ہم نے اپنی کولیگ سے کہا کہ ہم جشن بہار کی چھٹیوں میں بیجنگ کے مختلف تاریخی مقامات اور سیر گاہوں کی سیر کرنا چاہتے ہیں ۔آپ ہمارے لیے آن لائن انٹری ٹکٹس بک کرالیں۔ انہوں نے جلدی جلدی اپنے موبائل پر کچھ سائٹس وزٹ کیں اور کہا کہ اس مرتبہ تو کافی سارے ایسے مقامات پر فری انٹری ہے تاہم دوسرے لمحے یہ بھی کہا کہ ان میں سے زیادہ تر میں ساتوں دنوں کیلئے مطلوبہ بکنگ مکمل ہوچکی ہے، جس کا دو سرے الفاظ میں مطلب ہاؤس فل ہے ۔ چین کے سب سے بڑے اور اہم تہوار جشن بہار کی خوشیاں عروج پر ہیں۔
چینی لوگ یہ تہوار ہرسال چینی قمری سال کی آمد پر مناتے ہیں اور اس کاسلسلہ سات دن جاری رہتاہے اس دوران سات دن کی عام تعطیل ہوتی ہے ۔ اس مرتبہ جشن بہار کا جوش وخروش پہلے سے کہیں زیادہ ہے۔ پچھلے سال جشن بہار کی خوشیاں کووڈ۔۱۹ کی وجہ سے ماند پڑ گئیں تھیں۔ کیونکہ چینی حکومت نے وبا کے سد باب اور کنٹرول کی خاطر سخت اقدامات کیے تھے۔ اور چونکہ وبابھی تازہ نمودار ہوئی تھی اسلئے خوف کا عنصر بھی تھوڑازیادہ تھا ۔ تاہم چین نے انتہائی قلیل عرصے میں وبا پر قابو پایا۔ چین میں معمولات زندگی بہت پہلے بحال ہوچکی ہیں تاہم وبا کے بعد یہ پہلا جشن بہارہے ۔ بیجنگ کو دلہن کی طرح سجایاگیاہے ۔ہم بیجنگ کے ضلع شی جن شنگ میں رہتے ہیں۔ تائیوان سٹریٹ یہاں کی مشہور فوڈ سٹریٹ ہے ۔
تائیوان سٹریٹ میں رات کا نظارہ دیکھنے سے تعلق رکھتاہے ۔گلی کے کنارے موجود درختوں کو خوبصورت برقی قمقموں سے سجایا گیاہے اور روشنیوں کی ترتیب ایسے رکھی گئی ہے گویا درختوں سے روشنی کے قطرے ٹپک رہے ہوں اور دور سے ایسا لگتاہے گویا درختوں سے روشنی بر س رہی ہے۔ چینی خوشیوں اور سجاوٹوں میں سرخ رنگ بہت نمایاں ہے۔
تہوار کی ایک بڑی روایت دعائیہ اشعار یا کپلٹ ہیں یہ دعائیہ اشعار ہر گھر اور ہر عمارت کے دروازے پر انتہائی دیدہ زیب انداز میں نظر آتے ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ سرخ رنگ کے گلوب یا لالٹینوں کی قطاروں سے گلیاں سجائی گئیں ہیں جو شام ہوتے ہی روشن کردیے جاتے ہیں ۔ چوراہوں اور بڑی بڑی عمارات کے سامنے بڑے بڑے سکرین نصب کیے گئے ہیں جس پر چین کے خوبصورت مقامات، چین کی شاندار ترقی کے مظاہر اور اور چینی ثقافت کی ویڈیوز انتہائی جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے دکھائی جارہی ہیں ۔
بڑے پیمانے پر نئے سال کے تخائف کے تبادلے کاسلسلہ جاری ہے ۔ جس طرح ہمارے ہاں عید کے مواقع پر بڑی خریداری ہوتی ہے اسی طرح یہاں بھی لوگوں نے خوب خریداری کی اور بازاروں اور مالز میں رش معمول سے بہت زیادہ رہا۔چین کی مارکیٹ بہت بڑی صارف مارکیٹ ہے اور ایسے مواقع پر چینی مارکیٹ کی کھپت میں خوب اضافہ ہوتاہے۔حکومتی ہدایات اور کووڈ۔۱۹ کے حفاظتی پروٹوکول کے مطابق چین کی سب سے بڑی سفری سرگرمی چھون یون جاری ہے۔ کیونکہ یہ لوگوں کے آنے جانے کاسلسلہ جشن بہار کے اختتام تک جاری رہتاہے۔ مسافروں کی سفری سلامتی اور صحت کو یقینی بنانے کے لئے چین کے محکمہ ٹرانسپورٹ نے انسداد وبا کے عملی اور مؤثر اقدامات اٹھائے ہیں۔
شہری ہوا بازی کے نگران محکمے مسافروں کے لیے حفاظتی اقدامات کے علاؤہ ، مسافروں کو ان کی منازل پر نیوکلیک ایسڈ ٹیسٹ سرٹیفکیٹ اور “ہیلتھ کوڈ” اور انسداد وبا کے دیگر تقاضوں سے بر وقت آگاہ کر رہے ہیں۔ ریلوے کی جانب سے الیکٹرانک ٹکٹ ، خودکار داخلے اور سیلف سروس چینلز ، چہرے کے شناختی سسٹم سمیت “کانٹیکٹ لیس” خدمات کا انتظام کیا گیا ہے ، بزرگوں اور دوسرے خصوصی گروپس کے لئے “نو ہیلتھ کوڈ ” چینلز کھولے گئےہیں ۔اس طرح لوگوں کومحفوظ اور صحتمند سفر ی ماحول فراہم کیا گیا ہے۔ اس مرتبہ حکومت نے ہدایت کی ہے کہ جو لوگ کووڈ۔۱۹ کے حفاظتی اقدامات کے تحت حکومتی ہدایات کے مطابق اپنے علاقوں میں نہیں جاسکتے وہ اپنے کولیگز یعنی ورک فیملی کےساتھ جشن بہار منائیں۔ اپنے کولیگز کے ساتھ خوشیاں منانے کا یہ تصور انوکھا اور بہت پیارا ہے۔ہمارے دفتر کی سجاوٹ کاسلسلہ کئی دن تک جاری رہا۔
کووڈ۔۱۹ کے سائے تلے گزرے ۲۰۲۰ کے بعد یہ سب کچھ بہت اچھا لگ رہاہے ۔ چینی فخر کے ساتھ یہ تہوار مناسکتے ہیں کیونکہ انہوں نے کوڈ ۔۱۹ کےخلاف کامیاب جنگ لڑی ہے اور اپنی ترقی کو بھی برقرار رکھاہے۔ ترقی اور روایات کا خوبصورت امتزاج کسی نے دیکھنا ہو تو چین کو دیکھیں جہاں ثقافت کے رنگ بھی ہیں ، سائنس ، ٹیکنالوجی جدت اور انوویشن کے کرشمے بھی ۔اوران سب کی قوس قزح اپنی جوبن پر دیکھنی ہو تو جشن بہار کی تہوار کا مشاہدہ کریں۔