جمعرات : 14 جنوری 2021 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]ایران، بحری مشقوں میں کروز میزائلوں کا استعمال[/pullquote]

ایرانی سرکاری میڈیا کے مطابق خلیج عمان میں جاری بحری مشقوں کے دوران کروز میزائل فایر کیے گئے ہیں۔ جاری ہونے والے بیان کے مطابق امریکا کے ساتھ بڑھتی ہوئی کشیدگی کے پیش نظر مختلف اقسام کے کروز میزائل داغے گئے جنہوں نے خلیج اور بحر ہند کے شمالی حصے میں اپنے اہداف کو کامیابی سے نشانہ بنایا۔ ایران نے ان دو روزہ بحری مشقوں کا آغاز بدھ کے روز کیا تھا۔ حالیہ چند ہفتوں سے ایران نے ایسی فوجی مشقوں کی تعداد میں واضح اضافہ کیا ہے تاکہ ٹرمپ انتظامیہ اور خطے میں اس کے اتحادی ممالک خبردار رہیں۔

[pullquote]جرمنی میں کورونا وائرس سے ہلاکتوں کا نیا ریکارڈ[/pullquote]

جرمنی میں کورونا وائرس کا بحران مزید شدت اختیار کرتا جا رہا ہے۔ طبی حکام کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران مزید بارہ سو چوالیس افراد مہلک کورونا کی وجہ سے ہلاک ہو گئے ہیں جبکہ ایک دن میں نئے مریضوں کی تعداد پچیس ہزار سے زائد رہی، جو کہ اب تک کا ریکارڈ ہے۔ جرمنی کے معتبر رابرٹ کوخ انسٹی ٹیوٹ نے خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ صورتحال مزید بگڑ سکتی ہے اور کورونا وائرس کی روک تھام کے لیے لگائی گئی پابندیوں میں مزید سختی کرنا ضروری ہو گیا ہے۔ جرمنی میں پہلے ہی جنوری کے اواخر تک لاک ڈاؤن نافذ ہے اور اس میں مزید اضافہ کیا جا سکتا ہے۔

[pullquote]مصر اور قطر کے مابین فضائی رابطوں کے دوبارہ آغاز کا فیصلہ[/pullquote]

مصر اور قطر کے مابین کشیدگی کم ہونے کے بعد دونوں ملکوں نے آئندہ پیر کے روز فضائی رابطے بحال کرنے کا اعلان کیا ہے۔ مصر کی جانب سے یہ اعلان ایک ایسے وقت میں کیا گیا ہے، جب سعودی عرب نے قطر کی ناکہ بندی ختم کرنے میں پہل کی ہے۔ سعودی عرب کی سربراہی میں مصر، بحرین اور متحدہ عرب امارات نے قطر کے ساتھ سفارتی اور دیگر رابطے منقطع کر دیے تھے لیکن حال ہی میں دوحہ اور ریاض کے مابین ہونے والے ایک معاہدے کے تحت تعلقات میں بہتری پیدا ہو رہی ہے۔ بحرین، سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات پہلے ہی اپنی فضائی حدود قطر کے لیے کھولنے کا اعلان کر چکے ہیں۔

[pullquote]یمنی حوثی باغیوں کو بلیک لسٹ نہ کیا جائے، اقوام متحدہ کا امدادی مشن[/pullquote]

اقوام متحدہ کے امدادی مشن کے سربراہ مارک لوکوک نے امریکا سے اپیل کی ہے کہ وہ یمنی حوثی باغیوں کو ’غیرملکی دہشت گرد تنظیم‘ قرار دینے کے اپنے فیصلے کو واپس لے لے۔ انہوں نے سلامتی کونسل سے خطاب میں خبردار کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح یمن میں قحط کی صورتحال اس قدر خراب ہو جائے گی کہ جس کی گزشتہ چالیس برسوں میں مثال نہیں ملتی۔ یمن کی تیس ملین آبادی میں سے سولہ ملین افراد کو رواں برس خوراک کی کمی کا سامنا کرنا پڑے گا۔ ٹرمپ انتظامیہ نے ایرانی حمایت یافتہ حوثی باغیوں کو گزشتہ ہفتے ’غیرملکی دہشت گرد تنظیم‘ قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ اس فیصلے پر انیس جنوری سے عمل درآمد شروع ہو جائے گا۔ یہ ڈونلڈ ٹرمپ کی مدت صدارت کا آخری دن ہو گا۔

[pullquote]صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مواخذے کی دوسری مرتبہ منظوری[/pullquote]

امریکی ایوان نمائندگان نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مواخدے کی دوسری مرتبہ منظوری دے دی ہے۔ صدر ٹرمپ پر گزشتہ ہفتے کانگریس کی عمارت پر حملے کے لیے مظاہرین کو ‘اکسانے’ کا الزام عائد کیا گیا تھا۔ بدھ کو امریکی ایوان نمائندگان میں رائے شماری کے دوران مواخذے کے حق میں 232 ووٹ پڑے جبکہ 197 ارکان نے اس کی مخالفت کی۔ مواخذے کے حمایت کرنے والوں میں صدر ٹرمپ کی اپنی جماعت کے دس ریپبلیکن ارکان بھی شامل تھے۔ امریکی تاریخ میں ایسا پہلی بار ہوا ہے کہ کسی صدر کو دوسری مرتبہ مواخذے کا سامنا کرنا پڑا ہو۔

[pullquote]کورونا وائرس کی دو نئی اقسام، ڈبلیو ایچ او کا ہنگامی اجلاس[/pullquote]

کووڈ انیس کی دو نئی اقسام سامنے آنے کے بعد عالمی ادارہ صحت کی ہنگامی کمیٹی نے اپنا اجلاس قبل از وقت طلب کر لیا ہے۔ ڈبلیو ایچ او کے اس ہنگامی اجلاس میں نئے کورونا ٹیسٹوں اور سفری پابندیوں کے بارے میں صلاح مشورہ کیا جائے گا۔ برطانیہ اور جنوبی افریقہ میں دریافت ہونے والی کورونا وائرس کی دونوں نئی اقسام زیادہ تیز رفتاری سے دوسروں کو لگنے اور پھیلنے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔ دریں اثناء کورونا وائرس کی یہ دونوں نئی اقسام تقریبا پچاس ممالک تک پہنچ چکی ہیں۔

[pullquote]مالی میں امن فوجیوں پر حملہ، کم از کم تین اہلکار ہلاک[/pullquote]

مغربی افریقی بحران زدہ ریاست مالی میں اقوام متحدہ کے امن فوجیوں کے ایک قافلے پر حملے کے نتیجے میں کم از کم تین اہلکار مارے گئے ہیں۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق ان تینوں فوجیوں کا تعلق آئیوری کوسٹ سے تھا۔ اقوام متحدہ کے امن فوجیوں پر گھات لگا کر حملہ کیا گیا جبکہ زخمی فوجیوں کی تعداد پانچ بتائی گئی ہے۔ ابھی تک ٹمبکٹو میں ہونے والے اس حملے کی کسی بھی گروپ نے ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔ اس علاقے میں اقوام متحدہ کے مینوسما نامی مشن کو خطرناک قرار دیا جاتا ہے۔ سن دو ہزار تیرہ سے اس مشن کے دوران دو سو تیس سے زائد امن فوجی مارے جا چکے ہیں۔

[pullquote]انڈونیشیا میں کورونا ویکیسن لگانے کا آغاز نوجوانوں سے[/pullquote]

دو سو ستر ملین نفوس پر مشتمل دنیا کے چوتھے بڑے ملک انڈونیشیا میں کورونا ویکیسن لگانے کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔ سب سے پہلے صدارتی محل میں صدر جوکو ویدودو کو چینی کمپنی کی تیار کردہ کورونا ویک نامی ویکسین لگائی گئی۔ اس کا مقصد عوام کو یہ دکھانا تھا کہ ویکیسن محفوظ ہے۔ کئی دیگر ملکوں کے برعکس اس ملک نے سب سے پہلے نوجوانوں کو ویکیسن لگانے کی پالیسی اختیار کی ہے۔ جاری ہونے والے بیان کے مطابق اٹھارہ سے چھپن سالہ افراد کو ترجیحی بنیادوں پر ویکیسن فراہم کی جائے گی۔

[pullquote]ایتھوپیا میں نامعلوم افراد کا حملہ، 80 سے زائد افراد ہلاک[/pullquote]

افریقی ملک ایتھوپیا کے مغرب میں نامعلوم افراد کے حملے میں اسی سے زائد افراد کو ہلاک کر دیا گیا ہے۔ سوڈان کی سرحد کے قریبی بینشانگول-گوموز علاقے میں پیش آنے والے اس واقعے کو قتل عام قرار دیا جا رہا ہے۔ ہلاک ہونے والوں میں بچے اور خواتین بھی شامل ہیں۔ اس علاقے میں متعدد نسلی اقلیتیں آباد ہیں۔ یہ نسلی گروہ ایک دوسرے کو نشانہ بنا رہے ہیں۔ اس علاقے میں گزشتہ ستمبر سے عام شہریوں کو پستولوں، چاقوؤں اور دیگر ہتھیاروں سے نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ دسمبر میں اسی طرح کے ایک حملے میں دو سو سے زائد افراد کو ہلاک کر دیا گیا تھا۔ خدشہ ہے کہ اس علاقے میں نسلی تشدد مزید پھیل سکتا ہے۔

[pullquote]ماسکو حکومت کے ناقد ناوالنی دوبارہ روس جانے کے لیے تیار[/pullquote]

روسی صدر ولادیمیر پوٹن کے ناقد الیکسی ناوالنی آئندہ اتوار کو جرمنی سے واپس روس چلے جائیں گے۔ ناوالنی نے انسٹاگرام پر واپسی کے لیے سترہ جنوری کی ٹکٹ خریدنے کا اعلان کیا۔ اگست میں ناوالنی کو ایک اعصابی زہر دیا گیا تھا، جس کے بعد انہیں ہنگامی حالت میں علاج کے لیے جرمنی منتقل کر دیا گیا تھا۔ ناوالنی نے الزام عائد کرتے ہوئے کہا تھا کہ انہیں روسی صدر کی ایما پر زہر دیا گیا جبکہ صدر پوٹن اس الزام کو بے بنیاد قرار دیتے ہیں۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے