بدھ : 09 دسمبر 2020 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]کورونا وائرس، میرکل کا سخت حفاظتی اقدامات پر اصرار[/pullquote]

جرمن چانسلر انگیلا میرکل نے کووڈ انیس کے پھیلاؤ کو روکنے کی خاطر سخت حکومتی اقدامات کا دفاع کیا ہے۔ بدھ کے دن پارلیمانی خطاب میں انہوں نے کہا کہ کرسمس اور سال نو کے موقع پر مزید سخت پابندیاں عائد کرنے کی ضرورت ہے۔ اپنے خطاب میں عوامیت پسند اپوزیشن کے تحفظات کو مسترد کرتے ہوئے انہوں نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کی خاطر حکومتی اقدامات درست ہیں۔ نئے اعداد وشمار کے مطابق جرمنی میں کووڈ کی وجہ سے یومیہ ہونے والی ہلاکتیں ریکارڈ سطح پر پہنچ چکی ہیں۔

[pullquote]سرپا احتجاج کسانوں کی طرف سے نئی دہلی کا محاصرہ جاری[/pullquote]

بھارت میں حکومت کے متنازعہ زرعی قوانین کے خلاف کسانوں کے احتجاج کا آج چودہواں دن ہے۔ فریقین اپنے اپنے موقف پر مُصر ہیں جس کی وجہ سے مذاکرات پانچ ادوار کے بعد بھی تعطل کا شکار ہیں۔ کسان مجوزہ قوانین کو مکمل طور پر مسترد کر چکے ہیں جب کہ حکومت کا کہنا ہے کہ ان قوانین میں بعض ترامیم ممکن ہیں۔ سرد موسم کے باوجود گزشتہ چودہ دنوں سے یہ کسان دہلی کے سرحدی علاقوں میں دھرنا دیے بیٹھے ہیں۔ انہوں نے قومی دارالحکومت میں داخل ہونے والے تقریباً تمام سرحدوں کا محاصرہ کر رکھا ہے۔ اس دوران کم ازکم پانچ کسان ہلاک بھی ہو چکے ہیں۔

[pullquote]نیا فرانسسی قانون امتیازی ثابت ہو سکتا ہے[/pullquote]

فرانسیسی حکومت بنیاد پرست اسلامی طرز عمل کو کنٹرول کرنے کی خاطر ایک مسودہ قانون پارلیمنٹ میں پیش کرنے والی ہے۔ اس مجوزہ قانون کے تحت فرانس میں انتہا پسندانہ نظریات کو فروغ دینے والی مساجد اور تنظیموں کی نگرانی بھی ممکن ہو جائے گی۔ ناقدین کا خیال ہے کہ اس قانون سازی سے فرانس میں آباد مسلمان مزید امتیازی سلوک کا نشانہ بنیں گے۔ تاہم صدر ایمانوئل ماکروں کی حکومت نے اس تاثر کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ نئی قانون سازی ’اسلامو فوبیا‘ کا نتیجہ نہیں ہے۔ فرانس میں متعدد دہشت گردانہ حملوں کے بعد اس قانون کو ترتیب دیا گیا ہے۔

[pullquote]پوسٹ بریگزٹ ڈیل، جانسن آج برسلز جائیں گے[/pullquote]

برطانوی وزیر اعظم بورس جانسن یورپی کمیشن کی صدر اورزولا فان ڈیئر لائن سے پوسٹ بریگزٹ ڈیل پر مذاکرات کے لیے آج برسلز جائیں گے۔ ای یو تجارتی قوانین کو حتمی شکل دینے کی ڈیڈ لائن اکتیس دسمبر ہے، تاہم ابھی تک آٹھ ماہ کے طویل مذاکراتی عمل کے بعد بھی اس معاملے پر فریقین کے مابین کوئی سمجھوتہ نہیں ہو سکا ہے۔ ماہی گیری کے حقوق، بزنس میں مقابلے کے قوانین اور بریگزٹ ڈیل کے اطلاق پر ابھی تک لندن اور برسلز کے مابین مذاکرات تعطل کا شکار ہیں۔ مبصرین کے مطابق اس ڈیل کو حتمی شکل دینے کے لیے جانسن کو سمجھوتہ کرنا پڑے گا۔

[pullquote]فرانس میں ہیلی کاپٹر کا حادثہ، پانچ افراد ہلاک[/pullquote]

فرانس میں ایک امدادی ہیلی کاپٹر الپس کے پہاڑی سلسلے میں گر کر تباہ ہو گیا، جس کے نتیجے میں پانچ افراد ہلاک جبکہ ایک شدید زخمی ہو گیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ حادثے کا شکار ہونے والا ہیلی کاپٹر تربیتی مشن پر تھا۔ حکام کے مطابق اس حادثے کی خبر ملتے ہی تین ہیلی کاپٹر جائے وقوعہ روانہ کر دیے گئے لیکن خراب موسم اور گھنے کہرے کے سبب امدادی آپریشن میں مشکلات کا سامنا ہے۔

[pullquote]افغانستان میں شہری ہلاکتوں میں اضافہ نہیں ہوا: امریکی فوج[/pullquote]

افغانستان میں متعین امریکی فوج نے اس متنازعہ رپورٹ کو مسترد کر دیا ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ امریکی فضائیہ کے حملوں کے نتیجے میں شہری ہلاکتوں میں اضافہ ہوا ہے۔ برون یونیورسٹی کی ایک رپورٹ کے مطابق سن دو ہزار سولہ تا انیس کے مقابلے میں رواں برس سالانہ بنیادوں پر ہونے والی شہری ہلاکتوں میں تین سو تیس کا اضافہ ہوا ہے۔ دعویٰ کیا گیا ہے کہ افغانستان سے امریکی افواج کے انخلا کے اعلان کے بعد سے شہری ہلاکتوں میں اضافہ نوٹ کیا جا رہا ہے۔ تاہم امریکی کرنل سونی لیگٹ نے اس رپورٹ کو ’یک طرفہ‘ قرار دے دیا ہے۔

[pullquote]اقتدار کے پہلے سو دنوں میں ایک سو ملین امریکیوں کو ویکسین دی جائے گی، بائیڈن[/pullquote]

نومنتخب امریکی صدر جو بائیڈن نے کہا ہے کہ وہ اپنے اقتدار کے پہلے سو دنوں کے دوران ایک سو ملین امریکیوں تک کووڈ انیس کی ویکسین کی فراہمی ممکن بنائیں گے۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک صدارتی حکم نامے کے تحت اس امر کو یقینی بنایا ہے کہ امریکیوں کو ترجیحی بنیادوں پر یہ ویکسین فراہم کی جائے۔ ادھر برطانیہ میں کووڈ انیس کے خلاف عوامی ویکسینیشن مہم کا آغاز ہو گیا ہے۔ گزشتہ روز برطانوی وزیر اعظم کی موجودگی میں ایک اسی سالہ بزرگ خاتون کو ویکسین کا ٹیکہ لگا کر اس عوامی مہم کا آغاز کیا گیا۔ دیگر ممالک بھی اس ویکسین کے حصول کی کوششوں میں ہیں۔

[pullquote]اسرائیل کو فائزر کی کووڈ ویکسین بدھ کو موصول ہوگی[/pullquote]

اسرائیلی وزیر اعظم بینجمن نیتن یاہو نے کہا ہے کہ امریکی دوا ساز کمپنی کی طرف سے کووڈ انیس کی ویکیسن کی پہلی کھیپ بدھ کو اسرائیل پہنچ جائے گی۔ ویکسین بنانے والی کمپنیوں فائزر اور بائیو ٹیک نے کہا ہے کہ اسرائیل کو آٹھ ملین ویکسینز مہیا کی جا رہی ہیں۔ اسرائیل کی آبادی نو ملین ہے اور وہاں کووڈ سے متاثرہ افراد کی مصدقہ تعداد تقریبا ساڑھے تین لاکھ ہے۔ اسرائیل میں اس عالمی وبا کے نتیجے میں ہلاک شدگان کی تعداد دو ہزار نو سو پچیس ہے۔

[pullquote]نتائج کی تیاری میں دھاندلی سے باز رہا جائے، گھانا کے اپوزیشن صدارتی امیدوار[/pullquote]

گھانا کے اپوزیشن رہنما اور صدارتی امیدوار جان ماہاما نے صدر نانا اکوفو اڈو کو خبردار کیا ہے کہ صدارتی و پارلیمانی انتخابات کے نتائج کی تیاری کے دوران دھاندلی کی کوشش نہ کی جائے۔ عالمی مبصرین نے رواں ہفتے پیر کو ہوئے اس الیکشن کو شفاف قرار دیا ہے۔ سابق صدر ماہاما کی طرف سے اس بیان کے بعد اس افریقی ملک میں سیاسی درجہ حرارت بڑھ گیا ہے۔ ادھر الیکشن کمیشن نے عوام سے کہا ہے کہ نتائج کی حتمی تیاری تک تحمل سے کام لیا جائے۔

[pullquote]چینی کووڈ ویکسین چھیاسی فیصد تک مؤثر ہے، متحدہ عرب امارات[/pullquote]

متحدہ عرب امارات کی حکومت نے کہا ہے کہ کووڈ انیس کی چینی ویکسین چھیاسی فیصد تک مؤثر ثابت ہوئی ہے۔ متحدہ عرب امارات میں ایک سو پچیس ممالک سے تعلق رکھنے والے اکتیس ہزار افراد کو رضاکارانہ بنیادوں یہ ویکسین دی جا چکی ہے۔ ان کی عمریں اٹھارہ تا ساٹھ برس کے درمیان ہیں۔ محکمہ صحت نے بتایا ہے کہ اس ویکسین کا کوئی شدید ردعمل نوٹ نہیں کیا گیا ہے۔ دبئی کے حکمران شیخ محمد بن رشید نے بھی رضاکارانہ طور پرخود کو اس ویکسین کے لیے پیش کیا تھا۔

[pullquote]آسٹریلیا میں سفید فام برتری کا حامل انتہا پسند گرفتار[/pullquote]

آسٹریلوی پولیس نے وسیع پیمانے پر حملوں کی منصوبہ سازی کے شبے میں ایک اٹھارہ سالہ نوجوان کو حراست میں لے لیا ہے۔ سڈنی کی پولیس نے بدھ کو بتایا کہ دائیں بازو کے نظریات سے متاثر یہ شخص بڑے پیمانے پر حملوں کا ارادہ رکھتا تھا۔ بتایا گیا ہے کہ یہ نوجوان سفید فام برتری اور نیو نازی خیالات سے متاثر ہے اور اس نے اس امر کا اعتراف بھی کر لیا ہے۔ آسٹریلوی خفیہ ادارے ملک میں دائیں بازو کی انتہا پسندی میں اضافے کے حوالے سے کئی بار خبردار کر چکے ہیں۔

[pullquote]ڈیوڈ وارنر انجری کے باعث پہلے ٹیسٹ سے باہر[/pullquote]

آسٹریلوی قومی کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز بلے باز ڈیوڈ وارنر انجری کے باعث بھارت کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں شرکت نہیں کر سکیں گے۔ اس پیش رفت کو آسٹریلوی ٹیم کے لیے ایک دھچکا قرار دیا جا رہا ہے۔ آسٹریلوی کرکٹ بورڈ نے البتہ اس امید کا اظہار کیا ہے کہ چونتیس سالہ اوپنر وارنر اس پانچ ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے سلسلے میں کھیلے جانے والے دوسرے میچ میں ٹیم کا حصہ بن سکیں گے۔ ڈیوڈ وانر اس وقت اپنی بہترین فارم میں۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے