علم و تحقیق کے عالمی منظر نامہ میں سرگودھایونیورسٹی کا ابھرتا تشخص

کھول آنکھ،زمیں دیکھ،فلک دیکھ،فضا دیکھ
مشرق سے ابھرتے ہوئے سورج کو زرادیکھ
علم و تحقیق ہی ایسی طاقت ہے کہ جس کے ذریعے انسان فلاح کا راستہ پاتے ہوئے معاشرے کو ترقی کی راہ پر گامزن کر سکتا ہے، علم کی بدولت کائنات کی تسخیر کا راستہ ہموار ہوتا ہے،کائنات کے کثیر الجہتی اسرار و رموز کے در علم کی کنجی سے ہی کھلتے ہیں۔علم ہمارے لیے باعثِ زینت اور شانِ افتخار ہے،علم ہمارے لیے متاع بے بہا کی حیثیت رکھتا ہے اوریہ بات روز روشن کی طرح عیاں ہے کہ علم کو فروغ دینے والے تعلیمی ادارے معاشرے میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں۔ سائنسی علوم اور ٹیکنالوجی میں جو انقلابی تبدیلیاں رونما ہو رہی ہیں اس سے اعلیٰ تعلیمی اداروں کی ذمہ داریوں میں اضافہ ہو رہا ہے، اعلیٰ تعلیم اور تحقیق کو پروان چڑھانا آسان نہیں رہا لیکن بہت سے ادارے ایسے ہیں جو اپنی ذمہ داری کا احساس کرتے ہوئے اعلیٰ تعلیمی مقاصد کے حصول اور انسانی بہبود کیلئے کوشاں ہیں۔ سرگودھا یونیورسٹی بھی ایک ایسا ہی تعلیمی ادارہ ہے کہ جس نے علم و تحقیق کو جلا بخشی ہے۔گزشتہ چند سال میں سرگود ھا یونیورسٹی نے علم وتحقیق کے فروغ اور پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول کا سفر جاری رکھتے ہو ئے نئے مدارج طے کیے اورکامیابیوں کا تسلسل برقرار رکھ کر ناصرف قومی بلکہ بین الاقوامی سطح پر اپنے تشخص کو مزید اجاگر کیا۔سرگودھا یونیورسٹی کی تعلیمی خدمات کو دنیا بھر میں ستائش کی نظر سے دیکھا جا رہا ہے۔
جامعات کی بین الاقوامی درجہ بندی میں نمایاں کارکردگی کو برقرار رکھتے ہوئے سرگودھا یونیورسٹی نے ایشیا کی بہترین +401جامعات میں جگہ بنا لی۔ معتبر بین الاقوامی ادارہ ٹائمز ہائر ایجوکیشن نے2020ء میں ایشیا کی بہترین جامعات کی فہرست جار ی کی ہے جس میں سرگودھا یونیورسٹی نے اپنی درجہ بندی برقرار رکھتے ہوئے+401کی کیٹیگری میں جگہ بنائی۔ ٹائمز ہائر ایجوکیشن (THE) جامعات کی عالمی و علاقائی سطح پر مجموعی کارکردگی اورانفرادی خصوصیات جن میں پائیدار ترقی کے عالمی اہداف (SDGs) کا حصول شامل ہے کی بنا پر ہر سال رینکنگ جاری کرتا ہے۔سرگودھا یونیورسٹی نے ٹائمز ہائر ایجوکیشن کی ایمرجنگ اکانومیز رینکنگ2020ء میں بھی شاندار کامیابیاں سمیٹیں اور+500بہترین جامعات میں جگہ پائی۔علاوہ ازیں سرگودھا یونیورسٹی امپیکٹ رینکنگ2020ء میں +600کیٹیگری میں رہی جبکہ معیاری تعلیم، صحت اور بہبود کے عالمی اہداف کے حصول میں نمایاں کارکردگی پر سرگودھا یونیورسٹی300-400 کی کیٹیگری،صنفی مساوات کے عا لمی ہدف حاصل کرنے میں 400+جبکہ پائیدار ترقی کے عالمی اہداف کیلئے اشتراک کے لحاظ سے 401-600 کی کیٹیگری میں رہی۔ دنیا کی بہترین جامعات کی فہرست میں بھی سرگودھا یونیورسٹی نمایاں رہی اور1000+کی کیٹیگری کا حصہ بنی، عالمی سطح پر لائف سائنسز میں +600 اورفزیکل سائنسز میں +801بہترین جامعات میں سرگودھا یونیورسٹی شامل ہے۔
سرگودھا یونیورسٹی نے کیو ایس ایشیا رینکنگ میں بھی اپنی رینکنگ کو برقرار رکھا ہے اور2020ء میں بھی ایشیا کی 401-450بہترین جامعات کی کیٹیگری میں شامل ہو گئی ہے۔ایشیا میں سرگودھایونیورسٹی انٹرنیشنل ریسرچ ورک کے لحاظ سے +171، تعلیم اور ملازمین کی ساکھ میں +251، طلبہ اور اساتذہ کے تناسب،پی ایچ ڈی فیکلٹی،ریسرچ پبلی کیشنز اور طلبہ کے تبادلہ کے لحاظ سے +301 کیٹیگری میں جگہ پائی۔
کیو ایس اور ٹائمز ہائر ایجوکیشن جیسے معتبر ادارے تدریس،تحقیق،علوم کی منتقلی، مطبوعات،گریجویٹس کے معیار،فارن فیکلٹی وطلبہ کی تعداد، عالمی تشخص اور بین الاقوامی اداروں کیساتھ اشتراک کی بنیاد پر درجہ بندی کا تعین کرتے ہیں۔ سرگودھا یونیورسٹی نے گزشتہ چند سال میں ان تمام اہداف کا حصول یقینی بنایا ہے جبکہ معیار تعلیم کو بتدریج بہتر بنانے کیلئے نتیجہ خیز اصلاحات کی ہیں۔
وائس چانسلرسرگودھا یونیورسٹی ڈاکٹر اشتیاق احمد نے کہا ہے کہ اس کامیابی کا کریڈٹ ایک مرتبہ پھر فیکلٹی ممبران اورسٹاف کو جاتا ہے۔ انہوں نے اس امر کا اعادہ کیا کہ بین الاقوامی سطح پر سرگودھا یونیورسٹی کی اکڈیمک پروفائل میں وسعت لانے کیلئے مزید نتیجہ خیز اصلاحات کی جائیں گی۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے