ہفتہ : 12 دسمبر 2020 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]امریکا میں فائزر اور بائیو این ٹیک کی کورونا ویکیسن کے استعمال کی اجازت[/pullquote]

امریکا میں فائزر اور بائیو این ٹیک کی کورونا ویکیسن کے استعمال کی اجازت دے دی گئی ہے۔ جمعے کی شب امریکی محکمہ برائے ادویات و خوراک کی جانب سے جرمن ادارے بائیواین ٹیک اور امریکی ادارے فائزر کی مشترکہ کورونا ویکسین کے استعمال کی اجازت دی گئی۔ صدر ٹرمپ نے اسے ایک ’طبی معجزہ‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ویکسینیشن کا عمل 24 گھنٹوں کے اندر اندر شروع ہو جائے گا۔ واضح رہے کہ امریکا کورونا وائرس سے بدترین متاثرہ ملک ہے، جہاں اس وائرس کے نتیجے میں تین لاکھ افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

[pullquote]بھارت میں کسانوں کے احتجاج میں شدت، بعض مقامات پر جھڑپیں[/pullquote]

بھارت میں نئے زرعی قوانین کے خلاف احتجاج کرنے والے کسانوں نے دارالحکومت نئی دہلی سے ملحق چند مزید سڑکیں بلاک کر دی ہیں۔ گزشتہ دو ہفتوں سے جاری یہ احتجاج اب شدت پکڑتا جا رہا ہے۔ نئی دہلی کو آگرہ سے ملانے والی سڑک کو بحال رکھنے والی مرکزی سڑک کو کھلا رکھنے کے لیے پولیس کی بھاری نفری متحرک ہے۔ بتایا گیا ہے کہ ایکسپریس وے سے چند کسانوں کو حراست میں بھی لیا گیا ہے۔ اطلاعات ہیں کہ دو مقامات پر کسانوں نے ٹول بوتھ پر قبضہ کر لیا ہے اور گاڑیوں اور ٹرکوں کو بغیر فیس گزرنے دے رہے ہیں۔

[pullquote]ہانگ کانگ میڈیا شخصیت اور چین کے ناقد عدالت میں[/pullquote]

ہانگ کانگ کے میڈیا ٹائیکون اور بیجنگ حکومت کے ناقد جمی لائی کو ہفتے کے روز نئے قومی سلامتی قوانین کے تحت عدالت میں پیش کیا گیا۔ ان پر الزام ہے کہ انہوں نے ہانگ کانگ اور چین میں مختلف طبقات کو غیرملکی ایماء پر مظاہروں کے لیے اکسایا۔ 73 سالہ لائی اس شہر کی جمہوریت کی تحریک کے خلاف چینی کریک ڈاؤن کا نشانہ بننے والی سب سے اہم شخصیت ہیں۔ جمعے کو پولیس نے ان کے خلاف نئے قوانین کے تحت مقدمے کا آغاز کیا تھا۔ اس قانون کے تحت الزام ثابت ہونے پر کسی شخص کو عمر قید کی سزا سنائی جا سکتی ہے۔

[pullquote]کابل ہوائی اڈے پر مارٹر حملہ، ایک شخص ہلاک[/pullquote]

افغان دارالحکومت کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر گرنے والے ایک مارٹر کے نتیجے میں ایک عام شہری ہلاک ہو گیا ہے۔ افغان وزارت داخلہ کے مطابق اس واقعے میں کم ایئر کے ایک جہاز کو بھی معمولی نقصان پہنچا ہے۔ بیان کے مطابق شہر کے شمالی حصے کے قریب ایک گاڑی سے دس شیل فائر کیے گئے۔ فی الحال اس حملے کی ذمہ داری کسی گروپ یا تنظیم نے قبول نہیں کی ہے، تاہم خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق ماضی میں دہشت گرد تنظیم داعش ایسے حملوں میں ملوث رہی ہے۔ گزشتہ ماہ اسلامک اسٹیٹ نے کابل میں دو درجن مارٹر گولے فائر کرنے کی ذمہ داری قبول کی تھی۔ اس واقعے میں آٹھ عام شہری ہلاک جب کہ 31 دیگر زخمی ہوئے تھے۔

[pullquote]پیرو نے چینی ویکیسن کے ٹرائل روک دیے[/pullquote]

پیرو میں ایک رضاکار میں کورونا ویکیسن لینے کے بعد پیدا ہونے والے اعصابی مسائل کے تناظر میں پیرو نے چین کی تیار کردہ کورونا ویکیسن کے کلینکل ٹرائلز روک دیے ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ سینو فارم کی تیار کردہ اس ویکسین کے استعمال کے بعد ایک شخص کو اپنے ہاتھوں کو حرکت دینے میں مشکل کا سامنا دیکھا گیا۔ پیرو میں نیشنل انسٹیٹیوٹ آف ہیلتھ کے چیف ریسرچر جرمن مالاگا نے صحافیوں کو بتایا کہ رضا کار میں اعصابی مسائل سامنے آنے کے بعد یہ فیصلہ کیا گیا۔ سینوفارم کی کورونا ویکیسن کے پیرو میں ٹرائلز رواں ہفتے اختتام پذیر ہونا تھے۔ واضح رہے کہ یہ ویکیسن عالمی سطح پر ارجنٹائن، روس اور سعودی عرب سمیت متعدد ممالک میں ساٹھ ہزار افراد کو دی جا چکی ہے۔

[pullquote]2015 کا پیرس حملہ، 20 افراد پر مقدمہ[/pullquote]

پیرس میں نومبر 2015 کو ہوئے خونریز دہشت گردانہ حملے کے تناظر میں 20 افراد پر مقدمے کا آغاز اگلے برس سے ہو گا۔ جمعے کے روز استغاثہ کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ ہے کہ 8 ستمبر 2021 سے شروع ہونے والے اس مقدمے میں پیرس میں متعدد مقامات پر ہوئے بدترین دہشت گردانہ حملے میں ملوث ملزمان کو عدالت میں پیش کیا جائے گا۔ یہ بات اہم ہے کہ اس حملے میں بہ راہ راست ملوث واحد زندہ ملزم صالح عبدالسلام ہے، جب کہ دیگر 19 کو لاجسٹک مدد فراہم کرنے پر مقدمے کا سامنا ہے۔

[pullquote]ایران میں اپوزیشن رہنما روح اللہ زم کو سزائے موت[/pullquote]

ایران میں ہفتے کے روز سابق اپوزیشن رہنما روح اللہ زم کو سزائے موت دے دی گئی۔ سابقہ اپوزیشن رہنما ایک مدت تک فرانس میں جلاوطنی رہے تھے اور ان پر الزام تھا کہ انہوں نے حکومت مخالف مظاہروں کو ہوا دی۔ ایران کے سرکاری ٹی وی چینل کے مطابق ’انقلاب مخالف زم‘ کو ہفتے کو پھانسی دے دی گئی۔ روح اللہ زم کو گزشتہ برس ایران کے پاسداران انقلاب نے گرفتار کیا تھا۔ زم پر الزام عائد کیا گیا تھا کہ وہ فرانسیسی خفیہ ادارے کی ہدایات پر کام کر رہے تھے۔ ان پر ایرانی قانون کے تحت سب سے سنگین ’زمین پر فساد‘ پھیلانے کا الزام عائد کیا گیا تھا۔ واضح رہے کہ ایرانی تعزیراتی قانون کے تحت یہ سب سے سنگین جرم ہے۔

[pullquote]عالمی ادارہ برائے تخفیف کیمیائی ہتھیار کی شام پر تنقید[/pullquote]

عالمی ادارہ برائے تخفیفِ کیمیائی ہتھیار نے شام پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اس نے اپنی کیمیائی ہتھیاروں کی تیاری کے ایک پلانٹ کو چھپایا اور 18 دیگر امور کا جواب نہیں دیا۔ دوسری جانب روس نے اس عالمی تنظیم کو سیاسی لڑائی میں ملوث قرار دیا ہے۔ جمعے کے روز شام کے کیمیائی ہتھیاروں سے متعلق اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے اجلاس میں عالمی ادارہ برائے تخفیفِ کیمیائی ہتھیار کے فرانانڈو آریاس نے رکن ریاستوں کو بریفنگ دی۔ اس ورچوئل اجلاس میں آریاس نے کہا کہ شامی حکومت سے کیمیائی ہتھیاروں کی تیاری کے ایک پلانٹ سے متعلق 19 معاملات پر تفصیلات طلب کی گئی تھیں، جو شامی حکومت نے مہیا نہیں کی۔ دوسری جانب دمشق حکومت نے کہا کہ اس پلانٹ میں کبھی کیمیائی ہتھیار تیار نہیں ہوئے۔

[pullquote]جنوبی کوریا میں کورونا وائرس کے کیسز کی بلند سطح[/pullquote]

جنوبی کوریا میں ہفتے کے روز کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد میں نمایاں اضافہ دیکھا گیا۔ حکام کے مطابق گزشتہ کئی روز سے نئے کورونا کیسز کی تعداد پانچ سے چھ سو کے درمیان تھی، تاہم پچھلے چوبیس گھنٹوں میں ساڑھے نو سو افراد میں اس وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔ اس سے یہ خطرات پیدا ہو گئے ہیں کہ جنوبی کوریا اس وائرس کے پھیلاؤ کے حوالے سے کنٹرول کھو سکتا ہے۔ 52 ملین نفوس کے ملک جنوبی کوریا کو اس وبا کو قابو میں رکھنے کے حوالے سے ایک مثالیہ تصور کیا جاتا ہے۔

[pullquote]مودی کا کسانوں کی بہبود کا عزم[/pullquote]

بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے ہفتے کے روز کسانوں کو یقین دلایا ہے کہ زرعی شعبے میں اصلاحات کا مقصد کسانوں کی بہبود ہے۔ نئی دہلی میں فیڈریشن آف چیمبر آف کامرس سے خطاب میں مودی نے کہا کہ نئے قوانین کا مقصد زرعی اجناس کی خرید اور ترسیل کے نظام میں بہتری لانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان اصلاحات سے زرعی شعبے میں سرمایہ کاری بڑھے گی، جس کا فائدہ لاکھوں کسانوں کو ہو گا۔ واضح رہے کہ ہزاروں بھارتی کسان نئے زرعی قوانین کے خلاف گزشتہ کئی روز سے احتجاج کر رہے ہیں۔ کسانوں کا موقف ہے کہ چاول اور گیہوں جیسی اجناس کی لازمی حکومتی خریداری کے قانون کے خاتمے سے انہیں نقصان پہنچے گا۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے