ گلاب کی لطیف مہک محبت اور نرمی کا احساس جگاتی ہے، چنبیلی کی خوشبو فضا میں ایک سحر سا بکھیر دیتی ہے، جبکہ موتیا اپنی تیز اور دل کو چھو لینے والی خوشبو سے ہر طرف رومانویت بھر دیتا ہے۔ نرگس کی معصومیت اور ٹیولپ کے دلکش رنگ آنکھوں کو خیرہ کر دیتے ہیں۔ یہ تمام پھول مل کر فضا کو ایسا دلکش بناتے ہیں کہ ہر سانس ایک خوشبو کا سفر محسوس ہوتی ہے۔

جب یہی پھول انسانی احساسات سے جڑتے ہیں تو ان کی خوبصورتی مزید بڑھ جاتی ہے، خاص طور پر خواتین کی زلفوں میں ان کی جھلک ایک الگ ہی منظر پیش کرتی ہے۔ اگر ان مہکتے تازہ پھولوں کو کسی خاتون کے بالوں میں سجا دیا جائے تو حسن جیسے اپنی معراج کو چھو لیتا ہے۔ نرم، گھنے اور سلیقے سے سنوارے گئے بال جب قدرتی پھولوں کی زینت اختیار کرتے ہیں۔

اسی طرح خواتین اپنے بالوں کو خوبصورت بنانے کے لیے مختلف انداز اپناتی ہیں۔ کبھی لمبی چوٹیاں، کبھی کھلے لہراتے بال، کبھی نفیس جوڑے اور کبھی جدید فیشن کے مطابق اسٹریٹ ہیئر اسٹائل۔ اس کے ساتھ ہلکے کرلز، بریڈ اسٹائل، ہاف بن اور سلیقے سے باندھے گئے پونی ٹیل بھی عام دیکھنے کو ملتے ہیں۔ بالوں کی یہ تراش خراش دوشیزاؤں کی شخصیت کو نکھارتی ہے اور اعتماد میں بھی اضافہ کرتی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ بالوں کی آرائش کو خواتین کی خوبصورتی کا ایک اہم حصہ سمجھا جاتا ہے۔

اگر اردگرد نظر دوڑائی جائے تو اِن دنوں قدرتی پھولوں سے بال سجانے کا رجحان ایک بار پھر مقبول ہو رہا ہے۔ تازہ پھولوں خصوصاً فرینجپینی (پلومیریا) گلاب یا چنبیلی کو بالوں میں سجانے سے یوں محسوس ہوتا ہے جیسے بہار خود زلفوں میں اتر آئی ہو۔ ان پھولوں کی اصل دل نشینی ان کی قدرتی نزاکت اور مہک میں ہوتی ہے جو کسی بھی بناوٹ کے بغیر حسن میں اضافہ کر دیتی ہے۔

اسی طرح ان پھولوں کے رنگ بھی بے حد دلکش ہوتے ہیں جیسے سرخ، گلابی، سفید، پیلا، نارنجی اور نیلا۔ بعض پھولوں کی پنکھڑیاں آہستہ آہستہ رنگ بدلتی محسوس ہوتی ہیں، بالکل اسی طرح جیسے قدرت نے انہیں نہایت نفاست سے تراشا ہو۔ ان کی تازگی، نرمی اور قدرتی چمک انہیں اور بھی دلکش بنا دیتی ہے یہی وجہ ہے کہ یہ عام لڑکیوں کی طرح فیشن کی دنیا میں بھی بے حد پسند کیے جاتے ہیں۔

اسی طرح مقامی مارکیٹیں ان قدرتی پھولوں سے بھری نظر آتی ہیں جہاں ہر طرف خوشبو اور رنگوں کی بہار چھائی ہوتی ہے۔ لوگ اپنی پسند کے تازہ پھول خرید کر گھروں کو سجاتے ہیں۔ یو یہ انداز ماضی کی ان حسین یادوں کو بھی تازہ کرتا ہے کہ جب لڑکے اپنے سر کے ٹوپی میں اور کان میں پھول رکھتے تھے، مائیں اپنی بیٹیوں کی چوٹیوں میں تازہ پھول سجا دیا کرتی تھیں۔ وہ پھولوں سے محبت، سادگی اور معصومیت آج بھی دلوں میں زندہ ہے اور یہی روایت ایک بار پھر زندہ ہو رہی ہے۔ یہ رجحان فیشن میں ایک نرم، قدرتی اور رومانوی واپسی کی علامت بھی ہے جو نئی نسل میں تیزی سے مقبول ہو رہا ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے