امريکا ميں جو بائيڈن کی حلف برداری کی تقريب
امريکا ميں آج جو بائيڈن ملکی صدر کے طور پر حلف اٹھا رہے ہيں۔ ساتھ ہی نائب صدر منتخب ہونے والی کمالا ہیرس اپنے عہدے کا حلف اٹھائیں گی۔ اپنی صدارتی مدت مکمل کرنے والے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے حاميوں سے مخاطب ہو کر کہا ہے کہ وہ بائيڈن کی کاميابی کے ليے دعا کريں۔ ٹرمپ نے ابھی تک نہ تو انتخابات ميں شکست تسليم کی ہے اور نہ ہی بائيڈن کو مبارک باد دی ہے۔ کيپيٹل ہل پر دھاوا بولے جانے کے حاليہ واقعے کے بعد واشنگٹن ميں نيشنل گارڈ کے بيس ہزار سے زائد اہلکار تعينات ہيں۔ حلف برداری کے تقريب کے ليے واشنٹگن آمد پر بائيڈن نے گزشتہ شب ملک ميں کووڈ انيس کے سبب ہلاک ہو جانے والے چار لاکھ کے قريب افراد کی ياد ميں منعقدہ ايک خصوصی تقريب ميں شرکت کی۔
امريکا میں اقتدار کی تبديلی کا خير مقدم
امريکا ميں اقتدار کی تبديلی کا دنيا بھر ميں خير مقدم کيا جا رہا ہے۔ يورپی کونسل کے صدر چارلز مشیل اور يورپی کميشن کی صدر ارزلا فان ڈيئر لائن نے جو بائيڈن کی حلف برداری کے بعد امريکا اور يورپ کے باہمی تعلقات میں بہتری کی توقع ظاہر کی ہے۔ مغربی دفاعی اتحاد نيٹو کی جانب سے بھی توقع ظاہر کی گئی ہے کہ بائيڈن کے دور اقتدار ميں ٹرانس اٹلانٹک روابط بہتر ہوں گے۔ برطانوی وزير اعظم بورس جانسن نے بائيڈن کے ساتھ مل کر کام کرنے کا کہا جبکہ سابق روسی صدر ميخائل گوباچوف نے امريکا اور روس کے تعلقات کو بہتر بنانے پر زور ديا ہے۔
امريکا ميں مزید 73 افراد کے ليے صدارتی معافی کا اعلان
ڈونلڈ ٹرمپ نے بطور ملکی صدر اپنے آخری دن مزید 73 افراد کے ليے صدارتی معافی کا اعلان کيا ہے۔ مستفيد ہونے والوں ميں سب سے نماياں نام ان کے سابق مشير اسٹيو بينن کا ہے۔ ٹرمپ نے 70 افراد کی سزائيں بھی معطل کر ديں۔ ٹرمپ کی طرف سے یہ حکم نامہ منگل کی شب جاری کیا گیا۔ ڈونلڈ ٹرمپ اس سے قبل بھی کئی متنازعہ شخصيات کے ليے خصوصی صدارتی معافی کا اعلان کر چکے ہيں، جن ميں ان کے سابق کيمپين مينيجر پال مينافروٹ، ان کے داماد کے والد چارلز کُشنر، مشير راجر اسٹون اور سابق نيشنل سکيورٹی ايڈوائزر مائيکل فلن شامل ہيں۔
الجزائر سے معافی نہيں مانگی جائے گی، فرانس
فرانسيسی صدر ايمانویل ماکروں نے الجزائر ميں نوآبادياتی دور ميں ڈھائے گئے مظالم پر معافی مانگنے سے انکار کر ديا ہے۔ صدارتی دفتر کی جانب سے جاری کردہ بيان ميں کہا گيا کہ نہ کسی معاوضے کی بات ہو گی اور نہ ہی معافی کی۔ اس کے بدلے دونوں ملکوں کے مابين مفاہمت بڑھانے کے ليے علامتی اقدامات پر زور ديا جائے گا۔ سن 1954 سے 1962ء تک لڑی گئی جنگ ميں فرانسيسی افواج پر شديد مظالم کے الزامات ہيں۔ اسی بارے ميں آج ايک تفصيلی رپورٹ بھی جاری کی جا رہی ہے، جس ميں اس بات کا جائزہ ليا گيا ہے کہ فرانس اپنے نوآبادياتی دور کی تاريخ سے کيسے نمٹ رہا ہے۔
غزہ پٹی ميں اسرائيل کی کارروائی، حماس کے ٹھکانوں پر حملہ
اسرائيلی ٹينکوں نے غزہ پٹی کے جنوبی حصوں ميں حماس کے ٹھکانوں کو نشانہ بنايا ہے۔ اسرائيلی فوج کا الزام ہے کہ فلسطينی علاقوں سے اسرائيل کی جانب ميزائل داغا گيا، جس کے رد عمل ميں يہ کارروائی منگل کی رات کی گئی۔ فوری طور پر دونوں طرف سے جانی و مالی نقصان کی تفصيلات دستياب نہيں۔ قطر کی ثالثی ميں گزشتہ برس اگست ميں طے پانے والی جنگ بندی کے باوجود حاليہ ماہ ميں ايسے واقعات پیش آتے رہے ہيں۔
اسرائيل نے مقبوضہ علاقوں ميں نئے مکانات کی تعمير کے ليے ٹينڈر جاری کر ديے
اسرائيلی حکام نے مغربی کنارے اور مشرقی يروشلم کے مقبوضہ فلسطینی علاقوں ميں ڈھائی ہزار مکانات کی تعمير کے ليے ٹينڈر جاری کر ديے ہيں۔ ’پيس ناؤ‘ نامی واچ ڈاگ نے اس بارے ميں اطلاع آج بدھ کو دی ہے۔ ادارے نے بتايا کہ مغربی کنارے ميں 2,112 رہائشی يونٹس کی تعمير کے ليے اور مشرقی يروشلم ميں 460 مکانات کے ليے ٹينڈر جاری کيے گئے۔ اسرائيل ميں 23 مارچ کو عام انتخابات ہونا ہيں، جو گزشتہ دو برسوں ميں چوتھے اليکشن ہوں گے۔ ماہرين کے مطابق اس وقت مزيد آبادکاری کے مقاصد سياسی ہيں۔ بين الاقوامی برادری مقبوضہ فلسطينی علاقوں ميں تمام تر يہودی آبادکاری کو غير قانونی قرار ديتی ہے۔
ٹرمپ کا سياسی کيريئر ختم ہو چکا ہے، روحانی
ايرانی صدر حسن روحانی نے جو بائيڈن سے اپيل کی ہے کہ وہ سن 2015 کی جوہری ڈيل کا حصہ بنيں اور ايران پر عائد اقتصادی پابندياں ختم کريں۔ ٹيلی وژن پر براہ راست نشر کیے گئے خطاب میں روحانی نے کہا کہ اگر امريکا ڈيل کا حصہ بنتا ہے، تو ايران بھی ڈيل کی شرائط پر عملدرآمد کرے گا۔ انہوں نے سبکدوش ہونے والے امريکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر تنقيد کی اور کہا کہ ان کی ايران پر حد سے زيادہ دباؤ کی پاليسی ناکام ہو چکی ہے۔ روحانی نے مزيد کہا کہ ٹرمپ کا سياسی کيريئر اب ختم ہو چکا ہے۔
کورونا کی وبا: جنوبی ايشيا ميں بھارتی ويکسين کی برآمد شروع
بھارت نے داخلی سطح پر تيار کردہ کورونا ويکسين کی آج سے خطے کے ديگر ملکوں کو برآمد شروع کر دی ہے۔ مالديپ اور بھوٹان کو ويکسين کی پہلی کھيپ روانہ کر دی گئی ہے۔ آئندہ دنوں ميں ويکسين بنگلہ ديش، نيپال، ميانمار، برازيل اور جنوبی افريقہ بھی روانہ کی جائے گی۔ بھارت کی کورونا ويکسين برآمد کرنے کی پاليسی کو طب کے شعبے ميں چين کے اثر و رسوخ کو کم کرنے کی کوشش بتايا جا رہا ہے۔ نئی دہلی حکومت خطے کے ملکوں کے علاوہ لاطينی امريکا، افريقہ اور وسطی ايشيا ميں لگ بھگ بيس ملين ويکسين فراہم کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔
کورونا کی برطانيہ سے پھيلنے والی نئی قسم کی 60 ممالک ميں موجودگی
حال ہی ميں کورونا وائرس کی برطانيہ ميں پائی جانے والی نئی قسم کی اب ساٹھ ممالک ميں موجودگی کی تصدیق ہو چکی ہے۔ عالمی ادارہ صحت نے بدھ کو بتايا کہ ايک ہفتہ قبل تک وائرس کی يہ قسم پچاس ملکوں تک محدود تھی اور اب يہ مزيد پھيل چکی ہے۔ اسی طرح جنوبی افريقہ ميں بھی حال ہی ميں کورونا کی ايک نئی تبدیل شدہ قسم دريافت ہوئی، جو اب تک 23 ممالک تک پہنچ چکی ہے۔ ان دونوں نئی تبدیل شدہ اقسام کے بارے ميں طبی ماہرين کی رائے ہے کہ يہ زيادہ پھيلنے کی کہيں زيادہ صلاحيت کی حامل ہيں۔ تاہم حکام نے يہ بھی واضح کيا کہ دونوں ہی اقسام زيادہ خطرناک نہيں۔
350 ملين افراد کو خوراک کی کمی کا سامنا، اقوام متحدہ
اقوام متحدہ کی چار ذيلی ايجنسيوں نے بدھ کو ايک رپورٹ جاری کی ہے، جس ميں متنبہ کيا گيا ہے کہ وبا کی وجہ سے ايشيا پيسيفک خطے ميں 350 ملين افراد کو خوراک کی کمی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ علاوہ ازيں کورونا کی وبا کی وجہ سے 1.9 بلين افراد تندرست غذا کا بندوبست نہيں کر پا رہے۔ اسی رپورٹ ميں يہ انکشاف بھی کيا گيا ہے کہ کورونا کی وجہ سے 140 ملين افراد غربت کی لکير سے نيچے چلے گئے ہيں۔ متاثرين ميں سب سے زيادہ تناسب جنوبی ايشيائی ممالک کے شہريوں کا ہے۔
آلودگی ميں کمی سے سالانہ پچاس ہزار اموات سے بچا جا سکتا ہے، ڈبليو ايچ او
عالمی ادارہ صحت کی جانب سے کہا گيا ہے کہ اگر فضائی آلودگی ميں کمی کی جائے اور ادارے کی جانب سے مقرر کردہ حدود کے اندر رکھا جائے، تو یورپ میں سالانہ پچاس ہزار اموات سے بچا جا سکتا ہے۔ ڈبليو ايچ او کے مطابق ہوا ميں PM2.5 کی مقدار دس ملی گرام فی مکعب ميٹر کے اندر رہنی چاہيے۔ رپورٹ ميں بتايا گيا ہے کہ ہوا ميں PM2.5 اور نائٹرس آکسائڈ کی مقدار محدود کرنے سے صرف یورپ میں سالانہ بنيادوں پر 51,213 قبل از وقت اموات سے بچا جا سکے گا۔ يہ امر اہم ہے کہ فضائی آلودگی دنیا بھر میں سالانہ بنيادوں پر سات ملين افراد کی موت کا باعث بنتی ہے۔