کچھ خطے اپنی خوبصورتی کی وجہ سے پہچانے جاتے ہیں، کچھ اپنی تاریخ اور تہذیب کے باعث دنیا میں اپنا مقام بناتے ہیں، لیکن کچھ علاقے ایسے بھی ہوتے ہیں جن کی اصل خوبصورتی وہاں کے لوگوں کے دلوں میں ہوتی ہے۔ ضلع لیہ کی تحصیل چوبارہ کا صحرائے تھل بھی ایک ایسی ہی سرزمین ہے، جہاں دور دور تک پھیلے ریت کے ٹیلے، صحرائی ہوائیں، سادہ طرزِ زندگی، خالص محبتیں اور مہمان نوازی کی پرانی روایات اس کی پہچان ہیں۔یہاں ریت کے سینے میں محبت، خلوص، ثقافت اور روایات کے ایسے پھول کھلتے ہیں جو اس علاقے کو منفرد بناتے ہیں۔ جب تھل کی سرزمین پر کوئی میلہ سجتا ہے تو یوں محسوس ہوتا ہے جیسے صحرا نے رنگوں کی چادر اوڑھ لی ہو۔
پانچ سے آٹھ نومبر 2026ء کو چوبارہ کے علاقے رکھ خیرے والا میں ”گیارھویں تھل ڈیزرٹ جیپ ریلی اور لیہ تھل میلہ“ سجایا گیا۔ چار روز تک صحرائے تھل میں رونقیں رہیں، گاڑیوں کے انجن گونجتے رہے، ریت کے ٹیلوں پر رفتار کے مقابلے ہوتے رہے، کہیں موسیقی کی محفلیں سجیں، کہیں روایتی کھیلوں کے میدان آباد ہوئے اور کہیں مقامی ثقافت کے رنگ بکھرتے رہے۔ملک بھر سے ریسرز، سیاحوں، مہمانوں اور شائقین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ یہ محض ایک جیپ ریلی نہیں تھی بلکہ تھل کے لوگوں کو اپنی ثقافت، اپنی مہمان نوازی اور اپنی صلاحیتوں کا تعارف پوری دنیا سے کروانے کا ایک بہترین موقع بھی تھا۔
ریلی کا سب سے بڑا مقابلہ ایک مرتبہ پھر ملک کے نامور ریسر میر نادر مگسی کے نام رہا، جنہوں نے اپنی مہارت، تجربے اور غیر معمولی ڈرائیونگ صلاحیتوں کا مظاہرہ کرتے ہوئے تقریباً 200 کلومیٹر کا مشکل صحرائی ٹریک 2 گھنٹے 11 منٹ اور 53 سیکنڈ میں مکمل کرکے پریپیئرڈ اے کیٹیگری میں پہلی پوزیشن حاصل کی۔ علی مگسی نے دوسری جبکہ حسین آصف نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ایونٹ کی ایک خوبصورت بات خواتین ریسرز کی شرکت بھی تھی۔ خواتین کی پریپیئرڈ کیٹیگری میں دینا پٹیل نے پہلی پوزیشن حاصل کی جبکہ لالین اخونزادہ دوسرے نمبر پر رہیں۔ اسٹاک کیٹیگری میں بھی عائلہ ملک سمیت خواتین ریسرز نے شرکت کی۔
تھل جیپ ریلی کی اصل خوبصورتی صرف تیز رفتار گاڑیاں نہیں بلکہ اس کے ساتھ منعقد ہونے والی ثقافتی سرگرمیاں بھی ہیں۔ میلے کے دوران روایتی جھومر، اونٹوں کا رقص، موسیقی کی محفلیں، کھیلوں کے مقابلے اور دیگر سرگرمیاں توجہ کا مرکز بنیں۔یہاں آنے والوں نے دیکھا کہ تھل کے لوگ اپنی روایات سے کس قدر محبت کرتے ہیں۔ ان کے رہن سہن میں سادگی، گفتگو میں مٹھاس، رویوں میں خلوص اور مہمانوں کے استقبال میں بے مثال محبت نظر آتی ہے۔تھل کے باسیوں کے پاس شاید بڑے شہروں جیسی عمارتیں اور جدید سہولیات نہ ہوں، لیکن ان کے پاس محبت کا وہ سرمایہ ضرور ہے جو کسی بھی معاشرے کی اصل دولت ہوتا ہے۔ یہ لوگ اپنی مٹی، اپنی زبان، اپنے لباس، اپنی موسیقی اور اپنے رسم و رواج کے امین ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف اور پنجاب حکومت بھی خراجِ تحسین کی مستحق ہیں۔ صوبے کے مختلف علاقوں میں سیاحت، ثقافت، کھیلوں اور تفریحی سرگرمیوں کو فروغ دینے کا وژن اسی وقت حقیقی معنوں میں کامیاب ہوگا جب ترقی کے ثمرات لاہور اور بڑے شہروں سے نکل کر جنوبی پنجاب کے دور افتادہ علاقوں تک پہنچیں گے۔ پنجاب حکومت اور ٹورازم ڈویلپمنٹ کارپوریشن پنجاب کی معاونت سے منعقد ہونے والا یہ ایونٹ جنوبی پنجاب کی سیاحتی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کا اہم ذریعہ بن رہا ہے۔اس شاندار پروگرام کے انعقاد میں ڈپٹی کمشنر لیہ آصف علی ڈوگر کی کارکردگی کو سراہنا ضروری ہے۔ انہوں نے ایونٹ سے قبل انتظامات کا جائزہ لیا اور ٹریک، پنڈال، پارکنگ، صفائی، سکیورٹی اور شائقین کی سہولتوں کے لیے انتظامی سرگرمیوں کی نگرانی کی۔اتنے بڑے ایونٹ کو صحرا کے دور افتادہ علاقے میں منعقد کرنا آسان نہیں ہوتا۔ مجموعی طور پر ضلعی انتظامیہ لیہ اس پر مبارکباد کی مستحق ہے۔
اسی طرح چوک اعظم کی سیاسی و سماجی شخصیات رندھاوا برادران، بالخصوص لالہ طاہر رندھاوا اور بشارت رندھاوا کی محنت، دلچسپی اور اس خطے میں ایسے بڑے ثقافتی ایونٹس کے لیے کردار بھی قابلِ تحسین ہے۔ مقامی شخصیات جب اپنی سیاسی وابستگیوں سے بالاتر ہوکر علاقے کی شناخت اور ترقی کے لیے کردار ادا کرتی ہیں تو اس کے مثبت نتائج نکلتے ہیں۔ان شخصیات کی کاوشوں کو سراہنا اس لیے بھی ضروری ہے کہ کسی علاقے کی ترقی صرف سرکاری وسائل سے ممکن نہیں ہوتی۔ اس کے لیے مقامی قیادت، سیاسی شخصیات، تاجر برادری، نوجوانوں اور سول سوسائٹی کو بھی اپنا کردار ادا کرنا پڑتا ہے۔
ایسے میلے مقامی معیشت کے لیے بھی نئے دروازے کھولتے ہیں۔ ملک بھرسے جب ہزاروں افراد کسی علاقے میں آتے ہیں تو ہوٹلنگ، ٹرانسپورٹ، کھانے پینے، مقامی مصنوعات، دستکاری، مویشیوں اور دیگر کاروباری سرگرمیوں کو فروغ ملتا ہے۔ مقامی دکانداروں، چھوٹے تاجروں، ہنرمندوں، خواتین اور نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع پیدا ہوتے ہیں اوراس کے معاشی فوائد بڑھ سکتے ہیں۔اسی طرح چوبارہ، چوک اعظم اور لیہ کے دیگر علاقوں میں سیاحتی سہولتوں، سڑکوں، رہائش، خوراک اور رہنمائی کے نظام کو بہتر بنایا جائے تو تھل ملکی سیاحت کے نقشے پر ایک نمایاں مقام حاصل کرسکتا ہے۔
اس بار انتظامات مجموعی طور پر اچھے تھے لیکن کچھ واقعات نے کئی اہم سوال بھی اٹھائے ہیں۔ معروف لوک گلوکار ذیشان روکھڑی کے پروگرام کے دوران بدنظمی کا واقعہ افسوس ناک تھے۔ فنکاروں اور شائقین کے درمیان مناسب فاصلے، اسٹیج کی سکیورٹی، داخلی و خارجی راستوں اور ہجوم کو کنٹرول کرنے اور آئندہ ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے ٹھوس اقدامات کرنا ہوں گے۔ عوام کو بھی یہ سمجھنا چاہیے کہ اپنے علاقے کی عزت اور نیک نامی ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ کسی پروگرام میں بدنظمی پیدا کرنا، دوسروں کے لیے مشکلات پیدا کرنا یا انتظامی ہدایات کی خلاف ورزی کرنا کسی طور مناسب نہیں،ہمیں اپنے طرزِ عمل سے اپنے علاقے کی پہچان بہتر بنانی ہے، بدنامی کا باعث نہیں بننا۔
ایک اہم مسئلہ ریتلے ٹریک کی حفاظت کا بھی ہے۔ تقریباً 200 کلومیٹر لمبے صحرائی ٹریک پر تیز رفتار گاڑیوں کی دوڑ ایک حساس اور خطرناک کھیل ہے۔ معمولی سی بے احتیاطی بھی کسی بڑے حادثے کا سبب بن سکتی ہے۔اخباری رپورٹس کے مطابق اسٹاک کیٹیگری کے مقابلوں میں تین گاڑیاں حادثات کا شکار ہوئیں، ایک گاڑی میں آگ لگی جبکہ دو گاڑیاں الٹ گئیں۔ خواتین ریسرز عنبرین فراز اور ان کی بیٹی بھی معمولی زخمی ہوئیں۔ سابق چمپئن فیصل شادی خیل کی گاڑی بھی ایک نجی گاڑی ٹریک پر آنے سے ٹکرا کر الٹ گئی۔یہ اعدادوشمار آئندہ کے لیے انتباہ ہیں۔
سب سے پہلے تو یہ یقینی بنایا جائے کہ پورے ٹریک کے اطراف حفاظتی حصار،بیریئرز، وارننگ سائن بورڈز اور ضروری مقامات پر حفاظتی عملہ تعینات ہو۔ ریسکیو 1122، فائر بریگیڈ، ایمبولینس اور طبی ٹیموں کی موجودگی صرف کاغذوں میں نہیں بلکہ عملی طور پر ہر اہم مقام پر یقینی بنائی جائے۔اس مرتبہ ریسکیو ٹیموں کی بروقت رسائی کے حوالے سے بھی سوالات سامنے آئے اور چار اہلکاروں کی معطلی کی خبریں بھی شائع ہوئیں۔ اس لیے ضروری ہے کہ آئندہ صرف کارروائی اور معطلی پر انحصار نہ کیا جائے بلکہ ایسا نظام بنایا جائے جس میں کسی حادثے کی صورت میں امدادی ٹیمیں چند منٹوں میں جائے وقوعہ پر پہنچ سکیں۔
ایک اور انتہائی اہم مسئلہ تماشائیوں کی جانب سے ٹریک پر غیر ذمہ دارانہ انداز میں داخل ہونا بھی ہے۔ دیکھا گیا کہ بعض گاڑیوں اور موٹرسائیکلوں والے ریسنگ ٹریک کے قریب یا اس کے اندر پہنچ جاتے ہیں۔ یہ طرزِ عمل انتہائی خطرناک ہے جو کسی بڑے سانحے کا سبب بن سکتا ہے۔خصوصاً ٹک ٹاک ویڈیوز اور سوشل میڈیا کے لیے سنسنی خیز مناظر بنانے کے شوقینوں کو اپنی اور دوسروں کی زندگیوں کو خطرے میں نہیں ڈالنا چاہیے۔ ریس کے دوران ٹریک پر عام شہریوں، غیر متعلقہ گاڑیوں اور موٹرسائیکلوں کا داخلہ مکمل طور پر بندہونا چاہیے۔
صرف مجاز افراد، متعلقہ عملے اور حفاظتی اجازت نامے رکھنے والوں کو ہی مخصوص مقامات تک رسائی دی جائے۔ تماشائیوں کو بھی واضح ہدایات دی جائیں کہ وہ مقررہ محفوظ فاصلے پر رہیں، حفاظتی حدود عبور نہ کریں اور کسی صورت ریسنگ گاڑیوں کے راستے میں نہ آئیں۔ امید ہے کہ اگلی بار” بارھویں تھل جیپ ریلی“ اس سے بھی زیادہ خوبصورت، منظم اور محفوظ ہوگی۔ انتظامیہ کو اپنے تجربات سے سبق سیکھتے ہوئے پہلے سے بہتر حفاظتی منصوبہ بندی کرنا ہوگی تاکہ کسی ملازم کو معطل کرنے، کسی افسر کو سزا دینے یا کسی افسوس ناک واقعے کے بعد وضاحتیں پیش کرنے کی نوبت ہی نہ آئے۔
آئیے! اس صحرا کو دنیا کے سامنے اس کی اصل خوبصورتی کے ساتھ پیش کریں۔ دنیا کو بتائیں کہ تھل کے لوگ مہمان نواز ہیں، اپنی روایات کے محافظ ہیں، اپنی دھرتی سے محبت کرتے ہیں اور ترقی کے سفر میں کسی سے پیچھے نہیں رہنا چاہتے۔کیونکہ تھل صرف ایک صحرا نہیں، یہ محبتوں، روایات اور امیدوں کی سرزمین ہے۔