عرفان صدیقی صاحب سے وابستہ یادیں

کہنہ مشق استاد، ممتاز کالم نگار، ادیب، شاعر، دانش ور اور سیاست دان محترم عرفان صدیقی صاحب سے تعلقِ خاطر کے سبب متعدد احباب نے تقاضا کیا کہ میں اُن سے وابستہ یادیں احاطۂ تحریر میں لاؤں۔ سو آج اسی اصرار کی تکمیل کا اظہاریہ یہ تحریر ہے۔

عرفان صدیقی صاحب سے پہلی شناسائی تو زمانہء طالب علمی میں ہی ہوئی۔ ایک روز ہمارے سکول (ایف جی ٹیکنیکل ہائی سکول لالکڑتی، راولپنڈی) کے پرنسپل افضل طاہر صاحب (جو موجودہ پرنسپل بھی ہیں) نے ہم نصابی سرگرمیوں میں حصہ لینے والے طلبا اور ان کے اساتذہ کو اپنے دفتر میں مدعو کیا۔ میری وابستگی اردو تقریر سے تھی سو میں اپنے عزیز استاد سر امجد عزیز کے ہمراہ اُس نشست کا حصہ تھا۔ دورانِ گفتگو پرنسپل صاحب نے عرفان صدیقی صاحب کا تذکرہ کیا جو ان دنوں وزیراعظم نواز شریف کے مشیر برائے قومی امور تھے۔

بعد ازاں انھیں مشیر برائے قومی ورثہ و ثقافت ڈویژن تعینات کر دیا گیا۔ نیز یہ بھی معلوم ہوا کہ وہ سرسید کالج میں اردو کے استاد بھی رہے۔ اُسی روز شام کی چائے پر والدِ گرامی سے عرفان صاحب کا تذکرہ کیا۔ (بھلا وقت تھا کہ اولاد کے پاس والدین سے گفتگو کا وقت تھا ورنہ اب جدید ذرائع ابلاغ کی گہما گہمی میں والدین یہ ارمان لیے محوِ انتظار ہیں)۔ والد صاحب نے ذکر فرمایا کہ عرفان صاحب اکثر تمہارے تایا ابو کی بیکری (الفیصل بیکری ٹاہلی موہری، راولپنڈی) سے ناشتے کے لیے رس اور ڈبل روٹی وغیرہ لینے آیا کرتے تھے۔ بعد ازاں وہ یہاں سے اسلام آباد منتقل ہو گئے۔ یوں عرفان صاحب سے اولین تعارف ہوا۔ گاہے بگاہے انھیں ٹیلیویژن پر دیکھنے اور سننے کا موقع بھی ملا۔ گھر میں ایک اردو اخبار "جنگ” اور ایک انگریزی اخبار "ڈان” باقاعدگی سے آیا کرتے تھے۔ جنھیں پڑھنا روزمرہ معمول کا حصہ تھا۔

روزنامہ جنگ میں عرفان صدیقی صاحب کا کالم "نقشِ خیال” کے عنوان سے شائع ہوتا جسے میں دلچسپی سے پڑھا کرتا تھا۔ دلکش اسلوب اور عمدہ استدلال اُن کے کالم کے اجزائے ترکیبی تھے۔ اُس وقت سے لے کر آج تک نقشِ خیال کا نقش میرے فکر و خیال پر نقش ہے۔

پہلی ملاقات عرفان صاحب سے یونیورسٹی کے زمانے میں ہوئی۔ انھی دنوں انھیں نام نہاد کرایہ داری کے جھوٹے مقدمے میں گرفتار کر لیا گیا تھا۔ سماج کے تمام طبقات نے اس گرفتاری کی بھرپور مذمت کی۔ یاد پڑتا ہے کہ یہ سرسری ملاقات کسی تقریب میں ہوئی تھی۔

البتہ پہلی تفصیلی نشست اُن سے اُن کے گھر واقع جی ٹین تھری اسلام آباد میں ہوئی۔ ایک دن سرِ شام واٹس ایپ پر پیغام موصول ہوا کہ کل صبح چاۓ میرے ساتھ پیئیں اور ساتھ میرے پسندیدہ رس بھی لائیں۔

حسبِ حکم اگلے روز میں حاضر ہو گیا۔ یہی نومبر کا مہینہ تھا اور حسنِ اتفاق یومِ اقبال تھا۔ سو ممکن نہیں تھا کہ علامہ کا تذکرہ نہ ہو۔ انھیں علامہ سے بے پناہ عقیدت تھی۔

پسندیدہ رس کے پیکٹ کو دیکھتے ہی ایک خوش گوار مسکراہٹ ان کے چہرے پر پھیل گئی۔ مگر پھر اچانک اُن کی آنکھوں میں نمی سی تیر گئی۔ میرے استفسار پر فرمانے لگے کہ اس بیکری کے رس میری والدہ مرحومہ کو بہت پسند تھے۔ یہ عجب کرب انگیز اتفاق تھا کہ اس ملاقات سے کچھ عرصہ پیشتر ہی میری والدہ بھی رحلت فرما گئی تھیں۔ سو جو قلبی کیفیت ہوئی اُس کے بیان سے تو میرا شکستہ قلم عاجز ہے۔ بہرطور طویل نشست میں پہروں باتیں ہوئیں۔ مختلف موضوعات زیرِ بحث آۓ۔

ایک غزل خود سنائی، ایک کا تقاضا مجھ سے کیا۔ (بعد ازاں ہر ملاقات میں وہ خود بھی کوئی تازہ غزل یا نظم سناتے اور مجھ سے بھی فرمائش کر کے سنا کرتے۔) رخصت طلب ہونے لگا تو فرمانے لگے کہ "ایک تصویر بنا لو، یادگار رہے گی”۔ یقیناً وہ ملاقات تادمِ تحریر پردۂ یاداشت پر نقش ہے۔

اس کے بعد تو رابطے اور ملاقاتوں کے سلسلے کا آغاز ہو گیا۔ اُن سے فون پر بھی کئی بار بات ہوئی۔ تازہ غزل کہتے تو واٹس ایپ پر خوب صورت خوش نویسی سے مزین ارسال فرماتے۔ کبھی کبھار مجھ سے بھی تقاضا کرتے کہ "کچھ تازہ کہا ہے تو بھیجیے۔” محسوس کرتے تو اصلاح بھی عنایت فرماتے اور مفید مشورہ بھی۔ دادِ پذیرائی بھی فراخ دلی سے دیتے۔ ایک روز اُن کے دفتر میں ملاقات ہوئی تو میں نے سوال کیا کہ آپ کی زندگی تین خانوں میں تقسیم کی جا سکتی ہے: تدریس، صحافت اور سیاست۔ ان تینوں میں درجہ بندی کیسے کریں گے؟

برجستہ جواب دیتے ہوئے کہنے لگے”جیسے ان درجوں کی ترتیب ہے یعنی تدریس سب سے پہلے پھر صحافت آخر میں سیاست اور سیاست بس سیاست ہے۔” میں نے عرض کیا گویا یہ سیاہ ست ہے!!! اس پر وہ بے ساختہ کھلکھلا اٹھے اور محفل زعفران زار بن گئی۔

مرحوم کمال کے خوش نویس تھے۔ اپنی متعدد کتابیں انھوں نے اپنے دستِ شفقت سے عنایت فرمائیں۔ ایک ملاقات میں اپنی ایک کتاب سامنے رکھی۔ اُس پر لکھنے کے لیے قلم تلاش کرنے لگے۔ دریں اثناء میں نے فوراً آگے بڑھ کر ایک نیلی روشنائی سے لکھنے والا پین پیش کیا۔ اُس کی لکھائی انھیں بھا گئی سو اسی لمحے کوٹ کی جیب سے تلاش کر کے ایک پین نکال کر میرے ہاتھوں میں تھماتے ہوئے فرمانے لگے "یہ پین ہم تبدیل کر لیتے ہیں اور آج کالم بھی میں اسی سے لکھوں گا۔ میرا پین آپ رکھ لیں نشانی کے طور پر”۔

حال ہی میں جب ادبی اداروں پر پیغمبری وقت آن پڑا تو انہوں نے اس گردابِ بلا کو ٹالنے میں کلیدی کردار ادا کیا۔ آج اُن کی وفات کے ایک برس بعد اُن سے وابستہ بکھری یادوں کو یکجا کرنے بیٹھا ہوں تو گویا یادوں کا دریچہ وا ہو گیا۔ تبسم آمیز جملوں اور بذلہ سنجیوں کا دبستان کھل گیا ہے۔ بہت سی باتیں ہیں جنھیں لکھا جانا چاہیے مگر خوفِ طوالت آڑے آ رہا ہے۔ قاری کی ممکنہ بیزاری کا تصور نگاہوں کے سامنے آتا ہے تو قلم چیخ اُٹھتا ہے اور لفظ خاموشی کی ردا اوڑھ لیتے ہیں۔ شام قطرہ قطرہ بام پر اتر رہی ہے۔

اس وقت گھڑی پر چار بج رہے ہیں لہذٰا مجھے بھی چاروں ناچار یہ تذکرہ یہیں ادھورا چھوڑنا پڑ رہا ہے۔ عجب کشمکش ہے کہ جس سے طبعیت دوچار ہے لیکن کیا کیجے کہ اس کے سوا کوئی چارہ بھی نہیں۔ پھر یہی ہنگامِ سحر و شام ہے اور ہم۔ مگر ایسی رفاقتیں کتابِ زیست کا اثاثہ ہوتی ہیں جنھیں فراموش نہیں کیا جاسکتا۔ ان شاء اللّٰه سانسوں میں روانی برقرار رہی تو کسی خاکے میں مرحوم سے وابستہ مزید یادوں کا قدرے مفصل تذکرہ کروں گا۔

آج کی یہ تحریر تو فقط اُن سے گزشتہ چند برسوں کے تعلقِ خاطر کی یاد آوری ہے۔ خلوص اور احترام پر مبنی تعلق کا بھرم رکھنا بھی تو بہرطور لازم ٹھہرتا ہے۔ اختتام پر اُن کے شعری مجموعے "گریز پا موسموں کی خوشبو” میں موجود ایک غزل کا شعر ملاحظہ فرما لیجیے جو میرے خیال سے میرے لکھے لفظوں کی بہترین ترجمانی ہے:

وہ پہلی سی محبت قصۂ ماضی سہی جاناں
مگر اتنا کہ برسوں کے تعلق کا بھرم رکھنا

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے