پاکستان میں کورونا سے چوتھی ہلاکت کی تصدیق، مجموعی کیسز 714 ہو گئے

خیبرپختونخوا کے مشیر اطلاعات اجمل وزیر نے صوبے میں کورونا وائرس میں مبتلا ایک اور مریض کی ہلاکت کی تصدیق کر دی ہے جس کے بعد ملک بھر میں کورونا سے ہلاکتوں کی تعداد 4 ہو گئی ہے جبکہ ملک بھر میں متاثرہ مریضوں کی تعداد 714 تک جاپہنچی ہے۔

ہفتے کی رات 12 بجے تک ملک میں کورونا وائرس کے مجموعی کیسز کی تعداد 630 تھی جو کہ اب تک714 تک پہنچ گئی ہے۔

سندھ میں آج کورونا کےمزید 41، پنجاب میں 27 اور گلگت بلتستان میں 16 نئے کیس سامنے آئے ہیں۔

ہفتے کو اسلام آباد میں زیر علاج ایک مریض صحتیاب بھی ہوا جس کے بعد اس وائرس سے صحتیاب ہونے والوں کی مجموعی تعداد 5 ہوگئی ہے۔ اس سے قبل کراچی میں 2، حیدرآباد میں ایک اور اسلام آباد میں ایک مریض صحتیاب ہوچکا ہیں۔

ملک میں اب تک 4 افراد کی ہلاکت کی تصدیق ہوئی ہے جن میں سے 3 کا انتقال خیبرپختونخوا اور ایک کا سندھ میں ہوا۔

[pullquote]سندھ[/pullquote]

سندھ میں کورونا وائرس کے مزید 41 کیسز سامنے آئے ہیں جس کے بعد صوبے میں کل کیسز کی تعداد 333 تک پہنچ چکی ہے۔

ترجمان سندھ حکومت کے مطابق کراچی میں مزید 18 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے جس کے بعد شہر میں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد 122 ہوگئی ہے جب کہ ایک مریض کا تعلق حیدرآباد سے ہے ۔

ترجمان کے مطابق تفتان سے آنے والے زائرین کے لیے سکھر میں بنائے گئے قرنطینہ مرکز میں کورونا وائرس کے مزید 23 کیسز آئے ہیں جس کے بعد سکھر میں کل متاثرہ افراد کی تعداد 210 تک جاپہنچی ہے۔

ترجمان کے مطابق سندھ میں 3 مریض صحت یاب ہوئے ہیں، جن میں سے 2 کا تعلق کراچی اور ایک کا حیدرآباد سے ہے جب کہ ایک مریض کا انتقال ہوچکا ہے۔

[pullquote]پنجاب[/pullquote]

پنجاب میں کورونا وائرس کے مصدقہ کیسز کی تعداد بڑھ رہی ہے اور وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کے مطابق صوبے میں مریضوں کی مجموعی تعداد 163 ہو گئی ہے۔

وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے سوشل میڈیا پر اپنے ٹوئٹ میں بتایا کہ پنجاب میں کورونا وائرس کے تصدیق شدہ 163کیسز میں سے 131 ڈیرہ غازی خان قرنطینہ مرکز، لاہور میں 21، گجرانوالہ میں 4، جہلم اور گجرات میں 2، 2 اور راولپنڈی میں ایک کیس ہے۔

[pullquote]بلوچستان[/pullquote]

وزیراعظم عمران خان کے مشیر برائے صحت ظفر مرزا کے مطابق بلوچستان میں اب تک 104 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔

چیف سیکرٹری بلوچستان کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کے پھیلاؤ کوروکنے کے لیے میل جول پرپابندی ہے، یہ وائرس میل جول سے پھیلتا ہے لہٰذا عوام سے اپیل ہے کہ وہ گھروں میں محدود رہیں۔

[pullquote]خیبرپختونخوا[/pullquote]

خیبرپختونخوا میں کورونا کے 4 نئے کیسز کی تصدیق ہونے کے بعد صوبے میں مجموعی تعداد 31 ہو گئی ہے۔

خیبرپختونخوا کے مشیر اطلاعات اجمل وزیر نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ اب تک خیبر پختونخوا میں کورونا وائرس سے 3 افراد کا انتقال ہوا ہے۔

مشیر اطلاعات کہا کہ وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ میں کنٹرول روم قائم کر دیا گیا ہے جس کی نگرانی وزیراعلیٰ محمود خان خود کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کل صبح نو بجے سے سات روز کیلئے صوبے میں بین الاضلاع ٹرانسپورٹ پر پابندی ہوگی۔

انہوں نےکہا کہ صوبے میں شادی ہالز، اتوار بازار اور مویشی منڈیاں بند رہیں گی جب کہ 5 اپریل تک ریسٹورنٹس پر بیٹھ کر کھانا کھانے پر بھی پابندی ہو گی۔

[pullquote]گلگت[/pullquote]

گلگت بلتستان کورونا وائرس کے مزید 16 کیسز سامنے آئے ہیں جس کے بعد کل کیسز کی تعداد 71 ہوگئی ہے۔

وزیراعلیٰ گلگت بلتستان کے مشیر اطلاعات شمس میر کا کہنا ہے کہ گلگت بلتستان میں کورونا کےمریضوں کی تعداد 55 سے بڑھ کر 71 ہوگئی ہے۔

[pullquote]اسلام آباد[/pullquote]

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 11 ہے جب کہ یہاں ایک مریض صحت یاب بھی ہوچکا ہے۔

[pullquote]آزاد کشمیر[/pullquote]

آزاد کشمیر میں کورونا وائرس کا اب تک ایک ہی کیس رپورٹ ہوا ہےجب کہ ریاست میں حکومت نے شہریوں سے احتیاط کرنے کی اپیل کی ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے