ہفتہ : 23 جنوری 2021 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]سعودی عرب نے دو فضائی حملے ناکام بنا دیے[/pullquote]

سعودی سربراہی میں قائم عسکری اتحاد نے کہا ہے کہ اس نے یمن کی طرف سے کیے گئے دو فضائی حملوں کی کوشش کو ناکام بنا دیا ہے۔ سعودی عرب کے سرکاری ٹی وی کے مطابق ہفتہ تئیس جنوری کو دارالحکومت ریاض پر حملوں کی کوشش کی گئی۔ تاہم ان فضائی حملوں کی نوعیت اور نشانے کے بارے میں تفصیلات جاری نہیں کی گئیں۔ سعودی قیادت میں عسکری اتحاد یمن میں ایران نواز حوثی باغیوں کے خلاف سن 2015 سے برسرپیکار ہے۔

[pullquote]تائیوان کی فضائی حدود میں چینی جنگی طیاروں کی مبینہ پروازیں[/pullquote]

تائیوان کی فضائی حدود میں مبینہ طور پر چین کے ایک درجن جنگی طیاروں نے چڑھائی کر دی۔ تائیوان کی وزارت دفاع نے کہا ہے کہ آج بروز ہفتہ تئیس جنوری کو چین کے چار بمبار طیارے اور آٹھ جنگی طیارے تائیوان کے جنوب مغربی علاقے میں داخل ہوئے۔ بعد ازاں تائیوان کی ایئر فورس نے اس مبینہ کارروائی کو مانیٹر کرنے کے لیے میزائل تعینات کر دیے۔ اطلاعات کے مطابق وزارت دفاع کے فراہم کردہ نقشے میں دکھایا گیا ہے کہ چینی طیارے تائیوان کے جنوبی حصے اور بحیرہ جنوبی چین میں تائیوان کے زیر کنٹرول پرتاس جزیرے کے درمیان پرواز کر رہے تھے۔ تائیوان نے 1949ء میں خانہ جنگی کے بعد بیجنگ حکومت سے علیحدگی اختیار کی تھی۔ تاہم چین کی برسر اقتدار کمیونسٹ پارٹی تائیوان کو ابھی تک چین کا حصہ تصور کرتی ہے۔

[pullquote]امریکا میں داخلی دہشت گردی کی مکمل تفتیش کی جائے، صدر بائیڈن[/pullquote]

نئے امریکی صدر جو بائیڈن نے امریکی پارلیمنٹ کی عمارت پر حملے کے تناظر میں خفیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو داخلی دہشت گردی کے امکانات کی تفتیش کا حکم دیا ہے۔ وائٹ ہاؤس کی ترجمان جین ساکی کے مطابق اس تفتیش کی سربراہی ڈائریکٹر نیشنل انٹیلیجنس کریں گے اور اس میں دیگر اداروں کے ساتھ ایف بی آئی اور داخلی سلامتی کا محکمہ بھی شامل ہوگا۔ جین ساکی نے بتایا کہ صدر بائیڈن کی ہدایت کے مطابق یہ تفتیش مکمل کرنے کے بعد رپورٹ مرتب کی جائے گی تاکہ ملک میں امن و سلامی کی پالیسی مرتب کی جائے۔ چھ جنوری کو کانگریس کی عمارت پر سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے حامیوں کی جانب سے دھاوا بولنے کے واقعے کے تفتیشی حکم کے ساتھ ساتھ اگلے ہفتے کے دوران سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مواخذے کے کارووائی بھی شروع ہونے والی ہے۔

[pullquote]روسی کووڈ ویکسین اسپٹنک 5 ترکی میں بھی تیار کی جائے گی[/pullquote]

روس کی تیار کردہ اسپٹنک فائیو نامی کووڈ ویکسین کی پراڈکشن ترکی میں بھی کی جائے گی۔ روس کے خود مختار ویلتھ فنڈ ’آر ڈی آئی ایف‘ نے کہا ہے کہ ماسکو حکومت نے انقرہ کے ساتھ اسپٹنک فائیو ویکسین ترکی میں تیار کرنے کا معاہد کیا ہے۔ اس روسی ادارے کے مطابق کووڈ ویکسین تیار کرنے کے لیے تمام تر ٹیکنالوجی ترکی منتقل کی جارہی ہے۔ اس سے قبل آر ڈی آئی ایف نے اسپٹنک فائیو ویکسین کی تیاری کے لیے جنوبی کوریا، چین، بھارت، برازیل، بیلاروس اور قزاقستان کے ساتھ بھی معاہدے کر رکھے ہیں۔

[pullquote]طالبان کے ساتھ کیے گئے امن معاہدے پر نظر ثانی کی جائے گی، نئی امریکی انتظامیہ[/pullquote]

نئی امریکی حکومت افغان طالبان کے ساتھ گزشتہ برس فروری طے پانے والے اپنے معاہدے پر نظرثانی کرنا چاہتی ہے۔ امریکی قومی سلامتی کے ترجمان کے مطابق واشنگٹن حکومت جاننا چاہتی ہے کہ طالبان اپنے وعدوں پر عمل پیرا ہیں یا نہیں۔ قومی سلامتی کے نئے مشیر جیک سلیوان نے اپنے افغان ساتھی حمداللہ محیب کو اس بارے میں آگاہ کر دیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق بائیڈن انتظامیہ اس بات کو یقینی بنانا چاہتی ہے کہ آیا طالبان نے دہشت گرد گروہوں سے اپنے تعلقات ختم کرکے افغانستان میں پرتشدد کارروائیوں میں کمی کی ہے؟ اس کے ساتھ ساتھ کیا طالبان نے کابل حکومت کے ساتھ سنجیدگی سے مذاکرات کیے یا نہیں۔

[pullquote]متعدد یورپی اقوام کا نئی پابندیوں کا اعلان[/pullquote]

یورپی یونین کے متعدد رکن ممالک نے کورونا وائرس کی نئی قسم کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے مزید سخت سفری پابندیوں کا اعلان کردیا ہے۔ اتوار چوبیس جنوری سے یورپی بلاک میں دیگر ممالک سے آنے والے افراد کو صرف ضروری وجوہات کی بناء پر داخلے کی اجازت ہوگی اور مسافروں کو آمد سے قبل کووڈ ٹیسٹ لازمی کرانا ہوگا۔ یورپی یونین کے رکن ممالک نے برطانیہ، جنوبی افریقہ اور برازیل سے پیدا ہونے والے تبدیل شدہ کورونا وائرس کو روکنے کی کوشش میں نئے ضوابط کا اعلان کیا ہے۔ جرمنی نے کم از کم بیس ملکوں کو ایسے ہائی رسک ممالک کی فہرست میں شامل کیا ہے جن پر اتوار سے یہ نئے قوانین لاگو ہوں گے۔ ان ملکوں میں چیک جمہوریہ، پرتگال، اسپین اور مصر کے ساتھ ساتھ امریکا بھی شامل ہے۔

[pullquote]غریب ملکوں کو آئندہ ماہ تک 40 ملین کورونا ویکسین فراہم کی جائیں گی، ڈبلیو ایچ او[/pullquote]

امریکی دوا ساز کمپنی فائزر اور جرمن دوا ساز کمپنی بائیو این ٹیک آئندہ ماہ غریب ترین ممالک کو کم از کم چالیس ملین کورونا وائرس کی ویکسین بھیجیں گے۔ عالمی ادارہ صحت کی کوویکس اسکیم کے تحت اس سال غریب ممالک کی بیس فیصد آبادی کو کورونا ویکسین فراہم کی جائیں گی۔ ڈبلیو ایچ او کے سربراہ ٹیڈروس ایڈہانوم گیبریاسس نے جمعہ بائیس جنوری کو جنیوا میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اقوام متحدہ کی ایجنسی کی کوویکس اسکیم کے ذریعے فائزر اور بائیو این ٹیک کے ساتھ غریب ملکوں کے لیے چالیس ملین ویکسین فراہم کرنے کا معاہدہ طے پا گیا ہے۔ اس کے علاوہ رواں سال کی پہلی سہ ماہی تک ایسٹرا زینیکا کی جانب سے مزید 150 ملین ویکسین بھی فراہم کی جائیں گی۔ ٹیڈروس نے مزید کہا کہ نئے امریکی صدر جو بائیڈن کی جانب سے کوویکس اسکیم میں امریکا کی شمولیت کے فیصلے کا مطلب ہے کہ عالمی ادارہ اپنے وعدے کو پورا کرنے کے قریب ہے۔

[pullquote]ماحول دوست طیارے تیار کرنا چاہتے ہیں، بوئنگ[/pullquote]

امریکی طیارہ ساز کمپنی بوئنگ سن 2030 تک مکمل طور پر ماحول دوست ایندھن کے ذریعے چلنے والے مسافر بردار طیارے تیار کرنا چاہتی ہے۔ اس مقصد کے لیے بوئنگ نے حالیہ برسوں میں طیاروں کے پائیدار ایندھن کے ساتھ پہلے ہی تجربے کیے ہیں۔ بین الاقوامی ہوا بازی ایسوسی ایشن آئی اے ٹی اے کے مطابق متبادل ایندھن کا استعمال CO2 کے اخراج کو 80 فیصد کم کرسکتا ہے۔ اس اعلان کو تحفظ ماحول کے لیے کی جانے والی عالمی کوششوں کے تناظر میں اہم شمار کیا جا رہا ہے۔

[pullquote]اٹلی میں ٹک ٹاک تنقید کی زد میں[/pullquote]

اٹلی میں ایک دس سالہ بچی کی موت کے واقعے کے بعد ڈیٹا پروٹیکشن اتھارٹی نے ٹک ٹاک کے استعمال کے شرائط پر سختی کردی ہے۔ اطالوی حکام کے مطابق مختصر دورانیہ کی ویڈیو ایپ ٹک ٹاک پندرہ فروری تک ایسے تمام صارفین کو بلاک کرے جن کی درست عمر کی تصدیق نہیں کی گئی۔ حکام نے مطالبہ کیا ہے کہ اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ ٹک ٹاک کے صارفین کی عمر کم از کم تیرہ برس ہو۔ اٹلی کے جنوبی شہر پالرمو میں ایک دس سالہ بچی ٹک ٹاک چیلنج مکمل کرتے ہوئے جان سے ہاتھ دھو بیٹھی تھی ۔ اس بچی نے چیلنج میں ہمت کا مظاہرہ کرتے ہوئے بیلٹ سے اپنا گلا دبا دیا تھا۔

[pullquote]پوٹن مخالف مظاہروں میں ناوالنی کے درجنوں حامی گرفتار[/pullquote]

روسی پولیس نے صدر ولادیمیر پوٹن کے بڑے سیاسی مخالف الیکسی ناوالنی کے درجنوں حامیوں کو حراست میں لیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق ناوالنی کی گرفتاری کے خلاف روس کے دس شہروں میں مظاہروں کے دوران کم از کم 50 گرفتاریاں عمل میں آئی ہیں۔ گزشتہ ہفتے ناوالنی کو پانچ ماہ بعد وطن واپسی پر ایئرپورٹ سے حراست میں لیا گیا تھا۔ روسی صدر کے ناقد سیاستدان کے حامیوں کا کہنا ہے کہ وہ اپنے رہنما کی رہائی تک روس کے مختلف شہروں میں احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔ ناوالنی کو گزشتہ برس اگست میں روس میں داخلی پرواز کے دوران ایک زہریلے کیمیکل مواد کے ذریعے مارنے کی کوشش کی گئی تھی۔ اس حملے کے لیے وہ صدر پوٹن کو مورود الزام ٹہراتے ہیں۔

[pullquote]برطانیہ: تبدیل شدہ کورونا وائرس زیادہ مہلک ثابت ہوسکتا ہے[/pullquote]

محققین کے مطابق برطانیہ میں جینیاتی طور پر تبدیل شدہ کورونا وائرس کوروناکی دیگر اقسام سے زیادہ مہلک ثابت ہوسکتا ہے۔ برطانوی وزیراعظم بورس جانسن نے لندن میں بتایا کہ اس بارے میں حکومت کو پہلے سے آگاہ کردیا گیا تھا۔ اس تبدیل شدہ وائرس کا انکشاف گزشتہ سال کے اواخر میں جنوب مشرقی انگلینڈ میں ہوا تھا۔ عالمی ادارہ صحت کے مطابق یہ وائرس دنیا کے 60 ممالک تک پھیل چکا ہے۔ ماہرین کے خیال میں تبدیل شدہ وائرس کورونا وائرس کی نئی قسم سے 70 فیصد زیادہ متعدی ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے