اتوار : 06 دسمبر 2020 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]چین میں کوئلے کی کان میں زہریلی گیس کے اخراج سے 18 مزدور ہلاک[/pullquote]

چین میں کوئلے کی ایک کان میں زہریلی کاربن مونو آکسائیڈ کے اخراج سے 18 کان کن ہلاک ہو گئے۔چین کے سرکاری خبر رساں ادارے کے مطابق کوئلے کی کان میں زہریلی گیس کے اخراج کا واقعہ چانگ کنگ میونسپلٹی میں پیش آیا۔سرکاری میڈیا کے مطابق کان گزشتہ دو ماہ سے بند تھی اور زہریلی گیس کے اخراج کا واقعہ اس وقت پیش آیا جب مزدور آلات کھول رہے تھے۔چینی حکام کا کہنا ہے کہ جمعے کے روز پیش آنے والے واقعے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

[pullquote]فرانس میں مجوزہ قانون کے خلاف مظاہرے: پچانوے افراد گرفتار، بیسیوں پولیس اہلکار زخمی[/pullquote]

فرانس میں حکومت کے تجویز کردہ ایک سکیورٹی قانون کے خلاف ملک گیر احتجاجی مظاہروں کے دوران کئی شہروں میں مظاہرین اور پولیس کے مابین تصادم دیکھنے میں آیا۔ سب سے بڑے مظاہرے پیرس میں کیے گئے۔ ملکی وزیر داخلہ نے آج اتوار کے روز بتایا کہ ان مظاہروں کے دوران پچانوے افراد کو گرفتار کر لیا گیا جبکہ سڑسٹھ پولیس اہلکار زخمی بھی ہو گئے۔ مجوزہ سکیورٹی قانون ملکی پارلیمان میں منظوری کے مرحلے میں ہے اور یہ مظاہرے اس نئے قانون کے خلاف مسلسل دوسرے ویک اینڈ پر بھی جاری ہیں۔

[pullquote]فرینکفرٹ میں دوسری عالمی جنگ کے دور کا بم، تیرہ ہزار شہریوں کو گھر خالی کرنا پڑ گئے[/pullquote]

جرمنی کے مالیاتی مرکز فرینکفرٹ میں دوسری عالمی جنگ کے دور کے ایک بم کی وجہ سے تیرہ ہزار سے زائد شہریوں کو احتیاطاﹰ اپنے گھر عارضی طور پر خالی کرنا پڑ گئے۔ پانچ سو کلو گرام یا گیارہ سو پاؤنڈ وزنی یہ بم برطانوی فضائیہ نے گرایا تھا۔ اس بم کی موجودگی کا علم ہونے پر فرینکفرٹ شہر کے مغربی حصے میں پولیس نے تقریباﹰ آدھ میل رقبے پر پھیلا ہوا رہائشی علاقہ خالی کرا لیا۔ عشروں پہلے جنگ کے دوران گرائے جانے کے بعد یہ بم پھٹا نہیں تھا۔ ایمرجنسی سروسز کے ماہرین نے اس بم کو ناکارہ بنانے کے بعد مقامی باشندوں کو دوبارہ ان کے گھروں میں جانے کی اجازت دے دی۔

[pullquote]رومانیہ میں آج نئی قومی پارلیمان منتخب کی جا رہی ہے[/pullquote]

یورپی یونین کے رکن مشرقی یورپی ملک رومانیہ میں آج اتوار کو نئی قومی پارلیمان منتخب کی جا رہی ہے۔ وزیر اعظم لُوڈووچ اوربان کی قیادت میں حکمران جماعت پی این ایل کو امید ہے کہ ووٹر آئندہ بھی اس پارٹی کے اقتدار میں رہنے کی تصدیق کر دیں گے۔ اوربان کی قیادت میں موجودہ اقلیتی حکومت گزشتہ برس کے اواخر میں سوشل ڈیموکریٹ حکومت کی ناکامی کے بعد اقتدار میں آئی تھی۔ رائے عامہ کے جائزوں کے مطابق اس وقت پی این ایل اور سوشل ڈیموکریٹس کو تقریباﹰ برابر عوامی تائید حاصل ہے۔

[pullquote]ایرانی سابق خاتون نائب صدر شہیندخت مولاوردی کو ڈھائی سال قید کی سزا[/pullquote]

ایران کی سابق خاتون نائب صدر شہیندخت مولاوردی کو ایک ملکی عدالت نے ڈھائی سال قید کی سزا سنا دی ہے۔ اس وقت 55 سالہ مولاوردی کو یہ سزا ہفتہ پانچ دسمبر کو سنائی گئی۔ ان پر ریاستی راز غیر ملکی طاقتوں تک پہنچانے اور اسلامی جمہوریہ ایران کی حکومت کے خلاف سیاسی پروپیگنڈے کے الزامات تھے۔ ان الزامات کی کوئی تفصیلات نہیں بتائی گئیں۔ مولاوردی اپنے خلاف تمام الزامات سے انکار کرتی ہیں۔ انہوں نے ہفتے کی رات بتایا کہ انہیں ان کے خلاف عدالتی فیصلے سے مطلع کر دیا گیا ہے اور وہ اگلے بیس دنوں میں فیصلے کے خلاف اپیل دائر کر دیں گی۔ انسانی حقوق اور حقوق نسواں کے لیے برسوں سے کام کرنے والی مولاوردی صدر حسن روحانی کے پہلے دور صدارت میں 2013ء سے لے کر 2017ء تک نائب صدر رہی تھیں۔ اس کے بعد صدر روحانی نے انہیں شہری حقوق سے متعلق اپنی مشیر نامزد کر دیا تھا۔

[pullquote]جرمنی میں کورونا وائرس کے باعث ہلاکتوں کی تعداد اب اٹھارہ ہزار آٹھ سو کے قریب[/pullquote]

جرمنی میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے مزید سترہ ہزار سات سو سڑسٹھ نئے کیسز ریکارڈ کیے گئے۔ اس طرح کورونا وائرس کی عالمی وبا جرمنی میں اب گیارہ لاکھ اکہتر ہزار تین سو تیئیس افراد کو متاثر کر چکی ہے۔ برلن میں روبرٹ کوخ انسٹیٹیوٹ نے آج بتایا کہ گزشتہ روز ملک میں مزید دو سو پچپن افراد کووڈ انیس کی وبائی بیماری کے ہاتھوں ہلاک ہو گئے۔ یوں کورونا وائرس کی وجہ سے جرمنی میں اب تک کُل اٹھارہ ہزار سات سو بہتر افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

[pullquote]یورپی یونین اور برطانیہ کے مابین تجارتی مذاکرات اب اگلے مرحلے میں[/pullquote]

یورپی یونین اور برطانیہ کے مابین ایک جامع تجارتی معاہدے کی نیت سے کیے جانے والے مذاکرات اب اپنے اگلے مرحلے میں پہنچ گئے ہیں۔ یورپی کمیشن کی خاتون صدر اُرزُولا فان ڈئرلاین اور برطانوی وزیر اعظم بورس جانسن کے مابین گزشتہ رات ٹیلی فون پر ہونے والی گفتگو میں یہ اتفاق رائے ہو گیا کہ اب تک ختم نہ ہونے والے اختلافات کے باوجود یہ دوطرفہ مذاکرات آئندہ بھی جاری رکھے جائیں گے۔ اس بارے میں فان ڈئر لاین اور جانسن کل پیر کے روز ایک بار پھر آپس میں ٹیلی فون پر گفتگو کریں گے۔ فریقین کے پاس اس تجارتی معاہدے کو طے کرنے کے لیے اکتیس دسمبر تک کا وقت ہے۔

[pullquote]ہانگ کانگ میں کارکنوں کو سزاؤں کے بعد جرمن سیاست دانوں کا ٹھوس اقدامات کا مطالبہ[/pullquote]

ہانگ کانگ میں جوشوآ وونگ اور دیگر جمہوریت نواز کارکنوں کو سزائیں سنائے جانے کے بعد کئی جرمن سیاست دانوں نے برلن حکومت سے ٹھوس اقدامات کا مطالبہ کیا ہے۔ جرمن پارلیمان میں ماحول پسندوں کی گرین پارٹی کے خارجہ امور کے ترجمان امید نوری پور نے اخبار ’وَیلٹ ام زونٹاگ‘ کے ساتھ انٹرویو میں کہا کہ جرمنی کو چینی حکمرانوں کو باور کرانا ہو گا کہ وہ یہ سب کچھ خاموشی سے دیکھتا نہیں رہے گا۔ چانسلر میرکل کی جماعت سے تعلق رکھنے والے جرمن پارلیمان کی خارجہ امور کی کمیٹی کے سربراہ نوربرٹ روئٹگن نے کہا کہ چین کو ایسے اقدامات کے باعث زیادہ سے زیادہ قیمت چکانے پر مجبور کیا جانا چاہیے۔ فری ڈیموکریٹس کی پارٹی ایف ڈی پی کے آلیکسانڈر گراف لامبزڈورف نے خبردار کیا کہ ایسے اقدامات کا نتیجہ چین پر یورپی پابندیاں بھی ہو سکتی ہیں۔

[pullquote]وینزویلا میں پارلیمانی الیکشن، اپوزیشن کی طرف سے زیادہ تر بائیکاٹ[/pullquote]

وینزویلا میں آج اتوار کو ہونے والے الیکشن میں نئی ملکی پارلیمان منتخب کی جا رہی ہے۔ ووٹ دینے کے اہل شہریوں کی تعداد تقریباﹰ اکیس ملین ہے۔ مبصرین کا خیال ہے کہ موجودہ صدر نکولاس مادورو کی سوشلسٹ پارٹی یہ الیکشن جیت جائے گی۔ ملکی اپوزیشن کے ایک بڑے حصے کی طرف سے ان انتخابات کا بائیکاٹ کیا جا رہا ہے۔ صدر مادورو کے مخالفین نے الیکشن میں دھاندلی کے خدشے کے خلاف خبردار کیا ہے۔ اپوزیشن رہنما خوآن گوآئیڈو نے گزشتہ برس کے آغاز پر خود کو ملک کا عبوری صدر قرار دے دیا تھا۔ انہیں کئی ممالک کی حکومتیں وینزویلا کا جائز صدر تسلیم کر چکی ہیں، جن میں امریکا اور جرمنی بھی شامل ہیں۔ نکولاس مادورو کو ملکی فوج کی حمایت حاصل ہے۔

[pullquote]چینی خلائی جہاز چاند سے پتھروں کے نمونے لے کر زمین پر واپسی کی تیاری میں[/pullquote]

چاند کی سطح پر اترنے والی ایک چینی خلائی گاڑی نے وہاں سے حاصل کیے گئے پتھروں کے کئی نمونے ایک اوربٹر میں منتقل کر دیے ہیں۔ یہ عمل اس خلائی گاڑی کی چاند سے زمین پر واپسی کی تیاریوں کا حصہ ہے۔ یہ بات چینی خلائی ادارے کی طرف سے آج اتوار کے روز بتائی گئی۔ ایسا تقریباﹰ پینتالیس برس بعد پہلی مرتبہ ہو گا کہ کوئی خلائی گاڑی چاند کی سطح سے حاصل کردہ نمونے لے کر زمین پر لوٹے گی۔ پتھروں کے ان نمونوں کا وزن دو کلوگرام بنتا ہے۔ چینی مون لینڈر اتوار کے روز واپس چاند کے مدار میں چینی خلائی جہاز کے ساتھ جڑ گیا۔ اس مشن کی کامیاب تکمیل کے ساتھ چین امریکا اور سابق سوویت یونین کے بعد دنیا کا ایسا تیسرا ملک بن جائے گا، جس کا کوئی خلائی مشن چاند کی سطح سے مادی نمونے جمع کر کے زمین پر لوٹا ہو۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے