منگل : 08 دسمبر 2020 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]برطانيہ ميں کورونا ويکسين کی مہم شروع[/pullquote]

مارگريٹ کينان نامی ايک نوے سالہ برطانوی خاتون مغربی ممالک ميں ايسی پہلی خاتون بن گئی ہيں، جنہيں کورونا سے بچاؤ کی ويکسين دی گئی۔ کينان کو کوونٹری کے ايک ہسپال ميں منگل کی صبح ويکسين دی گئی۔ برطانيہ میں آج سے کورونا ويکسين کی مہم شروع ہو گئی ہے۔ اس مناسبت سے آج کے دن کو ’وی ڈے‘ کہا جا رہا ہے۔ پہلے مرحلے ميں اسّی سال سے زائد عمر کے افراد اور طبی عملے کے ارکان کو يہ ويکسين فراہم کی جا رہی ہے۔ برطانوی طبی اتھارٹی نے گزشتہ ہفتے جرمن دوا ساز کمپنی بيون ٹيک اور امريکی کمپنی فائزر کے اشتراک سے بننے والی ويکسين کی منظوری دی تھی۔ اس ملک ميں اب تک سولہ لاکھ سے زائد افراد کورونا سے متاثر ہو چکے ہيں جبکہ اکسٹھ ہزار افراد ہلاک بھی ہو چکے ہيں۔

[pullquote]کورونا وائرس کے متاثرين کی عالمی تعداد اب 67.5 ملين[/pullquote]

دنيا بھر ميں کورونا وائرس کے متاثرين کی تعداد اب تقريباً 67.5 ملين ہو گئی ہے جبکہ ڈيڑھ ملين سے زائد افراد اس وبائی مرض کی وجہ سے ہلاک بھی ہو چکے ہيں۔ تازہ اعداد و شمار کے مطابق امريکا 14.9 ملين، بھارت 9.7 ملين اور برازيل 6.6 ملين متاثرين کے ساتھ اس عالمی وبا سے سب سے زيادہ متاثرہ ممالک ہيں۔ دوسری جانب ساڑھے تينتاليس ملين سے زائد افراد اس وبائی مرض ميں مبتلا ہونے کے بعد صحت ياب بھی ہو چکے ہيں۔

[pullquote]شام کی حمايت جاری رہے گی، حسن روحانی[/pullquote]

ايرانی صدر حسن روحانی نے کہا ہے کہ ان کے ملک کی جانب سے شام کی حمايت جاری رہے گی۔ صدر روحانی نے دمشق حکومت پر زور ديا کہ مقبوضہ گولان کی پہاڑيوں ميں اسرائيل کے خلاف مزاحمتی تحريک جاری رکھی جائے۔ انہوں نے يہ بات شامی وزير خارجہ فيصل مقداد کے ساتھ تہران ميں ايک ملاقات کے دوران کہی۔ نومبر ميں دوبارہ عہدہ سنبھالنے کے بعد مقداد کا يہ ايران کا پہلا دورہ ہے۔ ايران نے ايک عرصے سے شام کی عسکری حمايت جاری رکھی ہوئی ہے، جس پر مغربی ممالک کو شديد تحفظات ہيں۔

[pullquote]برطانيہ اور يورپی يونين کے مابين آزاد تجارت کا معاہدہ شديد مشکلات ميں[/pullquote]

برطانيہ کی يورپی يونين سے عليحدگی کے بعد آزاد تجارت کے معاہدے کو حتمی شکل دينے کے ليے مذاکراتی عمل شديد مشکلات کا شکار ہے۔ جرمن وزير برائے يورپی امور ميشائل روتھ نے منگل کو بتايا کہ بلاک اور برطانيہ کے مابين اب بھی کئی کليدی معاملات پر شديد اختلافات برقرار ہيں اور سمجھوتے کی کوئی گنجائش دکھائی نہيں دے رہی۔ برطانوی وزير اعظم بورس جانسن آئندہ چند دنوں ميں برسلز کا دورے کرنے والے ہيں، جہاں وہ يورپی کميشن کی سربراہ ارژولا فان ڈيئر لائن سے بات چيت کريں گے۔ کسی ڈيل کو حتمی شکل دينے کے ليے فريقين کے پاس لگ بھگ تين ہفتوں کا وقت ہے بصورت ديگر دونوں کاروباری نظام درہم برہم ہو جانے کا خطرہ ہے۔

[pullquote]بھارت ميں کسانوں کا بڑا احتجاج اور ہڑتال[/pullquote]

بھارت ميں آج کسانوں نے ملک گير سطح پر ہڑتال کر رکھی ہے۔ پنجاب اور ہريانہ کے لاکھوں کسانوں نے کئی دنوں سے دارالحکومت کے نواح ميں سڑکوں پر دھرنا دے رکھا ہے۔ منگل کو مشرقی اور شمالی رياستوں کے ہزاروں کسان بھی اس تحريک ميں شامل ہو گئے اور انہوں نے کئی علاقوں ميں شاہراہيں بلاک کر ديں۔ کسانوں اور حکومت کے مابين مذاکرات کا اگلا دور کل بدھ کو ہونا ہے۔ زرعی شعبے ميں وسيع تر اصلاحات کے بعد بھارت ميں کسان سراپا احتجاج ہيں۔ حکومت کا موقف ہے کہ اصلاحات کسانوں کے مفاد ميں ہيں جبکہ کسان کہتے ہيں کہ ان کی وجہ سے انہیں بڑی بڑی کارپوريشنوں کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا جائے گا۔

[pullquote]کرائسٹ چرچ حملوں کو روکنا نا ممکن تھا، انکوائری رپورٹ[/pullquote]

نيوزی لينڈ کے شہر کرائسٹ چرچ ميں دو مساجد پر گزشتہ برس مارچ ميں ہونے والے دہشت گردانہ حملے کو روکنا نا ممکن تھا۔ اس سلسلے ميں آج بروز منگل رائل کميشن کی جانب سے ايک تفصيلی رپورٹ پيش کی گئی، جس ميں انٹيليجنس سروس کی کو تاہياں تسليم کی گئيں مگر رپورٹ اس نتيجے پر پہنچی کہ حملے کو روکنا نا ممکن تھا۔ يہ انکوائری رپورٹ آٹھ سو صفحات پر مشتمل ہے۔ رپورٹ ميں يہ بھی کہا گيا ہے کہ اس حملے سے قبل انٹيليجنس حکام نے اسلامی شدت پسندی پر تو کافی توجہ دی مگر دائيں بازو کی انتہا پسندی پر دھيان نہ ديا۔ کرائسٹ چرچ کے اس حملے ميں اکاون مسلمان ہلاک ہو گئے تھے۔

[pullquote]ماؤنٹ ايورسٹ کی اونچائی پہلے سے لگائے گئے اندازوں سے زيادہ[/pullquote]

دنيا کے سب سے بلند پہاڑ ماؤنٹ ايورسٹ کی اونچائی پہلے سے لگائے گئے اندازوں سے زيادہ ہے۔ کئی دہائيوں سے جاری بحث و مباحثے کے بعد چين اور نيپال نے بالآخر منگل کو اس بات پر اتفاق کيا کہ اس پہاڑ کی اصل اونچائی 29,031 فٹ ہے۔ يہ پيمائش پہلے سے لگائے گئے اور تسليم شدہ نيپالی اندازوں سے چھياسی سينٹی ميٹر زائد جب کہ چين کی بتائی ہوئی بلندی سے چار ميٹر زائد ہے۔ کھٹمنڈو ميں منعقدہ پريس کانفرنس ميں دونوں ملکوں کے نمائندگان نے اس امرکی تصديق کی۔

[pullquote]مذہبی آزادی، نائجيريا بھی امريکی بليک لسٹ ميں شامل[/pullquote]

امریکا نے مذہبی آزادی کے حوالے سے نائیجیریا کو بھی بلیک لسٹ میں شامل کر لیا ہے جبکہ اس فہرست میں چین، سعودی عرب اور پاکستان کا نام پہلے سے ہی شامل ہے۔ نائجيريا کی اس فہرست ميں شموليت کا فيصلہ پير کو کيا گيا۔ امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو کا کہنا ہے کہ اس مغربی افریقی ملک ميں مذہبی آزادی کی صورتحال کے حوالے سے تشویش پائی جاتی ہے۔ امریکی قوانین کے مطابق جن ممالک کو مذہبی آزادی کے لیے بلیک لسٹ کیا گیا ہو انہیں اسے بہتر کرنے کی ضرورت ہوتی ہے ورنہ امریکی امداد ختم کرنے کے ساتھ ساتھ ان پر پابندیاں بھی عائد کی جا سکتی ہیں۔

[pullquote]لاکھوں اسمارٹ ڈيوائسز کو ہيکنگ کا خطرہ لاحق، تحقيق[/pullquote]

ايک نئی تحقيق ميں يہ بات سامنے آئی ہے کہ اس وقت دنيا بھر ميں لاکھوں اسمارٹ ڈيوائسز کو ہيکنگ کا خطرہ لاحق ہے۔ امريکی سائبر سکيورٹی ايجنسی کے مطابق لاکھوں اسمارٹ ڈيوائسز ميں زير استعمال سافٹ ويئر ان ڈيوائسز کو دوسری ڈيوائسز کے ساتھ رابطے ميں رکھتا ہے اور ہيکرز اس کا فائدہ اٹھا سکتے ہيں۔ ايسے مسائل عموماً اوپن سورس سافٹ ويئر کی وجہ سے سامنے آتے ہيں اور حکام کا کہنا ہے کہ ان کا انسداد ايک بہت مشکل عمل ہے۔ تقريباً ڈيڑھ سو مينوفيکچررز کی مصنوعات اس صورتحال سے متاثر ہيں۔ ماہرين نے خبردار کيا ہے کہ ہيکرز اس صورتحال کا فائدہ اٹھاتے ہوئے نہ صرف لوگوں کے ذاتی ڈيٹا تک رسائی حاصل کر سکتے ہيں بلکہ اہم سروسز کی فراہمی ميں بھی خلل پیدا کر سکتے ہيں۔

[pullquote]بشکریہ ڈی ڈبلیو نیوز[/pullquote]

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے