[pullquote]کورونا متاثرین کی عالمی تعداد آٹھ کروڑ سے زائد[/pullquote]
کورونا وائرس سے عالمی طور پر متاثر ہونے والے افراد کی مجموعی تعداد آٹھ کروڑ سے تجاوز کر گئی ہے۔ کورونا کی صورتحال پر نظر رکھنے والی امریکا کی جانز ہاپکنز یونیورسٹی کے اعداد وشمار کے مطابق اس وباء کے آغاز سے اب تک آٹھ کروڑ، چار لاکھ 31 ہزار سے زائد افراد اس وائرس سے متاثر ہو چکے ہیں۔ جبکہ اس کے سبب ہونے والی بیماری کووڈ انیس کی وجہ سے عالمی سطح پر ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد 17 لاکھ 60 ہزار کے قریب پہنچ چکی ہے۔ سب سے زیادہ متاثرہ ملک امریکا ہے جہاں کورونا متاثرین کی تعداد ایک کروڑ 90 کے قریب جبکہ ہلاکتوں کی تعداد تین لاکھ 32 ہزار کے قریب ہے۔
[pullquote]یورپی یونین میں بڑے پیمانے پر کووڈ ویکسین لگانے کا عمل شروع[/pullquote]
یورپی یونین کے متعدد ممالک میں بڑے پیمانے پر کووڈ ویکسین لگانے کا عمل آج اتوار سے شروع ہو گیا ہے۔ 27 رکنی یونین کے متعدد ممالک میں پہلے مرحلے میں معمر شہریوں اور طبی عملے کو ویکسین مہیا کی جا رہی ہے۔ جرمنی میں ہفتے کے روز ایک سو ایک سالہ خاتون کو ویکسین لگا کر اس ملک گیر مہم کا آغاز کیا گیا۔ بائیون ٹیک اور فائزر کی بنائی گئی ویکسین کی بڑی مقدار یورپی یونین کے زیادہ تر ممالک میں پہنچائی جا چکی ہے۔ یورپی میڈیسن ایجنسی نے اس ویکسین کی منظوری رواں ہفتے کے آغاز میں دی تھی۔ کورونا وائرس کی عالمگیر وبا یورپی یونین کے رکن ممالک میں اب تک تین لاکھ چھتیس ہزار افراد کی جانیں لے چکی ہے۔
[pullquote]یمن: سعودی حمایت یافتہ نئی یمنی حکومت نے حلف اٹھا لیا[/pullquote]
یمن میں صدر منصور ہادی اور جنوبی یمن کے علیحدگی پسندوں پر مبنی نئی حکومت نے حلف اٹھا لیا ہے۔ حلف برداری کی تقریب سعودی دارالحکومت ریاض میں منعقد ہوئی جہاں صدر منصور ہادی رہائش پذیر ہیں۔ نئی حکومت میں یمن کے شمالی اور جنوبی علاقوں سے برابر تعداد میں وزرا شامل کیے گئے ہیں۔ گزشتہ برس ریاض حکومت کی کوششوں سے جنوبی یمن کی علیحدگی کے لیے سرگرم تحریک ایس ٹی سی اور صدر منصور ہادی کے مابین مخلوط حکومت کے قیام کا معاہدہ طے پایا تھا۔ سعودی عرب نے اس امید کا اظہار کیا ہے کہ نئی اتحادی حکومت کے قیام سے یمن میں سن 2014 سے جاری خونی تنازعہ ختم کرنے میں مدد ملے گی۔
[pullquote]اسرائیل میں نیتین یاہو کے خلاف ہزارہا افراد کا مظاہرہ[/pullquote]
اسرائیل میں ہزارہا افراد نے ایک بار پھر وزیراعظم نیتین یاہو کے خلاف ایک بڑا مظاہرہ کیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق یروشلم میں نیتن یاہو کے دفتر کے سامنے بڑی تعداد میں لوگ جمع ہوئے۔ دیگر شہروں سے بھی مظاہروں کی اطلاعات ہیں۔ پولیس نے متعدد افراد کو حراست میں لیا ہے۔ اسرائیلی وزیر اعظم بینجمن نیتن یاہو کے خلاف بدعنوانی کے معاملے میں ایک مقدمہ چل رہا ہے۔ اور گزشتہ کئی ماہ سے وقتاﹰ فوقتاﹰ ملک بھر میں ان کے خلاف مظاہرے ہوتے رہے ہیں۔
[pullquote]یورپی یونین اور برطانیہ کے درمیان بریگزٹ معاہدے کی تفصیلات جاری[/pullquote]
یورپی یونین اور برطانیہ کے درمیان بریگزٹ تجارتی معاہدے پر اتفاق کے دو روز بعد 1246 صفحات پر مشتمل یہ معاہدہ آن لائن جاری کر دیا گیا ہے۔ اس معاہدے کے مطابق برطانیہ یورپی وقت کے مطابق 31 دسمبر کی نصف شب کو یورپی یونین کی داخلی مارکیٹ اور کسٹم یونین سے نکل جائے گا۔ تاہم برطانیہ اور یورپی یونین کے درمیان کسٹم ڈیوٹیز یا تجارتی کوٹے کا بھی اطلاق نہیں کیا گیا۔ اس کے باوجود ایک یورپی یونین کے ایک سفارت کار نے برطانیہ کے لیے معاشی پریشانی سے متنبہ کیا ہے۔
[pullquote]تہران کے قریب برفانی طوفان کے سبب کم از کم 10 افراد ہلاک[/pullquote]
ایرانی دارالحکومت تہران کے شمالی پہاڑی علاقے میں برفانی تودے گرنے کے سبب کم از کم 10 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ ایرانی سرکاری ٹیلی وژن کے مطابق برفانی طوفان کی زد میں چار مختلف علاقے آئے ہیں اور امدادی ٹیمیں متعدد لاپتہ افراد کی تلاش میں مصروف ہیں۔ البروز پہاڑی سلسلے میں یہ برفانی تودے گرنے کا یہ واقعہ جمعہ کے دن شدید برفباری اور تیز ہواؤں کے بعد پیش آیا۔ اس علاقے میں برفانی تودے گرنے کے واقعات شاذ ونادر ہی پیش آتے ہیں۔
[pullquote]امریکی ریاست الینوئے میں فائرنگ، تین افراد ہلاک[/pullquote]
امریکی ریاست الینوئے فائرنگ کے ایک واقعے میں تین افراد مارے گئے ہیں۔ روک فورڈ شہر کے ایک بولنگ سنٹر میں پیش آنے والے اس واقعے میں تین دیگر افراد زخمی بھی ہیں۔ پولیس نے ابھی تک فائرنگ کی وجوہات کے بارے میں کچھ نہیں بتایا۔ پولیس کے مطابق فائرنگ کا نشانہ بننے والوں میں دو ٹین ایجر بھی شامل ہیں۔ ایک 37 سالہ مشتبہ شخص پولیس کی حراست میں ہے۔
[pullquote]بھارت میں یکم جولائی کے بعد نئے کورونا کیسز کی کم ترین تعداد[/pullquote]
بھارت میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کووڈ انیس کے نئے ریکارڈ کیے گئے کیسز کی تعداد 18,732 رہی۔ یہ یکم جولائی کے بعد سے اب تک کسی ایک دن کے دوران نئے انفیکشنز کی کم ترین تعداد ہے۔ حکومتی ریکارڈ کے مطابق رواں برس یکم جولائی کو 18,653 نئے کیسز ریکارڈ کیے گئے تھے۔ بھارتی وزارت صحت کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران اس وائرس کے سبب نئی ہلاکتوں کی تعداد 279 رہی۔ یہ مہلک وائرس بھارت میں اب تک مجموعی طور پر 147,622 اموات کا سبب بن چکا ہے جبکہ وہاں اس وائرس سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد ایک کروڑ ایک لاکھ 88 ہزار کے قریب ہے۔ امریکا کے بعد بھارت کورونا وائرس سے دوسرا سب سے زیادہ متاثرہ ملک ہے۔