جمعہ : 17 دسمبر 2020 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]غزنی: نماز جمعہ کے بعد ختم قرآن کی محفل میں دھماکا، 15 افراد جاں بحق[/pullquote]

افغانستان میں ختمِ قرآن کی محفل میں بم دھماکے کے نتیجے میں 15افراد ہلاک اور 20زخمی ہوگئے۔افغان وزارت داخلہ کےمطابق بم دھماکا غزنی کے ضلع گیلان میں ہوا جہاں ایک گھر میں نماز جمعہ کے بعد قرآن خوانی کی محفل جاری تھی۔رپورٹس کے مطابق گھر کے باہر کھڑی موٹر سائیکل میں نصب بم پھٹنے سے 15 افراد جاں بحق جب کہ 20زخمی ہوگئے۔

[pullquote]دنیا بھر میں آج تارکین وطن کا عالمی دن منایا جارہا ہے[/pullquote]

عالمی سطح تارکین وطن کا دن منانے کا مقصد عالمی سطح پر تارک وطن افراد کے مسائل کا ازالہ کرنا اور تارک وطن افراد کی خدمات و حقوق سے متعلق آگاہی و شعور بیدار کرنا ہے۔پاکستان 80 کی دہائی سے افغان مہاجرین کا میزبان ہے اور پاکستان میں 14 لاکھ سے زائد افغان مہاجرین رجسٹرڈ جب کہ تقریباً 10 لاکھ غیر رجسٹرڈ ہیں۔

[pullquote]بھارتی فوج کی لائن آف کنٹرول پر اقوام متحدہ کی گاڑی پر فائرنگ[/pullquote]

بھارتی فوج نے لائن آف کنٹرول پر اقوام متحدہ کی گاڑی کو نشانہ بنایا ہے تاہم اس میں موجود مبصر محفوظ رہے۔انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کے مطابق بھارتی فوج نے لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر چری کوٹ سیکٹر میں بلااشتعال فائرنگ کی۔آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی فوج نے جان بوجھ کر اقوام متحدہ کی گاڑی کو نشانہ بنایا، گاڑی میں اقوام متحدہ کے دو مبصرین موجود تھے، جو پولاس گاؤں متاثرین سے ملنے جا رہے تھے۔دونوں مبصرین محفوظ رہے، دونوں کو پاک فوج نے بحفاظت راولاکوٹ منتقل کیا۔ بھارتی فوج کی فائرنگ سے اقوام متحدہ کی گاڑی کو نقصان پہنچا۔آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ یہ بات نوٹ کی جانی چاہیے کہ اقوام متحدہ کی گاڑیاں واضح طور پر دور سے بھی پہچانی جاتی ہیں۔ بھارت کی ایسی غیرقانونی کارروائیاں تمام طے شدہ بین الاقوامی اقدار کے خلاف ہیں۔

[pullquote] علی زیدی وائٹ ہاؤس ماحولیات سے متعلق ڈپٹی نیشنل ایڈوائزر مقرر[/pullquote]

پاکستانی نژاد علی زیدی کو وائٹ ہاوس کے ماحولیات سے متعلق ڈپٹی نیشنل ایڈوائزر مقرر کردیا گیا۔امریکا کے نومنتخب صدر جوبائیڈن کا کہنا ہےکہ ان کی ذہین اور تجربہ کار ٹیم پہلے روز ہی سے ماحول سے متعلق درپیش خطرات سے نمٹنا شروع کردے گی ۔پاکستانی نژاد امریکی علی زیدی نے اوباما بائیڈن انتطامیہ کو ماحولیات سے متعلق ایکشن پلان بناکرعمل کیا تھا اور پیرس معاہدے پر مذاکرات کیے گئے۔علی زیدی امریکی ریاست پینسلوانیا میں مقیم ہیں، انہوں نے ہاروڈ یونیورسٹی میں تعلیم ادھوری چھوڑ کر صدراوباما کی انتخابی مہم میں حصہ لیا تھا اور بعد میں تعلیم مکمل کی تھی۔

[pullquote]سعودی عرب ميں کورونا مہم شروع[/pullquote]

سعودی عرب ميں کورونا ويکسين کی مہم آج سے شروع ہو گئی ہے۔ الاخباريہ ٹيلی وژن پر نشر کردہ مناظر ميں ايک معمر جوڑے سميت ملکی وزير صحت کو ويکسين لگتے ہوئے دکھايا گيا۔ يہ عمل دارالحکومت رياض ميں شروع کيا گيا ہے مگر وزير صحت کے مطابق ملک بھر ميں خصوصی مراکز قائم کيے جا رہے ہيں تاکہ جلد سے جلد اور زيادہ سے زيادہ لوگوں کو يہ ويکسين دی جا سکے۔ ابتدائی مرحلے ميں ويکسين پينسٹھ برس سے زائد عمر کے افراد کو دی جا رہی ہے جبکہ دوسرے مرحلے ميں طب کے شعبے سے وابستہ افراد کو دی جائے گی اور تيسرے مرحلے ميں بيمار افراد کو دی جانی ہے۔

[pullquote]فی جی: طاقت ور سمندری طوفان ياسا کی آمد[/pullquote]

طاقت ور سمندری طوفان ياسا فیجی کے دوسرے سب سے بڑے جزيرے سے جمعرات کو ٹکرايا۔ تقريباً ساڑھے تين سو کلوميٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی ہواؤں سے متاثرہ علاقوں ميں تباہی پھيل گئی۔ کئی مکانات منہدم ہو گئے جبکہ طوفان کے ساتھ سيلابی ريلوں اور شديد بارشوں کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ محکمہ موسميات نے خبردار کيا ہے کہ ساتھ ہی دس دس ميٹر بلند لہروں کا بھی امکان ہے اور عوام کو ساحل سے دور رہنے کی ہدايات جاری کی گئی ہيں۔ جزيرے کے تقريباً پچيانوے فيصد عوام يا ساڑھے آٹھ لاکھ لوگ اس طوفان کے راستے ميں آباد ہيں۔

[pullquote]مصر کی بدنام زمانہ ’بچھو جيل‘ ميں قيديوں پر کيا گزرتی ہے؟[/pullquote]

ہيومن رائٹس واچ (HRW) نے الزام عائد کيا ہے کہ قاہرہ کے ايک بدنام زمانہ قيد خانے ميں قيديوں پر تشدد کے ليے قيد خانے کے احاطے ميں کچھ خصوصی کام کرايا گيا۔ نيو يارک سے کام کرنے والے واچ ڈاگ کے مطابق تراميم کے بعد قيديوں کو گرم پانی، بجلی اور ہوا کی مناسب گزر کے بندوبست جيسی بنيادی سہوليات سے محروم کر ديا گيا ہے، جو اجتماعی سزا کے زمرے ميں آتا ہے۔ کچھ عرصہ قبل چند قيديوں نے جيل سے فرار ہونے کی کوشش کی جسے ناکام بنانے کے ليے کيے گئے آپريشن ميں چار پوليس اہلکار ہلاک ہو گئے تھے۔ اس واقعے کے بعد سکيورٹی حکام نے تعمیراتی کمپنيوں سے رابطہ کر کے جيل کے اندر کچھ کام کرايا۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے