بلدیاتی انتخابات: پنجاب کے 964 اور کراچی کے 1791 پولنگ اسٹیشنز انتہائی حساس قرار

پنجاب اور سندھ میں بلدیاتی انتخابات کے تیسرے اور آخری مرحلے کے لیے پولنگ کل ہوگی جس کے تمام تر انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں جب کہ الیکشن کمیشن نے بلدیاتی انتخابات میں پنجاب اور کراچی کے حساس ترین پولنگ اسٹیشنوں کی تفصیلات جاری کردی ہیں جس کے مطابق پنجاب کے 12 اضلاع میں 964 اور کراچی کے 6 اضلاع میں 1791 پولنگ اسٹیشنوں کو انتہائی حساس قرار دیا گیا ہے۔
پنجاب اورسندھ میں بلدیاتی انتخابات کے تیسرے اور آخری مرحلے میں پولنگ کل ہوگی جس کے لیے تمام تر انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں، تیسرے مرحلے میں پنجاب کے 12 اضلاع راولپنڈی، ملتان، بہاولپور، رحیم یار خان، لیہ، راجن پور، ڈی جی خان، مظفرگڑھ، جھنگ، خوشاب، سیالکوٹ اورنارروال میں پولنگ ہوگی جب کہ کراچی کے 6 اضلاع میں ووٹ ڈالے جائیں گے۔ دونوں صوبوں میں بلدیاتی انتخابات کے دودران مقامی تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے۔
تیسرے مرحلے کے بلدیاتی انتخابات میں پولنگ کا عمل صبح ساڑھے 7 بجے شروع ہوگا جو شام ساڑھے 5 تک بغیر کسی وقفے کے جاری رہے گا، ووٹ ڈالنے کے لیے اصل شناختی کارڈ لازمی ہوگا، شناختی کارڈ کی کاپی، ڈرائیونگ لائسنس اور دیگر کارڈز پر ووٹ ڈالنے کی اجازت نہیں ہوگی۔ پنجاب میں میونسپل کارپوریشن اور ضلع کونسل میں مجموعی طور پر 3 ووٹ کاسٹ کئے جائیں گے جن میں ایک ووٹ چیئرمین و وائس چیئرمین اور دوسرا کونسلر کے لیے ہوگا جب کہ میونسپل کمیٹی میں کونسلر کے لیے ایک ہی ووٹ کاسٹ کیا جائے گا۔ کراچی کے 6 اضلاع کی میونسپل کارپوریشن میں 2 ووٹ کاسٹ ہوں گے، ایک ووٹ چیئرمین ،وائس چیئرمین اور دوسرا وارڈ کونسلر کے لیے ہوگا جب کہ 2 اضلاع میں ضلع کونسلزبنائی گئی ہیں جس میں 3 ووٹ کاسٹ ہوں گے، چیئر مین کے لیے ایک، ممبرضلع کونسلراورجنرل کونسلرکے لئے بھی ایک ایک ووٹ ہوگا۔
الیکشن کے لیے انتخابی سامان کی ترسیل فوج کی نگرانی میں مکمل کرلی گئی جب کہ انتخابی عملہ بھی اپنے متعلقہ مقامات پر پہنچنا شروع ہوگیا۔ بلدیاتی انتخابات کے تیسرے مرحلے میں سیکیورٹی کے بھی انتہائی سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔ پنجاب میں انتہائی حساس مقامات پر امن وامان کی صورتحال کو قابو میں رکھنے کے لیے فوج طلب کی گئی ہے جب کہ سندھ حکومت نے بھی کراچی میں بلدیاتی انتخابات کے موقع پر پاک فوج اور رینجرز کی خدمات حاصل کرلی ہیں جس کے تحت پاک فوج کے جوان انتہائی حساس مقامات پر اپنے فرائض سرانجام دیں گے۔
الیکشن کمیشن نے بلدیاتی انتخابات کے روز پاک فوج اور رینجرز کے جوانوں کو مجسٹریٹ کے اختیارات تفویض کر رکھے ہیں جب کہ الیکشن کمیشن نے ایک ترمیمی نوٹی فکیشن بھی جاری کیا ہے جس کے تحت سندھ رینجرز کے جوانوں کو پولنگ اسٹیشن کے اندر جانے کا اختیار دیا گیا ہے۔ نوٹی فکیشن کے مطابق کراچی میں بلدیاتی انتخابات کے دوران پولنگ اسٹیشن کے اندر انتخابی عملے اور سیاسی کارکنان سمیت کسی بھی شخص کی جانب سے انتخابی کارروائی میں مداخلت اور امن و امان خراب کی صورت میں رینجرز کے جوان اسے پولنگ اسٹیشن کے اندر سے بھی گرفتار کرسکیں گے۔
الیکشن کمیشن کے مطابق چیف الیکشن کمشنرکے احکامات پر15 سے زائد مانیٹرنگ ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جو پنجاب کے 12 اور کراچی کے 6 اضلاع میں پولنگ اسٹیشنز کادورہ کریں گی، ان ٹیموں کی جانب سے بیلٹ پیپرز، سیاہی، مہریں اور دیگر انتخابی مواد کا جائزہ بھی لیا جائے گا۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق پولنگ کے روز چیف الیکشن کمشنر خود انتظامات کا جائزہ لیں گے اور اس دوران وہ مختلف پولنگ اسٹیشنوں کا دورہ بھی کریں گے۔
الیکشن کمیشن کے مطابق چیف الیکشن کمشنرسیکیورٹی کےعلاوہ پولنگ عملے کی حاضری کا جائزہ لیں گے جب کہ ممبران الیکشن کمیشن اور سیکرٹری الیکشن کمیشن کو بھی تمام انتظامات کی مانیٹرنگ کی ہدایات جاری کردی گئیں ہیں۔ اعلامیے کے مطابق چیف الیکشن کمشنر سرداررضا خان نے کہا ہے کہ انتخابات میں حکومت، سیاسی جماعتوں اور پولیس کی مداخلت یا دباؤ برداشت نہیں کریں گے۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے پنجاب اور کراچی میں بلدیاتی انتخابات کے موقع حساس اور انتہائی حساس پولنگ اسٹیشنوں کی تفصیلات بھی جاری کردی گئی ہیں جس کے مطابق پنجاب اور کراچی کے 18153 پولنگ اسٹیشنز میں سے 4869 انتہائی حساس قرار دیئے گئے ہیں جن میں پنجاب کے 3078 حساس اور 964 پولنگ اسٹیشن انتہائی حساس ہیں۔ الیکشن کمیشن کے مطابق کراچی کے 4141 پولنگ اسٹیشنز میں سے 2116 کو حساس اور 1791 کو انتہائی حساس قرار دیا گیا جن پر سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات ہوں۔
الیکشن کمیشن کے مطابق کراچی کے ضلع ملیر میں 170 پولنگ اسٹیشنز حساس اور 222 حساس ترین ہیں، ضلع غربی میں حساس پولنگ اسٹیشن 396 اور 497 حساس ترین ہیں۔ اس کے علاوہ ضلع وسطی میں 859 پولنگ اسٹیشن حساس اور 198 انتہائی حساس قرار دیئے گئے ہیں، ضلع جنوبی میں 97 حساس اور 279 حساس ترین پولنگ اسٹیشن ہیں، ضلعی شرقی میں 288 حساس اور 321 پولنگ اسٹیشنز کو انتہائی حساس قرار دیا گیا ہے۔ ضلعی شرقی میں 288 پولنگ اسٹیشنز کو حساس اور 321 کو انتہائی حساس جب کہ ضلع کورنگی میں 274 پولنگ اسٹیشنز کو انتہائی حساس قرار دیا گیا ہے

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے