جمعہ : 04 دسمبر 2020 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]چین مذہبی آزادی کے لیے ایک سنگین خطرہ ہے، پومپیو[/pullquote]

امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے چین کو مذہبی آزادی کے مستقبل کے لیے ایک سنگین خطرہ قرار دیا ہے۔ پومپیو نے انڈونیشیا کے دورے پر چینی اقلیتی ایغور مسلمانوں پر مصیبتوں اور مسائل کا ذکر کرتے ہوئے چین کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ پومپیو نے انڈونیشیا میں مسلمانوں کی سب سے بڑی تنظیم نہدلت العلماء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چینی کمیونسٹ پارٹی کی تمام مذاہب کے خلاف جنگ مذہبی آزادی کے لیے ایک سنگین خطرہ ہے۔ حقوق کی تنظیموں کے مطابق چین کے شمالی مغربی صوبے سنکیانگ میں واقع کیمپوں میں لاکھوں ایغور مسلم اقلیتوں کے ساتھ مبینہ طور پر غیر انسانی سلوک کیا جاتا ہے۔

[pullquote]ترکی پر یورپی یونین کی نئی پابندیوں کا خطرہ[/pullquote]

ترکی کو یورپی یونین کی طرف سے نئی پابندیوں کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے، جس کی وجہ قدرتی گیس کی تلاش کے تنازعہ میں یونان اور قبرص کے لیے ترکی کی اشتعال انگیز پالیسیاں بن سکتی ہیں۔ یورپی کونسل کے صدر چارلس مشیل نے برسلز میں کہا کہ انقرہ کی جانب سے یک طرفہ اقدامات اور دشمنانہ پیغامات موصول ہو رہے ہیں۔ لہذا یورپی یونین کے اگلے اجلاس میں آئندہ کے لائحہ عمل پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ یونان اور قبرص نے ترکی پر مشرقی بحیرہ روم میں قدرتی گیس کے ذخائر کی غیر قانونی طور پر تلاش کا الزام عائد کیا ہے۔ اس کے علاوہ ترک صدر رجب طیب ایردوآن نے حال ہی میں ترکی کے شمالی قبرص کے حصے کا دورہ کیا تھا۔

[pullquote]امریکی کانگریس جرمنی سے امریکی فوجیوں کے انخلاء کو روکنا چاہتی ہے[/pullquote]

امریکی کانگریس جرمنی سے بڑے پیمانے پر امریکی فوجیوں کے انخلاء کو روکنا چاہتی ہے۔ یہ بات امریکی دفاعی بجٹ کے مسودہ بل میں سامنے آئی ہے۔ اس فیصلے پر امریکی کانگریس میں ڈیموکریٹس اور ریپبلیکنز متفق ہیں۔ تاہم سبکدوش ہونے والے صدر ٹرمپ نے اس بل کو ویٹو کرنے کی دھمکی دی ہے۔ صدر ٹرمپ نے جرمنی سے تقریباﹰ 12000 فوجیوں کو واپس بلانے کا فیصلہ کیا تھا۔

[pullquote]فرانس میں انتہا پسندانہ نظريات کے شبہ میں مساجد پر سخت نگرانی[/pullquote]

فرانسیسی وزیر داخلہ نے ملک میں درجنوں مساجد پر کڑی نگرانی کرنے کا اعلان کیا ہے۔ وزیر داخلہ جیرالڈ دار ماناں نے جمعرات کو بتایا کہ انتہا پسندانہ نظريات کو فروغ دینے کے شبہ میں 76 مساجد کو سخت نگرانی کا سامنا کرنا پڑے گا۔ ان مساجد کو بند بھی کیا جاسکتا ہے۔ فرانس ميں مسلم انتہا پسندوں کے خلاف يہ اقدامات دو حاليہ دہشت گردانہ حملوں کے بعد ديکھنے ميں آ رہے ہيں۔ 16 اکتوبر کو پيرس کے نواح ميں ايک استاد کا سر اس کے تن سے الگ کر ديا گيا تھا اور پھر جنوبی شہر نيس ميں 29 اکتوبر کو ايک چرچ ميں تين افراد کو قتل کر ديا گيا۔

[pullquote]اردن اور اسرائیلی وزرائے خارجہ کی فلسطین تنازعہ پر ملاقات[/pullquote]

اردن کے وزیر خارجہ ایمان صفادی نے اسرائیلی ہم منصب گابی اشکنازی سے اہم ملاقات کی ہے۔ صفادی نے اس ملاقات میں فلسطین اور اسرائیل کے درمیان مذاکراتی عمل دوبارہ شروع کرنے پر زور دیا۔ صفادی نے جمعرات تین دسمبر کو اسرائیلی ہم منصب سے ہونے والی ملاقات میں کہا کہ آزاد فلسطین کا قیام اس تنازعہ کے حل کے لیے انتہائی اہم ہے اور قیام امن کے حقیقی حل کے لیے مذاکراتی میز پر واپس لوٹنا اشد ضروری ہے۔ قبل ازیں فلسطینی رہنما محمود عباس فلسطین تنازعہ پر عرب ممالک کی حمایت حاصل کرنے کے لیے اردن کے دورے پر موجود تھے۔

[pullquote]بنگلہ دیش: روہنگیا مہاجرین کی جزیرے پر منتقلی شروع[/pullquote]

بنگلہ دیش حکومت نے ہزاروں روہنگیا پناہ گزینوں کو بھاسن چار نامی ایک جزیرے پر منتقل کرنا شروع کردیا ہے۔ مقامی میڈیا کے مطابق روہنگیا مہاجرین کو ہر ایک گھنٹے کے بعد پولیس کی نگرانی میں بندرگاہی شہر چٹاگونگ پہنچایا گیا، جہاں سے انہیں اس جزیرے پر منتقل کیا گیا۔ بنگلہ دیش میں مقیم ساڑھے سات لاکھ روہنگیا افراد میں سے تقریباﹰ ایک لاکھ کو جزیرے پر منتقل کیا جائے گا۔ بنگلہ دیشی فوج نے اس جزیرے پر رہائش کا بندوبست کیا ہے۔ انسانی حقوق کی تنظیموں نے پناہ گزینوں کی نقل مکانی کے اس عمل پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ زیادہ تر لوگوں کو زبردستی بھیجا جا رہاہے۔ متعدد ماہرین کے خیال میں بھاسن چار جزیرہ طوفانوں اور سیلاب کا نشانہ بن سکتا ہے۔

[pullquote]میرکل کی اقوام متحدہ میں عالمی ادارہ صحت کی بھرپور حمایت[/pullquote]

جرمن چانسلر انگیلا میرکل نے کورونا وبا کے بحران کے دوران ایک سبق کے طور پر عالمی ادارہ صحت کی زیادہ سے زیادہ حمایت کا مطالبہ کیا ہے۔ میرکل نے کورونا وائرس کے حوالے سے اقوام متحدہ کے خصوصی مشاورتی اجلاس کے لیے ایک ویڈیو پیغام میں کہا کہ وبا کے دوران ڈبلیو ایچ او کی اہمیت مزید واضح ہوگئی۔ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوٹیرش نے تنقید کرتے ہوئے کہا کہ کورونا وائرس کے بارے میں حقائق کو منتازعہ بنایا گیا اور ڈبلیو ایچ او کی ہدایات کو نظرانداز کیا گیا۔ حال ہی میں امریکی صدر ٹرمپ نے ڈبلیو ایچ او کے لیے مالی معاونت کم کردی تھی اور اس تنظیم سے علیحدگی کا اعلان بھی کیا تھا۔ ٹرمپ نے الزام عائد کیا کہ عالمی ادارہ صحت چین کے بہت قریب ہے۔

[pullquote]فائزر نے کورونا ویکسین کی فراہمی میں کمی کردی، رپورٹ[/pullquote]

امریکی دوا ساز کمپنی فائزر نے رواں برس کے دوران کورونا وائرس کے خلاف ویکسین کی فراہمی کی تعداد میں نصف سطح تک کمی کردی ہے۔ فائزر کی ترجمان نے امریکی اخبار وال اسٹریٹ جنرل کو بتایا ہے کہ ویکسین کی فراہمی کے اصل منصوبہ میں کمی کی وجہ سپلائی چین میں توقع سے زیادہ وقت لگنا ہے۔ اس رپورٹ کے مطابق فائزر کمپنی اس سال کے آخر تک دس کروڑ کورونا ویکسین کے بجائے تقریباﹰ پانچ کروڑ ویکسین کی فراہمی کی منصوبہ بندی کر رہی ہے۔ فائزر نے جرمن دوا ساز کمپنی بائیو این ٹیک کے ساتھ یہ ویکسین تیار کی ہے۔

[pullquote]ایران پر نئی امریکی پابندیاں عائد[/pullquote]

امریکا نے ایران پر نئی پابندیاں عائد کردی ہیں۔ نئے اقدام کے تحت امریکا نے ایک ادارے اور اس کے سربراہ کو بلیک لسٹ کر دیا ہے۔ امریکی وزارت خزانہ کے ایک بیان کے مطابق شہید میثمی گروپ اور اس کے ڈائریکٹر کے خلاف پابندیاں عائد کی گئی ہیں۔ ٹرمپ انتظامیہ کا الزام ہے کہ یہ گروپ ایران کے کیمیائی ہتھیاروں کی تحقیق کی سرگرمیوں میں ملوث رہنے کے ساتھ ساتھ امریکا کی جانب سے پہلے سے ہی بلیک لسٹ ایرانی تنظیم برائے دفاعی ترقی سے بھی وابستہ رہا ہے۔ چند روز قبل ہی قتل کیے گئے ایرانی جوہری سائنس داں محسن فخری زادہ اسی تنظیم کے سربراہ تھے۔ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ نے اپنی مدت کار کے اختتام سے ایک ماہ قبل جمعرات تین دسمبر کو ایران پر ان نئی پابندیوں کا اعلان کیا ہے۔

[pullquote]ٹریئر حملہ: متاثرین کے سوگ میں ایک منٹ خاموشی[/pullquote]

جرمنی کے مغربی شہر ٹریئر میں عام افراد پر کار چڑھانے کے ایک واقعے میں پانچ افراد کی ہلاک کے سوگ میں جرمن شہریوں نے ایک منٹ خاموشی اختیار کی۔ ٹریئر کے شہری بروز جمعرات مقامی وقت 1 بج کر 46 منٹ پر ایک ساتھ جمع ہوئے اور انہوں نے متاثرین کے لیے افسوس کا اظہار کیا۔ ٹریئر کے ایک بازار میں منگل یکم دسمبر کو ایک 51 سالہ شخص نے اپنی گاڑی راہ گیروں کے ہجوم پر چڑھا دی تھی، جس میں ایک بچی سمیت پانچ افراد ہلاک اور دیگر 18 افراد زخمی ہوگئے تھے۔ ایک مشتبہ شخص پولیس کی حراست میں ہے تاہم ابھی یہ واضح نہیں ہے کہ آخر حملے کے محرکات کیا تھے۔

[pullquote]جرمن ٹرینوں پر حملے، ایک عراقی شہری کو عمر قید کی سزا[/pullquote]

جرمنی میں تیز رفتار ٹرینوں کو پٹری سے اتارنے کی کوشش کرنے والے ایک عراقی شخص کو ویانا کی ایک مقامی عدالت نے عمر قید کی سزا سنائی ہے۔ حکام کے مطابق سن 2018 میں مذکورہ شخص نے جرمن شہر الیرس برگ میں لوہے کی رسی، لکڑی کے پچر، میٹل اور زنجیر کے استعمال کی مدد سے تیز رفتار آئی سی ای مسافر ٹرین کو پلٹنے کی کوشش کی تھی۔ آسٹریا کے دارالحکومت ویانا کی مقامی عدالت کے آٹھ رکنی بینچ نے اپنے فیصلے میں یہ بھی کہا کہ مذکورہ شخص نے شدت پسند تنظیم اسلامک اسٹیٹ کی ایما پر یہ کارروائیاں کیں۔ مجرم نے تاہم ان الزامات سے انکار کیا تھا۔ یہ 44 سالہ عراقی شخص اپنی اہلیہ اور چار بچوں کے ساتھ ویانا میں سن 2013 سے پناہ گزین کے طور پر رہ رہا ہے۔

[pullquote]آسٹریا میں بڑے پیمانے پر کورونا ٹیسٹ[/pullquote]

آسٹریا میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ پر کنٹرول کے لیے عوامی سطح پر بڑے پیمانے پر کورونا ٹیسٹ کیے جارہے ہیں۔ اس حوالے سے دارالحکومت ویانا میں روزانہ تقریبا ڈیڑھ لاکھ افراد کا کورونا ٹیسٹ کیے جائیں گے۔ ویانا کے ساتھ ساتھ کئی دیگر شہروں میں بھی کورونا ٹیسٹ کے منصوبے کا آغاز کیا گیا ہے۔ اس منصوبے کا مقصد نو ملین نفوس پر مشتمل ملک کے لاکھوں افراد کے بروقت کورونا ٹیسٹ کو یقینی بنانا ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے