امریکا کی ریاست ٹیکساس میں امریکی فوج کا اے ایچ-64 اپاچی ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہو گیا جس کے نتیجے میں 2 فوجی اہلکار ہلاک ہو گئے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق فورٹ ہُڈ فوجی اڈے کی جانب سے جاری کیے گئے بیان میں کہا گیا ہے کہ ہیلی کاپٹر کو سیلاڈو کے علاقے میں حادثہ پیش آیا۔
پولیس کو مقامی وقت کے مطابق تقریباً 1 بج کر 33 منٹ پر سیلاڈو گاؤں کے جنوب میں واقع کھیتوں میں ہیلی کاپٹر کے ملبے کی موجودگی کی اطلاع ملی۔
جائے وقوع پر پہنچنے والے اہلکاروں نے ملبے میں آگ بھی لگی ہوئی دیکھی۔
حادثے میں دونوں فوجی اہلکاروں کی ہلاکت کی تصدیق کر دی گئی ہے۔
حکام نے حادثے کے وقت ہیلی کاپٹر کی سرگرمی یا حادثے کی وجوہات کے بارے میں مزید تفصیلات نہیں بتائی ہیں۔