جمعہ : 13 اپریل 2018 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]شام پر حملے کا فیصلہ اتحادی ممالک کی مشاورت سے ہو گا، وائٹ ہاؤس[/pullquote]

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے شام کے خلاف ممکنہ فوجی حملے کے حوالے سے کسی بھی حتمی فیصلے کو فی الحال ملتوی کر دیا ہے۔ اس سے قبل ٹرمپ نے ایک ٹوئٹر پیغام میں کہا تھا کہ یہ حملہ ’بہت جلد یا کچھ عرصے بعد’ کیا جا سکتا ہے۔ وائٹ ہاؤس کی جانب سے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ شام کے خلاف عسکری آپریشن کا فیصلہ اتحادی ممالک کی مشاورت سے کیا جائے گا۔ صدر ٹرمپ نے اپنی ایک ٹوئیٹ میں شام میں امریکی میزائل حملوں کے لیے روس کو تیار رہنے کا کہا تھا۔

[pullquote]روسی جاسوس پر کیمائی حملہ، روس کا تفتیشی نتائج تسلیم کرنے سے انکار[/pullquote]

روس نے دوہرے سابق ایجنٹ سیرگئی اسکرپل اور اُن کی بیٹی پر ہوئے حملے کے حوالے سے کیمیائی ہتھیاروں کے نگران عالمی ادارے کے تفتیشی نتائج کو ماننے سے انکار کر دیا ہے۔ کیمیائی ہتھیاروں پر پابندی کی عالمی نگران تنظیم او پی سی ڈبلیو نے اپنے نتائج میں کہا تھا کہ دونوں متاثرہ افراد کے خون کے نمونے اسی زہریلے مواد کی تصدیق کرتے ہیں جو برطانوی حکومت کی تفتیش کے بعد سامنے آیا تھا۔ او پی سی ڈبلیو کی رپورٹ کے رد عمل میں روسی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ وہ ان نتائج کو اس وقت تک تسلیم نہیں کرے گی جب تک اُسے خون کے نمونوں تک رسائی نہیں دی جاتی۔

[pullquote]افغان صوبے ہرات میں طالبان کا حملہ، دس پولیس اہلکار ہلاک[/pullquote]

افغان صوبہ ہرات میں طالبان کے ایک حملے میں دس پولیس اہلکار ہلاک جبکہ چار دیگر زخمی ہو گئے ہیں۔ یہ حملہ گزشتہ رات ضلع شیندند میں ہوا جو کئی گھنٹوں تک جاری رہا۔ شیندند کے گورنر شکراللہ شاکر نے بتایا ہے کہ حملے کے مقام پر بھیجے گئے پولیس اہلکاروں کی ایک ویگن کو سڑک کنارے نصب ایک بارودی سرنگ اور راکٹ حملے کا نشانہ بنایا گیا۔ اس دھماکے میں پولیس پارٹی کا سربراہ بھی ہلاک ہوا۔ شاکر کے مطابق حملے میں طالبان بھی مارے گئے تاہم اُن کی تعداد کا تعین نہیں کیا جا سکا۔ اس حملے کی ذمہ داری ابھی تک کسی عسکریت پسند گروہ نے قبول نہیں کی ہے۔

[pullquote]صومالیہ: اسپورٹس اسٹیڈیم میں بم دھماکہ، پانچ افراد ہلاک[/pullquote]

صومالیہ میں ایک فٹ بال میچ کے دوران ہوئے بم دھماکے میں پانچ افراد ہلاک ہو گئے۔ یہ دھماکہ بندرگاہی قصبے باراوے کے ایک اسپورٹس اسٹیڈیم میں ہوا۔ حکام کے مطابق اس دھماکے میں درجنوں افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔مقامی پولیس افسر محمد عدن نے حملے میں القاعدہ سے منسلک شدت پسند گروپ الشباب کے ملوث ہونے کا شبہ ظاہر کیا ہے۔ صومالیہ میں کھیلوں کے کسی اسٹیڈیم میں بم دھماکا ہونے کا یہ پہلا واقعہ ہے۔

[pullquote]ترکی، گولن سے روابط کا شبہ، ستر فوجی افسران کی گرفتاری کا حکم[/pullquote]

ترک دفتر استغاثہ نے امریکا میں مقیم ترک مبلغ فتح اللہ گولن سے مبینہ روابط کے الزام میں ستّر حاضر سروس آرمی افسران کی گرفتاری کے احکامات جاری کر دیے ہیں۔ ترک حکومت گولن پر سن 2016 میں ہوئی ناکام فوجی بغاوت کا الزام عائد کرتی ہے۔ ترک اخبار ملت کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ترک پولیس نے بیک وقت چونتیس صوبوں میں کارروائی شروع کی۔ اطلاعات کے مطابق یہ کارروائی پہلے گرفتار کیے گئے فوجیوں کے بیانات کی روشنی میں کی گئی ہے۔

[pullquote]برطانیہ کو شام میں کیمیائی حملوں کی تفتیش اقوام متحدہ کی زیر نگرانی کرانے پر زور دینا چاہیے، اپوزیشن رہنما[/pullquote]

برطانیہ میں اپوزیشن لیبر پارٹی کے رہنما جیرمی کوربن نے کہا ہے کہ شام میں مشتبہ کیمیائی حملوں کی تحقیق کے لیے برطانیہ کو امریکا کی جانب سے ہدایات کا انتظار کرنے کے بجائے اقوام متحدہ کی قیادت میں آزادانہ تحقیقات پر زور دینا چاہیے۔ خیال رہے کہ برطانوی وزیر اعظم ٹریزا مے نے شام میں کیمیائی ہتھیاروں کے مزید استعمال پر پابندی کے لیے فرانس اور امریکا کے ساتھ مل کر ایک غیر معین کارروائی کرنے کی غرض سے جمعرات کے روز اپنے سینیئر وزرا کی حمایت حاصل کی تھی۔

[pullquote]غزہ: فلسطینی باشندوں کا احتجاج تیسرے جمعے بھی جاری[/pullquote]

اسرائیل اور فلسطینی علاقے غزہ کی سرحد کے قریب ہزاروں فلسطینی باشندے آج مسلسل تیسرے جمعے کو بھی احتجاجی مظاہرے کر رہے ہیں۔ اس سے قبل ایسے ہی پرتشدد مظاہروں میں اسرائیلی فوج نے تینتیس فلسطینیوں کو ہلاک کیا تھا جبکہ زخمی ہونے والوں کی تعداد سینکڑوں میں ہے۔ ان مظاہروں کے منتظمین نے جمعہ تیرہ اپریل کو اسرائیلی پرچموں کو نذر آتش کرنے اور فلسطینی جھنڈوں کو لہرانے کا اعلان کیا ہے۔ غزہ کے ہزاروں مظاہرین فلسطینی مہاجرین اور اُن کے بچوں کے اپنے وطن لوٹنے کے حق میں احتجاج کر رہے ہیں۔ خیال رہے کہ حماس نے تیس مارچ سے غزہ اسرائیل سرحد پر پرامن مظاہرے کرنے کا اعلان کر رکھا ہے۔

[pullquote]غزہ میں اسرائیلی سرحد کے قریب فلسطینیوں کا احتجاج، 350 سے زائد زخمی[/pullquote]

فلسطینی وزارت صحت کے مطابق غزہ پٹی کے ساتھ اسرائیلی سرحد کے قریب جمعہ تیرہ اپریل کو ہونے والے احتجاج میں کم از کم 363 افراد زخمی ہو گئے۔ ایک بیان کے مطابق یہ مظاہرین اسرائیلی فوج کی طرف سے فائرنگ اور آنسو گیس کے استعمال کی وجہ سے زخمی ہوئے۔ یہ فلسطینی مظاہرین مسلسل تیسرے جمعے کے دن نماز کی ادائیگی کے بعد اسرائیل کی قبضے کی پالیسی کے خلاف احتجاج کر رہے تھے۔ اس احتجاجی سلسلے میں تیس مارچ سے اب تک 34 فلسطینی ہلاک اور سینکڑوں زخمی ہو چکے ہیں۔ انسانی حقوق کی کئی تنظیموں نے اسرائیلی فوج کے ان اقدامات کو ضوابط کی صریحاً خلاف ورزی قرار دیا ہے۔

[pullquote]جرمنی میں تین شامی نوجوان دہشت گردی کے شبے میں گرفتار[/pullquote]

جرمنی کے ریاستی دفتر استغاثہ کے مطابق پولیس نے تین شامی مہاجرین کو حراست میں لے لیا ہے۔ ان کو وفاقی جرمن ریاست زارلینڈ کے فرانسیسی سرحد کے قریب واقع شہر زار لُوئی سے گرفتار کیا گیا۔ ان کی عمریں اکیس، تئیس اور ستائیس برس بتائی گئی ہیں۔ حکام کے مطابق ان شامی شہریوں کو ایک دہشت گرد تنظیم کی رکنیت کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے۔ یہ گرفتاریاں ایسی چھان بین کے بعد عمل میں آئیں، جو گزشتہ برس اکتوبر میں شروع کی گئی تھی۔ گرفتار شدگان میں سے تئیس سالہ مبینہ ملزم شامی خانہ جنگی کے لیے عسکریت پسندوں کی بھرتی کا سلسلہ بھی جاری رکھے ہوئے تھا۔ باقی دونوں مشتبہ ملزم شام میں داعش کے رکن بتائے گئے ہیں۔

[pullquote]کانگو میں تعمیر نو کے لیے جنیوا میں ڈونرز کانفرنس[/pullquote]

مسلح تنازعات کے شکار ملک جمہوریہ کانگو کی امداد کے لیے ڈونرز کانفرنس آج جنیوا میں ہو رہی ہے۔ اس کانفرنس میں کانگو کی بحالی کے لیے ایک اعشاریہ سات بلین ڈالر کے عطیات جمع کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر امداد فراہم نہ کی گئی تو کانگو کا حالیہ بحران انسانی سانحے میں بدل سکتا ہے۔ یہ کانفرنس ایسے وقت میں ہو رہی ہے جب کانگو میں نسلی فسادات، سیاسی عدم استحکام اور بد عنوانی عروج پر ہے۔ اقوام متحدہ کے اندازوں کے مطابق کانگو میں قریب تیرہ اعشاریہ ایک ملین افراد کو امداد کی شدید ضرورت ہے۔ ان میں سے سات اعشاریہ سات ملین شہری وہ ہیں جنہیں خوراک کی سخت قلت کا سامنا ہے۔

[pullquote]شام کے معاملے میں امریکی روسی جھڑپ کا امکان نہیں، حزب اللہ[/pullquote]

شامی صدر بشار الاسد کی اتحادی لبنان کی عسکری تنظیم حزب اللہ کے نائب سربراہ شیخ نعیم قاسم نے کہا ہے کہ شامی معاملے میں روس اور امریکا کے درمیان کسی جھڑپ یا مکمل جنگ کا کوئی امکان نہیں ہے۔ شیخ قاسم کا یہ بیان لبنان کے اخبار الجمہوریہ میں شائع ہوا۔ انہوں نے مزید کہا کہ مکمل جنگ کی صورت حال تبھی پیدا ہو سکتی ہے جب امریکی صدر اور اسرائیلی وزیراعظم اپنے ہوش کھو بیٹھیں۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک مبینہ کیمیائی حملے کے تناظر میں شامی صدر بشار الاسد کے خلاف حال ہی میں طاقت کے ممکنہ استعمال کا اعلان کر دیا تھا۔

[pullquote]عرب لیگ کا سربراہی اجلاس، ایجنڈے میں قطر کا تنازعہ شامل نہیں[/pullquote]

سعودی وزیر خارجہ عادل الجُبیر نے کہا ہے کہ عرب لیگ کے سربراہی اجلاس کے ایجنڈے میں قطر کے تنازعے کو شامل نہیں کیا گیا ہے۔ سعودی وزیر خارجہ نے یہ بات عرب لیگ کی سمٹ سے دو روز قبل ریاض میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہی۔ بائیس عرب ریاستوں کے اس سربراہی اجلاس کی میزبانی سعودی عرب کر رہا ہے۔ الجُبیر کا کہنا تھا کہ قطر کا تنازعہ خلیجی کونسل حل کرے گی۔ یاد رہے کہ سعودی عرب اور اس کے اتحادی ممالک نے قطر پر دہشت گردی کی حمایت کا الزام عائد کرتے ہوئے اس سے سفارتی تعلقات منقطع کر دیے تھے۔ تاہم قطر ان الزامات کی تردید کرتا ہے۔

[pullquote]امریکا: مائیک پومپیو کی بطور وزیر خارجہ نامزدگی کی توثیق کا عمل جاری[/pullquote]

امریکی سینیٹ میں صدر ٹرمپ کی طرف سے سی آئی اے کے سبکدوش ہونے والے ڈائریکٹر مائیک پومپیو کی بطور وزیر خارجہ نامزدگی کی توثیق کا عمل جاری ہے۔ پومپیو کو مختلف بین الاقوامی امور پر سینیٹ کے اراکین کے سوالات کا سامنا ہے۔ اس جرح کے دوران امریکی خفیہ ادارے سی آئی اے کے سبکدوش ہونے والے ڈائریکٹر نے اس تاثر کو زائل کرنے کی کوشش کی ہے کہ وہ جنگ کے حامی ہیں اور مسلم مخالف احساسات رکھتے ہیں۔ پومپیو کا کہنا ہے کہ وہ امریکا کے اتحادیوں کے تعاون سے طے شدہ ایران ڈیل کو مضبوط بنانے کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔

[pullquote]امریکی و روسی صدور سے شام کے تنازعے کے حل کے لیے بات کی ہے، ایردوان[/pullquote]

ترک صدر رجب طیب ایردوان نے کہا ہے کہ انہوں نے شام کے پر امن حل کے لیے ممکنہ اقدامات کے حوالے سے اپنے امریکی اور روسی ہم منصبوں سے فون پر بات چیت کی ہے۔ تیرہ اپریل کو نمازِ جمعہ کے بعد صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے صدر ایردوان کا کہنا تھا کہ انہوں نے امریکی صدر ٹرمپ اور روسی صدر ولادیمیر پوٹن دونوں کو آگاہ کیا ہے کہ خطے میں بڑھتا ہوا تناؤ درست نہیں۔ ترک صدر نے مزید کہا کہ وہ امریکا اور روس کے ساتھ شام کے مسئلے پر بات چیت جاری رکھیں گے۔

[pullquote]ہزاروں جنگجوؤں کا شامی قصبے دوما سے انخلاء[/pullquote]

شام کے حالات و واقعات پر نگاہ رکھنے والے مبصر گروپ سیرین آبزرویٹری نے کہا ہے کہ ہزاروں کی تعداد میں جنگجو اپنے خاندانوں سمیت شامی قصبے دوما سے نکل گئے ہیں۔ آبزرویٹری کے مطابق شدت پسند گروپ جیش الاسلام کے ہزاروں کارکنوں اور عام شہریوں کو شمالی شام کی جانب روانہ کر دیا گیا ہے۔ یہ علاقے اس وقت بھی باغیوں کے زیر قبضہ ہے۔ یہ انخلا دمشق حکومت کے اتحادی روس کی ثالثی میں باغیوں کے ساتھ کیے گئے ایک معاہدے کا حصہ ہیں تاکہ مشرقی غوطہ پر شامی حکومت کا کنٹرول واپس قائم کیا جا سکے۔

[pullquote]روس میں ٹیلگرام میسنجر پر پابندی کا عدالتی حکم جاری[/pullquote]

روسی نیوز ایجنسی تاس کے مطابق ایک ملکی عدالت نے ٹیلگرام میسنجر سروس کو بلاک کرنے کا حکم جاری کیا ہے۔ روس میں ریاستی مواصلات کے نگران ادارے نے گزشتہ ہفتے کہا تھا کہ اُس نے ٹیلیگرام کی پیغام رسانی کی ایپلیکیشن تک رسائی محدود کرنے کے لیے عدالت میں درخواست دائر کی ہے۔ یہ درخواست روسی سرکاری خفیہ اداروں کو ٹیلیگرام کمپنی کی جانب سے اپنے صارفین کے خفیہ پیغامات تک رسائی دینے سے انکار کے بعد دائر کی گئی تھی۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے