ہفتہ : 19 دسمبر 2020 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد ساڑھے سات کروڑ کے قریب[/pullquote]

دنیا بھر میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد ساڑھے سات کروڑ کے قریب پہنچ چکی ہے۔ عالمی سطح پر کووِڈ انیس سے ہونے والی مصدقہ ہلاکتیں بھی اب سولہ لاکھ چھیاسٹھ ہزار اسی ہو چکی ہیں۔ اس وائرس سے سب سے زیادہ متاثرہ ملک امریکا ہے جہاں مجموعی طور پر ایک کروڑ اکہتر لاکھ اکسٹھ ہزار نو سو بارہ افراد میں اس وائرس کی تشخیص ہو چکی ہے جب کہ یہاں ہونے والی مجموعی ہلاکتیں اب تین لاکھ گیارہ ہزار سے تجاوز کر چکی ہیں۔ اس فہرست میں بھارت اور برازیل دوسرے اور تیسرے نمبر پر ہیں۔

[pullquote]سوئٹزرلینڈ میں فائزر بائیو این ٹیک ویکسین کے استعمال کی اجازت[/pullquote]

ادویات کے حوالے سے سوئس منتظم ادارے سوئس میڈیک نے کووِڈ انیس سے تحفظ کے لیے فائزر اور بائیو این ٹیک کی ویکسین کے استعمال کی اجازت دے دی ہے۔ اس سے قبل برطانیہ اور امریکا میں بھی اس ویکسین کے استعمال کی اجازت دی جا چکی ہے۔ سوئس میڈیک کے مطابق ڈیٹا کے تجزیے سے واضح ہوتا ہے کہ اس ویکسین کے استعمال سے اس وائرس کے خلاف تحفظ کی شرح نوے فیصد سے زائد ہے۔

[pullquote]جنوبی ترکی میں ایک ہسپتال میں آتش زدگی، آٹھ افراد ہلاک[/pullquote]

جنوب مشرقی ترک صوبے غازیانتپ میں ایک ہسپتال کے انتہائی نگہداشت کے یونٹ میں آتش زدگی کے نتیجے میں کم از کم آٹھ افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ ترک سرکاری میڈیا کے مطابق سانکو یونیورسٹی ہسپتال کے انتہائی نگہداشت کے یونٹ میں آکسیجن کا سیلنڈر پھٹنے کی وجہ سے یہ آگ لگی۔ بتایا گیا ہے کہ ہسپتال کے اس یونٹ میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کو طبی امداد دی جا رہی تھی۔ ترک میڈیا کے مطابق آتش زدگی سے ہلاک ہونے والے افراد کی عمریں پینسٹھ سے پچاسی برس کے درمیان تھیں۔ اس حادثے کے بعد ہسپتال سے انتہائی نگہداشت کے 14 مریضوں کو دوسری جگہ منتقل کیا گیا ہے۔

[pullquote]چین میں غیرملکی سرمایہ کاروں کی نگرانی کے نئے ضوابط متعارف[/pullquote]

چین میں مختلف صنعتوں میں غیرملکی سرمایہ کاروں کو آئندہ برس سے نگرانی کے مزید سخت ضوابط کا سامنا ہو گا۔ بتایا گیا ہے کہ اس مزید سخت نگرانی کے ذریعے بیجنگ حکومت یہ بات یقنی بنائے گی کہ غیرملکی سرمایہ کاروں کی کوئی سرگرمی چین کی قومی سلامتی کے لیے مسائل پیدا نہیں کر رہی۔ نئے ضوابط کے مطابق ایسی تمام صنعتیں جن کا تعلق دفاع کے شعبے سے ہے، خود بہ خود نظرثانی کے اعمال سے گزریں گی۔ ان نئے ضوابط میں یہ بھی طے کیا گیا ہے کہ زراعت، توانائی، ٹرانسپورٹ، انٹرنیٹ اور مالیاتی خدمات سے متعلق شعبوں میں اگر کوئی غیرملکی سرمایہ کار پچاس فیصد سے زائد حصص خرید لیتا ہے، تو ایسی صورت میں بھی زیادہ سخت ضوابط کا سامنا کرنا ہو گا۔

[pullquote]قطری خیراتی ادارے کا کابل میں شاندار رہائشی منصوبہ[/pullquote]

ایک قطری خیراتی ادارہ افغان دارالحکومت کابل میں ایک سو دس ملین ڈالر کی لاگت سے ایک بڑی رہائشی عمارت تعمیر کرے گا۔ افغان وزارت برائے شہری ترقی و اراضی کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ اس رہائشی عمارت میں سات سو اڑسٹھ اپارٹمنٹس، ایک مسجد، دو اسکول، دو تجارتی مراکز اور دو یتیم خانے ہوں گے۔ اس منصوبے سے متعلق معاہدے پر ہفتے کے روز دستخط کیے گئے۔ بتایا گیا ہے کہ یہ منصوبہ کم از کم تین برس میں مکمل ہو پائے گا۔ فی الحال یہ نہیں بتایا گیا ہے کہ ان فلیٹس میں کون رہے گا۔

[pullquote]یمن میں یونٹی حکومت کا قیام[/pullquote]

یمن میں بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ حکومت اور جنوبی یمن میں متحرک علیحدگی پسندوں نے جمعے کے روز ایک نئی کابینہ تشکیل دی ہے۔ سعودی حکام کے مطابق یہ یونٹی حکومت حوثی باغیوں کے خلاف ایک مشترکہ محاذ ہو گی۔ اس نئی حکومت کو سعودی عرب کی حمایت بھی حاصل ہے۔ سعودی وزارت خارجہ نے اس پیش رفت کا خیرمقدم کیا ہے اور اسے یمنی بحران کے خاتمے اور ایک سیاسی حل کے حصول کے لیے اہم قدم قرار دیا ہے۔ واضح رہے کہ یمن سن 2014 میں دارالحکومت صنعاء پر حوثی باغیوں کے قبضے کے بعد سے اب تک بدترین بحران اور خانہ جنگی کا شکار ہے۔

[pullquote]امریکا میں کورونا وائرس کے خلاف دوسری ویکسین کے استعمال کی بھی اجازت[/pullquote]

امریکا میں جمعے کو موڈیرنا کی کووِڈ انیس ویکسین کے استعمال کی اجازت دے دی ہے۔ اس حکومتی اجازت کے ساتھ ہی کورونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثرہ امریکا میں لاکھوں افراد کو اس وائرس سے تحفظ کے لیے ویکسین لگائی جا سکے گی۔ اس سے قبل جرمن اور امریکی اشتراک عمل سے بننے والی ویکسین کے استعمال کی اجازت دی گئی تھی۔ کرسمس اور نئے سال کے موقع پر ممکنہ اجتماعات کے تناظر میں ویکسین کے استعمال کی اجازت کو ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔ ویکسین پر عوامی اعتماد کے لیے نائب امریکی صدر مائیک پینس اور نومنتخب صدر جوبائیڈن نے عوام کے سامنے یہ ویکسین لینے کا اعلان کیا ہے۔

[pullquote]امریکا پر بڑے سائبر حملے میں روس ملوث تھا، پومپیو[/pullquote]

امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے الزام عائد کیا ہے کہ متعدد امریکی حکومتی اداروں پر ہوئے تباہ کن سائبر حملے میں روس ملوث ہے۔ اس سے ایک روز قبل امریکی ٹیکنالوجی ادارے مائیکروسافٹ نے بتایا تھا کہ اسے قریب چالیس صارفین کی جانب سے مال ویئر حملے کی شکایت موصول ہوئی ہے۔ مائیک پومپیو نے ایک ٹی وی پروگرام میں بتایا کہ امریکی حکومتی نظام میں داخل ہونے کے لیے ایک تھرڈ پارٹی سافٹ ویئر کا ایک حصہ استعمال کیا گیا۔ بتایا گیا ہے کہ اس سائبر حملے سے متاثرہ 80 فیصد صارفین کا تعلق امریکا سے ہے۔

[pullquote]افغانستان میں بم دھماکا، پندرہ بچے ہلاک[/pullquote]

مشرقی افغان صوبے غزنی میں ایک بم دھماکے میں کم از کم پندرہ بچے ہلاک ہو گئے ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ جمعے کے روز ایک مذہبی اجتماع کے قریب دھماکا خیز مواد سے لدے ایک موٹر سائیکل کا استعمال کیا گیا۔ یہ بچے دھماکے کے وقت قرآن خوانی میں مصروف تھے۔ صوبائی پولیس نے اس دھماکے کی تصدیق کی ہے اور کہا ہے کہ ممکنہ طور پر اس واقعے میں طالبان ملوث تھے۔ مقامی پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ اس واقعے میں بچوں سمیت دیگر 20 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔

[pullquote]شارلی ایبدو کے سابقہ دفتر پر حملہ، فرانس میں چار پاکستانیوں پر مقدمہ[/pullquote]

فرانسیسی حکام نے چار پاکستانیوں پر چارلی ہیبدو اخبار کے سابقہ دفتر کے قریب ٹوکے سے حملہ کرنے کے الزام کے تحت مقدمے کا آغاز کر دیا ہے۔ اس حملے میں دو افراد زخمی ہو گئے تھے۔ بتایا گیا ہے کہ ان چاروں پاکستانیوں کی عمریں 17 تا 21 برس ہیں اور یہ 25 سالہ حملہ آور ظہیر حسن محمود سے براہ راست رابطے میں تھے۔ ستمبر میں ٹوکے کے وار کر کے دو افراد کو زخمی کرنے والے یہ حملہ آور گرفتار کر لیا گیا تھا۔ فرانسیسی میڈیا کے مطابق یہ تمام افراد اس حملے سے آگاہ تھے۔

[pullquote]ایڈیلیڈ ٹیسٹ، دوسری اننگز میں بھارت 36 رنز پر ڈھیر[/pullquote]

آسٹریلیا اور بھارت کے درمیان ایڈیلیڈ میں کھیلے جا رہے ٹیسٹ میچ میں آسٹریلیا نے بھارت کو دوسری اننگز میں فقط 36 رنز پر آؤٹ کر دیا۔ یوں میزبان آسٹریلیا کو یہ میچ جیتنے کے لیے صرف نوے رنز درکار تھے، جو اس نے دو وکٹوں کے نقصان پر بنا لیے۔ کسی ٹیسٹ میچ میں بھارت کا یہ آج تک کا کم ترین اسکور ہے۔ اس سے قبل بھارت کا ٹیسٹ میچ میں کم ترین اسکور انگلینڈ کے خلاف تھا، جب 1974 میں انگلینڈ نے بھارتی اننگز کو 42 رنز تک محدود کر دیا تھا۔ ٹیسٹ میچوں کی تاریخ میں آج تک کا کم ترین اسکور نیوزی لینڈ کا ہے، جو26 ہے۔ کم ترین رنز کی اننگز کا یہ ریکارڈ 1955 میں انگلینڈ کے خلاف آک لینڈ میں ہوئے ٹیسٹ میچ میں بنا تھا۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے