02 فروری 2021 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]بائرکی طرف سے کیورےوَیک کی بنائی ہوئی کورونا ویکسین کی تیاری کا عندیہ[/pullquote]

بہت بڑی جرمن دوا ساز کمپنی بائر کورونا ویکسین کی تیاری کا آغاز کر رہی ہے اور آئندہ برس ایسی 160 ملین ویکسینز تیار کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔ بائر کی گورننگ باڈی کے رکن اشٹیفان اوئلرش نے کہا کہ جرمن شہر ٹیوبنگن میں قائم کمپنی کیورےوَیک شہر ووپرٹال میں بائر کے پلانٹ میں بڑے پیمانے پر کورونا کے خلاف یہ ویکسین تیار کرے گی۔ اس ویکسین کی اولین پیداوار غالباً رواں برس کے اواخر تک مارکیٹ میں آ جائے گی۔ کیورےوَیک کی ویکسین اس وقت اپنے تجرباتی استعمال کے تیسرے مرحلے میں ہے۔ کمپنی کے مطابق یہ ٹیسٹنگ 36 ہزار افراد پر کی جا رہی ہے اور اس کی باقاعدہ منظوری آئندہ دنوں میں متوقع ہے۔

[pullquote]ترکی کو ایک نئے ’سویلین‘ آئین کی ضرورت ہے، صدر ایردوآن[/pullquote]

ترک صدر رجب طیب ایردوآن نے کہا ہے کہ ترکی میں نئے ملکی آئین کی تیاری کا وقت آ گیا ہے۔ انہوں نے ملکی کابینہ کے ایک اجلاس کے بعد گزشتہ رات اپنے خطاب میں کہا کہ ترکی کے گزشتہ دونوں آئین اس طرح بنائے گئے کہ ان میں ملکی سیاست کی ’فوج کی طرف سے نگرانی‘ کے انمٹ اثرات موجود تھے۔ صدر ایردوآن نے کہا کہ وہ اس موضوع پر اپنی سیاسی جماعت کے قوم پسند اتحادیوں کے ساتھ بات چیت کریں گے۔ ترکی کا موجودہ آئین 1982ء میں متعارف کرایا گیا تھا۔ یہ اور اس سے پہلے 1961ء کا آئین بھی فوج کی طرف سے بغاوت اور اقتدار پر قبضے کے بعد تیا رکیے گئے تھے۔

[pullquote]کریملن کے ناقد ناوالنی کے لیے طویل مدت کی سزائے قید کا خدشہ[/pullquote]

روس میں حزب اختلاف کے رہنما اور صدر پوٹن کے ناقد الیکسی ناوالنی کے خلاف عائد کردہ الزامات میں آج منگل کے روز عدالتی فیصلہ سنایا جا رہا ہے۔ خدشہ ہے کہ انہیں کئی برس تک قید کی سزا سنائی جا سکتی ہے۔ روسی محکمہ انصاف نے ناوالنی کو پہلے سے سنائی گئی معطل سزا کو سزائے قید میں بدل دینے کی درخواست بھی کر رکھی ہے۔ حکام کا الزام ہے کہ 44 سالہ ناوالنی معطل سزائے قید کی بنیادی شرائط کی خلاف ورزی کے مرتکب ہوئے۔ اس درخواست کو ریاستی دفتر استغاثہ کی حمایت حاصل ہے۔ ناوالنی کے وکیل کے مطابق اگر ماسکو کی عدالت نے یہ درخواست منظور کر لی، تو ناوالنی کو ڈھائی سال قید کی سزا کاٹنا ہو گی۔ یورپی یونین اس اقدام کو کریملن کے ناقد ناوالنی کی زبان بند رکھنے کی کوشش سمجھتی ہے۔

[pullquote]میانمار میں فوجی بغاوت پر بین الاقوامی غم و غصہ[/pullquote]

جرمن وزیر خارجہ ہائیکو ماس نے میانمار میں فوجی بغاوت کی شدید مذمت کی ہے۔ انہوں نے برلن میں کہا کہ اس سے جنوب مشرقی ایشیا میں جمہوری تبدیلی کی راہ میں اب تک کی ساری پیش رفت خطرے سے دو چار ہو گئی ہے۔ گزشتہ روز میانمار کی فوج نے سیاسی رہنما آنگ سان سوچی کی قریبی سیاسی قیادت کو برطرف کر کے ملک میں ایک سال کے لیے ایمرجنسی نافذ کر نے کا اعلان کر دیا تھا۔ سوچی کے علاوہ میانمار کے صدر وِن مِیئنٹ کو بھی گرفتار کر لیا گیا تھا۔ آج بروز منگل نیو یارک میں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں میانمار کی تازہ ترین صورتحال پر بحث کی جا رہی ہے۔

[pullquote]چانسلر میرکل ویکسین سے متعلق اپنے وعدے پر قائم[/pullquote]

کورونا ویکسین کی فراہمی میں رکاوٹ کے باوجود جرمن چانسلر اپنے اس وعدے پر قائم ہیں کہ آئندہ موسم گرما کے اختتام تک جرمنی میں ہر شہری کو کورونا ویکسین لگا دی جائے گی۔ اس سلسلے میں گزشتہ روز برلن میں ایک اعلیٰ سطحی اجلاس ہوا، جس کے بعد میرکل نے کہا کہ دوا ساز کمپنیوں کے ویکسین کی فراہمی سے متعلق موجودہ وعدوں کے پس منظر میں بھی موسم گرما کے آخر تک اس ہدف کا حصول ممکن ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسا اسی وقت ممکن ہے جب بائیو این ٹیک فائزر، موڈرنا اور آسٹرا زینیکا کی طرف سے تیار کردہ اور باقاعدہ منظور شدہ ویکسینز استعمال کی جائیں۔ انگیلا میرکل نے جرمنی میں اس ویکسینیشن کی بہتر منصوبہ بندی کے لیے ایک قومی پلان کی تیاری کا اعلان بھی کیا۔

[pullquote]بنڈس ٹاگ میں مساوی صنفی نمائندگی سے متعلق درخواست جرمن آئینی عفدالت میں مسترد[/pullquote]

وفاقی جرمن آئینی عدالت نے ملکی پارلیمان میں مساوی صنفی نمائندگی سے متعلق ایک آئینی درخواست مسترد کر دی ہے۔ یہ درخواست خواتین کے ایک گروپ کی طرف سے دی گئی تھی جس میں کہا گیا تھا کہ وفاقی پارلیمان بنڈس ٹاگ میں خواتین اور مردوں کی نمائندگی مساوی نہیں اور اس عدم مساوات کو دور کرنے کے لیے انتخابی فہرستوں کا جائزہ لیا جائے۔ درخواست دہندہ خواتین کا کہنا تھا کہ پارلیمان یہ بات یقینی بنائے کہ تمام پارٹیاں اپنے اپنے امیدواروں کی انتخابی نامزدگی کے عمل میں صنفی توازن کا خیال رکھیں۔ وفاقی آئینی عدالت نے اس آئینی شکایت کو ناقابل قبول قرار دے کر خارج کر دیا۔

[pullquote]یورپی یونین ثالث کا کردار ادا کرے، ایرانی تجویز[/pullquote]

ایران نے امریکا کے ساتھ جاری جوہری تنازعے میں یورپی یونین کے خارجہ پالیسی کے نگران اہلکار جوزیپ بوریل کی طرف سے ثالث کا کردار ادا کیے جانے کی تجویز پیش کی ہے۔ اس تجویز کا مقصد موجودہ پابندیوں کا خاتمہ اور امریکا کی 2015 ء کے جوہری معاہدے میں واپسی کو ممکن بنانا ہے۔ ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف نے امریکی نشریاتی ادارے سی این این کو بتایا کہ اس تنازعے میں جوزیپ بوریل ایسے اقدامات تجویز کر سکتے ہیں، جن پر ایران اور امریکا دونوں ہی عمل کریں۔ نئے امریکی صدر جو بائیڈن بنیادی طور پر واشنگٹن کی ایرانی جوہری معاہدے میں واپسی کے لیے تیار ہیں تاہم تہران اور واشنگٹن میں سے کوئی بھی پہل کرنے پر تیار نہیں ہے۔

[pullquote]جرمن ’ویکسین سمٹ‘ کے نتائج پر ملکی اپوزیشن کی طرف سے شدید تنقید[/pullquote]

جرمنی میں وفاقی اور صوبائی حکومتی رہنماؤں کی یورپی یونین اور دوا ساز کمپنیوں کے نمائندوں کے ساتھ گزشتہ روز ہونے والی ’ویکسین سمٹ‘ کے نتائج پر ملک میں شدید تنقید کی جا رہی ہے۔ حزب اختلاف کی جماعتوں گرین پارٹی، ایف ڈی پی اور با‌ئیں بازو کی جماعت دی لِنکے نے اس سمٹ کے نتائج کو مایوس کن قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ان پر عمل درآمد لازمی نہیں۔ اقتصادی شعبے اور مریضوں کے حقوق کے لیے سرگرم حلقے نے بھی اسی قسم کے بیانات دیے ہیں۔ جرمن وزیر صحت ژینس شپاہن نے تاہم کہا ہے کہ اس سمٹ کے تمام شرکاء پر یہ واضح ہو گیا ہے کہ کورونا ویکسین کی تیاری اور ترسیل میں تیزی نہیں لائی جا سکتی۔ انہوں نے کہا کہ ایسا بہت زیادہ مالی وسائل کے استعمال کے ذریعے بھی ممکن نہیں۔

[pullquote]موٹر وے پر پولیس کی کارروائی، 1.3 ملین یورو مالیت کی حشیش برآمد[/pullquote]

جرمن پولیس نے آج منگل کے روز بتایا کہ ایک موٹر وے پر گاڑیوں کی اچانک چیکنگ کے دوران 1.3 ملین یورو مالیت کی حشیش برآمد کر لی گئی۔ پولیس نے بتایا کہ مشرقی شہر ماگڈے برگ کو شہر ہینوور سے ملانے والی ایک موٹر وے پر پولیس نے گاڑیوں کی یہ اچانک چیکنگ گزشتہ جمعرات کے روز کی۔ اس کارروائی کے دوران پولیس کو ایک گاڑی کی پچھلی سیٹ سے قیمتی جواہرات سے بھرے بیگ اور سوٹ کیس ملے، جن میں بند پیکٹوں میں حشیش چھپائی گئی تھی۔ اس گاڑی کے ڈرائیور اور اس کے ایک ساتھی کو گرفتار کر لیا گیا۔

[pullquote]ترکی کی ایک یونیورسٹی میں احتجاج کے دوران متعدد گرفتاریاں[/pullquote]

ترک شہر استنبول کی ایک مشہور یونیورسٹی بوگازیچی میں طلبا کے احتجاج کے دوران 159 افراد کو گرفتار کر لیا گیا۔ استنبول کے گورنر کے دفتر سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا کہ احتجاج کرنے والوں نے اپنا اجتماع ختم کرنے سے انکار کر دیا تھا، جس کے بعد انہیں گرفتار کر لیا گیا۔ اس یونیورسٹی کے طلبا ترک صدر رجب طیب ایردوان کی طرف سے ایک قدامت پسند شخص کی بطور یونیورسٹی ریکٹر تقرری کے خلاف احتجاج کر رہے تھے۔ مظاہرین چار ایسے طلبا کی رہائی کا مطالبہ بھی کر رہے تھے، جنہیں بوگازیچی یونیورسٹی میں ایل جی بی ٹی تحریک کا پرچم نصب کرنے کی وجہ سے گرفتار کیا گیا تھا۔

[pullquote]شدید برفباری کے باعث نیو یارک اور گرد و نواح میں زندگی مفلوج[/pullquote]

امریکا کا شمال مشرقی حصہ ایک شدید برفانی طوفان کی زد میں ہے۔ نیو یارک شہر میں ٹریفک کا نظام درہم برہم ہو گیا ہے اور سینکڑوں پروازیں اور ٹرینیں منسوخ کر دی گئی ہیں۔ نیو یارک کے میئر بل ڈے بلاسیو نے ہنگامی حالت کا اعلان کر دیا ہے۔ ایمبولنسوں اور دیگر امدادی گاڑیوں کے لیے بڑی سڑکیں قابل استعمال رکھنے کی کوشش کی جائے گی۔ عام شہریوں کے ہر قسم کے غیر ضروری سفر پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ محکمہ موسمیات نے شمال مشرقی ساحلی علاقے کے ساتھ ساتھ ورجینیا سے لے کر ریاست مین تک میں شدید برفباری اور طوفانی جھکڑوں سے خبردار کیا ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے