آج سال کی سب سے طویل رات ہوگی

کراچی: محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آج سال کی سب سے طویل رات ہوگی اور سال کا سب سے چھوٹا دن ہے۔

21 اور 22 دسمبر کی درمیانی شب طویل ترین رات ہوگی، پیر اور منگل کی درمیانی شب کا دورانیہ 13 گھنٹے اور 37 منٹ ہوگا۔ اسی طرح 21 دسمبر پیر کو سال کا سب سے چھوٹا دن ہے جس کا دورانیہ 10 گھنٹے اور 23 منٹ ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آج غروب آفتاب 5 بج کر 49 منٹ پر اور کل صبح سورج 7 بج کر 12 منٹ پر طلوع ہوگا۔

یہ موقع ہر سال دسمبر کے مہینے میں آتا ہے اور اس کی تاریخیں 20 سے 23 دسمبر تک کسی بھی دن ہوسکتی ہیں۔ اس سال یہ موقع آج رات آرہا ہے۔

وہ موقع جب شمالی نصف کرے میں سال کی طویل ترین رات ہو، اسے فلکیات کی زبان میں ’’انقلابِ سرما (winter solstice) یا ’’انقلابِ شمالی‘‘ (Northern solstice) بھی کہا جاتا ہے۔ البتہ اس حوالے سے ایک عام غلط فہمی یہ پائی جاتی ہے کہ انقلابِ سرما کے موقعے پر زمین کا سورج سے فاصلہ سب سے زیادہ ہوتا ہے لیکن ایسا نہیں ہوتا۔

اس کے برعکس، حقیقت یہ ہے کہ زمین اپنے محور پر 23.4 درجے جھکی ہوئی ہے جبکہ محوری گردش (axial rotation) کے دوران زمین کا اپنا محور بھی کسی گھومتے ہوئے لٹو کی مانند لڑکھڑاتا رہتا ہے۔ سورج کے گرد چکر لگاتے لگاتے سال میں ایک موقع ایسا آتا ہے جب شمال کی جانب زمینی محور کا انتہائی جھکاؤ سورج سے مخالف سمت میں ہوجاتا ہے۔

چونکہ زمین کی محوری گردش مسلسل جاری رہنے والا عمل ہے اس لیے یہ موقع آنے کے فوراً بعد ہی زمینی محور کا جھکاؤ واپس پلٹنے لگتا ہے یعنی زمین کے شمالی نصف کرے کا جھکاؤ ایک بار پھر سورج کی سمت ہونے لگتا ہے۔ نتیجتاً انقلابِ سرما کے فوراً بعد راتیں چھوٹی اور دن طویل ہونے لگتے ہیں۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے