پیر : 07 دسمبر 2020 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]جرمنی میں بھی کووڈ کی ویکسین کی فراہمی کی تیاریاں شروع[/pullquote]

جرمن چانسلر انگیلا میرکل کے چیف آف اسٹاف ہیلگے براؤن نے کہا ہے کہ جرمنی میں کووڈ انیس کی ویکسینیشن کا عمل جنوری کے ابتدائی دنوں میں شروع کر دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ بطور ڈاکٹر وہ اس عمل کی خود نگرانی کریں گے۔ یورپی یونین کے حکام اس ویکسین کی حتمی منظوری کے لیے ممکنہ طور پر انتیس دسمبر کو فیصلہ کریں گے۔ دریں اثناء جرمنی میں عوام کو ویکسین کی فراہمی کے لیے خصوصی سینٹرز کے قیام کا سلسلہ شروع کر دیا گیا ہے۔ ادھر برطانیہ میں منگل کے دن سے عوام کو ویکسین دینے کی مہم شروع ہو رہی ہے۔

[pullquote]بحیرہ روم میں کشیدگی، یورپی یونین کے وزرائے خارجہ کا ردعمل[/pullquote]

جرمن وزیر خارجہ ہائیکو ماس نے کہا ہے کہ یورپی یونین کے وزرائے خارجہ کی میٹنگ میں مشرقی بحیرہ روم میں ترکی کی وجہ سے پیدا شدہ کشیدگی پر بات کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ اس تناظر میں انقرہ حکومت کے خلاف اقدامات بھی زیر غور لائے جائیں گے۔ ماس کے بقول گزشتہ کچھ ماہ کے دوران جرمنی نے کوشش کی کہ اس معاملے پر ترکی اور یورپی یونین کے مابین مصالحت ممکن بنائی جائے تاہم ترکی، یونان اور قبرض کے آپس کے تناؤ کے باعث کوئی پیشرفت نہیں ہو سکی۔ یہ دو روزہ آن لائن میٹنگ پیر سے شروع ہو رہی ہے۔

[pullquote]اسرائیل اور متحدہ عرب امارات کے میڈیا ہاؤسز کے مابین تعاون[/pullquote]

اسرائیلی براڈ کاسٹر i24NEWS اور متحدہ عرب امارات کے میڈیا گروپ ’ابو ظہبی میڈیا‘ نے تعاون کی ایک ڈیل کو حتمی شکل دے دی ہے۔ یوں یہ دونوں اپنا مواد ایک دوسرے کے چینلز پر چلانے کے مجاز ہو جائیں گے۔ اہم معاملات پر یہ دونوں پارٹنر گروپس مشترکہ رپورٹنگ بھی کریں گے۔ اس میڈیا گروپ کے سربراہان نے اس تعاون کو اسرائیل اور مشرق وسطیٰ کے مابین بہتر تعلقات کی ضمانت سے تعبیر کیا ہے۔ متحدہ عرب امارات نے حال ہی میں اسرائیل کے ساتھ سفارتی تعلقات قائم کیے ہیں۔

[pullquote]ٹریڈ مذاکرات میں ابھی تک کوئی ڈیل نہیں ہو سکی، یورپی مذاکرات کار[/pullquote]

یورپی یونین کے بریگزٹ چیف مذاکرات میشل بارنيئر نے پیر کی صبح کہا ہے کہ برطانیہ کے ساتھ ٹریڈ مذاکرات میں ابھی تک کوئی ڈیل نہیں ہو سکی ہے۔ ان مذاکرات میں ماہی گیروں کے حقوق سمیت تین اہم نکات پر ابھی تک کوئی سمجھوتہ نہیں ہو پایا ہے۔ بارنيئر برسلز میں آج برطانوی مذاکرات کار ڈیوڈ فراسٹ کے ساتھ بند کمرے میں مذاکرات کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔ اس سلسلے میں آج شام ہی برطانوی وزیر اعظم بورس جانسن یورپی کمیشن کی صدر اورزولا فان ڈیرلائن سے ٹیلی فون پر رابطہ کریں گے۔

[pullquote]جنوبی یمن میں پانچ علیحدگی پسند ہلاک[/pullquote]

جنوبی یمن میں القاعدہ نیٹ ورک کے مشتبہ جنگجوؤں نے پانچ علیحدگی پسندوں کو ہلاک کر دیا ہے۔ اس ریجن میں کئی ماہ بعد اس انتہا پسند گروپ کی طرف سے یہ سب سے بڑا حملہ ہے۔ خبر رساں اداروں نے باوثوق ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ لودر سٹی کے نواح میں جنوبی عبوری کونسل کے پانچ علیحدگی پسندوں کو فائرنگ کر کے ہلاک کیا گیا ہے۔ القاعدہ کے جنگجو اس علاقے میں فعال ہیں۔

[pullquote]اںڈونیشیا، پولیس کے ساتھ جھڑپ میں چھ جنگجو ہلاک[/pullquote]

انڈونیشیا میں سخت گیر مذہبی رہنما محمد رزق شہاب کے جنگجوؤں اور سکیورٹی فورسز کے مابین ایک جھڑپ کے نتیجے میں چھ مشتبہ جنگجو مارے گئے ہیں۔ پیر کی صبح جکارتہ پولیس کے چیف فاضل عمران نے بتایا کہ یہ جھڑپ دارالحکومت کی ایک ہائی وے پر گزشتہ رات کو اس وقت ہوئی، جب پولیس نے تلاشی لینے کے لیے ایک کار کو روکنے کی کوشش کی۔ مذہبی رہنما شہاب گزشتہ کچھ سالوں سے سیاسی اثرورسوخ بھی حاصل کر چکے ہیں۔ حالیہ عرصے میں انہوں نے ملک کے کووڈ پابندیوں کی خلاف ورزی کرتے ہوئے مذہبی اجتماعات بھی منعقد کیے ہیں۔

[pullquote]وینزویلا پارلیمانی الیکشن، مادورو کا سیاسی اتحاد ’فاتح‘[/pullquote]

وینيزویلا کے صدر نکولاس مادورو کے سیاسی اتحاد نے کانگریس کے الیکشن میں بھاری اکثریت حاصل کرنے کا دعویٰ کر دیا ہے۔ مقامی میڈیا کے مطابق مادورو کی یونائٹیڈ سوشلسٹ پارٹی اور اس کے اتحادیوں نے قومی اسمبلی میں سڑسٹھ نشستوں پر کامیابی حاصل کی ہے۔ اپوزیشن کی اہم پارٹیوں نے اتوار کو ہوئے اس الیکشن کا بائیکاٹ کیا تھا۔ عالمی سطح پر اس انتخابی عمل کی شفافیت کو تنقید کا نشانہ بھی بنایا جا رہا ہے۔ ناقدین کے مطابق اس جیت سے مادورو کی ملک میں سیاسی گرفت مزید مضبوط ہو جائے گی۔

[pullquote]برطانیہ میں کووڈ انیس کی ویکسین کی مہم[/pullquote]

برطانیہ میں عوام کو بڑے پیمانے پر کووڈ ویکسین دیے جانے کی مہم رواں ہفتے شروع ہو رہی ہے۔ عوامی سطح پر اس ویکسین کے حوالے سے پائے جانے والے خدشات کے باعث حکومت کوشش میں ہے کہ لوگوں میں اس کی افادیت اور درست ہونے کے بارے میں آگاہی پیدا کرنے کی کوشش میں ہے۔ محققین کے مطابق یہ ویکسین پچانوے فیصد تک کارآمد ہے۔ ادھر امریکا میں نو منتخب صدر جو بائیڈن نے بھی اس ویکسین کا دفاع کیا ہے۔ ساتھ ہی انہوں نے کہا ہے کہ عوام سو دن تک ماسک ضرور پہنیں۔

[pullquote]ٹرمپ کے بعد امریکا کے ساتھ تعلقات بہتر ہو سکتے ہیں، اعلیٰ چینی سفارتکار[/pullquote]

چین کے سینیئر سفارتکار وانگ ژی نے امریکا کے ساتھ باہمی تعلقات میں بہتری کی امید ظاہر کی ہے۔ پیر کے دن بیجنگ میں انہوں نے کہا کہ امریکا میں انتظامیہ کی تبدیلی سے واشنگٹن کی چین کی طرف پالیسی ’ایک مرتبہ پھر غیرجانبدارنہ‘ ہو سکتی ہے۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے دور اقتدار میں ان دونوں ممالک کے باہمی تعلقات انتہائی کشیدہ ہو چکے ہیں۔ امریکا اور چین کے مابین ’تجارتی جنگ‘ کی وجہ سے عالمی اقتصادیات پر بھی گہرے اثرات مرتب ہوئے ہیں۔

[pullquote]یورپ میں نومبر ریکارڈ حد تک گرم ترین رہا[/pullquote]

یورپی یونین سٹیلائٹ مانیٹرنگ سروس کے مطابق رواں برس نومبر کا مہینہ یورپ کی تاریخ میں ریکارڈ حد تک گرم ثابت ہوا ہے۔ کوپرنیکس کلائمٹ سروس نامی تجزیاتی سروس کے مطابق گزشتہ تین برسوں کے اوسط درجہ حرارت کے مقابلے میں اس ماہ کے دوران درجہ حرارت صفر اعشاریہ آٹھ فیصد تک زیادہ گرم رہا جبکہ گزشتہ ریکارڈ کے مطابق یہ صفر اعشاریہ ایک فیصد زیادہ بنتا ہے۔

[pullquote]گھانا میں صدارتی الیکشن[/pullquote]

گھانا میں پیر کے دن صدارتی انتخابات کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔ اس معرکے میں صدر نانا اکوفو آڈو اور ان کے مرکزی حریف اور سابق صدر جان ماہاما کے مابین کانٹے دار مقابلے کی توقع کی جا رہی ہے۔ اس الیکشن میں دونوں اہم امیدواروں کی طرف سے اقتصادی ایجنڈے پر توجہ مرکوز کی گئی ہے۔ اس الیکشن میں مجموعی طور پر بارہ امیدوار میدان میں ہیں تاہم عوامی جائزوں کے مطابق زیادہ تر ووٹر ماہاما اور اکوفو آڈو کو ہی ووٹ دیں گے۔

[pullquote]جرمنی میں اقتصادی ترقی میں متواتر اضافہ[/pullquote]

جرمنی میں اکتوبر کی متوقع صنعتی پیدوار امیدوں سے کہیں بہتر ثابت ہوئی ہے۔ پیر کے دن جاری کردہ ریکارڈ کے مطابق کووڈ پابندیوں کے باوجود یہ پیشرفت قابل ستائش ہے۔ اعدادوشمار کے مطابق اس ماہ انڈسٹریل پروڈکشن میں 3.2 فیصد کا اضافہ ہوا، جس میں کار ساز صنعت کا بڑا کردار رہا۔ جرمنی میں گزشتہ چھ ماہ سے صںعتی پیداوار میں بہتری نوٹ کی جا رہی ہے۔ رواں سال کی تیسری سہ ماہی میں جرمن معشیت میں آٹھ اعشاریہ پانچ فیصد کا ریکارڈ اضافہ ہوا ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے