جمعرات : 24 دسمبر 2020 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]نائجر میں فوجی گاڑی پر حملہ، سات سکیورٹی اہلکار اور 11 حملہ آور ہلاک[/pullquote]

افریقی ملک نائجر کے مغربی حصے میں ایک فوجی گاڑی پر حملے کے نتیجے میں سات فوجی اہلکار مارے گئے ہیں۔ نائجر کی فوج کی جانب سے جاری کیے گئے بیان کے مطابق تیلابیری کے علاقے میں ’موٹر سائیکلوں پر سوار دہشت گردوں‘ نے ایک فوجی گاڑی کو نشانہ بنایا۔ بیان کے مطابق جھڑپ کے نتیجے میں سات سکیورٹی اہلکار جبکہ 11 ’ دہشت گرد’ مارے گئے۔ نائجر میں رواں اختتام ہفتہ پر صدارتی اور پارلیمانی انتخابات منعقد ہونا ہیں۔

[pullquote]تارکین وطن کی کشتی الٹنے کے سبب کم از کم 20 افراد ہلاک[/pullquote]

تیونس کے ساحل کے قریب تارکین وطن کی ایک کشتی سمندر میں الٹنے کے سبب کم از کم 20 افراد مارے گئے ہیں۔ تیونسی کوسٹ گارڈز کے مطابق اب تک 20 لاشیں سمندر سے نکالی جا چکی ہیں۔ یہ تارکین وطن غیر قانونی طور پر اٹلی پہنچنے کی کوشش میں تھے۔ یہ حادثہ آج جمعرات کی صبح پیش آیا اور مرنے والے زیادہ تر افراد کا تعلق افریقی ممالک سے تھا۔ تیونسی حکام کے مطابق پانچ دیگر افراد کو بچا لیا گیا ہے تاہم ان کی حالت تشویشناک ہے۔ ڈوبنے والی اس کشتی میں کم از کم 40 افراد سوار تھے۔

[pullquote]ایتھوپیا میں قتل عام: اینمنسٹی کی رپورٹ[/pullquote]

افریقی ملک ایتھوپیا کے مغربی حصے میں ایک سو سے زائد افراد کو قتل کر دیا گیا۔ ایمنسٹی انٹرنیشنل کے مطابق بدھ کے روز امہارا، اورومو اور شناسا قبائل کے لوگوں نے بینی شانگل گوموز کے علاقے میں مختلف دیہات پر حملے کیے۔ ایمنسٹی نے اس حملے میں بچ جانے والے پانچ لوگوں کے حوالے سے بتایا کہ لوگوں کو قتل کرنے کے علاوہ گھروں کو بھی نذر آتش کر دیا گیا۔ امہارا کے علاقے کی ایک نیوز ایجنسی نے بھی اس خبر کی تصدیق کی ہے۔

[pullquote]ٹرمپ کی ایران کو دھمکی[/pullquote]

ٹرمپ نے عراقی دارالحکومت بغداد میں قائم امریکی سفارت خانے پر راکٹ حملوں کے معاملے پر ایران کو متنبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ کسی امریکی اہلکار کی ہلاکت کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ اپنے ایک ٹوئیٹر پیغام میں ٹرمپ نے ایران کو دوستانہ مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ اگر ایک بھی امریکی اہلکار مارا گیا تو وہ ایران کو اس کا ذمہ دار ٹھہرائیں گے، اس لیے ایران اس پر غور کرے۔ ٹرمپ نے الزام عائد کیا کہ امریکی سفارت خانے پر حالیہ حملے میں استعمال ہونے والے راکٹ ایرانی ساختہ تھے۔ ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف نے اپنے ٹوئیٹر پیغام میں اسے ٹرمپ کی طرف سے ان کے اپنے ملک کے اندر تباہ کن ناکامیوں سے توجہ ہٹانے کی کوشش قرار دیا ہے۔

[pullquote]بھارتی حکومت کی طرف سے احتجاجی کسانوں کو مذاکرات کی بحالی کی پیشکش[/pullquote]

بھارتی حکومت نے گزشتہ کئی ہفتوں سے احتجاج جاری رکھے ہوئے کسانوں سے ایک بار پھر کہا ہے کہ وہ مذاکرات کی میز پر لوٹ آئیں کیونکہ حکومت ان کے مسائل حل کرنا چاہتی ہے۔ بھارتی کسانوں کی ایک بڑی تعداد گزشتہ ایک ماہ سے دارالحکومت نئی دہلی کے باہر دھرنا دیے ہوئے ہے۔ یہ کسان حکومت کی طرف سے منظور کردہ نئے زرعی قوانین کی واپسی کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ کسانوں کے تحفظات ہیں کہ ان نئے قوانین سے بڑی بڑی کمپنیوں کو فائدہ ہو گا جبکہ عام کسان کے معاشی استحصال کی راہ ہموار ہو گی۔

[pullquote]یورپی یونین اور برطانیہ کے درمیان تجارتی معاہدے پر پیشرفت[/pullquote]

یورپی یونین اور برطانیہ کے درمیان بریگزٹ کے سلسلے میں تجارتی معاہدے کے معاملے میں پیشرفت ہوئی ہے۔ معاہدے میں ایک بڑی رکاوٹ فشریز کے معاملے پر بھی پیشرفت کی نشاندہی کی گئی ہے۔ بریگزٹ کے بعد کسی معاہدے تک پہنچنے کی آخری تاریخ 31 دسمبر طے ہے۔ اگر یہ معاہدہ طے پا جاتا ہے تو یورپی یونین اور برطانیہ کے درمیان معاشی تعطل کے خطرات سے بچا جا سکے گا۔ وقت کی کمی کے سبب اس معاہدے کی توثیق بروقت ممکن نہیں ہو گی تاہم یورپی یونین میں شریک ریاستوں میں اتفاق کی صورت میں اسے لاگو کیا جا سکتا ہے۔

[pullquote]ٹرمپ نے دفاعی بجٹ ویٹو کر دیا[/pullquote]

اپنا دور اقتدار جلد مکمل کرنے والے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کانگریس کی جانب سے منظور کردہ 740 بلین ڈالرز کا دفاعی بجٹ ویٹو کر دیا ہے۔ ٹرمپ کے مطابق وہ اس قانون کی حمایت نہیں کر سکتے کیونکہ یہ قومی سلامتی سے متصادم ہے اور یہ کہ چین اور روس کے لیے یہ ایک تحفہ ہے۔ انہوں نے بہت سے فوجی اڈوں کے نام تبدیل کرنے کے فیصلے پر بھی تنقید کی جو نسل پرستی کے خلاف مظاہروں کے تناظر میں کیا گیا۔ ٹرمپ نے افغانستان، جنوبی کوریا اور جرمنی سے امریکی فوجیوں کے نکالنے کے معاملے کو روکنے کی کوشش کو بھی غیر آئینی قرار دیا۔

[pullquote]جرمن پارلیمان کے سربراہ کی طرف سے افریقہ کی امداد بڑھانے کا مطالبہ[/pullquote]

جرمن پارلیمان کے صدر وولف گانگ شؤئبلے نے افریقہ کے لیے امداد بڑھانے کا مطالبہ کیا ہے۔ ایک جرمن نیوز ادارے سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ہمسایہ براعظم کی مدد میں اضافہ کرنا ہو گا، ورنہ ہمارا مستقبل بھی بہتر نہیں ہو گا۔ جرمن پارلیمان کے سربراہ کے مطابق دنیا میں اس وقت آٹھ ارب سے زائد لوگ موجود ہیں اور ان میں سے زیادہ تر یورپ کے مقابلے میں بہت برے حالات میں زندگی گزار رہے ہیں۔

[pullquote]ٹرمپ نے اپنے مزید کئی حامیوں کی سزائیں معاف کر دیں[/pullquote]

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنا دور صدارت ختم ہونے سے قبل ایک بار پھر متعدد لوگوں کی سزائیں معاف کرنے کا حکم نامہ جاری کیا ہے۔ تازہ حکم نامے میں ٹرمپ کے داماد جیئرڈ کُشنر کے والد چارلس کُشنر کا نام بھی شامل ہے۔ چارلس کشنر نے غیر قانونی طور پر ٹیکس بچانے اور گواہی میں تبدیلی کے الزامات تسلیم کیے تھے۔ تازہ معافی نامے میں جن 26 افراد کی سزائیں معاف کی گئی ہیں ان میں دو ایسے افراد بھی شامل ہیں جنہیں 2016ء کے امریکی صدارتی انتخابات میں روسی دخل اندازی کے معاملے میں قصور وار ٹھہرایا گیا تھا۔ ٹرمپ نے اس سے ایک روز قبل ہی 15 افراد کی سزائیں معاف کی تھیں۔

[pullquote]بشکریہ ڈی ڈبلیو اردو[/pullquote]

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے