بدھ : 23 دسمبر 2020 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]تین فرانسیسی پولیس اہلکار فائرنگ سے ہلاک[/pullquote]

فرانس میں ایک مسلح شخص کی فائرنگ کے نتیجے میں تین پولیس اہلکار مارے گئے۔ یہ پولیس اہلکار گھریلو تشدد کی شکار ایک خاتون کی مدد کی کال پر وہاں پہنچے تھے۔ یہ واقعہ وسطی فرانس کے علاقے اوورنجے روہن آلپ کے ایک دور دراز گاؤں سان یوسٹ میں پیش آیا۔ فرانسیسی وزیر داخلہ کے مطابق مشتبہ مسلح حملہ آور بھی مردہ پایا گیا ہے۔ فرانسیسی صدر ایمانویل ماکروں نے پولیس کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے مرنے والے پولیس اہلکاروں کو فرانس کے ہیرو قرار دیا ہے۔

[pullquote]اسرائیلیوں کو ایک بار پھر نئی پارلیمنٹ کا انتخاب کرنا ہے[/pullquote]

اسرائیل میں بجٹ پر کسی معاہدے کی ڈیڈ لائن گزرنے کے بعد اسرائیلی پارلیمان خود بخود تحلیل ہو گئی ہے۔ وزیر اعظم بینجمن نیتن یاہو اور وزیر دفاع بینی گانٹز کا بجٹ کے تنازعہ میں کسی معاہدے پر اتفاق نہ ہو سکا۔ اسرائیلی پارلیمنٹ میں منگل کی رات اس حوالے سے سمجھوتے کی حتمی کوشش بھی ناکام ہوگئی۔ شہریوں کو اب دو سالوں میں چوتھی بار ووٹ ڈالنا ہوگا۔ نئے انتخابات 23 مارچ کو متوقع ہیں۔ کورونا بحران کے دوران انتخابات کو محفوظ طریقے سے منعقد کروانے کے بارے میں صلاح و مشورہ شروع ہو گیا ہے۔

[pullquote]فرانس نے برطانیہ کے سفر پر لگی پابندیوں میں کچھ نرمی کر دی[/pullquote]

فرانس نے برطانیہ کے سفر پر لگی سخت پابندیوں میں کچھ نرمی کر دی ہے۔ یہ پابندیاں برطانیہ میں کورونا وائرس کی نئی قسم کے پھیلنے کے بعد عائد کی گئی تھیں۔ یورپی یونین کے شہریوں کے ساتھ ساتھ برطانوی شہری یا دیگر ممالک کے ایسے شہری بھی جو یورپی یونین میں مقیم ہیں وہ آج بدھ کے روز سے برطانیہ سے فرانس کا سفر کر سکتے ہیں۔ تاہم اس کی لازمی شرط یہ ہے کہ فرانس آنے والے شہری اپنے ایسے کورونا ٹیسٹ کی ’نیگیٹیو‘ رپورٹ لے کر آئیں جو اس وائرس کی نئی قسم کا بھی پتہ چلا سکتی ہو۔ ساتھ ہی برطانیہ سے فرانس جانے والے مال بردار جہازوں کو بھی بدھ سے دوبارہ کام شروع کرنے کی اجازت دے دی گئی ہے۔ فرانس کی طرف سے سخت سفری پابندیاں دو روز قبل ہی عائد کی گئی تھیں۔

[pullquote]پوٹن کے لیے تاحیات استثنیٰ[/pullquote]

روسی صدر ولادیمیر پوٹن نے ایک نئے قانون پر دستخط کر کے کسی مجرمانہ استغاثہ کے خلاف اپنے لیے مستقل تحفظ حاصل کرلیا ہے۔ اس قانون کے مطابق، پوٹن کے علاوہ ان کے اہل خانہ کو بھی، ان کے دور اقتدار کے بعد بھی کسی طرح کی تحقیقات کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا۔ اب تک، روسی صدور کے استثنیٰ سے متعلق قانون کے تحت صرف ان کے صدارتی عہدے کی مدت کے دوران ہونے والی کارروائیوں کے معاملے پر ہی تحفظ حاصل تھا۔ مستقبل میں، تاہم سابق صدور تاحیات سزا سے مبرا رہیں گے۔ صرف غداری یا سنگین جرائم کی صورت میں ہی ان کے خلاف کارروائی کی جا سکے گی۔

[pullquote]یورپی یونین کا برطانیہ پر سفری پابندیوں میں نرمی کا مطالبہ[/pullquote]

یورپی یونین کے کمیشن نے رکن ممالک سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ برطانیہ جانے اور وہاں سے آنے والوں پر سفری پابندیوں کی سختی میں کچھ نرمی پیدا کریں۔ متعدد یورپی ممالک نے برطانیہ سے تمام تر آمد و رفت پر پابندی برطانیہ میں کورونا کی نئی قسم کے پھیلاؤ کے سبب عائد کی تھی۔ یورپی یونین کے کمیشن نے مطالبہ کیا ہے کہ ہوائی جہاز اور ٹرین کے سفر پر پابندی ختم کردی جائے تاکہ ضروری اشیا کی سپلائی میں خلل سے بھی بچا جاسکے۔ ’میوٹیشن‘ یا ’تغیر پزیری‘ کے حامل کورونا وائرس کے پھیلاؤ کی وجہ سے برطانیہ نے ہفتے کے اواخر میں اپنے کورونا اقدامات سخت کردیے تھے اور یورپی یونین کے بہت سے رکن ممالک نے برطانیہ کے ساتھ اپنی سرحدیں بند کرنے اور اپنے ہاں مسافروں کے داخلے پر پابندی کا اعلان کر دیا تھا۔

[pullquote]جرمنی میں کورونا کے سبب اموات کی شرح کا نیا ریکارڈ[/pullquote]

جرمنی میں کورونا وائرس کے سبب کسی ایک دن میں اموات کی تعداد ایک نئے ریکارڈ پر پہنچ چکی ہے۔ متعدی امراض کے جرمن تحقیقی ادارے رابرٹ کوخ انسٹیٹیوٹ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کووڈ انیس کے سبب 962 نئی اموات ہوئیں۔ اس کے علاوہ 24 ہزار 7 سو 40 نئے انفیکشن کیسز کی اطلاع ہے۔ رابرٹ کوخ انسٹیٹیوٹ نے برطانیہ میں دریافت ہونے والے نئے وائرس کے جرمنی میں پھیلاؤ کے خدشات بھی ظاہر کیے ہیں۔ اس انسٹیٹیوٹ کے سربراہ لوتھر ویلر نے برلن میں کہا ہے کہ نئے وائرس کے جرمنی میں پھیلنے کے امکانات ’بہت زیادہ‘ ہیں۔ تاہم ویکسین بنانے والی جرمن کمپنی بائیون ٹیک کے سربراہ نے امید ظاہر کی ہے کہ ان کی کمپنی کی تیار کردہ ویکسین وائرس کی تبدیل شدہ قسم کے خلاف بھی مؤثر ہو گی۔

[pullquote]روس نے کولمبیا کے دو سفارتکاروں کو ملک سے نکال دیا[/pullquote]

روس نے کولمبیا کے دو سفارتکاروں کو ناپسندیدہ قرار دیتے ہوئے ملک چھوڑنے کا حکم دیا ہے۔ روس کی وزارت خارجہ کے مطابق جنوبی امریکی ملک کولمبیا کے سفارتکاروں کو ملک چھوڑنے کا حکم دراصل جوابی کارروائی کے طور پر دیا گیا۔ کولمبیا کے حکام نے منگل کو کہا تھا کہ دو روسی سفارتکار کولمبیا سے اپنے سفارتخانے کی پوسٹ چھوڑ کر چلے گئے تھے اور وہ واپس نہ آ سکے۔ مقامی ذرائع ابلاغ کے مطابق یہ دونوں سفارتکار مبینہ طور پر جاسوسی کے عمل میں ملوث تھے۔

[pullquote]فلپائن ایئر لائنز کی لندن کے لیے پروازیں فروری تک معطل[/pullquote]

فلپائن ایئر لائنز نے لندن آنے اور جانے والی تمام پروازوں کو فروری کے آخر تک کے لیے معطل کر رہی ہے۔ اس کی وجہ برطانیہ میں کورونا وائرس کی تبدیل شدہ شکل کا پھیلاؤ ہے۔ فلپائن ایئر لائن نے کہا ہے کہ وہ کرسمس کی تعطیلات کے دوران اور اس کے بعد بھی کووڈ 19 کیسز میں ممکنہ اضافے کی روک تھام کے لیے ہر طرح کے اقدامات کی حمایت کرتی ہے۔ یاد رہے کہ فلپائن ایئر لائنز منیلا سے لندن اور لندن سے منیلا ہر ہفتہ ایک پرواز چلاتی ہے۔

[pullquote]ٹرمپ کا کورونا امدادی پیکیج پر دستخط سے انکار[/pullquote]

جلد اپنی مدت پوری کرنے والے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کورونا بحران سے نمٹنے کے لیے کانگریس کے منظور کردہ بڑے امدادی پروگرام پر دستخط کرنے سے انکار کردیا۔ ایک ٹویٹر ویڈیو میں انہوں نے اسے ’ذلت‘ قرار دیا۔ ٹرمپ نے اراکین پارلیمان اور سینیٹرز سے مطالبہ کیا کہ وہ اس پیکیج میں بہتری لائیں۔ انہوں نے بالواسطہ طور پر 900 ارب ڈالر کے اس کورونا امدادی پیکج کو ویٹو کرنے کی دھمکی بھی دی۔ منگل کی شب کانگریس نے بڑی اکثریت سے یہ امدادی پیکیج منظور کیا تھا۔ اس امدادی پيکیج کے ذريعے امريکا ميں کورونا کی وبا سے متاثرہ کاروباروں اور افراد کی مدد کی جانا ہے۔ سينيٹ ميں اس بل کے حق ميں 92 اور اس کے مخالفت میں صرف چھ ووٹ پڑے۔ نو منتخب امریکی صدر جو بائیڈن نے اعلان کیا ہے کہ وہ 2021ء کے لیے ایک اور کورونا امداد پیکیج پیش کریں گے۔

[pullquote]بریگزٹ ڈیل پر اتفاق ہنوز مشکل، برطانوی وزیر[/pullquote]

ایک برطانوی وزیر کے مطابق برطانیہ اور یورپی یونین کے مابین بریگزٹ تجارتی معاہدہ طے پانے کی کوئی صورت نظر نہیں آرہی۔ برطانیہ کے ہاؤسنگ کے وزیر رابرٹ جینرک کے مطابق تجارتی معاہدے سے متعلق چند سنگین نوعیت کے مسائل اب تک حل نہیں ہو سکے ہیں۔ یاد رہے کہ بریگزٹ ڈیل میں دیگر اقتصادی امور کے ساتھ ساتھ سب سے بڑی رکاوٹ ماہی گیروں کے حقوق کا معاملہ ہے۔ یورپی یونین اور برطانیہ کو 31 دسمبر سے قبل تجارتی معاہدہ طے کرنا ہے۔ دوسری جانب یورپی یونین کے ارکان پارلیمان کو بھی رواں سال کے اختتام سے قبل بریگزٹ تجارتی معاہدے کی توثیق کا کوئی امکان نظر نہیں آرہا ہے۔

[pullquote]روس کی طرف سے وسطی افریقہ کے لیے 300 فوجی ٹرینرز روانہ[/pullquote]

وسطی افریقی جمہوریہ میں اتوار کو ہونے والے صدارتی اور پارلیمانی انتخابات سے چند روز قبل، روس نے مزید 300 فوجی انسٹرکٹرز وہاں بھیجے ہیں۔ روسی وزارت خارجہ نے کہا کہ کریملن نے بنگوئی کی ایک درخواست پر یہ اقدام کیا ہے۔ اپوزیشن اور مسلح گروپوں نے بیرونی قوتوں کی مدد سے صورتحال کو غیر مستحکم کرنے کی کوشش کی۔ روسی فوجی تربیت کاروں کو وسطی افریقہ ایک ایسے وقت پر بھیجا گیا ہے جب وہاں حکومت کی طرف سے سابق سربراہ مملکت فرانسوا بوزیزے کے خلاف بغاوت کی منصوبہ بندی کرنے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔ بوزیزے نے تاہم اس کی تردید کی ہے۔ دریں اثناء ایک باغی گروپ نے ملک کے چوتھے سب سے بڑے شہر بامبری پر قبضہ کر لیا۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے