گزشتہ سال چین سے پوری دنیا میں پھیلنے والے خطرناک کورونا وائرس کی تباہ کاریاں جاری ہیں جب کہ سائنسدانوں کی جانب سے وائرس کا خاتمہ کرنے والی ویکسین کی آزمائش بھی کی جارہی ہے۔
کورونا وائرس کی علامات کے حوالے سے تو اب ہر کوئی ہی واقف ہوگا جس میں خشک کھانسی، بخار، نزلا اور ذائقہ محسوس نہ ہونا شامل ہے۔
اینلز آف نیورولوجی میں شائع ہونے والے حالیہ مطالعے میں بتایا گیا ہے کہ متعدد کورونا وائرس کے مریضوں میں خشک کھانسی اور خراب گلے سے قبل بھی 4 علامات ظاہر ہوئی ہیں۔
مطالعے کے مطابق کورونا وائرس کے متعدد مریضوں میں گلا خراب اور خشک کھانسی سے قبل 4 نیورولوجیکل علامات رپورٹ ہوئی ہیں جن میں سر درد، چکر آنا، دورہ پڑنا اور غور و فکر کرنے کی صلاحیت میں کمی شامل ہے۔
اس مطالعے میں امریکا کے نارتھ ویسٹرن میڈیسن کے محققین نے کورونا وائرس کے 19 مریضوں کی جانچ پڑتال کی جس میں انہیں معلوم ہوا کہ ان مریضوں میں کووڈ-19 کی عام علامات ظاہر ہونے سے قبل نیورولوجیکل علامات ظاہر ہوئی ہیں۔
مطالعے کے بانی آئیگور کورلنک کا کہنا ہے کہ اس مطالعے سے سامنے آنے والی کورونا وائرس کی ابتدائی علامات لوگوں کو جاننا بے حد ضروری ہے کیونکہ یہ نیورولوجیکل علامات کھانسی، نزلا اور سینہ جکڑنے سے قبل ظاہر ہوتی ہیں۔