بھارت میں کسانوں کا احتجاج شدت اختیار کرتا ہوا
بھارت میں نئے زرعی قوانین کے خلاف کسانوں کا احتجاج شدت اختیار کرتا جا رہا ہے۔ دہلی کے قریب گزشتہ چھ دنوں سے جاری احتجاج کے بعد اب ملک کی کئی دیگر ریاستوں میں بھی کسانوں نے مظاہروں کا اعلان کر دیا ہے۔ کشیدہ صورت حال کو سنبھالنے کے لیے وزیر داخلہ امیت شاہ نے آج متعدد سینئر وزیروں اور حکام کے ساتھ ملاقاتیں کیں، جن میں ایک بار پھر کسانوں کو منانے کی کوششیں کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ تاہم کسانوں کا کہنا ہے کہ متنازعہ قوانین واپس لیے جانے تک وہ اپنا احتجاج جاری رکھیں گے۔ اسی دوران پنجاب اور ہریانہ کے کسانوں نے دہلی میں داخل ہونے والے پانچ راستے پوری طرح بند کر دیے ہیں۔
برطانیہ نے کورونا وائرس کے خلاف ویکسین کی منظوری دے دی
برطانیہ دنیا میں ایسا پہلا ملک بن گیا ہے، جس نے فائزر، بائیو اینڈ ٹیک کی کورونا وائرس کے خلاف تیارکردہ ویکسین کے استعمال کی باقاعدہ منظوری دے دی ہے۔ برطانوی وزیر صحت کا خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ملک بھر کے ہسپتالوں میں آئندہ ہفتے سے یہ ویکسین لگانے کا عمل شروع کر دیا جائے گا۔ اسے کووڈ انیس کے خلاف ایک بڑی کامیابی قرار دیا جا رہا ہے۔ کورونا وائرس کے خلاف یہ ویکیسن ایک جرمن اور امریکی کمپنی نے مل کر تیار کی ہے۔ چند ہفتے قبل کہا گیا تھا کہ کورونا کے مریضوں پر اس ویکسین کے تجربات پچانوے فیصد کامیاب رہے ہیں۔
ہانک کانگ میں سرکردہ جمہوریت نواز کارکن کو سزائے قید
ہانگ کانگ میں عوامی مظاہروں کے سرکردہ کارکن جوشوا وانگ اور ان کے دو ساتھیوں کو مظاہروں کا انعقاد کرنے کے الزام میں قید کی سزائیں سنا دی گئی ہیں۔ ہانگ کانگ کی ایک عدالت نے جوشوا وانگ کو ساڑھے تیرہ ماہ قید کی سزا سنائی جبکہ ان کے دو ساتھیوں کو سات سات ماہ قید کی سزائیں سنائی گئی ہیں۔ قبل ازیں تینوں ملزمان نے اقرار کیا تھا کہ انہوں نے جون دو ہزار انیس میں پولیس کے صدر دفاتر کے سامنے ایک ایسی احتجاجی ریلی نکالی تھی، جس کے لیے انتظامیہ سے اجازت نہیں لی گئی تھی۔
جرمنی میں نسل پرستی اور انتہاپسندی کے خلاف جامع منصوبے کی منظوری
جرمن حکومت نے نسل پرستی اور دائیں بازو کی انتہا پسندی کا مقابلہ کرنے کے ایک جامع منصوبے کی منظوری دے دی ہے۔ مجوزہ منصوبے میں نوے ایسے انفرادی اقدامات شامل ہیں، جن کا مقصد ملک میں جمہوری اقدار کو مضبوط بنانا ہے۔ یہ منصوبہ متعدد وفاقی وزارتوں اور سول سوسائٹی کے نمائندوں کے تعاون سے تیار کیا گیا۔ اس منصوبے میں کئی دیگر اقدامات کے علاوہ سکیورٹی اداروں کو مضبوط، فوجداری قوانین کو سخت اور متاثرہ افراد کی امداد کو بہتر بنانا بھی شامل ہے۔ اس کے علاوہ سول سوسائٹی کے ساتھ مل کر کام کرنے پر بھی زور دیا جائے گا۔
ایرانی پارلیمان میں یورینیم کی زیادہ افزودگی کا قانون منظور
ایرانی پارلیمان میں یورینیم کی زیادہ افزودگی کی حوالے سے ایک نیا قانون منظور کر لیا گیا ہے۔ یہ قانون اس معاہدے کے خلاف ہے، جو تہران حکومت نے سن دو ہزار پندرہ میں بین الاقوامی طاقتوں کے ساتھ کیا تھا۔ نئے قانون کے مطابق اب ایرانی جوہری ادارہ سالانہ ایک سو بیس کلوگرام یورینیم پیدا کر سکے گا اور اس کی افزودگی کی شرح بیس فیصد ہو گی۔ ابھی تک ایران پانچ فیصد افزودہ یورینیم پیدا کر رہا ہے۔ علاوہ ازیں ایران اب بہتر معیار کے سینٹری فیوجز بھی تیار کرے گا۔ ماہرین کے مطابق یہ نیا قانون عالمی جوہری ادارے، امریکا اور ایران کے مابین مزید کشیدگی کا باعث بنے گا۔
وائٹ ہاؤس میں بدعنوانی کا شبہ
ڈونلڈ ٹرمپ کے دور اقتدار کے خاتمے سے پہلے امریکی عدلیہ نے وائٹ ہاؤس میں بدعنوانی کے حوالے سے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔ شبہ ہے کہ صدارتی معافیاں رشوت کے بدلے دی گئی ہیں۔ یہ انکشاف واشنگٹن میں شائع ہونے والی عدالتی دستاویز سے ہوا ہے۔ تاہم یہ واضح نہیں ہے کہ یہ الزامات کس شخصیت پر عائد کیے گئے ہیں۔ آئین کے تحت امریکی صدور کو وفاقی جرائم میں سزا یافتہ افراد کو معاف کرنے میں کافی حد تک آزادی حاصل ہے۔ ٹرمپ نے گزشتہ ہفتے ہی اپنے سابق سلامتی کے مشیر مائیکل فلن کو معاف کیا تھا۔
آذربائیجان نے نگورنو کاراباخ کے مزید علاقوں کا کنٹرول سنبھال لیا
آرمینیا نے نگورنو کاراباخ کے مزید علاقوں کا کنٹرول آذربائیجان کے حوالے کر دیا ہے۔ آذربائیجان کے صدر کا دارالحکومت باکو میں کہنا تھا کہ لاچین نامی علاقے کا کنٹرول حاصل کرنا ایک تاریخی اقدام ہے۔ یہ علاقہ آرمینیا اور آذربائیجان کے مابین حال ہی میں ہونے والے امن معاہدے کے تحت باکو حکومت کے حوالے کیا گیا ہے۔ آرمینیا میں نگورنو کاراباخ کے ان علاقوں کی حوالگی کو بطور شکست دیکھا جا رہا ہے۔ آذربائیجان اور آرمینیا کے مابین چند ہفتوں کی لڑائی میں سینکڑوں افراد مارے گئے تھے۔ اس لڑائی میں آذربائیجان کو ترکی کی حمایت حاصل تھی۔ یہی وجہ ہے کہ ترکی بھی اسے اپنی فتح قرار دیتا ہے۔
اسرائیلی حکومتی اتحاد ٹوٹنے کے بالکل قریب
اسرائیل میں وزیراعظم بینجمن نیتن یاہو کی لیکوڈ پارٹی اور وزیر دفاع بینی گینٹس کے مابین بلیو وائٹ حکومتی اتحاد ٹوٹنے کے بالکل قریب پہنچ چکا ہے۔ بدھ کو پہلی بار اپوزیشن کی طرف سے پارلیمان کو تحلیل کرنے کی درخواست پر ووٹنگ ہو گی۔ حکومتی اتحاد میں شامل وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ ان کی جماعت موجودہ پارلیمان کو تحلیل کرنے کے حق میں ووٹ دے گی۔ نیتن یاہو اور بینی ایک دوسرے کے حریف تھے لیکن اسرائیل کو انتخابی بحران سے نکالنے کے لیے انہوں نے حکومت سازی پر اتفاق کیا تھا۔ اس حکومتی اتحاد کے ٹوٹنے سے اسرائیل میں گزشتہ دو برسوں کے دوران چوتھے پارلیمانی انتخابات کی راہ ہموار ہو جائے گی۔
چینی خلائی گاڑی چاند پر لینڈ کر گئی
چین کی طرف سے بھیجی گئی خلائی گاڑی چاند پر اتر گئی ہے۔ چینی سرکاری میڈیا کے مطابق اس روبوٹک گاڑی نے چاند کے اس حصے پر لینڈ کیا ہے، جو زمین سے بھی نظر آتا ہے۔ یہ روبوٹ گاڑی آئندہ دو ہفتوں تک چاند کی سطح سے پتھروں پر مشتمل مختلف نمونے جمع کرے گی اور پھر انہیں زمین پر لائے گی۔ اگر یہ منصوبہ کامیاب رہا تو سوویت یونین اور امریکا کے بعد چین دنیا کا ایسا تیسرا ملک ہو گا، جو چاند سے نمونے زمین پر لائے گا۔ تاہم یہ نمونے سوویت یونین اور امریکا کی نسبت کہیں زیادہ بہتر ہوں گے۔ ان نمونموں سے چاند کی تشکیل اور وہاں آتش فشانی سرگرمیوں کا پتا چلایا جا سکے گا۔