کراچی: وزیر صحت سندھ ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کی شرح میں اضافہ ہو رہا ہے لہذا موجودہ صورت حال میں اسکول کھولنا درست فیصلہ نہیں ہے۔
جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر صحت کا کہنا تھا کہ وائرس کی شرح 1.5 فیصد سے 3 فیصد تک بڑھ گئی ہے، موجودہ حالات میں کورونا کی دوسری لہر کی پیش گوئی ہے۔
وزیر صحت سندھ نے کہا کہ کورونا کی شرح میں اضافہ ہو رہا ہے، موجودہ صورت حال میں اسکول کھولنا درست عمل نہیں ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اسکول کھولنے پر تحفظات ہیں، پرائمری اسکولوں کو کھولنے میں جلدی نہ کی جائے، پرائمری اسکولوں کو کم سے کم ایک سے ڈیڑھ ماہ کا وقت دینا ضروری ہے۔
ڈاکٹر عذرا پیچوہو کا کہنا تھا کہ صورت حال واضح ہونے پر ہی بچوں کو اسکول بھیجنا درست ہو گا۔
دوسری جانب محکمہ صحت سندھ کی رپورٹ کے مطابق صوبے کے تعلیمی اداروں سے وابستہ 185 افراد کورونا سے متاثر ہوئے ہیں۔
صوبائی محکمہ صحت کے مطابق تعلیمی اداروں میں 35 ہزار339 افراد کے ٹیسٹ کیے گئے، یونیورسٹیز،کالجز اور ہائی اسکولوں کے 25 ہزار افراد کی رپورٹس منفی آچکی ہے۔
رپورٹ کے مطابق سندھ کے 29 اضلاع میں پازیٹو کیسز میں سے زیادہ تر کراچی کے ہیں۔
خیال رہے کہ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) ملک بھر میں مڈل اسکولز کھولنے کی اجازت دے چکی ہے تاہم حکومت سندھ نے چھٹی تا آٹھویں جماعت کے اسکول کھولنے کا فیصلہ کورونا کیسز کی تعداد میں اضافے کے بعد مؤخر کر رکھا ہے۔