ہفتہ : 02 جنوری2021 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]امریکی سینٹ نے ٹرمپ کی مخالفت کے باوجود دفاعی بل منظور کر لیا[/pullquote]

امریکی سینٹ نے صدر ٹرمپ کی مخالفت کے باوجود دو تہائی سے زائد اکثریت سے دفاعی بل منظور کر لیا ہے۔ صدر ٹرمپ کی جماعت ریپبلکن پارٹی کو سینٹ میں اکثریت حاصل ہے۔ سینٹ کے اکیاسی ارکان نے بل کے حق میں جب کہ تیرہ نے مخالفت میں ووٹ ڈالا۔ امریکی ایوان نمائندگان اس بل کو پہلے ہی منظور کر چکا ہے۔ دونوں ایوانوں سے اس بل کو دو تہائی اکثریت سے منظور کیے جانے کے باعث صدر ٹرمپ اب اس بل کو ویٹو نہیں کر سکیں گے۔ صدر ٹرمپ نے ساڑھے سات سو بلین ڈالر مالیت کے اس دفاعی بل کی مخالفت کرتے ہوئے اسے ویٹو کرنے کا اعلان کر رکھا تھا۔

[pullquote]سن 2020 میں فضائی حادثوں میں ہونے والی اموات پچھلے برس سے بھی زیادہ رہیں[/pullquote]

کورونا وبا کے باعث پروازوں کی تعداد میں کمی کے باوجود سن دو ہزار بیس میں فضائی حادثوں میں مرنے والے مسافروں کی تعداد گزشتہ برس سے بھی زیادہ رہی ہے۔ یہ بات ڈچ ایوی ایشن کنسلٹنسی ’ٹو سیونٹی‘ کی جاری کردہ تازہ رپورٹ میں بتائی گئی ہے۔ رپورٹ کے مطابق کورونا وائرس کی وجہ سے دنیا بھر میں مسافر پروازوں کی تعداد نصف سے بھی کم رہی۔ تاہم اس برس مسافر پروازوں کو پیش آنے والے پانچ حادثوں میں 299 افراد ہلاک ہوئے۔ سن 2019 میں پیش آنے والے فضائی حوادث میں 257 افراد مارے گئے تھے۔ اس اضافے کی اہم وجہ ایرانی فوج کے ہاتھوں یوکرائنی مسافر طیارے کی تباہی رہی، جس میں ایک سو چھہتر افراد مارے گئے تھے۔

[pullquote]افغانستان میں ایک اور صحافی ٹارگٹ کلنگ کا شکار[/pullquote]

افغان صوبے غور میں اٹھائیس سالہ صحافی کو قتل کر دیا گیا۔ یہ واقعہ جمعے کی شام صوبہ غور کے فیروز کوہ نامی شہر میں پیش آیا۔ بسم اللہ عادل ایماق نامی مقتول صحافی صدائے غور ریڈیو کے چیف ایڈیٹر تھے۔ افغانستان میں گزشتہ دو ماہ کے دوران کسی میڈیا پروفیشنل کو ہدف بنا کر قتل کیے جانے کا یہ پانچواں واقعہ ہے۔ افغان صدر اشرف غنی نے نوجوان صحافی کے قتل کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی حکومت ملک میں آزادی اظہار یقینی بنانے کے لیے پر عزم ہے۔

[pullquote]بھارت میں دنیا کی سب سے بڑی کووڈ ویکسین مہم کی تیاری[/pullquote]

بھارت میں دنیا کی سب سے بڑی کووڈ ویکسینیشن مہم کے لیے تیاریاں شروع کر دی گئی ہیں۔ ہفتے کے روز ملک گیر ڈرل کی گئی، جس میں ملک بھر میں قائم مراکز میں سے ہر ایک میں پچیس ہیلتھ ورکز کو ڈمی ویکسین لگائی گئی۔ بھارتی حکومت رواں برس کے وسط تک تین سو ملین افراد کو ویکسین لگانے کا ارادہ رکھتی ہے۔ بھارتی ڈرگز کنٹرول اتھارٹی نے آج ہی آسٹرا زینیکا آکسفورڈ یونیورسٹی کی تیار کردہ ویکسین کو ہنگامی استعمال کے لیے منظور کر لیا ہے۔ بھارت دنیا میں امریکا کے بعد کورونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثرہ ملک ہے۔ اس جنوبی ایشیائی ملک میں اب تک کورونا وائرس کے دس ملین سے زائد کیسز سامنے آئے ہیں، جب کہ قریب ڈیڑھ لاکھ افراد ہلاک بھی ہوئے ہیں۔

[pullquote]جرمنی: سماجی انضمام کا امتحان پاس کرنے والے پناہ گزینوں کی تعداد میں کمی[/pullquote]

جرمنی میں سماجی انضمام کے امتحان میں کامیابی حاصل کرنے والے پناہ گزینوں کی تعداد میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے۔ جرمن حکومت نے یہ بات وفاقی پارلیمان میں عوامیت پسند جماعت اے ایف ڈی کی جانب سے پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں بتائی ہے۔ سن دو ہزار پندرہ میں اناسی فیصد پناہ گزینوں نے اس امتحان میں کامیابی حاصل کی تھی لیکن سن دو ہزار بیس کے پہلے نصف حصے میں یہ شرح محض انسٹھ فیصد رہ گئی۔ جرمنی میں گزشتہ دس برس میں بارہ لاکھ سے زائد غیر ملکی سماجی انضمام کے پروگرام میں حصہ لے چکے ہیں۔ جرمن حکومت ان کورسز پر 4.6 بلین یورو خرچ کر چکی ہے۔

[pullquote]صومالیہ میں خود کش حملہ، نشانہ ترک شہری تھے[/pullquote]

صومالیہ میں ایک خود کش حملے میں تین افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ موغادیشو حکومت کے مطابق خود کش حملہ آور کا نشانہ صومالیہ میں ایک تعمیراتی منصوبے پر کام کرنے والے ترک انجینیئر تھے۔ شدت پسند تنظیم الشباب نے حملے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ حملے میں ایک ترک شہری بھی مارا گیا ہے۔ تاہم صومالیہ کے سکیورٹی اداروں کے مطابق ترک انجینیئر صرف زخمی ہوئے ہیں۔ ترکی صومالیہ کی فوج کو تربیت اور ہتھیار فراہم کر رہا ہے جس کی وجہ سے دہشت گرد تنظیم الشباب ترکی کو غیر ملکی حملہ آور قرار دے کر اس کے شہریوں کو ہدف بنا رہی ہے۔

[pullquote]یمن: شادی کی تقریب پر بم گرنے سے پانچ خواتین ہلاک[/pullquote]

جنگ زدہ ملک یمن میں شادی کی ایک تقریب پر بم گرنے سے پانچ خواتین ہلاک ہو گئی ہیں۔ یہ واقعہ یکم جنوری کی شب یمن کے بندرگاہی شہر حدیدہ میں پیش آیا۔ یمنی حکومت اور حوثی باغیوں نے اس واقعے کا الزام ایک دوسرے پر عائد کرتے ہوئے واقعے کی مذمت کی ہے۔ حدیدہ کا علاقہ حوثی باغیوں کے قبضے میں ہے۔ سعودی عسکری اتحاد نے سن دو ہزار اٹھارہ میں حدیدہ پر قبضے کے لیے کارروائی شروع کی تھی۔ حدیدہ کی بندرگاہ یمن میں انسانی بنیادوں پر امداد فراہم کرنے میں کلیدی اہمیت رکھتی ہے۔ بین الاقوامی اپیلوں کے بعد دسمبر دو ہزار اٹھارہ میں حوثی باغی اور یمنی حکومت حدیدہ میں جنگ بندی پر رضا مند ہو گئے تھے۔

[pullquote]ترکی میں دہشت گرد تنظیموں کے مبینہ تعلقات کے الزام میں 267 افراد گرفتار[/pullquote]

ترکی میں حکام نے دہشت گرد تنظیموں سے تعلقات کے شبے میں 267 افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔ ترک نیوز ایجنسی انادولو کے مطابق گرفتار کیے گئے مشتبہ افراد میں سے 161 افراد غیر ملکی ہیں۔ انقرہ حکومت کے مطابق دہشت گرد سال نو کے موقع پر ترکی میں دہشت گردانہ کارروائیاں کرنے کا منصوبہ رکھتے تھے۔ ترک وزارت داخلہ کے مطابق ان افراد کو دسمبر کے آخری دس روز کے دوران ترکی کے تینتیس شہروں میں چھاپے مار کر گرفتار کیا گیا ہے۔ حکام نے اس حوالے سے مزید تفصیلات نہیں بتائی ہیں۔

[pullquote]چین امریکا تعلقات ایک ’نئے دو راہے‘ پر ہیں، چینی وزیر خارجہ[/pullquote]

چین کے وزیر خارجہ وانگ یی نے کہا ہے کہ چین اور امریکا کے تعلقات اس وقت ایک نئے دو راہے پر ہیں۔ انہوں نے یہ بات ہفتے کے روز ملکی میڈیا کو دیے گئے اپنے ایک انٹرویو میں کہی۔ چینی وزیر خارجہ نے کہا کہ اس وقت گزشتہ برسوں کے بے مثال مشکل تعلقات کے بعد اب دونوں ممالک کے مابین بہتر تعلقات اور مذاکرات کے نئے دور کی امید پیدا ہوئی ہے۔ صدر ٹرمپ کے دور اقتدار کے دوران دنیا کی ان دو بڑی معیشتوں کے باہمی تعلقات انتہائی کشیدہ رہے تھے۔ ٹرمپ انتظامیہ نے حال ہی میں ملکی فوج سے تعلقات کا الزام عائد کرتے ہوئے متعدد چینی کمپنیوں پر پابندیاں عائد کر دی تھیں۔ حالیہ برسوں کے دوران دونوں ممالک کے مابین تجارت، انسانی حقوق اور کووڈ انیس جیسے امور پر شدید اختلافات دیکھے جاتے رہے ہیں۔

[pullquote]ایران کا یورینیم کی افزودگی بڑھانے کا اعلان[/pullquote]

ایران نے عالمی طاقتوں کے ساتھ طے شدہ جوہری معاہدے کے برخلاف یورنیم کی افزودگی بڑھانے کا اعلان کیا ہے۔ تہران کے مطابق ملک کے فردو جوہری مرکز میں یورنیم کی افزودگی بیس فیصد بڑھائی جائے گی۔ اقوام متحدہ کی اٹامک انرجی ایجنسی کے مطابق ایران نے عالمی ادارے کو بھی ایک خط کے ذریعے اپنے اس فیصلے سے آگاہ کیا ہے۔ عالمی واچ ڈاگ نے تاہم یہ نہیں بتایا کہ یورنیم کی افزودگی کب سے بڑھائی جا رہی ہے۔ ایران ماضی میں بھی جوہری معاہدے کی خلاف ورزیاں کرتا رہا ہے۔ تاہم نومبر میں ایران کے اہم جوہری سائنس دان محسن فخری زادہ کے قتل کے بعد سے سخت گیر مذہبی طبقہ حکومت پر دباؤ بڑھا رہا ہے۔

[pullquote]الجزائر میں نیا ملکی آئین[/pullquote]

شمالی افریقی ملک الجزائر میں نیا آئین نافذ کر دیا گیا ہے۔ الجزائر کے صدر عبدالحمید تبون نے جمعے کے روز نئے آئین کی منظوری دی۔ اس آئینی مسودے کو رواں برس نومبر میں ایک ریفرنڈم کے ذریعے منظور کیا گیا تھا۔ اس ریفرنڈم میں ٹرن آؤٹ انتہائی کم رہا تھا۔ الجزائر کے نئے آئین میں اگرچہ شہریوں کے لیے متعدد حقوق اور آزادیاں بھی فراہم کی جا رہی ہیں تاہم اس کے ساتھ ساتھ ملکی فوج کے اختیارات میں بھی نمایاں توسیع کی گئی ہے۔ اس آئین کے تحت شمالی افریقہ کے اس مسلم اکثریتی ملک میں صدارتی نظام برقرار رکھا جائے گا۔

[pullquote]جرمنی میں لاک ڈاؤن میں توسیع کے مطالبے بڑھتے ہوئے[/pullquote]

جرمنی میں کورونا وبا کی شدت کے باعث ملک میں دس جنوری تک نافذ لاک ڈاؤن کی مدت بڑھانے کے مطالبے زور پکڑ رہے ہیں۔ جرمن ڈاکٹروں کی یونین کے مطابق صحت کے ملکی نظام پر موجودہ دباؤ کم کرنے کے لیے لاک ڈاؤن کی مدت بڑھانا ناگزیر ہے۔ جرمنی میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے ساڑھے بارہ ہزار سے زائد کیسز سامنے آئے ہیں جب کہ اس دوران دو سو چالیس افراد ہلاک بھی ہوئے ہیں۔ ملک میں اب تک مجموعی طور پر سترہ لاکھ ساٹھ ہزار افراد کورونا وائرس میں مبتلا ہوئے ہیں جب کہ چونتیس ہزار سے زائد شہری ہلاک ہو چکے ہیں۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے