جمعرات : 08 اکتوبر 2020 کی اہم عالمی خبریں

[pullquote]جرمنی سمیت یورپ میں کورونا کیسز میں اضافے پر تشویش[/pullquote]

جرمنی میں ایک دن میں کووڈ انیس کے چار ہزار نئے کیس سامنے آنے پر حکام نے تشویش کا اظہار کیا ہے۔ برلن میں قائم رابرٹ کوخ انسٹیٹوٹ نے خبردار کیا ہے کہ اگر لوگوں نے حتی الامکان احتیاط نہ کی تو نئے انفیکشنز کی روزانہ تعداد دس ہزار تک جا سکتی ہے۔ اس سال مارچ اپریل میں جب کووڈ کی وبا اپنے عروج پر تھی، جرمنی میں روزانہ تقریباﹰ چھ ہزار نئے کیسز سامنے آ رہے تھے۔ یورپ کے دیگر ملکوں میں بھی انفیکشن دوبارہ پھیل رہا ہے۔ روس میں لگ بھگ ساڑھے گیارہ ہزار نئے کیسز سامنے آئے ہیں، یوکرائن اور چیک ریپبلک میں سوا پانچ ہزار سے زائد جبکہ پولینڈ اور سلووینیا میں بھی کیسز میں خاطر خواہ اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔

[pullquote]کورونا، برطانیہ میں نئی پابندیاں لگانے پر غور[/pullquote]

انگلینڈ میں کورونا کے بڑھتے ہوئے انفیکشنز روکنے کے لیے حکام روزہ مرہ کی زندگی میں نئی پابندیاں لگانے پر غور کر رہے ہیں۔ بدھ کو سکاٹ لینڈ میں حکومت نے دو بڑے شہروں گلاسگو اور ایڈنبرا میں شراب خانے بند کرنے کا اعلان کیا اور باقی ملک میں کھانے پینے کے کاروبار پر نئی پابندیاں لاگو کیں۔ برطانوی حکام نے اس سے پہلے ملک کے مختلف حصوں میں مقامی سطح کی پابندیاں متعارف کرائی تھیں لیکن وہ اقدامات کچھ زیادہ مؤثر ثابت نہیں ہوئے۔ اطلاعات ہیں کہ بعض علاقوں میں کووڈ کیسز کم ہونے کی بجائے مزید بڑھ گئے۔

[pullquote]فرانس کا بھی پابندیاں سخت کرنے کا فیصلہ[/pullquote]

فرانس میں حکام کئی بڑے شہروں میں کورونا کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے پابندیاں سخت کرنے جا رہے ہیں۔دارالحکومت پیرس میں پیر سے ہائی الرٹ کے تحت بار یا شراب خانے بند کر دیے گئے۔ ملک میں بدھ کو انیس ہزار کے قریب نئے انفیکشنز ریکارڈ کیے گئے۔ ٹیسٹنگ شروع کیے جانے کے بعد سے یہ اب تک کی سب سے زیادہ تعداد ہے۔ فرانسیسی صدر ایمانویل ماکروں نے خبردار کیا ہے کہ ملک ایک غیرمعمولی صورتحال سے دوچار ہے اور یہ حالات کئی ماہ تک ایسے ہی رہ سکتے ہیں۔

[pullquote]کرسمس سے پہلے افغانستان سے اپنے تمام فوجی نکال لیں گے، ٹرمپ[/pullquote]

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ وہ اس سال کرسمس سے پہلے افغانستان سے تمام امریکی فوجیوں کو وطن واپس لانا چاہتے ہیں۔ اس خواہش کا اظہار انہوں نے ٹوئٹر پر اپنے ایک بیان میں کیا۔ افغانستان سے امریکی فوجیوں کا انخلا چار سال پہلے صدر ٹرمپ کی صدارتی مہم کا اہم نکتہ تھا تاہم اس میں انہیں اب تک پوری کامیابی نہیں ہو سکی۔ اس سال فروری میں طالبان کے ساتھ معاہدے کے بعد جنگ بندی کے اقدامات تعطل کا شکار رہے ہیں۔ بدھ کو افغانستان کے لیے امریکی ایلچی زلمے خلیل زاد نے ایک بیان میں کہا کہ تمام فریقین امن کے لیے کوشاں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس معاملے میں پاکستان بھی ایک مثبت کردار ادا کر رہا ہے۔ افغانستان میں آج بھی امریکا کے 8600 فوجی تعینات ہیں۔

[pullquote]امریکی نائب صدارتی امیدواروں کا مباحثہ، کورونا پر الزام تراشی[/pullquote]

امریکا میں نائب صدر کے عہدے کے لیے امیدواروں، ڈیموکریٹک پارٹی کی کاملا ہیرس اور ریپبلکن پارٹی کے مائیک پینس کے درمیان مباحثے میں ٹرمپ حکومت کی کورونا وبا سے متعلق کارکردگی کا موضوع حاوی رہا۔ ریاست یوٹا کے شہر سالٹ لیک سٹی میں ہونے والے اس مباحثے میں نائب صدر مائیک پینس نے ٹرمپ حکومت کی جانب سے وبا کی روک تھام کی حکمتِ عملی کا بھرپور دفاع کیا۔ مائیک پینس صدر ٹرمپ کی جانب سے تشکیل دی گئی کورونا وائرس ٹاسک فورس کے سربراہ ہیں۔ تاہم ڈیموکریٹک امیدوار کاملا ہیرس نے وائٹ ہاؤس کی کورونا حکمت عملی کو حکومت کی ناکامی قرار دیا۔ امریکا میں کورونا وائرس سے اب تک دو لاکھ دس ہزار سے زیادہ اموات اور 75 لاکھ سے زیادہ کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں۔

[pullquote]اپوزیشن ملک میں امن و امان بحال کرنے میں مدد کرے، کرغز صدر[/pullquote]

کرغزستان کے صدر سورن بائے جین بیکوف نے ملک کی سیاسی جماعتوں سے اپیل کی ہے کہ وہ قومی مفاد میں صبر و تحمل سے کام لیں اور ملک میں امن و امان بحال کرنے میں اپنا کردار ادا کریں۔ کرغزستان میں اتوار تین اکتوبر کے متنازعہ الیکشن کے بعد اپوزیشن نے مظاہرے شروع کر دیے تھے۔ دارالحکومت بشکیک میں حکومت مخالف مظاہرین نے پارلیمان سمیت شہر کی کئی اہم عمارتوں پر قبضہ کر رکھا ہے۔ وزیراعظم سمیت کئی حکومتی وزرا مستعفی ہو گئے ہیں۔ حکام نے الیکشن کو کالعدم قرار دے دیا ہے۔ اپوزیشن کا مطالبہ ہے کہ صدر جین بیکوف اقتدار چھوڑ دیں اور ملک میں نئے انتخابات کا اعلان کیا جائے۔

[pullquote]بھارت، ایک دن میں 78524 نئے کیسز[/pullquote]

بھارت میں کورونا کیسز کی تعداد میں مسلسل اضافہ جاری ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 78,500 سے زائد نئے کیسز ریکارڈ کیے گئے۔ وزارت صحت کے مطابق اس دوارن مزید 971 افراد انتقال کر گئے، جس کے بعد مرنے والوں کی تعداد ایک لاکھ ساڑھے پانچ ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔ بھارت میں حکام کے مطابق روزانہ اوسطاﹰ دس لاکھ سے زائد ٹیسٹ کیے جارہے ہیں۔ ادھر برازیل میں اب تک متاثرہ لوگوں کی کل تعداد 50 لاکھ سے بڑھ چکی ہے۔ امریکا اور بھارت کے بعد برازیل کووڈ انیس کی وبا سے تیسرا سب سے زیادہ متاثرہ ملک ہے۔ برازیل میں کورونا سے لگ بھگ ایک لاکھ 48 ہزار سے زائد لوگوں کی جانیں جا چکی ہیں۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے