پشاور:(محمد نعمان خان ) وزیر اطلاعات و تعلقات عامہ خیبرپختونخوا شفیع جان نے کہا ہے کہ ٹیکنالوجی اور ڈیجیٹل ترقی کے میدان میں خیبرپختونخوا عالمی سطح پر پاکستان کی شناخت بنا رہا ہے۔ خیبرپختونخوا انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ (KPITB) کو ڈیجیٹل شعبے میں بہترین کارکردگی اور جدت کے اعتراف میں عالمی ASOCIO ڈیجیٹل گورنمنٹ ایوارڈ 2026 کے لیے منتخب کر لیا گیا ہے۔
اپنے بیان میں شفیع جان نے کہا کہ خیبرپختونخوا آئی ٹی بورڈ کا انتخاب صوبے میں ڈیجیٹل گورننس اور عوامی خدمات کی ڈیجیٹلائزیشن کے لیے کیے جانے والے اقدامات کا اعتراف ہے۔ ایشیا و اوشیانا کی معروف ٹیکنالوجی تنظیم ASOCIO کی جانب سے KPITB کی کارکردگی کا اعتراف حکومت اور عوام کے لیے قابلِ فخر لمحہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا حکومت جدید ٹیکنالوجی کو عوامی خدمات میں بہتری، سرکاری خدمات کو آسان بنانے اور حکومتی نظام کو مزید مؤثر بنانے کے لیے استعمال کر رہی ہے۔ بانی چیئرمین عمران خان کے وژن کے مطابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے ڈیجیٹل خیبرپختونخوا پر توجہ مرکوز کی ہے، جہاں شہریوں کو جدید، تیز اور آسان ڈیجیٹل سہولیات کی فراہمی جاری ہے۔
صوبائی وزیر اطلاعات نے کہا کہ وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کی قیادت میں خیبرپختونخوا کو جدید ٹیکنالوجی کا مرکز بنانا موجودہ صوبائی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ حکومت عوام کو شفاف اور مؤثر خدمات کی فراہمی کے لیے ڈیجیٹل اصلاحات کے ایجنڈے پر بھرپور عمل پیرا ہے۔
شفیع جان کے مطابق ڈیجیٹل گورننس اور ٹیکنالوجی کے فروغ سے صوبے میں عوامی خدمات کی فراہمی مزید آسان اور مؤثر بنائی جا رہی ہے، جبکہ خیبرپختونخوا حکومت صوبے کو ڈیجیٹل ترقی کے میدان میں مزید آگے لے جانے اور عالمی سطح پر اپنی شناخت مزید مستحکم کرنے کے لیے اقدامات جاری رکھے گی۔
انہوں نے بتایا کہ خیبرپختونخوا انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کو ASOCIO ڈیجیٹل گورنمنٹ ایوارڈ 2026 انڈونیشیا میں دیا جائے گا۔ ایوارڈ سے متعلق سمٹ 5 سے 7 اکتوبر 2026 تک انڈونیشیا کے شہر جکارتہ میں منعقد ہوگی۔