پیر : 25 جنوری 2021 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]بھارتی اور چینی فوجیوں کے مابین تازہ جھڑپیں[/pullquote]

بھارتی اور چینی فوجیوں کے درمیان ایک بار پھر جھڑپ ہوئی ہے، جس میں دونوں اطراف کے فوجی زخمی ہوئے ہیں۔ یہ بات بھارتی میڈیا نے ملٹری ذرائع کے حوالے سے بتائی ہے۔ یہ جھڑپ گزشتہ ہفتے ریاست سکِم میں ناکو لا کے سرحدی مقام پر ہوئی۔ یاد رہے کہ چھ ماہ قبل سِکِم سرحد پر ہونے والی ایک جھڑپ میں 20 بھارتی فوجی مارے گئے تھے جبکہ چینی فوجیوں کے نقصان کے بارے میں معلومات سامنے نہیں آئی تھیں۔ بھارتی ملٹری ذرائع کے مطابق ایک چینی گشتی ٹیم نے بھارتی حصے میں گھسنے کی کوشش کی جسے ناکام بنا دیا گیا۔ نکو لا کی سرحد بھارتی ریاست سِکِم کو چینی علاقے تبت سے ملاتی ہے۔

[pullquote]برطانیہ میں ہلاکتوں کی تعداد ایک لاکھ کے قریب[/pullquote]

برطانیہ میں ایک ایسے موقع پر جب کووڈ انیس کے سبب ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد ایک لاکھ کے قریب پہنچنے کو ہے، مرنے والوں کے رشتہ داروں نے وزیر اعظم بورس جانسن کی اس بیماری سے نمٹنے کی حکمت عملی کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ بورس جانسن نے ابتدا میں اس بیماری کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے لاک ڈاؤن لگانے سے انکار کر دیا تھا۔ برطانیہ میں کورونا وائرس اب تک 97,939 افراد کی جانیں لے چکا ہے۔ برطانیہ دنیا بھر میں اس وائرس سے پانچواں سب سے زیادہ متاثرہ ملک ہے۔

[pullquote]بحری جہاز کی ضبطی کے بارے میں انڈونیشیا سے تفصیلات مانگی ہیں، ایران[/pullquote]

ایران نے انڈونیشیا سے اس بحری جہاز کے بارے میں مزید تفصیلات طلب کی ہیں جسے انڈونیشیا نے ضبط کرنے کی اطلاع دی ہے۔ یہ بات ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان سعید خطیب زادہ نے کہی ہے۔ انڈونیشیا نے گزشتہ روز کہا تھا کہ اس نے ایرانی اور پاناما کے پرچم بردار تیل بردار بحری جہازوں کو ضبط کر لیا ہے۔ انڈونیشیا کے کوسٹ گارڈز کے مطابق ان بحری جہازوں کو غیر قانونی طور پر تیل کی ترسیل کے شبے میں قبضے میں لیا گیا۔

[pullquote]2022ء کے وسط تک جرمن معیشت کی بحالی کی امید[/pullquote]

جرمنی کی معیشت کے 2022ء کے وسط تک اس سطح تک واپس لوٹ جانے کی امید ظاہر کی گئی ہے جو کورونا کی وبا شروع ہونے سے پہلے تھی۔ یہ بات جرمن وزارت اقتصادیات کی طرف سے تیار کردہ ایک دستاویز میں کہی گئی ہے۔ اپنی سالانہ رپورٹ کے لیے تیار کردہ اس دستاویز میں وزارت اقتصادیات کی طرف سے کہا گیا ہے کہ عالمی اقتصادی صورتحال اور پیداوار کی صلاحیتوں کے کم استعمال کے علاوہ کئی دیگر اشاروں سے اندازہ ہوتا ہے کہ جرمن معیشت میں مزید بہتری کا عمل جاری رہے گا۔ جرمنی کا رواں برس کا بجٹ سات فیصد خسارے میں ہے۔

[pullquote]چین : مزید نو کان کنوں کی لاشیں مل گئیں[/pullquote]

چین میں دو ہفتے قبل سونے کی ایک کان میں دھماکے کے بعد اس کان کے اندر پھنس جانے والے نو کان کنوں کی لاشیں مل گئی ہیں۔ اس طرح ہلاک ہونے والوں کی مجموعی تعداد 10 ہو گئی ہے۔ امدادی کارکنوں نے 10 جنوری کو ہونے والے دھماکے کے بعد سے اس کان میں پھنسے 11 کان کنوں کو گزشتہ روز بچا لیا تھا۔ ایک کان کن ابھی تک لاپتہ ہے۔ چینی حکام کے مطابق زیر تعمیر اس کان میں ہونے والے دھماکے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔

[pullquote]ایسٹونیا میں پہلی مرتبہ ایک خاتون وزیر اعظم[/pullquote]

بالٹک کی ریاست ایسٹونیا میں پہلی بار ایک خاتون ملک کی وزیر اعظم بن گئی ہیں۔ ملک کی دو سب سے بڑی سیاسی جماعتوں کے درمیان اتحاد کے فیصلے کے نتیجے میں یہ پیشرفت سامنے آئی ہے۔ 43 سالہ وکیل کایا کالس اعتدال پسند دائیں بازو کی جماعت سینٹر ریفارم پارٹی کی سربراہ ہیں۔ وزارتی ذمہ داریاں اتحاد میں شامل دو سیاسی پارٹیوں میں صنفی برابری کی بنیاد پر تقسیم ہوں گی۔ ایسٹونیا میں سابقہ حکومت بدعنوانی کے الزامات کے تحت 13 جنوری کو ختم ہو گئی تھی۔

[pullquote]ہالینڈ کے متعدد شہروں میں کورونا پابندیوں کے خلاف پر تشدد مظاہرے[/pullquote]

ہالینڈ میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے نافذ کی گئی نئی پابندیوں اور کرفیو کے فیصلے کے خلاف مظاہرے اور جھگڑے فساد ہوئے ہیں۔ پولیس کے مطابق گزشتہ شب نو بجے کرفیو کے نفاذ سے کچھ دیر قبل کم از کم دس شہروں میں دنگا فساد ہوا۔ مظاہرین نے پولیس اہلکاروں پر پتھراؤ کیا اور پٹرول بم پھینکے۔ دی ہیگ میں مظاہرین نے گاڑیوں کو بھی آگ لگائی۔ این شِیڈے نامی شہر میں مشتعل افراد نے ایک ہسپتال پر پتھراؤ کیا۔ ملک بھر میں 200 سے زائد مظاہرین کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔

[pullquote]جرمنی کا باہر سے آنے والے مسافروں پر پابندیاں سخت کرنے کا فیصلہ[/pullquote]

جرمنی غیر ممالک سے آنے والے مسافروں کے لیے پابندیاں سخت کر رہا ہے۔ اب دیگر ممالک سے آنے والے تمام مسافروں کو کورونا وائرس کے ٹیسٹ کی منفی رپورٹ پیش کرنا لازمی ہو گا۔ جرمن حکومت نے متنبہ کیا ہے کہ غیر ملکی انٹیلیجنس ایجنسیاں اور سازشی عناصر نے ان جرمن کمپنیوں کی ساکھ کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی ہے جو کورونا ویکسین تیار کر رہی ہیں۔ علاوہ ازیں جرمنی یورپی یونین کا پہلا ایسا ملک بننے جا رہا ہے جہاں کووڈ انیس کے علاج کے لیے تجرباتی اینٹی باڈی ٹریٹمنٹ کا استعمال شروع ہو رہا ہے۔

[pullquote]تارکین وطن کو بچانے والے بحری جہاز کو سسلی میں لنگر انداز ہونے کی اجازت مل گئی[/pullquote]

سمندر میں پھنسے تارکین وطن کو بچانے والے امدادی بحری جہاز ’اوشن وائکنگ‘ کو سسلی کی بندرگاہ آگوسٹا پر لنگر انداز ہونے کی اجازت مل گئی ہے۔ اس امدادی بحری جہاز کو چلانے والی امدادی تنظیم ’ایس او ایس میڈیٹیرانے‘ کے مطابق اس بحری جہاز پر 373 تارکین وطن موجود ہیں جن میں 21 بچے اور 131 ایسے نو عمر افراد بھی شامل ہیں جو والدین کے بغیر سفر کر رہے ہیں۔ ان افراد کو جمعرات کے روز لیبیا سے منسلک ریسیکو مشن میں شامل ’رب ڈنگیز‘ کی مدد سے سمندر سے نکالنے کا کام انجام دیا گیا۔ خراب سمندری موسم کے سبب اس تنظیم نے مالٹا اور اٹلی سے اس بحری جہاز کو لنگر انداز ہونے کی اجازت مانگی تھی۔ فی الوقت ’’اوقیانوس وائکنگ‘‘ وسطی بحیرہ روم میں ریسیکو خدمات کا واحد سول جہاز ہے۔

[pullquote]بھارتی کسانوں کے ٹریکٹروں کا قافلہ دارالحکومت کی طرف گامزن[/pullquote]

بھارت کے شمالی حصے میں ہزاروں ٹریکٹرز پر مشتمل ایک قافلے نے ایک اہم شاہراہ کو بلاک کر دیا ہے۔ بھارت میں ہزارہا کسان ملک میں نئی زرعی اصلاحات کے خلاف احتجاج کر رہے ہیں۔ یہ مظاہرین بھارت کے ری پبلک ڈے کے موقع پر دارالحکومت نئی دہلی داخل ہونا چاہتے ہیں۔ بھارت کل منگل کو یوم جہموریہ منا رہا ہے اور اس موقع پر نئی دہلی کے تاریخی حصے میں ایک فوجی پریڈ بھی منعقد کی جانا ہے۔ تاہم اس موقع پر کسان بھی پر امن طور پر اپنی طاقت دکھانا چاہتے ہیں۔ اس قافلے میں قریب 12 ہزار ٹریکٹر شامل ہیں۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے